Aanchal Nov-16

حمد و نعت

ریاض حسین قمر/سید عرفان رفیع

حمد باری تعالیٰ

تیری قدرت کے کرشمے ہیں خداوند کریم
اک طرف صحرا کی گرمی اک طرف بادِ نسیم
کہساروں کو سجایا زیور اشجار سے
کو ئی تیری شان دیکھے دیدہ بے دار سے
پتھروں سے پھوٹنا چشموں کا تیری شان ہے
خالق و مالک ہے سب کا یہ مرا ایمان ہے
یہ ندی نالوں کا بہنا دامنِ کہسار میں
شان پوشیدہ ہے تیری رونق گلزار میں
تو ہے سب کا خالق و مالک تو ہی معبود ہے
دونوں عالم میں مرے مولا تو ہی موجود ہے
تو ازل سے تا ابد بیدار ہے میرے خدا
تو ہی سب کے ظاہر و باطن کو ہے پہچانتا
ہر گھڑی ہر سمت تیری رحمتوں کا ہے نزول
تو خطا کاروں کی کرتا ہے دعائوں کو قبول

ریاض حسین قمرؔ… منگلا ڈیم

نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم

ہم مدینے کے مسافر ہیں مدینے جائیں گے
ہے یقیں سرکارؐ ہم کو بھی وہاں بلوائیں گے
جھوم کر ہم بھی پڑھیں گے اپنے آقا پر درود
تو ملائک بھی ہمارے ہمنوا بن جائیں گے
ہم کو لے جائے گی قسمت جب درِ سرکارؐپر
روـضۂ انور کو ہم تو دیکھتے رہ جائیں گے
وہ امام الانبیاء ہیں رحمت اللعالمین
مرتبے سرکارؐ کے ہم کیا بیاں کر پائیں گے
امت سرکارؐ جب گزرے گے پل سے حشر میں
دیکھنا جبرئیل ؑ اپنے پَر وہاں پھیلائیں گے
بس خلوصِ دل سے عرفاں کر ثناء سرکارؐ کی
ایک دن شاہِ اُمم طیبہ تجھے بلوائیں گے

سید عرفان رفیع…

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close