Aanchal Jul-16

در جواب آں

مدیرہ

عاصمہ اقبال… عارف والا
عزیزی عاصمہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی چاہت و خلوص سے دی گئی دعوت ہم ضرور قابل قبول گردانتے اگر وقت و حالات کے گرداب میں نہ الجھے ہوتے بہرحال آپ کی محبتوں کے مقروض ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور ایبٹ آباد میں آپ کا قیام خوش گوار ثابت ہو‘ آمین۔ تحریر پڑھنے کے بعد جلد آپ کو آگاہ کردیں گے‘ ہماری جانب سے آپ کو بھی عید کی پیشگی مبارک باد۔
کنزہ مریم… سرگودھا
پیاری کنزہ! خوش رہو‘ شکوہ و شکایات سے بھرپور آپ کا مفصل خط موصول ہوا۔ بے شک انتظار کی گھڑیاں تکلیف دہ اور کٹھن ہوتی ہیں آپ بہنوں کے اس تاخیر کے شکوے کو مٹانے کی خاطر ہی حجاب کا اجراء کیا گیا ان شاء اللہ جلد آپ کی تحریر شاملِ اشاعت ہوجائے گی۔ کمپوزنگ کے مراحل سے گزر چکی ہے جلدی لگانے کی سعی کریں گے۔ مصباح کی تحریر قارئین کی ڈیمانڈ پر جلد شامل کی گئی کیونکہ ہر قاری کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ ساتھ میں کوئی ہلکی پھلکی تحریر ضرور ہونی چاہیے جسے پڑھ کر چند لمحوں کے لیے وہ اپنے آلام و مصائب کی دنیا سے باہر آسکیں اگر کوئی بھی تحریر اس پہلو کو مدنظر رکھ کر لکھی جائے تو ان شاء اللہ جلد لگانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ امید ہے اس تفصیلی جواب کے بعد آپ کی خفگی و ناراضگی ختم ہوجائے گی۔
پارس فضل… للّٰہ شریف
ڈئیر پارس! جیتی رہو‘ نگارشات کے شائع ہونے پر شکریہ کی ضرورت نہیں یہ آپ بہنوں کے لیے ہی ترتیب دیا گیا پرچہ ہے۔ آئینہ کے لیے آپ ای میل کے ذریعے بھی شرکت کرسکتی ہیں۔ حجاب کے لیے اپنا افسانہ اپنے نام اور پرچے کے نام کے ساتھ ارسال کردیں‘ معیاری ہوا تو حجاب کی زینت بن جائے گا۔
یاسمین کنول… پسرور
ڈئیر یاسمین! شاد رہو‘ بے شک والدین بچوں کے لیے گھنا سایہ ہوتے ہیں جن کی آغوش میں پناہ لے کر زندگی کے تمام آلام و مصائب سے چھٹکارا حاصل ہوتا‘ محسوس ہوتا ہے اور پھر ماں تو وہ مشفق ہستی ہے جو دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی اپنی اولاد کے دکھ‘ تکلیف پر تڑتی ہے۔ آپ اپنی والدہ کی کمی محسوس کرتی ہیں اور تاقیامت یہ کمی آپ کے سنگ رہے گی کیونکہ والدین کا نعم البدل و ثانی کوئی رشتہ نہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کی والدہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘ آمین‘ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ۔
ایس گوہر… تاندلیانوالہ
عزیزی گوہر! سدا خوش رہو‘ ہم آپ کو بھول گئے یہ آپ کی غلط فہمی ہیں کیونکہ آپ تو وہ گوہرِ نایاب ہیں جسے یاد کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ وہ اپنی اہمیت خود منواتا ہے۔ ان تحریروں سے اگر آپ کی زندگی سنورتی ہے تو بے شک ہمارے مقصد کی تکمیل ہوجاتی ہے۔ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں سرخروئی و کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔
ارم کمال… فیصل آباد
عزیزی ارم! سدا مسکرائو‘ آپ بیٹی سے ملنے ہمارے شہر تک آئیں اور واپس بھی لوٹ گئیں‘ امید ہے یہاں آنا اور بیٹی سے ملنا بہت اچھا لگا ہوگا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی بیٹی کے تمام معاملات میں آسانی عطا فرمائے‘ آمین۔ امید ہے اب تو عروس البلاد اکثر آنا جانا رہے گا۔ آپ دیگر نگارشات کے ساتھ ہی اپنا افسانہ بھی ارسال کردیں‘ پڑھنے کے بعد ہی اپنی رائے سے آگاہ کرسکیں گے۔ سمیرا شریف تک آپ کی پسندیدگی و مبارک باد ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی۔
کوثر خالد… جڑانوالہ
پیاری کوثر! سدا شاد رہو‘ آپ اپنی حمدونعت کے ذریعے اور دیگر سلسلوں میں شرکت کرکے شاملِ محفل رہیں کتاب شائع ہوجاتی ہے تو یہ اور بھی خوشی کی بات ہے۔ ایک غلط فہمی دور کرلیں کہ جو رشتہ آپ ازخود منسوب کیے بیٹھی ہیں ایسا کچھ نہیں ہے بعض حقیقتیں دبیز تہوں میں مدفن ہی اچھی لگتی ہیں اور اسی لیے باعث دلکشی بنتی ہیں۔ وہ جو کہتے ہیں ناں ’’صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں‘‘ تو اس کیفیت کا بھی اپنا ہی مزہ ہے۔ آپ سے نصف ملاقات کے بعد ہمیں تو آپ کی سادگی‘ نرم دلی اور اپنائیت و خلوص کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہے چونکہ آج کل ہر کوئی ان خصائص کا حامل نہیں لہٰذا دوسروں پر آپ کا یہ رویہ انہیں شاید الجھن میں مبتلا کرتا ہو۔ بہرحال یہ تو مقدروں کے کھیل ہیں اور جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کی بیٹی کو نیک و صالح رشتہ عطا فرمائے جو آپ کی خواہشات کے عین مطابق ہو‘ آمین۔ آپ تعارفی نظم ارسال کردیں۔ خوب صورت عید کارڈ بھیجنے پر آپ کے مشکور ہیں۔ جزاک اﷲ۔
صائمہ اسلم… کوٹ سنت رام
عزیزی صائمہ! شاد و آباد رہو‘ طویل عرصے کے بعد آپ نے کاغذو قلم سے ناطہ جوڑ کر آنچل سے رشتہ استوار کیا اچھا لگا‘ سمیرا تک آپ کے مذہبی ناول کی فرمائش ان سطور کے ذریعے پہنچا رہے ہیں دیگر تجاویز پر بھی جلد عمل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے‘ آنچل کی پسندیدگی کے لیے شکریہ۔
ثوبیہ شہزادی… راولپنڈی
ڈئیر ثوبیہ! سدا مسکرائو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے لیکن ہر ماہ ایک کثیر تعداد میں نیرنگ خیال کے لیے نظمیں غزلیں موصول ہوتی ہیں پھر اصلاح کے عمل سے گزرتی ہیں اور جو معیاری ہوتی ہیں وہ دیر سویر سے سہی لیکن شامل کرلی جاتی ہیں اگر آپ کی شاعری بھی آنچل کے معیارکے مطابق ہوئی تو تاخیر کے باوجود بھی شائع ہوجائے گی‘ آپ اپنا افسانہ اسی نام سے ارسال کردیں‘ پڑھنے کے بعد اپنی رائے سے آگاہ کریں گے۔
فوزیہ سلطانہ… تونسہ شریف
عزیزی فوزیہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کی تحریر موصول ہوگئی ہے لیکن ابھی پڑھی نہیں گئی لہٰذا کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا البتہ منتخب ہونے پر آپ کی مرضی کو شمولیت دیتے آنچل میں شائع کرنے کی کوشش کریں گے۔ آپ دیگر موضوعات پر بھی قلم اٹھائیں‘ بھابی کے ساتھ ساتھ آپ بھی تحریری سفر کا آغاز کردیں۔
مدیحہ نورین مہک… برنالی
ڈئیر مدیحہ! خوش و خرم رہو‘ آپ کے مفصل خط سے آپ کی پختہ سوچ اور عمیق مشاہدے کا اندازہ ہوا بے شک ہر چیز کے دو پہلو ہوتے ہیں خیر اور شر کے۔ اب یہ اختیار تو ربّ نے بھی انسان کو دیا ہے کہ ان دونوں راستوں میں سے وہ اپنے لیے بھلائی کا اور خیر کا رستہ چن لے یا پھر شیطان کی پیروی کرتے شر کی راہ پر جانکلے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ ہر کسی کو راہِ ہدایت پر چلنا نصیب فرمائے‘ آمین۔ ہمارا مقصد بھی نوجوان نسل کی کہانی کے پیرائے میں اصلاح کرنا ہے۔
صائمہ سکندر سومرو… حیدرآباد
ڈئیر صائمہ! سدا سہاگن رہو‘ یادگارلمحے میں بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ایک ہی معلومات یا اقوال زریں دو لوگوں کی جانب سے موصول ہوتے ہیں اس بناء پر پہلے موصول ہونے والی تحریر کو شامل کرلیا جاتا ہے۔ آپ کے ساتھ بھی یہی معاملہ رہا ہے‘ آپ کی دونوں تجاویز نوٹ کرلی ہیں جلد عمل کرنے کی کوشش کریں گے‘ دونوں پرچوں کی پسندیدگی کے لیے شکریہ‘ آپ کو بھی عید الفطر مبارک ہو۔
رخ رکزا شاہ… سرگودھا
پیاری بہنا! سدا خوش رہو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ اپنی اصلاحیتوں کو اپنی محنت و لگن سے جلا بخشنا چاہتی ہیں طویل عرصے سے آپ کی یہ خواہش رہی کہ آپ بھی قلم کا حق ادا کرسکیں۔ اب آپ نے قلم اٹھایا ہے تو امید ہے بہتر لکھنے کی بھرپور کوشش کی ہوگی۔ آپ کی تحریر پڑھنے کے بعد جلد آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے۔ کہانی میں ایک سطر چھوڑ کر اپنے خیالات کا اظہار کریں جبکہ دیگر سلسلے اس شرط سے مستثنیٰ ہیں آپ اپنی تمام نگارشات ایک ہی لفافے میں رکھ کر بھیج سکتی ہیں لیکن ہر سلسلہ پر اپنا اور شہر کا نام ضرور لکھیں اور ہر سلسلہ کے لیے الگ صفحہ کا استعمال کریں تاکہ متعلقہ شعبے تک آپ کی ڈاک کی رسائی ہوسکے۔ نگارشات پانچ تاریخ تک ارسال کردیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کی والدہ کو صحت کاملہ عطا فرمائے اوران کی ممتا کے آنچل تلے آپ اپنی زندگی گزاریں۔ آمین
علینہ اشرف… اسلام آباد
ڈئیر علینہ! سدا مسکرائو‘ شاعری سے آپ کی دلی وابستگی و شغف کے متعلق جان کر اچھا لگا۔ سلسلہ نیرنگ خیال کے لیے موصول ہونے والی نظمیں غزلیں متعلقہ شعبہ میں ارسال کردی جاتی ہیں اگر معیاری ہوئیں تو اصلاح کے عمل سے گزرنے کے بعد آنچل کی زینت بن جاتی ہیں۔ اگر شاعری معیاری ہوئی تو ضرور شامل اشاعت ہوجائے گی۔ آپ اپنی نگارشات پانچ تاریخ تک ارسال کردیا کریں تاخیر سے موصول ہونے والی ڈاک آئندہ ماہ کے لیے محفوظ کرلی جاتی ہیں البتہ تبصرہ اس عمل سے قاصر ہے امید ہے تشفی ہوپائے گی۔
نیلم شہزادی… نامعلوم
پیاری شہزادی! محبتوں اور چاہتوں کے سنگ ہر دل کی سلطنت پر راج کرتی رہو‘ اگر آپ محوِ انتظار اور بے قرار ہیں تو ہم بھی اس نصف ملاقات پر آپ کے شکر گزار ہیں کہ اپنے قیمتی لمحات جو ہر کسی کو درکار ہیں آپ نے ہمارے لیے مختص کیے۔ بے شک تحریر کا انتظار اور فراق کے کٹھن لمحات گن کر گزارنا مشکل امر ہے لیکن آپ کا یہ عمل قابلِ تحسین ہے کہ اس تحریر کے انتظار کے ساتھ کاغذ و قلم سے رشتہ استوار رکھا اور ہم سے رابطہ برقرار رکھا آپ کی یہ تحریر پڑھ کر جلد آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ بے شک اپنے دلی جذبات و احساسات کے اظہار اور کتھارس کے لیے اس سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں۔
سونی علی… ریشم گولی مورو
عزیزی سونی! شاد رہو‘ نظم کی صورت آپ کا گلہ ہم تک پہنچ گیا جواب بھی حاضر ہے ہر ماہ کثیر تعداد میں خطوط موصول ہوتے ہیں جنہیں شامل کرنے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے لیکن بعض اوقات تاخیر سے موصول ہونے کے سبب شامل اشاعت نہیں ہوپاتے اس بناء پر آپ بہنوں کو شکوہ رہتا ہے بہرحال اس انتظار نے آپ کو بھی شاعرہ بنادیا ہے اور شاعری بھی مزاحیہ شاعری بہت خوب۔
ثوبیہ ملک… کراچی
ڈئیر ثوبیہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کی دونوں تحریریں موصول ہوگئی ہیں‘ عید نمبرز سے فراغت کے بعد پڑھ کر جلد آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ آپ اپنی تحریر میں جس ردو بدل کی وضاحت کی گئی ہے ان کا خیال رکھتے اسے ازسر نو لکھ کر ارسال کردیں۔ پرچے کی پسندیدگی کا شکریہ‘ جہاں تک رائٹرز کی تحریر پر تعریف و تنقید کا سوال ہے تو ایک لکھاری کے لیے یہ دونوں چیزیں ہی معاون ہوتی ہیں‘ البتہ اتنا خیال رکھیں کہ تنقید برائے تنقید نہ ہو بلکہ تنقید برائے اصلاح ہو‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
سیدہ برجیس رباب…میاوالی
ڈئیر برجیس! سدا سہاگن رہو‘ آپ کے مفصل خط کے ذریعے جانگسل اور کٹھن انتظار کے لمحات سے گزرنے کا ہمیں بخوبی احساس ہے آپ اپنے افسانوں کی جانب سے بے فکر رہیے وہ ہمارے پاس محفوظ ہیں۔ آپ اپنے قلم کو زنگ آلود مت کریں بلکہ اپنے لکھنے کے فن کو مزید جلا بخشتے قلم سے ناطہ جوڑے رکھیں۔ بے شک بچوں کی مصروفیات میں وقت نکالنا مشکل ہوتا ہے لیکن یہ بھی کتھارس کا ایک ذریعہ ہے۔ آپ کو اپنے بیٹے کے ساتھ خوشیوں سے بھرپور زندگی عطا ہو‘ آمین۔ پچھلے خطوط ہم تک نہیں پہنچ پائے ورنہ انتظار کی کلفت کو الفت میں ضرور بدل دیتے۔ آپ کی تحریر ’’گڑیا‘‘ حجاب کی زینت بن چکی ہے۔
تحریم اکرم… ملتان
پیاری تحریم! جیتی رہو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے لیکن یہ بھی تو دیکھئے کہ آپ کی نگارشات آج آٹھ تاریخ کو موصول ہوئی ہیں زیادہ تر سلسلے اپنے تکمیلی مراحل میں ہیں ایسے میں آپ کی نگارشات کو کیسے اور کیونکر شامل کیا جائے‘ وہی معاملہ درپیش ہے ’’تم ہی بتلائو کہ ہم بتلائیں کیا؟‘‘ بہرحال جہاں بھی گنجائش ہوئی وہاں آپ کی نگارشات کو بھی شامل کرلیا جائے گا اور یہ معاملہ اکثر بہنوں کے ساتھ نظر آتا ہے اس لیے مایوس ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں۔ ڈاک آئندہ کے لیے محفوظ کرلی جاتی ہے‘ امید ہے اب آپ کا دل چھوٹا ہونے کی بجائے بڑا ہوجائے گا۔
مونا شاہ قریشی… کبیر والہ
عزیزی مونا! جگ جگ جیو ’’بہت دیر کی مہرباں آتے آتے‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر موصول ہوئی جسے پڑھ کر بے اختیار یہی کہنا پڑا کہ ’’دیر آید درست آید‘‘ آپ کی تحریر موضوع کی انفرادیت‘ انداز تحریر کی پختگی‘ عمدہ کردار نگاری و بے ساختہ مکالمہ نگاری کے طفیل کامیابی کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ امید ہے آئندہ بھی اس طرح قلم کا جادو جگاتی رہیں گی اور کہانی کے پیرائے میں اصلاح کا فریضہ سر انجام دیتی رہیں گی۔
مریم مرتضیٰ… ای میل
ڈئیر مریم! جیتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’یہ راہ مشکل نہیں ہے‘‘ موضوع کی انفرادیت اور اصلاحی پہلو کی بدولت جگہ بنانے میں کامیاب ٹھہری۔ اب اس کامیابی سے مزید محنت کو اپنا شعار بناتے مطالعہ وسیع کیجیے اور دیگر موضوعات پر بھی طبع آزمائی جاری رکھیے امید ہے مزید بہتر لکھنے میں مدد ملے گی۔
شبانہ شوکت… حیدر آباد
پیاری شبانہ! سدا سہاگن رہو‘ امید ہے بخیر ہوگی‘ طویل عرصے بعد آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ آپ کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ آپ کی تحریر ’’ہم نے تو تجھے چاہا‘‘ قابلِ قبول ٹھہری جلد حجاب یا آنچل کی زینت بنانے کی بھرپور سعی کریں گے‘ امید ہے آپ کا قلمی تعاون آئندہ بھی حاصل رہے گا لیکن موضوع کی انفرادیت کو پیش نظر ضرور رکھیے گا۔
عاصمہ تنویر… ناروے
عزیزی عاصمہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریر ’’گڑیا گھر‘‘ کے عنوان سے موصول ہوئی آپ نے نہایت اختصار کے ساتھ ایک جامع اور بھرپور پیغام دیا ہے۔ نچلے طبقے کی خواہشات و جذبات کی عکاسی بہت خوب صورت انداز میں کی ہے امید ہے آپ مزید محنت کے ساتھ قلم کا حق ادا کرتی رہیں گی‘ آپ آنچل کے دیگر سلسلوں میں بھی شرکت کرسکتی ہیں۔
راشدہ علی… اٹک
ڈئیر راشدہ! شاد و آباد رہو‘ عید نمبر کے حوالے سے آپ کی خصوصی کاوش موصول ہوگئی ہے‘ ان شاء اللہ جلد شاملِ اشاعت کرنے کی کوشش کریں گے آپ اسی طرح متنوع موضوعات کو قلم کی زینت بنائیں تاکہ آپ کی تحریر میں انفرادیت و دلکشی پیدا ہو‘ امید ہے کوشش جاری رکھیں گی۔
لاریب انشال کھرل… اوکاڑہ
عزیزی لاریب! جگ جگ جیو‘ ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ دور دراز گائوں سے اپنی ڈاک شہر تک لانا پھر پوسٹ کرانے کے مراحل سے گزرنا یا پھر دوسروں کی منت کرنا ایک کٹھن مرحلہ ہے اسی لیے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ تاخیر سے موصول ہونے کے باوجود بھی آپ بہنوں کی ڈاک آئندہ کے لیے محفوظ کرلی جاتی ہے‘ جلد لگانے کی بھرپور سعی کریں گے آپ کی تحریر باری آنے پر لگ جائے گی۔
انعم… برنالی
ڈئیر انعم! جیتی رہو‘ آپ کی جانب سے خوب صورت کارڈ کی صورت عید کا تحفہ موصول ہوا۔ آپ کے ہاتھوں کا بنایا گیا یہ کارڈ آپ کی محنت شاقہ منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان چاہتوں اور محبتوں پر آپ کے بے حد مشکور ہیں‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
فوزیہ واحد… راجن پور
عزیزی فوزیہ! سدا مسکرائو‘ بزمِ آنچل میں پہلی بار آپ کی شرکت بہت اچھی لگی۔ آپ کی نگارشات آج دس تاریخ کو موصول ہوئی ہیں‘ پیغام آئندہ کے لیے محفوظ کرلیا ہے تبصرہ کے لیے معذرت خواہ ہیں‘ آئندہ بھی شریک محفل رہیے گا۔
ناقابل اشاعت:۔
بے وفا صنم‘ غلطی‘ مقناطیس‘ باوا سائیں‘ بے لباس‘ اے کاش‘ محبت میری‘ مجرم کون‘ چھوٹی سی خوشی‘ وطن پاک کی مائیں‘ میرا سائباں‘ آئو عید منائیں‘ وطن کی مٹی گواہ رہنا‘ غلطی انسانوں سے ہوتی ہے‘ میری مٹی‘ تیرا انتظار‘ لمحے کی زنجیر‘ بچی‘ بچے ہمارے عہد کے ‘ تیرے عشق نے کردیا نکما‘ عید آئے گی‘ایسا کیوں ہوتا ہے‘ تم پر اعتبار کیا‘ احساس ندامت‘ آنچل کو سنبھال‘ بلاعنوان‘ بچپن کی عید‘ اعتبار‘ ہجر میں تیرے‘ آنچل ‘ محبت فریب نظر۔
کے ایم نور المثال اور بسمہ قریشی
پیاری بہن نور اور بسمہ جگ جگ جیو! آپ دونوں کی تحریریں ’’احتیاط سے محتاط تک‘‘ نو المثال اور ’’وفا کے دو دانوں کی تسبیح‘‘ بسمہ قریشی‘ اشاعت ہوگئی ہیں‘ ادارہ کے پاس آپ کا مکمل پتا موجود نہیں ہے لہٰذا فوری طور پر دفتر کے نمبر پر رابطہ کریں عنایت ہوگی آپ کی۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
× How can I help you?
Close