Aanchal Aug-18

در جواب آں

مدیرہ

یاسمین نشاط… لاہور
پیاری بہن یاسمین! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی تحریر ’’ذات دی کوڑھ کرِلی‘‘ رمضان المبارک کے درمیانے عشرے میں موصول ہوئی۔ شروع سے ہی قارئین آپ کی تحریر کو سراہتے آرہے ہیں۔ بند لفافے ہوں یا پھر چند اقساط پر مشتمل وہ جو اک میں تھا آنچل کے قارئین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہریں‘ یہ تحریر ’’ذات دی کوڑھ کِرلی‘‘ رمضان المبارک کی مصروفیات کے باعث صفحات اِدھر اُدھر ہوجانے کی وجہ سے معذرت طلب ہیں امید ہے اس بات کو درگزر فرما کر آپ آنچل و حجاب سے قلمی تعاون بحال رکھیں گی۔
مصباح علی سید… سرگودھا
ڈیئر مصباح! سدا مسکرائو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ کی کتب ’’مہجور نشیمن‘‘ کے نام سے منظر عام پر آئی ہے۔ یقینا پڑھنے والوں کے لیے ایک خوب صورت اضافہ ثابت ہوگی۔ ویسے بھی آپ نے جب بھی آنچل و حجاب میں لکھا قارئین نے آپ کو سراہا اور داد و تحسین سے نوازا۔ امید ہے یہ کتاب بھی قارئین میں بے حد مقبول ہوگی اور آپ کے لیے باعث شہرت بنے گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے‘ آمین۔
عائشہ پرویز… کراچی
ڈیئر عائشہ! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی تحریر ’راہ عمل‘ جلدی ہی حجاب میں شامل کرلی جائے گی۔ جس طرح آپ نے اب تک آنچل و حجاب سے تعلق استوار رکھا ہے۔ یہ ہمارے لیے مسرت کا باعث ہے۔ بے شک شادی کے بعد ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں اور ہر لڑکی گھریلو امور میں الجھ کر فرصت کے لمحوں کو ترس جاتی ہے۔ ایسے میں آپ ’آنچل و حجاب‘ کے لیے وقت نکال کر کچھ نا کچھ لکھ کر ارسال کردیتی ہیں۔ اس لیے ہماری بھی یہ ہی کوشش ہوتی ہے کہ آپ کو زیادہ انتظار نہ کروائیں اور جلد ہی آنچل یا حجاب میں شامل کرلیں پھر بھی دیر سویر ہوجاتی ہے۔ وجہ صفات کی کمی ہے۔ کوشش کررہے ہیں کہ یہ کمی کسی طرح دور کی جائے تاکہ قارئین زیادہ سے زیادہ تحریریں پڑھ سکیں اور مصنفین کی شکایت بھی دور ہو۔ امید ہے آپ سمجھ گئی ہوں گی۔ ہماری جانب سے شادی کی سالگرہ کے ساتھ جنم دن کی مبارک باد بھی قبول فرمائیں۔ آنچل کی جانب سے تبصرے پر پہلے انعام کی حق دار ٹھہریں مبارک باد قبول کیجئے۔
فریدی فری… لاہور
ڈئیر فریدہ! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی ناسازئ طبیعت کا معلوم ہوا ہم دعا گو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی بہن فریدہ فری کے لیے دعائے صحت کے لیے ملتمس ہیں۔
عریشہ سہیل… کراچی
پیاری عریشہ! سدا شاد و آباد رہو‘ آپ کی والدہ کی ناسازئ طبیعت کا جان کر دل پریشان ہوا اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ آپ کی والدہ کا سایۂ شفقت آپ کے سر پر قائم رکھے اور ان کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور ان کے آپریشن کو آسانی کے ساتھ کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی التماس ہے کہ وہ عریشہ کی والدہ کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
سعدیہ حورعین حوری … بنوں کے پی کے
ڈیئرسعدیہ! جگ جگ جیو‘ امتحانات سے فراغت کے بعد ہمارے لیے وقت مل ہی گیا‘ ہماری دعا ہے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ دین و دنیا کے تمام امتحانات میں آپ کو سرخروئی عطا فرمائے‘ آمین۔ نیرنگ خیال کے لیے آپ نے جو آنچل نامہ بھیجا ہے وہ جلد لگانے کی کوشش کریں گے‘ لیکن یہ آنچل نامہ یادگارلمحے میں لگالیں گے کیونکہ اس سلسلے کے لیے زیادہ مناسب ہے۔ آپ کی پُرخلوص چاہت اور محبت کے والہانہ اظہار پر بے حد مشکور ہیں اور آپ کے دعائیہ اشعار بھی بے حد پسند آئے۔ جزاک اللہ۔
عذرا فردوس… کراچی
پیاری عذرا! سدا آباد رہو‘ آپ کی تحریریں کارڈ‘ جنم جلی اور اِبر کرم موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ اس لیے اپنا مشاہدہ اور مطالعہ وسیع کریں تاکہ لکھنے میں مدد ملے۔ اپنے مطالعے میں نامور مصنفین کی تحریروں کو شامل کریں جس سے آپ کو موضوع کا چنائو اور الفاظ کے استعمال کا بخوبی اندازہ ہوگا۔ امید ہے محنت جاری رکھیں گی۔
حریم فاطمہ… قصور
حریم گڑیا خوش رہو‘ آپ کی تحریر پس پردہ موصول ہوئی۔ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ اس لیے طویل موضوع کو قلم بند کرنے کے بجائے مختصر موضوع کی طرف آئیں تاکہ لکھنے اور موضوع کو سنبھالنے میں آسانی رہے اور آیندہ فوٹو کاپی ارسال مت کیجئے گا‘ وہ قابل قبول نہیں ہوگی۔
نور المثال شہزادی… کھنڈیاں قصور
پیاری نور! سدا شاد رہو‘ آپ کی تحریر ’شاخ بریدہ‘ ناقابل اشاعت ہے جب کہ دوسری تحریر ’کنک کے دانے‘ قابل اشاعت ہے اور یکم اپریل فول آرٹیکل بھی آئندہ سال حجاب میں شامل کرلیا جائے گا۔ باقی تحریریں مٹی کے تعویز‘ یہ سب عیدیں‘ کامل روزہ اور ہمارے پیارے حکمران انداز تحریر کمزور ہونے کی بنا پر ناقابل اشاعت ہیں دیگر تحریریں ابھی انتظار میں ہیں‘ پڑھ کر رائے سے آگاہ کردیں گے۔
شہزینہ عبد الغنی انصاری… گوجرانوالہ
ڈیئر شہزینہ! سلامت رہو‘ آپ کی نظمیں غزلیں متعلقہ شعبے میں ارسال کردی گئی ہیں۔ اگر پرچے کے معیار کے مطابق ہوئیں تو جلد یا بدیر ضرور شامل ہوجائیں گی۔ تحریروں کے لیے آپ کو بے حد محنت کی ضرورت ہے یہ اچھی بات ہے کہ آپ مایوس نہیں ہیں محنت اور کوشش جاری رکھیں۔
انیلا سخاوت… میانوالی
پیاری انیلا! شاد و آباد رہو‘ طویل عرصے بعد آپ کی شرکت اچھی لگی‘ ہم آپ کو کیونکر بھول سکتے ہیں آپ ہماری دیرینہ ساتھیوں میں سے ہیں اور مستقل قاری کی حیثیت سے کافی عرصے کا ساتھ رہا شاید مصروفیات میں الجھ کر کافی عرصہ غائب رہیں شاید وجہ یہی ہے کہ
دنیا نے تیری یاد سے بیگانہ کردیا
تجھ سے بھی دلفریب ہیں غم روزگار کے
بہرحال اب فرصت کے لمحات ڈھونڈ ہی لیے ہیں تو یہ سلسلہ اور قلمی رابطہ بحال رکھیں ہم بھی منتظر رہیں گے۔
رائو سمیرا ایاز… کراچی
پیاری سمیرا! سدا مسکرائو‘ آپ کے تفصیلی خط سے دادی کی رحلت کی خبر جان کر بے حد صدمہ ہوا‘ اگرچہ کافی وقت گزرچکا ہے لیکن بعض حادثات ایسے رونما ہوتے ہیں کہ وہ فراموش نہیں کیے جاسکتے۔ بے شک آپ کی دادی رہنما کی حیثیت رکھتی تھیں اور بزرگوں کا سایہ تو ویسے بھی باعث رحمت و برکت ہوتا ہے۔ آپ اپنی دادی کے حوالے سے جو بھی لکھنا چاہتی ہیں سلسلے آغوش مادر حجاب کے لیے لکھ بھیجیں ان کے تمام حالات و واقعات صبر و استقامت اور اصول و ضوابط‘ اچھا ہے دیگر لوگ بھی بزرگوں کے اقوال و نصائح سے رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔ دوسری تحریر بھی جلد شامل کرلیں گے۔ البتہ انوکھی عید حجاب میں لگ چکی ہے۔
حنا کنول فرحان… حویلی لکھاں
عزیزی حنا! سدا سہاگن رہو‘ بے شک آپ نے بہت کٹھن وقت گزارا اور کڑے حالات سے گزریں۔ والدہ کی رحلت کے بعد بہن کا کینسر میں مبتلا ہونا اور والد کو فالج ہوجانا پھر یکے بعد دیگرے ان رشتوں کا بھی بچھڑ جانا آپ کی ذات کو منتشر کر گیا۔ بے شک اپنے پیاروں کے یوں چلے جانے پر صبر بھی ایک طویل عرصہ بعد آتا ہے اور ان کی یادیں تو ہر پل آپ کو جکڑے رکھتی ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے پیاروں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ اسی طرح آنچل کے دیگر سلسلوں میں شرکت کرسکتی ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی خوشیاں عطا فرمائے اور نیک و صالح اولاد سے نوازے آمین۔
طیبہ سعید… گوجرانوالہ‘ نواب چوک
پیاری طیبہ! سدا خوش رہو‘ آپ کی نظمیں غزلیں متعلقہ شعبہ میں بھیج دی گئی ہیں جب وہاں سے قبولیت کا درجہ پالیں گی تو ضرور اشاعت کا مرحلہ بھی طے کرلیں گی۔ ہمیں کوئی شک نہیں کہ وہ سب آپ کی ذاتی کاوش ہے البتہ باری کا انتظار کرنا پڑے گا۔ جب تک ان کی باری آتی ہے آپ دیگر سلسلوں میں شرکت کرتی رہیں۔
انعم زہرہ… ملتان
پیاری انعم! سدا سلامت رہو‘ آپ کے خط سے آپ کے مثبت انداز اور آپ کی ذات میں رونما ہونے والی تبدیلی کے متعلق جان کر اچھا لگا۔ ویسے بھی مایوسی کفر ہے اور آپ نے بہت جلد اپنے حالات پر قابو پاکر سب کچھ اللہ سبحان و تعالیٰ کی رضا سمجھتے ہوئے قبول کرلیا‘ خوش آیند ہے بے شک اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کے لیے بہت سی خوشیاں رکھی ہوں گی اور جلد وہ سب آپ کے سامنے آجائیں گی‘ بس یہ وقت ہمت اور حوصلے کے ساتھ گزارنے پر آپ کو اجر کے ساتھ ساتھ صبر کا پھل بھی مل جائے گا۔ ہماری دعائیں ہمیشہ آپ کے ہمراہ ہیں اور دعا گو ہیں کہ نہ صرف آپ کو بلکہ اللہ سبحان وتعالیٰ ہر بہن کو اپنے گھر کی خوشیاں نصیب فرمائے‘ آمین۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
شازیہ اختر شازی… نور پور
عزیزی شازیہ! جیتی رہو‘ آپ کے گھریلو حالات اور مسائل کے متعلق پڑھ کر بے حد افسوس ہوا۔ اللہ سبحان وتعالیٰ آپ کی تمام مشکلات کو حل کردے‘ آمین۔ بے شک ایسے میں بھائی کے ساتھ حادثہ پیش آنا اور اس کی خراب حالت آپ سب کے لیے تکلیف دہ ہوگا۔ ہماری دعا ہے کہ جلد آپ کے بھائی صحت یاب ہو جائیں اور آپ کا گھر خوشیوں کا گہوارہ بن جائے‘ آمین۔
ملال اسلم… خانیوال
عزیزی ملالہ! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کے خط سے تمام حالات کا بخوبی اندازہ ہوا۔ ان حالات میں آپ کی جو کیفیت تھی اس سے انکار ممکن نہیں‘ لیکن بعض لوگ ہر رشتے کو صرف اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں‘ ہوسکتا ہے اس لڑکی کا شمار بھی ان ہی لوگوں میں ہو۔ بہرحال آج کل یہ سب باتیں بہت عام نظر آتی ہیں اور لوگ بہت آسانی سے دوسروں کو تکلیف دے کر خود اپنی زندگی میں مگن ہوجاتے ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ ہر کسی کو ناگہانی آفات و مصائب سے محفوظ رکھے‘ آمین اور آپ کی تسلی کے لیے صرف اتنا ہی کہنا چاہوں گی کہ اگر کوئی دوسروں کے لیے برا کرتا ہے تو سکھ اور خوشی اسے بھی میسر نہیں آتی۔ آپ کی تحریر کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ بہرحال طویل عرصے بعد آپ کی واپسی بے حد اچھی لگی۔
مشی خان… بھیر کنڈ
عزیزی مشی! جگ جگ جیو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے ویسے ہماری کوشش تو یہی ہوتی ہے کہ سب بہنوں کو شرکت کا موقع ملے کیونکہ یہ آپ بہنوں کا ہی پرچہ ہے اور آپ کی نگارشات اور شرکت سے ہی پایۂ تکمیل تک پہنچتا ہے‘ لیکن بعض اوقات صفحات کی کمیابی اور نگارشات کے کثیر تعداد میں موضول ہونے کی بناء پر سب کو جگہ فراہم کرنا ناممکن ہوتا ہے۔ ایسے میں آپ ہی بتائیں کہ کیا کیا جاسکتا ہے۔ بہرحال یہی کوشش ہوتی ہے کہ آیندہ ماہ کے لیے ڈاک سنبھال کر رکھی جائے اور پھر انہیں بھی شرکت کا موقع مل سکے۔ آپ کی محبت کے مشکور ہیں۔
گل مینا خان اینڈ حسینہ ایچ ایس… مانسہرہ
گل مینا‘ حسینہ! سدا شاد رہو‘ آپ کا خط موصول ہوا مختصر ملاقات مسرت کا باعث بنی۔ مانسہرہ بہت دور ہے اب تو قریبی رشتے داروں کے گھر بھی مصروفیات کی بناء پر جانا نہیں ہوتا‘ ہزاروں شکوے ان کی طرف سے موصول ہوتے ہیں۔ اب کیا کریں آپ سب سے جو دل لگا لیا ہے اس لیے باقی سب کی ناراضگی برداشت کرلیتے ہیں۔ رہی فون کی بات تو آپ کے ساتھ دوسری قارئین بہنیں بھی یہ بات جان لیں کہ جدید دور میں رہتے ہوئے بھی موبائل اور سوشل میڈیا سے دور ہوں۔ ای میل پر رابطہ کرسکتی ہیں اس حد تک میں نے سوشل میڈیا کو اہمیت دی ورنہ جو بات خط و کتابت میں ہے وہ ٹیلی فون کی طویل گفتگو میں کہاں‘ رہی بات انعام یافتہ پر نام لکھنے کی تو آئندہ اس بات کا خیال رکھیں گے۔ اب اس سلسلے میں سب کی شکایت دور کردی ہوگی۔ شادی کے لیے ڈھیروں مبارک باد اور دعائیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی آنے والی زندگی کو خوشیوں سے ہمکنار کرے اور آپ کا نصیب بلند فرمائے‘ آمین۔ قلمی رابطہ بحال رکھیے گا۔
پرشب اعوان‘ ارقا اعوان… سیالکوٹ
پیاریوں! سدا خوش رہو‘ آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔ ’’دوست کا پیغام‘‘ سلسلے کے لیے جب آپ کی ڈاک موصول ہوئی تو یہ سلسلہ اپنے تکمیلی مراحل میں تھا‘ اس لیے آپ کی ڈاک شامل نہ کرسکے‘ البتہ غزل متعلقہ شعبے میں بھیج دی گئی ہے‘ اگر معیاری ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آپ کی نگارشات جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔
تابی کھرل… جڑانوالہ
ڈیئر تابی! شاد و آباد رہو‘ آپ کی ڈاک موصول ہوگئی ہے۔ تو آپ کی نگارشات بھی شائع ہوجائیں گی۔ ناموں سے تو یہ بخوبی واضح ہورہا تھا کہ ایک ہی گھر سے ارسال کردہ ڈاک ہے اس لیے ایک کو موقع دے دیا تو دوسرے کو روک لیا تاکہ دوسری بہنوں کو شکایت کا موقع نہ ملے۔ بہرحال آپ کو بھی جلد شامل کرلیں گے۔ مایوس مت ہوں۔ آپ کے خط کا جواب اس بار بھی حاضر ہے‘ امید ہے خفگی دور ہوجائے گی۔
صباء قریشی… عبد الحکیم
عزیزی صبا! سدا مسکرائو‘ آنچل کی قیمت میں اضافہ مجبوری اور حالات کے پیش نظر کرنا پڑا۔ کاغذ کی قیمت میں اضافے کے سبب فی الحال صفحات بڑھانے کا سوچنا تو ناممکن ہے جیسے ہی حالات سازگار ہوں گے آپ کی تجویز پر ضرور عمل کرنے کی کوشش کریں گے‘ پانی کا بحران تو واقعی ہمارے ملک میں سنگین صورت اختیار کرتا جارہا ہے‘ بس اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہی ہم سب پر اپنا رحم فرمائے‘ آمین۔
ایمن پارس… جڑاوالا
ڈیئر ایمن! سدا سلامت رہو‘ آپ سے نصف ملاقات بے حد مسرت کا سبب بنی۔ آپ کی ڈاک کیونکر شامل نہ ہوسکی یہ ہم بھی نہیں جانتے بہرحال اس بار جواب حاضر ہے۔ کوشش کیا کریں کہ ہر ماہ اپنی نگارشات مہینے کی پانچ تاریخ تک بھیج دیا کریں‘ بصورت دیگر آئینہ اور کچھ سلسلوں میں تو آپ کی شمولیت ہو جاتی ہے جب کہ دوسرے سلسلے تکمیلی مراحل میں ہوتے ہیں۔ اس لیے آپ کو انتظار کرنا پڑتا ہے۔ کوشش کریں گے کہ آپ کی نگارشات بھی جلد آنچل و حجاب کی زینت بن جائیں۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
صندل رانا… لاہور
پیاری صندل! جیتی رہو‘ آپ کی تحریر ’پشیمان‘ موصول ہوئی‘ انداز تحریر اور موضوع دونوں ہی بے حد کمزور ہیں۔ اس موضوع پر پہلے بھی نامور مصنفین نے بہت عمدہ انداز میں لکھا ہے۔ آپ ان کا بغور مطالعہ کریں اور پھر قلم اٹھائیں۔ املا کی بھی غلطیاں موجود ہیں۔ امید ہے ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کوشش جاری رکھیں گی۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
حمیرا تبسم… بہاولپور
ڈیئر حمیرا! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کی ارسال کردہ دونوں تحریریں پڑھ ڈالیں ’برگ رفاقت‘ تو آنچل و حجاب کے معیار پر پوری اتری البتہ ’وہ اک نظر‘ کے لیے معذرت۔ روایتی محبت کے موضوع پر لکھی یہ تحریر کچھ خاص دلکش نہ لگی۔ اس لیے موضوع کی انفرادیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے قلم اٹھائیں۔ امید ہے محنت اور کوشش جاری رکھیں گی اور اپنا مطالع وسیع کریں گی۔
شبہانہ گل… راولپنڈی
ڈیئر شبانہ! سدا شاد رہو‘ آپ کی تحریر ’کشت گلاب‘ کے عنوان سے موصول ہوگئی۔ عید نمبر سے فراغت کے بعد جلد پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ سالانہ پرچے کی خریداری کے لیے آفس کے نمبر پر رابطہ کرلیں‘ تمام معلومات حاصل ہوجائیں گی اور مئی کا پرچہ بھی اگر دستیاب ہوگا تو مثبت جواب مل جائے گا۔ اپنا مطالعہ وسیع رکھیں امید ہے لکھنے میں بہتری اور آسانی میسر آئے گی۔
عاصمہ بی… طور جہلم
عزیزی عاصمہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کی جانب سے خوب صورت تحفہ موصول ہوا۔ عیدالاضحیٰ کی پیشگی مبارک باد پیش کرنے اور خوب صورت کارڈ بھیجنے پر بے حد مشکور ہیں۔ آپ کے لکھے خوب صورت دعائیہ اشعار اور نظم بھی بے حد پسند آئی۔ آپ کی اس قدر چاہت اور خلوص کے ہم مقروض ہیں‘ اسی طرح اپنی دعائوں میں ہمیں یاد رکھیں اور آنچل و حجاب کے سنگ رہیں۔ آپ کی دیگر نگارشات جلد شامل کرلیں گے۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
ناقابل اشاعت:
فتح‘ پس پردہ‘ نمبر ون کون‘ اب سمجھ میں آئی‘ ماسی اور لان کی سوٹ‘ یادیں‘ معراج‘ انسانیت‘ سمندر کنارہ‘ محبت کی مہک‘ لمحوں کی حقیقت‘ جو بیجا وہی کاٹنا‘ احساس‘ دل آزاری‘تیرے محلاں دے برج سنہرے‘ اے پترہٹاں کے نئیں وکدے‘ظالم رویے‘ حکم ربی‘ سدا لاٹ چراغاں‘کرماں والی‘ سراب نظر‘ خواہش‘ دعا میرا کلام ہے‘ میرے یقین حاصل‘ ساس کبھی بہو تھی‘ ایک اور محبت‘ منگنی مذاق‘ بے حس‘ ملکہ حسن‘ سیدھا راستہ‘ خواب زادی‘ عید محبتاں‘ بلا عنوان‘ عجیب یہ کھیل ہیں‘ ایک پل لگتا ہے‘ صرف اک خواب‘ سچے رشتے‘ تلخ محرومیاں‘ عید کا ملن‘ کیا منائوں خوشی یا غم‘ انتظار‘ بے نشاں منزل‘ عمر کا تقاضہ‘ امید خوشی کی‘ عید پر محبت کا ملاپ‘ مرد کا ہر روپ نرالہ‘ محبت سے دھوکے تک کا سفر‘ زرد پتوں کی اوٹ‘ انوکھی عید‘ مجبوری‘ محبت مرگ وجود‘ ادھوری دعائیں‘ بلا عنوان‘ چاند استعارہ ہے محبت کا‘ ہمارے پیارے حکمران‘ کوٹھے والی۔
قابل اشاعت:
میراث‘ آگہی‘ پیا رنگ پیارا‘ پھوپھیاں ہماری‘ ہائے وے ربا‘ کوئی روشنی میرا خواب‘ کنارہ‘ اک دل تھا تمہارا ہوا‘ اچھی آپا‘ انا‘ ہم ساتھ ساتھ ہیں‘آخری اسٹیشن۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
× How can I help you?
Close