Aanchal Nov-16

سرگوشیاں

مدیرہ

السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ
نومبر 2016ء کا آنچل حاضر مطالعہ ہے۔
ہم اللہ سبحان و تعالیٰ کا جتنا شکر کریں وہ کم ہے اللہ کا بڑا احسان اور فضل ہے کہ اس رب نے ہماری محنت میں برکت عطا فرمائی اور آپ کا حجاب الحمدللہ آپ کے معیار پر پورا اتر رہا ہے۔ ان شاء اللہ آنے والا نومبر کا شمارہ حجاب سال گرہ نمبر ہوگا یہ آپ کا تعاون اور حوصلہ افزائی ہی ہے کہ بالکل نئے ماہنامہ نے اتنے مختصر عرصے میں مقبولیت کی وہ منزل حاصل کی جس کے لیے سالوں انتظار کرنا پڑتا ہے ادارہ اور بذات خود میں تمام بہنوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں اور امید کرتی ہوں کہ آپ کا بھرپور تعاون ہمیں آئندہ بھی حاصل رہے گا۔
وطن عزیز میں ہر طرف سیاسی ہلچل مچی ہوئی ہے ہر سیاسی جماعت کا اپنا ایجنڈا ہے جس پر وہ اپنے طریقوں سے عمل پیرا ہے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کی گو کہ منزل اقتدار ایک ہی ہے لیکن سب نے اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد الگ بنا رکھی ہے کسی معاملے پر اگر کبھی کہیں اتحاد ہو بھی جائے تو وہ جلد ہی ہَوا میں اڑا دیا جاتا ہے کیونکہ اس اتحاد میں اس جماعت کے مفادات آڑے آجاتے ہیں جتنی سیاسی جماعتیں ہیں اتنے ہی ان کے اپنے مفادات اور نظریات ہیں کچھ جماعتیں حکمران وقت کے ساتھ مل کر بھی منافقت کے رویے اپناتی ہیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ نہ تو حکمرانوں کو اور نہ ہی حزب اختلاف کی کسی جماعت کو وطن عزیز کی پروا ہے تو صرف اپنے اپنے ذاتی مفادات کی انہیں عوام سے اور ملک و قوم سے صرف اتنی ہی ہمدردی ہے کہ وہ ان کے ووٹوں سے مسند اقتدار پر براجمان ہوسکیں اللہ اللہ خیر صلہ، ارے یہ میں بھی کیا باتیں لے کر بیٹھ گئی ہوں، آئیں چلتے ہیں اپنے محبوب آنچل کی طرف ان تمام بہنوں کا تہہ دل سے شکریہ جنہوں نے عیدالاضحیٰ پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے اور بہت سی دعائوں سے نوازا اور اپنی محبتوں چاہتوں کا اظہار کیا اور ہماری حوصلہ افزائی کی جزاک اللہ، اب چلیں آنچل کے شمارے کی جانب
}}}اس ماہ کے ستارے{{{
بند لفافے
ہماری تقدیر بند لفافوں کی مانند ہے جسے تدبر بھی مات نہیں دے پاتی یاسمین نشاط کا بہترین ناولٹ۔
اس طور ملے
جب ملن ہو مقدر میں تو رستے کہیں نہ کہیں ضرور مل ہی جاتے ہیں ام اقصیٰ کی منفرد کاوش۔
دھوپ اور آنگن
محبت اور چاہت کے جذبات کی بہترین عکاسی کرتا بشریٰ گوندل کا خوب صورت ناول۔
آگاہی
لمحہ آگاہی میسر آنے پر سود و زیاں کا بخوبی ادراک ہوجاتا ہے عاصمہ عزیز کا موثر افسانہ۔
زعم زدہ بت
انا اور خود پسندی کا بت پاش پاش کرتی قرۃ العین کی اصلاحی تحریر۔
گیلے گال
مفلس و مفلوک الحال طبقے کی بہترین عکاسی کرتی نمرہ محمد پہلی بار شریک محفل ہیں۔
قسمتیں ہیں مسافر
بعض حادثات زندگی میں جمود پیدا کردیتے ہیں ایسا ہی بہترین ناول مصباح علی کے دلکش پیرائے میں۔
جہیز
سچے اور پاکیزہ رشتوں کا حصول ہر شے سے بڑھ کر ہے نورین مسکان سرور کاافسانہ۔
کمپرومائز
زندگی کے تلخ حقائق سے کمپرومائز کیسے اور کیونکر کیا جائے جانیے ثمینہ فیاض کے سنگ۔
ارمانوں کی مالا
اپنوں کے ہاتھوں ارمانوں کی مالا بکھرنے کی کہانی عذرا کنول کی زبانی۔
روشنی کی لکیر
فضول و فرسودہ رسومات کے خلاف اقرا گلزار کی عمدہ کاوش۔
خوشیوں کا موسم
دکھوں کی فصل کاٹنے کے بعد خوشیوں کا موسم کیسے آیا شبانہ شوکت کے انداز میں آپ بھی جانیے۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close