Aanchal May 15

درجواب آں

مدیرہ

اقبال بانو… بورے والہ
پیاری ہمشیرہ! سدا خوش رہو‘ جذبات و احساسات کو لفظوں میں پرو کر یوں آپ سے نصف ملاقات کا شرف حاصل ہوجانا بے حد اچھا لگتا ہے۔ آپ نے اپنے قیمتی لمحات میں سے کچھ پل آنچل کے لیے مختص کیے اور سال گرہ نمبر کے متعلق اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا بے حد مشکور ہیں۔ امید ہے آپ کا قلمی تعاون آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو دونوں جہاں کی خوشیاں و کامیابیاں عطا فرمائے‘ آمین۔
گل پھینکے اوروں کی طرف بلکہ ثمر بھی
اے خانہ بَر اندازِ چمن کچھ تو ادھر بھی
دیگر قارئین کے ساتھ ہم بھی ازسر نو آپ کو گاہے بگاہے پڑھنے کے مشتاق ہیں۔
نازیہ کنول نازی…ہارون آباد
ڈئیر نازیہ! سدا سہاگن رہو! آپ کی جانب سے موصول شادی کا دعوت نامہ دیکھ کر خوشی ہوئی اور یہ جان کر بھی کہ آپ کے چھوٹے بھائی اور چھوٹی بہن کے فرض سے بھی آپ کے والدین کو اللہ سبحان و تعالیٰ نے بہ احسن طریقے سے سبکدوش فرمایا ہماری اور ادارے آنچل کی جانب سے آپ کو آپ کے گھرانہ کو بہت بہت مبارک باد اور دعا ہے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اور آپ کے بھائی‘ بہن کو ہمیشہ خوش و خرم‘ شاد و آباد رکھیں آمین۔
فاخرہ گل… اٹلی
عزیزی فاخرہ! شاد و آباد رہو‘ طویل عرصے بعد آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ آپ کے قلم سے بکھرتے موتی جیسے لفظوں کے ذریعے رشتہ اگرچہ ہمیشہ برقرار رہا لیکن آج یہ تعلق مزید استوار ہوگیا ہے۔ سال گرہ نمبر پسند کرنے کا بے حد شکریہ‘ بے شک یہ آپ کا اپنا پرچہ ہے اور آپ ہی کی کاوشوں سے آراستہ و پیراستہ ہوکر ادبی تفریح کا سامان فراہم کرتا ہے۔ آنچل کے متعلق آپ کی قیمتی رائے آپ کا حسن نظر جب کہ ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کے قلم کے ذریعے علم کی جوت سب کے دلوں میں روشن رکھے‘ آمین۔
کوثر خالد… جڑانوالہ
پیاری بہن! خوش رہو‘ خط کے ماتھے پر خوب صورت شعر کسی جگمگاتے جھومر کی طرح جھلملارہا تھا۔ بے حد پسند آیا‘ ہمارے متعلق آپ کی جو رائے ہے یہ آپ کی محبت ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کو بہترین ذہنی صلاحیتوں سے نوازا ہے اور حمدو نعت کی صورت میں آپ کا کام دنیا و آخرت دونوں جہانوں میں باعث سعادت ہے‘ آپ کا تبصرہ پرانا تھا اس لیے شامل اشاعت نہیں ہوسکا۔
فریحہ شبیر‘ ایمن‘ انعم اور مبشرہ خان … سرگودھا
ڈئیر سسٹرز! خوش رہیں‘ آپ کے تعریفی کلمات ہمارے لیے باعث فخر اور قابل رشک ہیں۔ ہمیشہ آنچل کو سجانے سنوارنے میں آپ کے ان الفاظ نے جہاں ہمارا حوصلہ بڑھایا وہیں آپ بہنوں کی آراء کو مدنظر رکھتے ہم نے اسے آراستہ کیا۔ سمیرا کنول اور آپ کی دیگر فرینڈز بھی الگ سے آنچل میں شرکت کرسکتی ہیں‘ یہ آپ بہنوں کا اپنا پرچہ ہے۔
کوثر ناز… حیدرآباد
ڈئیر کوثر! سدا خوش رہو‘ کہانی کے شائع ہونے پر مبارک باد۔ شکریہ کی قطعاً ضرورت نہیں ہے یہ سب آپ کی محنت کا صلہ اور انعام ہے آپ کے قلمی سفر کو مزید بہتر بنانے کی ہماری جانب سے ایک سراہتی کاوش ہے۔ آپ کو پرچے کا نام پسند آیا مشکور ہیں‘ ایڈیس تو یہی رہے گا بس آنچل کی جگہ حجاب لکھنا ہوگا۔ آپ کی دیگر تحریریں پڑھنے کے بعد ہی آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے‘ فی الحال معذرت۔
ارم کمال… فیصل آباد
ڈئیر ارم! شا د و آباد رہو‘ آپ کے خط میں آپ کی کزن کی رحلت کی خبر سن کر دل بے حد رنجیدہ ہوا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ان کی مغفرت کرے۔ دونوں بچوں کے سر سے ماں کا آنچل چھن جانا بے شک بہت بڑا صدمہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ان بچوں سمیت آپ سب کو صبر و استقامت عطا فرمائے اور مرحومہ کے درجات بلند فرمائے آمین‘ قارئین سے بھی امبر کے حق میں دعائے مغفرت کے ملتمس ہیں۔
حمیرا قریشی… حیدرآباد
ڈئیر حمیرا! سدا مسکرائو‘ آپ سے نصف ملاقات کے بعد آپ کی مصروفیات کا بھی بخوبی اندازہ ہوگیا۔ اسی مصروفیت کے حوالے سے ہماری جانب سے بھائی اور بہن کی شادی پر ڈھیروں مبارک باد قبول کیجیے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ انہیں دائمی خوشیوں سے نوازے۔ آپ کی تحریر فائنل ہوچکی ہے ان شاء اللہ جلد آنچل کے صفحات پر جھل مل کرتی نظر آجائے گی۔
ودیعہ یوسف… کراچی
پیاری ودیعہ! خوش رہو‘ آپ کے خط میں آپ کی حماقت کے متعلق پڑھ کر بے ساختہ مسکراہٹ نے لبوں کا احاطہ کرلیا جب آپ نام اور ایڈریس نہیں لکھیں گی تو آپ کی ڈاک کیونکر ہم تک پہنچے گی؟ بہرحال اس دفعہ خط موصول ہوگیا ہے اور جواب بھی حاضر ہے۔ آپ آئندہ بھی شرکت کرسکتی ہیں اپنا افسانہ ارسال کردیں معیاری ہوا تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
دعائے سحر… فیصل آباد
پیاری دعا! جگ جگ جیو‘ آپ کی نظم کی اشاعت پر ہماری جانب سے مبارک باد قبول کریں۔ آپ کا کہنا بجا ہے بے شک اولاد کی کامیابی پر ماں باپ کا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے۔ آپ کی والدہ کے لیے بھی یہ ایک بڑی خوش خبری ثابت ہوئی‘ بہرحال وہ آپ کی تمام کامیابیوں میں آپ کے ہمراہ اور آپ کی خوشیوں کے لیے آج بھی دعاگو ہیں کیونکہ ماں ایسی ہستی ہے جس کا ناتہ ہمیشہ اپنی اولاد سے برقرار رہتا ہے۔
دلکش مریم… چنیوٹ
ڈئیر دلکش! شاد و آباد رہو‘ آپ کی غیر حاضری کے دوران ہم نے بھی آپ کی کمی کو محسوس کیا جہاں تک دعائیہ نظم کی اشاعت اور آپ کے نام کی بابت ہے تو گڑیا ہمیں ان بہن کا خط موصول ہوا تھا۔ ان کی تسلی کی خاطر وضاحت کردینا ضروری تھا۔ آج بھی بہت سی بہنیں نیرنگ خیال میں دیگر شعراء کی نظمیں غزلیں اپنے تخلص کے ساتھ ارسال کردیتی ہیں‘ کافی حد تک کوشش تو کی جاتی ہے کہ انہیں رد کردیا جائے لیکن بعض اوقات ایسا نہیں ہوپاتا۔ امید ہے اس وضاحت کے بعد آپ بدگمانی ختم کرتے ہوئے پچھلی خفگی کو فراموش کردیں گی۔
طیبہ نذیر… شادیوال‘ گجرات
پیاری بہن! جیتی رہو‘ آپ کا خط پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ اپنی والدہ اور دیگر بہن بھائیوں سے کس قدر محبت و التفات رکھتی ہیں۔ اسی لیے اپنی والدہ کے لیے پریشان ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی والدہ کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور آپ کے بھائیوں کو بھی بہترین روزگار و کاروبار عطا فرمائے‘ آمین۔
سونی علی… ریشم گلی مورو
ڈئیر سونی! جگ جگ جیو‘ دلچسپ انداز میں کیا آپ کا شکوہ بھی اچھا لگا بہرحال ان مضر صحت اشیاء کے استعمال سے بہتر ہے کہ آپ ہر مہینے ڈاک کا لفافہ ہی خریدیں‘ آپ کے خط کا جواب حاضر ہے امید ہے اپنا نام آنچل میں جھلملاتا دیکھ کر ساری خفگی اڑن چھو ہوجائے گی۔
عاصمہ‘ رمشا‘ فائقہ… کھٹیالہ شیخاں
ڈئیر سسٹرز! شاد و آباد رہیں‘ بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پرخوش آمدید۔ 2005ء سے آپ کا اور آنچل کا ساتھ ہے جان کر خوشی ہوئی‘ تعارف ان شاء اللہ باری آنے پر لگ جائے گا۔
ثوبیہ صابر… نا معلوم
پیاری ثوبیہ! جیتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’کٹھن ہے زندگی‘‘ قبولیت کی سند حاصل کرنے میں ناکام ٹھہری۔ بہرحال پڑھ کر یہ اندازہ ضرور ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ آپ طوالت سے گریز کرتے ہوئے اسی قسم کے موضوعات پر افسانہ لکھنے کی کوشش جاری رکھیں‘ کامیابی آپ کے قدم چومے گی ان شاء اللہ۔
پارس بنت دین… للہ شریف
ڈئیر پارس! سدا مسکرائو‘ شریف نامی شہر سے شرکت کرنے والی ایک معصوم و شریف بچی سے ملاقات اچھی لگی۔ آپ آنچل فیملی کا حصہ بن چکی ہیں اب آپ بھی اپنی نگارشات کے ذریعے دیگرسلسلوں میں شرکت کرسکتی ہیں۔
سائرہ حبیب اوڈ… عبدالحکیم
ڈئیر سائرہ! جگ جگ جیو‘ آپ کے خط کو پڑھ کر اندازہ ہوا آپ حساس اور باشعور سوچ کی مالک ہیں۔ ہمارے معاشرے کا یہی تو المیہ ہے کہ آج بھی بہت سے معاملات میں صف نازک کو صرف اس لیے پیچھے رکھا جاتا ہے کہ وہ بنتِ حوا ہے اور یہی اس کا قصور گردانا جاتا ہے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ ایسے لوگوں کو نیک ہدایت عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ آئندہ بھی شریک محفل ہوسکتی ہیں۔
صائمہ سکندر سومرو… حیدرآباد
ڈئیر سسٹر! سدا سہاگن رہو‘ آنچل اور آپ کے دیرینہ تعلق کے متعلق جان کر بے حد اچھا لگا۔ بے شک پندرہ سال کا عرصہ ایک طویل دورانیہ ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ آپ کو صحت و سلامتی کے ساتھ نیک و صالح اولاد عطا فرمائے اور آپ کے قدموں تلے جنت رکھ دے‘ آمین۔
ثوبیہ… راولپنڈی
ڈئیر ثوبی! جیتی رہو‘ آپ آنچل کے لیے لکھنا چاہتی ہیں جان کر اچھا لگا۔ کسی بھی اصلاحی موضوع پر مختصر افسانہ ارسال کرسکتی ہیں اگر آپ کا افسانہ منتخب ہوگیا تو اس صورت میں آپ کو کسی طرح کی قیمت ادا نہیں کرنا ہوگی‘ بے فکر رہیے۔
ارم کمال… ڈی جی خان
ڈئیر ارم! جیتی رہو‘ آپ کی شاعری متعلقہ شعبے کو ارسال کردی ہے۔ ردو قبول کا فیصلہ وہیں طے پاتا ہے اگر گزشتہ شاعری شامل نہیں ہوئی تو ضرور آپ کی شاعری آنچل کے معیار کے مطابق نہ ہوگی‘ شاعری کے علاوہ آپ دیگر سلسلوں میں شرکت کے ذریعے آنچل فیملی کا حصہ بن سکتیں ہیں۔
بشریٰ خان… لیہ
پیاری بشریٰ! آباد رہو‘ بے نام منزلیں کے نام سے آپ کی تحریر موصول ہوئی۔ موضوع کا چنائو بہتر ہے لیکن انداز تحریر ابھی پختہ نہیں‘ کچھ باتوں میں تضاد بھی موجود ہے وسیع مطالعے اور مشاہدے کے بعد آپ اس کمزوری کو دور کرسکتی ہیں۔ امید ہے محنت اور جدوجہد کے ساتھ اپنی کاوش جاری رکھیں گی۔
زیب النساء… حافظ آباد
ڈئیر زیبی! خوش رہو‘ آپ کا اورآنچل کا دیرینہ ساتھ ہے لیکن آپ نے آج ہمت کرتے ہوئے قلم بھی اٹھالیا جان کر اچھا لگا۔ پیاری بہن جو لوگ لفظوں کی لڑی میں اپنے احساسات و جذبات کو پرو کر صفحہ قرطاس کی زینت بناتے اور ہوا کے دوش پر ہم تک پہنچاتے ہیں وہ بھی آپ اور ہم جیسے ہی ہیں۔ بہرحال آپ نے اب ہمت کرکے قلم سے ناتہ جوڑ ہی لیا ہے تو امید ہے کہ یہ تعلق استوار رہے گا۔ ’’پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ‘‘ یعنی آپ کی شرکت پر ہی ہم آپ کو آنچل فیملی کا حصہ بناسکتے ہیں۔
جاذبہ ضیافت عباسی… دیول مری
پیاری جاذبہ! شاد رہو‘ آپ کی تحریر ’’لو ہم ہار گئے‘‘ پڑھ لی گئی ہے انداز تحریر اور موضوع دونوں لحاظ سے نہایت کمزور تحریر ہے۔ فی الحال آپ صرف مطالعہ پر توجہ دیں اس کے بعد ہی قلم اٹھائیں۔
سیدہ سحر گیلانی… نامعلوم
پیاری سحر! شاد و آباد رہو‘ آنچل اور آپ کی پہلی حادثاتی ملاقات کے متعلق جان کر اچھا لگا اور اس دن سے آپ نے آنچل کو اپنا ہم قدم بنا لیا۔ آپ کے جذبات قابل تحسین و قابل فخر ہیں۔ آپ آنچل کے دیگر سلسلوں میں باقاعدگی سے شرکت کرسکتی ہیں‘ یہ آپ بہنوں کا اپنا ہی پرچہ ہے۔
آسیہ اشرف… گنگاپور
پیاری آسیہ! خوش رہو‘ شکوہ و شکایت سے مزین آپ کا خط موصول ہوا‘ بہرحال آپ کا یہ انداز اور نصف ملاقات بھی اچھی لگی۔ گڑیا ہمیں سانحہ پشاور کے تحت لکھی گئی بہت سی کہانیاں موصول ہوئیں سب کا موضوع عمدہ اور درد ناک ہی تھا جسے پڑھ کر ایک بار پھر سے وہی درد روح میں اترتا محسوس کیا۔ کہانی کو رد کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم اس حقیقت اور آپ کے محبت سے بھرپور جذبات سے انکاری ہیں۔ رد ہونے کی وجہ دراصل انداز تحریر کی کمزوری اور ناپختگی ہے۔ آپ مزید مطالعے اور محنت کے ساتھ اپنی کوشش جاری رکھیں۔
نزہت بی بی… ایبٹ آباد
ڈئیر نزہت! جیتی رہو‘ آپ کے کہنے پر خط کا جواب بمعہ تحریر کی اصلاح کے حاضر ہے۔ آپ کی تحریر ’’پیار کی خاطر‘‘ موضوع کا چنائو نہایت کمزور ہے۔ اندازِ تحریر میں بھی پختگی نہیں ہے‘ بہتر ہے کہ فی الحال آپ اپنے مطالعہ پر توجہ دیں اور دیگر نامور رائٹرز کی تحریروں کا بغور مطالعہ کریں۔ ابھی آپ ناول مت ارسال کریں‘ افسانے پر ہی کوشش جاری رکھیں۔
ثنا منیر کھوکھر… سرگودھا
پیاری ثنا! آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’شناسائی‘‘ موصول ہوگئی ہے‘ سال گرہ نمبر سے فراغت کے بعد ہی اس کے متعلق آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کریں گے۔ جہاں تک نظم کا تعلق ہے وہ متعلقہ شعبے کو ارسال کردی جاتی ہے اگر معیاری ہوئی تو ضرور لگ جائے گی ورنہ معذرت۔
ثانیہ مغل… للیانی
ڈئیر ثانیہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر کے متعلق ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ آپ کی سابقہ تحریر تو فائنل تھی‘ کمپوزنگ کے بعد آخری لمحات میں تھی اب آپ کے کہنے پر رد کردی گئی اور نئی تحریر اب پھر ان مراحل سے گزرنے کے بعد اپنی جگہ بناسکے گی۔
عروہ نیازی… میانوالی
پیاری عروہ! خوش رہو‘ آپ نے اپنی تحریری سفر کے آغاز میں ہی ’’نیکی‘‘ کے عنوان سے ایک طویل ناول لکھا ہے۔ آپ کا انداز اگرچہ اصلاحی ہے لیکن اصلاح اور نصیحت سے بھرپور اس تحریر میں دلکشی کا عنصر مفقود ہے۔ کہانی کا حسن بے جا طوالت اور مشاہدے کی قلت کی بنا پر ماند پڑگیا ہے۔ آپ کی تحریر کہانی سے زیادہ ایک ناصحانہ لیکچر کی مثال لگ رہی ہے۔ امید ہے اس تفصیلی جواب کے بعد آپ ان کمزوریوں کو دور کرتے ہماری اصلاحی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گی‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو۔
بشریٰ باجوہ… اوکاڑہ
ڈئیر بشریٰ! سدا مسکرائو‘ آپ کی جانب سے ارسال کردہ تحریروں کے مطالعے کے بعد آپ کی تحریر ’’روٹی‘‘ آنچل میں اپنا مقام بنانے میں کامیاب ٹھہری جبکہ دوسری تحریر بعنوان ’’ذرا سا فرق‘‘ کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔ آپ اسی طرح کے موضوعات پر مختصر افسانے پر اپنی کوشش جاری رکھیں۔ امید ہے مزید بہتری آئے گی۔
سیدہ برجیس رباب… میانوالی
ڈئیر برجیس! سدا سہاگن رہو‘ شادی کے بعد کہانی کی اشاعت کی صورت میں آپ کو بہت بڑی خوشی ملی‘ جان کر اچھا لگا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید خوشیوں سے ہمکنار کرے‘ ایک خوش خبری ہماری طرف سے بھی ہے کہ آپ کی مزید دونوں کہانیاں بھی کامیابی کی سند حاصل کرچکی ہیں۔ جلد ہی ایک بار پھر آنچل کے سائے تلے آپ اپنا نام جھملاتا دیکھ سکیں گی۔ آپ کا ایڈریس نوٹ کرلیا ہے آئندہ نصف ملاقات کے لیے اس پر رابطہ برقرار رہے گا۔
ایم فاطمہ… محمود پور
پیاری فاطمہ! شاد رہو‘ آپ کی تینوں کہانیاں پڑھ ڈالیں لیکن کچھ خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام رہیں۔ انداز تحریر بہت کمزور اور موضوعاتی لحاظ سے بھی بہت محنت کی ضرورت ہے۔ املا کی بھی بے حساب اغلاط موجود ہیں۔ فی الحال آپ کے لیے یہی مشورہ ہے کہ اپنا مطالعہ وسیع کیجیے اس کے بعد ہی قلم اٹھائیں۔
کائنات گل…دولت ہر
ڈئیر کائنات! اسم بامسمیٰ بن کر گلوں کی طرح مہکتی رہو‘ چاہتوں و محبتوں سے بھرپور آپ کا تفصیلی خط موصول ہوا‘ گڑیا آپ نے جس طرح ہر سلسلہ پر خوب صورت الفاظ میں تبصرہ کیا ہے اور دعائوں سے نوازا ہے بے اختیار آپ کی اس چاہت پر ہمیں فخر محسوس ہوا۔ آپ کے مہکتے الفاظ کی خوش بو نے ہمیں اپنے حصار میں لیے اس بات کا احساس دلایا کہ آپ نہایت مخلص اور خوب صورت دل کی ملکہ ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے‘ آمین۔ جہاں تک آپ کی تحریر کی بات ہے تو آپ کی یہ تحریر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ موضوع کے چنائو میں احتیاط کرتے ہوئے کسی اور موضوع پر قلم اٹھائیں۔
سحر انجم… لاہور کینٹ
ڈئیر سحر! شاد و آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’میرا گھر میری جنت‘‘ آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنانے میں ناکام ٹھہری بہرحال پڑھ کر اس بات کا اندازہ بخوبی ہوگیا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ آپ کا موضوع کا چناؤ تو عمدہ ہے لیکن تحریر میں روانی کا عنصر مفقود ہے۔ وسیع مطالعہ آپ کی صلاحیت کو مزید جلا بخشنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دیگر بڑے رائٹرز کی تحریروں کا بغور مطالعہ کریں اور اپنی کاوش جاری رکھیں۔
حرا قریشی… ملتان
ڈئیر حرا! شاد رہو‘ آپ کی تحریر ’’آدھی روٹی‘‘ کے نام سے موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازاہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔ آپ نے موضوع کا چنائو بھی خوب کیا‘ اب اپنے اندر موجود اس فن کو مزید جلا بخشتے ہوئے اس کامیابی کی ایک شمع سے مزید شمع جلاتے ہوئے چراغاں کرتی جائیں۔ ہماری جانب سے تحریر کے منتخب ہونے پر ڈھیروں مبارک باد‘ آئندہ بھی قلم کا حق یونہی ادا کرتی رہیے گا۔
ام ایمان قاضی… کوٹ چھٹہ
پیاری ایمان! خوش و خرم رہو‘ سب سے پہلے تو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر ڈھیروں مبارک باد۔ بے شک اس در کی زیارت بہت بڑی خوش نصیبی ہے جو اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کے مقدر میں رقم کی۔ اب کہانیوںکے متعلق جان کر پچھلی تمام خفگی بھی دور ہوجائے گی۔ ’’پچھتاوا‘ کھیتی اور زندگی کے رنگ‘‘ آپ کی تینوں تحریریں آنچل کے لیے مختص کردی گئی ہیں جلد اپنا نام جھلملاتا دیکھ پائیں گی جبکہ ’’بُرا بھلا وقت‘‘ ازسر نو ارسال کردیں‘ یہ تحریر ہمارے پاس موجود نہیں ہے۔
ناقابل اشاعت:۔
ذرا سا فرق‘ خواہش کی تکمیل‘ محبت زندگی ہے‘ بے نام منزلیں‘ خاموش محبت‘ میرا گھر میری جنت‘ حاصل‘ آگئی فصل سکون‘ بلاعنوان‘ اپریل فول‘ سنگین بھول‘ راز‘ مغرور لیلیٰ‘ رواجوں کی قیدی‘ زندگی اک عجب موڑ پر‘ وہ ملا نہیں تو گلہ نہیں‘ آجا تیرے ماتھے پر چاند بن کے ابھروں میں‘ تزکیہ نفس‘ امید نہیں چھوڑی یکطرفہ محبت‘ میرا نصیب‘ اک طرز تغافل‘ فیصلہ‘ آزمائش‘ نئی سوچ‘ تربیت‘ دعا‘ دل کے رشتے‘ کمزور دشمن‘ محبت ذاتی مسئلہ ہے‘ محبت نقش ہے دل پہ‘ نیکی‘ رشتے اپنائیت کے‘ کٹھن ہے راہ گزر‘ روشنی کے ہالے میں‘ یہ دیا جلادے کوئی‘ محبت خاموش ہی اچھی‘ اعتبار ٹوٹے نہ‘ میں تم سے مکمل ہوں‘ نادانی‘ روح کے گھائو‘ کتنا اکیلا ہے محبت کا سفر‘ ایک بار کہو‘ شکوے دلوں کے‘ آنچل تیرے نام‘ دل بے ایمان‘ لو ہم ہار گئے‘ صلہ‘ حاصل‘ بلاعنوان‘ اتنی سی محبت‘ تم سے محبت ہے‘ چاہتیں‘ محبت زندگی ہے‘ پیار کی خاطر‘ یہ دھرتی ہے ماں‘ ظلم کی سزا‘ ایک پل‘ آپ بیتی‘ زندگی کی آغوش میں‘ زندگی اور انسان‘ مائے نی میں کنوں آکھاں‘ انمول دوست‘ روزِ گل کا ہمسفر‘ ہمارا ملن‘ آبرو‘ اپنا گھر‘ رسمی بارش‘ ہوا کچھ یوں۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close