Aanchal Apr 15

بیوٹی گائیڈ

روبین احمد

اپنی جلد کو قدرتی انداز میں نکھاریئے
سردیوں کے موسم میں اکثر خواتین اپنی جلد کو نرم و ملائم اور ہونٹوں کو تروتازہ رکھنے کے لیے طرح طرح کے موئسچرائزر‘ باڈی آئل اور وٹامنز استعمال کرتی ہیں اور اس کے لیے کافی بھاگ دوڑ بھی کرتی ہیں مگر وہ اس بات سے بے خبر ہیں کہ کئی قدرتی موئسچرائزر ان کے اپنے گھر میں موجود ہیں جن کا استعمال ان کی جلد کے قدرتی تیل کو خشک ہونے سے بچاتا ہے اور یوں جلد موسم سرما میں خشک ہونے سے محفوظ رہتی ہے۔ سرد موسم میں ایک اور کار آمد عمل یہ ہے کہ اپنے جسم کو تھوڑی دیر کے لیے دھوپ میں رکھیں تاکہ یہ دھوپ میں موجود وٹامن ڈی سے مستفید ہوسکے۔ اس کے علاوہ کچھ قدرتی موئسچرائزر کا بھی استعمال کریں جو کہ آسانی سے دستیاب ہیں اور مؤثر بھی ہیں۔
شہد
قدرتی موئسچرائزر میں اس سے اچھی اور کوئی چیز نہیں۔ دوٹی اسپون شہد لے کر کسی بھی ٹائپ کی جلد پر مساج کیا جائے تو سردیوں کے دوران جلد صحت مند اور نرم رہتی ہے۔ شہد میں اشیا کو نرم کرنے‘ ان کو شگفتگی بخشنے اور موئسچرائزر کے ساتھ ساتھ اگر جلد میں کوئی ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے تو اس کی یہ مرمت بھی کردیتا ہے۔
اووکیڈو
اس بدیسی پھل میں غذائیت بخش اجزا بہت زیادہ ہیں۔ یہ وٹامن‘ معدنیات اور تیل سے لبریز پھل ہے۔ یہ خشک اور نمی سے پاک جلد کے لیے بہترین ماسک کا کام کرتا ہے۔
بادام
ایک اور مشہور اور آزمودہ جلد کا کنڈیشنر… بادام میں وٹامن ای کی بہت وافر مقدار پائی جاتی ہے اور یہ جلد کی صحت کے لیے بہت کار آمد ہے۔ اس کے علاوہ دھوپ سے سانولی ہوجانے والی جلد کے لیے بھی مفید ہے اور سانولا پن کو دور کرتا ہے۔
پپیتا
اس پھل کو کچھ زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی ہے مگر قدرت نے کئی کار آمد اجزا سے اس کو مالا مال کر رکھا ہے۔اس میں وٹامن اے بی سی اور ڈی کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کئی طبی فوائد والے اجزا بھی موجود ہیں۔ اس کا استعمال جلد کی رنگت نکھارتا ہے اور ان کو نئی تازگی بخشتا ہے یہ کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے بہت زبردست ہے۔
دہی
یہ جلد کو صحت عطا کرتا ہے اور اس میں جلد کو صاف کرنے کی طاقت بھی ہوتی ہے جس کی وجہ سے جلد پر دانے وغیرہ جنم نہیں لیتے ہیں اور اس کی موجودگی جلد کو دھوپ سے متاثر ہونے سے محفوظ رکھتی ہے چونکہ یہ ملک پروڈکٹ ہے تو اس میں بیلچنگ کا عنصر بھی پایا جاتا ہے اور یہ جلد کو قدرتی حالت میں برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ دہی ایسی جلد کے لیے بہترین ہے جو کمبی نیشن یعنی ملی جلی جلد کہلاتی ہے اور چہرے پر جلد کا کچھ چکنا اور کچھ حصہ خشک ہوجاتا ہے۔
ماسک
ذیل میں ہم آپ کو تین سادہ ماسک بنانے کا طریقہ بتارہے ہیں جو سردیوں میں بہت مفید پایا گیا ہے۔
پپیتا کا ماسک
(ملی جلی جلد کے لیے)
چار عدد کیوب کی شکل میں کٹا ہوا پپیتا (کچل دیں) دو ٹی اسپون دہی‘ ایک عدد انڈے کی سفیدی‘ دو ٹیبل اسپون دلیہ‘ ان سب کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ چہرے کو اچھی طرح صاف کرکے اس ماسک کو لگائیں اور دس منٹ تک لگا رہنے دیں اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔ اس سے آپ کی جلد تنی ہوئی اور پورسلین کی طرح شفاف اور روشن ہوجائے گی اگر جلد پر کہیں دانے وغیرہ ہیں تو اس ماسک کو بطور اسکرب استعمال کرسکتی ہیں۔
ایووکیڈو ماسک
(خشک جلد کے لیے)
آدھے ایووکیڈو کا گودا‘ ایک ٹی اسپون تازہ کریم‘ دو ٹی اسپون چائنا کلے ان سب کو اچھی طرح مکس کرکے صاف جلد پر لگائیں اور دس منٹ تک لگا رہنے دیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے دودھ سے چہرہ صاف کرنے کے بعد پھر پانی سے بھی چہرہ دھوئیں اور تھپتھپا کر چہرے کو خشک کریں۔ اس سے آپ کی جلد کو بھرپور نمی ملے گی اور موئسچرائزنگ کا عمل جلد کے اندر تک ہوگا۔
شہد کا ماسک
(چکنی جلد کے لیے)
دو ٹی اسپون شہد‘ چٹکی بھر کافور‘ دو ٹی اسپون صندل پائوڈر‘ ایک ٹی اسپون دہی‘ سب کو اچھی طرح مکس کرکے صاف چہرے پر لگائیں اور دس منٹ تک لگا رہنے دیں یہ نہ صرف یہ کہ قدرتی انداز میں آپ کی جلد کو شگفتگی عطا کرے گا بلکہ مرجھائی ہوئی جلد کو زندگی بھی دے گا۔
ہونٹوں کی موئسچرائزنگ
سردیوں میں آپ کے ہونٹ آپ کی خصوصی توجہ کے طالب ہوتے ہیں۔ خاص کر اس لیے بھی کہ یہ آپ کے جسم کا وہ حصہ ہوتا ہے جس میں مسام نہیں ہوتے ہیں اسی لیے ان کو دن میں کئی بار موئسچرائز کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے ان کو نمی سے بھرپور رکھنے کے لیے ذیل میں بام کی ترکیب دی جارہی ہے۔ جس کے زیادہ تر اجزا آپ کے کچن میں موجود ہیں۔
٭ پانچ ٹیبل اسپون جو جو باتیل‘ پانچ ٹیبل اسپون‘ بادام کا تیل‘ 20 گرام شہد کے چھتے کا موم‘ دو ملی لیٹر لیموں کا تیل‘ دو گرام کوکو ابٹر‘ پانچ گرام شہد۔
کسی برتن میں موم کو 70 سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر پگھلائیں مگر خیال رہے کہ اس میں سے دھواں نہ نکلنے لگے۔ موم پگھل جائے تو اس میں کوکو ابٹر اور شہد مکس کرلیں اور اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے چھوڑ دیں اس دوران لکڑی کے چمچے سے اسے مسلسل ہلاتی رہیں۔ اب اس میں جوجوباآئل اور بادام کا تیل ملائیں اور پھر سے ہلائیں جب یہ ٹھنڈا ہوجائے تو اس میں ضروری لیموں کا تیل شامل کرلیں۔ یہ تیل ہونٹوں کی سیاہی کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اسے کسی ہوا بند چھوٹے سے جار میں محفوظ کرلیں اور پوری سردی استعمال کریں۔
شکن سے پاک آنکھیں
آنکھیں چہرے کی وہ جگہ ہے جہاں جلد کے خشک ہونے کی سب سے پہلی نشانی باریک لکیروں کی صورت میں نمودار ہوتی ہے اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہوتا ہے کہ آپ کی عمر بہت زیادہ ہوگئی ہے اس کا مطلب ہوتا ہے کہ آپ کی جلد حساس ہے اور اسے لاڈو پیار کرنے کی ضرورت ہے۔ شہد‘ زیتون کا تیل اور بادام کا تیل آدھا آدھا چمچہ لے کر ان کو اچھی طرح مکس کرلیں اور اس کے ذریعے آنکھوں کے آس پاس کی جلد کا مساج کریں۔ مساج کا عمل ہمیشہ نیچے سے اوپر کی طرف ہونا چاہیے یہ عمل کرنے کے دس منٹ کے بعد کاٹن رول پیڈ کے ذریعے ان کی صفائی کریں مگر اس سے قبل کاٹن رول کو ٹھنڈے دودھ میں ضرور بھگولیں اب ایک عدد انڈے کی سفیدی کو پھینٹیں اور آنکھوں کے اردگرد لگائیں اور تب تک لگارہنے دیں جب تک کہ سفیدی اچھی طرح خشک نہ ہوجائے اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے مطلوبہ جگہ کو صاف کرلیں۔
اب آپ سردی کا مقابلہ کرنے کے لیے کیل کانٹوں سے لیس ہوگئی ہیں‘ بالکل بھی ڈرنے والی کوئی بات نہیں ہے انجوائے کریں سرد موسم سے بھرپور انداز میں۔
عمارہ انیس…خانیوال

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close