Aanchal Apr 15

در جواب آں

مدیرہ

نگہت عبداللہ… کراچی
عزیزی بہن و قلم کار! خوش و خرم رہیں‘ آپ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی پاک ذات سے پر امید رہیں وہ ان شاء اللہ آپ کی والدہ کو جلد صحتِ کاملہ و شفاء کلی عطا فرمائیں گے اور ان کا سایۂ شفقت و محبت تا دیر آپ کے سر پر صحت و سلامتی کے ساتھ قائم رکھے‘ آمین۔ ہم سب آپ کی والدہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور تمام قارئین کرام سے بھی ملتمس ہیں کہ وہ بھی آپ کی والدہ کی جلد صحت یابی کی دعا کریں۔
اقبال بانو…بورے والہ
عزیزی بہن و قلم کار! شاد و آباد رہیں‘ ایک طویل عرصے بعد آپ سے نصف ملاقات بے حد اچھی لگی‘ بے اختیار لبوں پر آیا
بہت دیر کی مہرباں آتے آتے
بہرحال دیر آید درست آید اب یہ خوش گوار تعلقات بحال رکھیے گا۔ اگرچہ آج کل فرصت کا وجود عنقا ہوچکا ہے لیکن پھر بھی اپنے قیمتی لمحات میں سے کچھ پل چرا کر آپ نے آنچل کے نام کیے اور سال گرہ کے موقع پر اپنے خوب صورت الفاظ کی صورت ایک قیمتی تحفہ ارسال کیا اس کے لیے بے حد مشکور ہیں۔ قارئین کے لیے بھی آپ کی شرکت باعث مسرت ہوگی‘ آنچل کو پسند کرنے اور سراہنے کا بے حد شکریہ۔
نازیہ کنول نازی… ہارون آباد
عزیزی سدا سکھی رہو‘ آپ کی جانب سے یہ خوش کن خبر سن کر بے حد مسرت ہوئی کہ آپ کا اگلے ماہ نکاح ہو رہا ہے تو بے اختیار دل سے ڈھیروں ڈھیر دعائیں نکلیں‘ اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کا نصیب بے حساب بلند کرئے اور آپ کو اتنی خوشیاں نصیب فرمائے جن کا شمار کرنا بھی ممکن نہ ہو اور کوئی غم بھی آپ کو چھو کر نہ گزرے اور آپ کا یہ نیا سفر آپ کی امنگوں کے عین مطابق ہو اور آپ دونوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے پیار‘ محبت‘ اعتماد‘ اعتبار کی بہت ہی اعلی فضا کا قیام ہو‘ آمین۔
سمیرا شریف طور… گوجرانوالہ
عزیزی سدا خوش رہو‘ آپ کو منگنی کی بے حد مبارک باد باسی ہی صحیح پر ہمارے لیے تو نئی ہیں اور یہ سن کر بھی خوشی ہوئی آپ بھی جلد اپنے پیا کے آنگن میں اترنے والی ہے اس کی بھی بہت بہت مبارک باد قبول ہو۔ ہم آپ کی زندگی کے اس نئے سفر کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ آپ کو بے شمار خوشیاں‘ راحتیں عطا فرمائے اور آپ دونوں کو اس سفر میں کامیابی و کامرانی عطا فرمائے اوردونوں گھرانوں کے لیے باعث رحمت ہو‘ آمین۔
شہزادی شاہانہ… نواب شاہ
پیاری شہزادی! امید ہے مزاج گرامی بھی شاہانہ ہوں گے‘ موسم تو بدلتے ہی رہتے ہیں البتہ آپ ان موسموں کی طرح نہ بدلیں۔ اب بغور دیکھ لیں کہ آنچل میں آپ کا نام جگمگا رہا ہے۔ کوشش کریں گے کہ ہمارا آنچل میں بھی جلد آپ کو شریک کیا جاسکے۔ امید ہے شہزادی صاحبہ کی خفگی دور ہوگئی ہوگی۔
ارم کمال… فیصل آباد
ڈئیر ارم! سدا سہاگن رہو‘ آپ سے نصف ملاقات ہمیں بھی بے حد اچھی لگتی ہے۔ تعارف بھیج دیجیے البتہ انتظار کی زحمت کے لیے بھی تیار رہیے گا کیونکہ سنکڑوں کی تعداد میں ہمارے پاس تعارف موجود ہیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی کزن کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ آپ کا کہنا بجا ہے کہ بچوں کے امتحانات سے زیادہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ مائوں کے امتحانات ہورہے ہیں بہرحال اللہ سبحان و تعالیٰ دین و دنیا دونوں امتحانات میں تمام بچوں کو کامیابی و کامرانی عطا فرمائے‘ آمین۔
نورین شفیع… ملتان
ڈئیر نورین! شاد و آباد رہو‘ آپ کا کہنا بجا ہے شادی اور بچوں کی مصروفیت میں اپنی ذات اور اپنے پسندیدہ مشاغل کے لیے وقت نکالنا دشوار ہوجاتا ہے۔ مطالعہ اور کتب بینی کا بھلا شادی سے کیا تعلق یہ شوق تو انسان عمر کے کسی بھی حصے میں جاری رکھ سکتا ہے۔ بہرحال آپ نے آنچل کے لیے وقت نکالا اچھا لگا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے بچے کو آپ کے لیے باعث فخر بنادے‘ آمین۔
طیبہ سعدیہ عطاریہ… سیالکوٹ
ڈئیر طیبہ! جگ جگ جیو‘ آپ کو ہمارے جوابات سے تشفی ملتی ہے تو یہ آپ کا حسن نظر ہے۔ آپ کی نگارشات ہمارے پاس محفوظ ہیں گاہے بگاہے شریک کرتے رہیں گے۔ تعارف موصول ہوگیا ہے اور آپ کی تجویز نوٹ کرلی ہے البتہ آپ کی غیر حاضری کی وجہ جاننے سے قاصر رہے۔
سحر انجم… لاہور
ڈئیر سحر! جیتی رہو‘ آپ کا افسانہ موصول ہوگیا ہے جلد ہی پڑھ کر آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ آئندہ شمارے میں آپ جوابات میں دیکھ لیجیے گا یا پھر ناقابل اشاعت میں آپ کو افسانے کے متعلق بتادیا جائے گا۔
سلمیٰ عنایت… کھلا بٹ ٹائون شپ
ڈئیر سلمیٰ! جگ جگ جیو‘ آنچل کو پسند کرنے کا بے حد شکریہ۔ ناکامی کے خوف سے ہمت نہ کرنا اور اپنا افسانہ نہ بھیجنا تو حماقت ہے اگر آپ کا لکھا رد بھی ہوگیا تو کم از کم اصلاح اور اپنی غلطیوں سے آپ کو آگاہی تو ملے گی‘ ہماری جانب سے آپ کو اجازت ہے آپ اپنا فسانہ ارسال کرسکتی ہیں۔
نیلم شرافت… جتوئی
عزیزی نیلم! سدا مسکرائو‘ آپ کی نگارشات شائع نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ آپ نے ایک ہی صفحے پر تمام سلسلے قلم بند کیے ہیں۔ اب اس خط کے ساتھ ہی آپ کا پیغام‘ اشعار و غزل ہے تو آپ ہی بتایئے دیگر سلسلوں تک کیسے آپ کی نگارشات پہنچ سکتی ہیں۔ آپ ہر سلسلہ کے لیے الگ صفحہ اور اپنا نام بمعہ شہر کا نام لکھ کر ایک ہی لفافے میں ارسال کریں۔
پاکیزہ ایمان… کہروڑپکا
ڈئیر پاکیزہ! سدا شاد رہو‘ بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید‘ آنچل کو پسند کرنے اور سراہنے کا بے حد شکریہ۔ آنچل کے لیے لکھا آپ کا شعر بھی آپ کی چاہت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سیدہ فرزانہ حبیب فرزین… کراچی
ڈئیر فرزانہ! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کے قلمی سفر کے متعلق جان کر اچھا لگا‘ آپ کی تحریر جلد پڑھ کر آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ نظمیں غزلیں اگر معیاری ہوئیں تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
عذرا نواز… حضرو
ڈئیر عذرا! سدا مسکرائو‘ رائٹر بننا آپ کا شوق ہے لیکن اس کے لیے بہت محنت اور وسیع مطالعے کی ضرورت ہے۔ بے شک آپ کے پاس بہت سے موضوعات ہیں لیکن انداز تحریر میں پختگی کا عنصر مفقود ہے۔ آپ کی دیگر کہانیوں کو پڑھنے کے بعد جلد ان کے متعلق آپ کو آگاہ کردیں گے۔
عائشہ عارف… گڑھا کنجال
ڈئیر عائشہ! آباد رہو‘ آپ کے قلمی سفر اور شعاع کی ذریعے آپ کے آغاز کے متعلق جان کر اچھا لگا۔ بہرحال آپ ہمیں ناول سے پہلے افسانہ ارسال کردیتیں تو بہتر تھا بہرحال اب یہ ناول پڑھنے کے بعد ہی آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کرسکیں گے فی الحال آپ کو انتظار کرنا ہوگا۔
نجم انجم… کورنگی‘ کراچی
ڈئیر نجم! سدا خوش رہو‘ آپ کے پیغام کا جواب حاضر ہے‘ وہ سب تو مذاق کی باتیں ہیں سلسلے میں شگفتگی پیدا کرنے کے لیے ایسا عنصر پیدا کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت میں کسی کے بھی دلی جذبات و احساسات آپ کے لیے ہرگز ایسے نہیں آپ کی اس گرانقدر محبت کا بے حد شکریہ۔
شگفتہ خان… بھلوال
ڈئیر شگفتہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی ناساز طبیعت اب بہتر ہوگئی ہوگی‘ آپ نے اس حالت میں بھی قلم اٹھایا اچھا لگا۔ آپ کی چھوٹی بہن کو اچھے نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے پر ڈھیروں مبارک باد۔
تمنا بلوچ… ڈی آئی خان
ڈئیر تمنا! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کی دونوں کہانیاں ہمیں موصول ہوگئی ہیں اگر معیاری ہوئیں تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ روحانی مسائل میں آپ کو جواب مل جائے گا‘ آپ ہر ماہ باقاعدگی سے چیک کرلیں دیگر خدشات کو رد کردیں آپ کے سوالات ضائع کردیں گے اور جواب شائع ہوجائے گا۔
شازیہ خان… آزاد کشمیر
ڈئیر شازیہ! جگ جگ جیو‘ 1987ء سے آپ کا اور آنچل کا ساتھ برقرار ہے‘ جان کر بے حد خوشی ہوئی۔ مزید یہ کہ آج آپ نے ہمیں نصف ملاقات کا شرف بخشا‘ بہت اچھا لگا۔ آپ کی تحریر ہمارے پاس محفوظ ہے سال گرہ نمبر سے فراغت کے بعد بہت جلد آپ کو اس کے بارے میں آگاہ کردیں گے۔ بے شک آپ کی ہمت اور مستقل مزاجی قابل تحسین ہے۔
انعم خان… KTS ہری پور
ڈئیر انعم! سدا سہاگن رہو‘ ایک طویل عرصے کے بعد آپ سے اور تصاویر کی صورت آپ کے نونہالوں سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ نے ایک ساتھ تین بچوں کی صورت میں آپ کو بہت عظیم خوشی سے نواز دیا۔ تینوں ہی بے ماشاء اللہ سے حد کیوٹ اور شرارتی لگ رہے ہیں‘ اپریل میں آپ کے بچوں کی سال گرہ بھی آتی ہے بے حد مبارک باد۔ بے شک ایک بچہ سنبھالنا مشکل ہوتا‘ کہاں آپ تینوں کے فرائض بطریق احسن انجام دے رہی ہیں۔ ایک ساتھ تین جنتیں کمالی ہیں‘ قابل تحسین خدمت و جذبات ہیں آپ کے۔ آپ کی تحریر منتخب ہوگئی ہے‘ اور آپ کے بچوں کی یہ تصاویر اب آنچل کے پاس محفوظ رہے گی۔
فائزہ بھٹی… پتوکی
ڈئیر فائزہ! آباد رہو‘ پھولوں کے شہر سے ارسال کردہ آپ کا خط نہایت تاخیر سے موصول ہوا اس پر اتنا ہی کہیں گے ’’دیر لگی آنے میں تم کو شکر ہے پھر بھی آئے تو‘‘ اسی لیے آپ کا تبصرہ شامل اشاعت نہ ہوسکا‘ البتہ آپ کی نظم آئندہ کے لیے محفوظ کرلی ہے۔
نورین مسکان سرور… ڈسکہ
ڈئیر مسکان! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کے نٹ کھٹ انداز و القابات کو پڑھ کے بے ساختہ مسکراہٹ لبوں پر در آئی ویسے یہ آپ کی ہماری جانب سے غلط فہمی ہے لہٰذا دور کرلیجیے آپ کا خط بارہ تاریخ کو موصول ہوا جبکہ آپ کا تعارف ہم پہلے ہی اپریل کے لیے فائنل کرچکے تھے لیکن آپ کو یقین کیونکر آئے؟ آپ کے اشعار اور پیغامات محفوظ ہیں‘ کوشش کریں گے کہ مئی میں سب کو شامل کرسکیں‘ اب تو انتظار کرنا سیکھ ہی جائیں۔
جویریہ راج تنہا… غازی آباد‘ باغ
پیاری جویریہ! جگ جگ جیو‘ پہلی بار شرکت پر خوش آمدید‘ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ۔ آپ کی نگارشات جلد شائع کرنے کی کوشش کریں گے۔
ضیار احمد… پتوکی
برادر محترم! آنچل میں اپنی کزن کے توسط سے آپ کی شرکت ہوسکتی ہے لیکن ابھی پرچہ تکمیلی مراحل میں ہے۔ آپ کا شعر آئندہ کے لیے محفوظ کرلیا ہے۔ آپ کی کزن مسکان جو ہم قافیہ الفاظ ملاتی ہے وہ بھی خوب ہیں۔ آپ کا اسم گرامی آپ کی شخصیت کے لحاظ سے بتاتی ہوگی۔ پرچوں سے آپ کی دلچسپی اور اصلاحی کاوش کو سراہنا اچھی کاوش ہے۔
عائشہ اختر بٹ… سرگودھا
عزیزی ہمشیرہ! شاد رہو‘ آپ کے القابات جو ہمارے لیے مخصوص تھے پڑھ کر بے حد ہنسی آئی۔ اب وجہ تو یقینا آپ خود ہی سمجھ جائیں گی۔ آپ کی اس قدر پر خلوص چاہت ہمارے لیے باعث فخر اور قابل رشک ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے آپ کی والدہ کی صحت کاملہ کے لیے دعاگو ہیں کہ وہ ان کی گود ڈھیروں خوشیوں سے بھردے ان کی تمام دلی مرادیں پوری فرمائے‘ آمین۔ شاعری کے لیے ابھی جلدی مت کریں معیاری ہوئی تو ضرور آنچل میں چھپ جائٰے گی اس کے بعد ہی کتاب کی طباعت پر غور کیجیے گا۔
میمونہ ناز… گوجرانوالہ
ڈئیر میمونہ! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’میرا نصیب‘‘ موصول ہوگئی ہے۔ آپ نے ابتدا ہی میں ناولٹ لکھا ہے‘ کہانی واپس بھیجنے کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے اگر کہانی ناقابل اشاعت ہوئی تو اصلاح ضرور کردیں گی البتہ واپسی کی امید مت رکھیں۔
نادیہ گل نادی… مخدوم پور
پیاری نادیہ! شاد و آباد رہو‘ خفگی و بدگمانی سے بھرپور آپ کا خط موصول ہوا۔ کیا آپ صرف اپنی نظموں غزلوں کے لیے پرچہ خریدتی ہیں جو نہ دیکھ کر آپ کو انتہائی افسوس ہوتا ہے۔ بہرحال ایک وجہ تو آپ کی ڈاک کا تاخیر سے موصول ہونا ہے آج بارہ تاریخ کو آپ کی غزل موصول ہوئی ہے جبکہ پرچہ اختتامی مراحل میں ہے۔ ہاں جواب دے کر آپ کی غلط فہمی دور کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ نازیہ سے سوالات کا سلسلہ بھی ختم ہوچکا ہے اس میں بھی آپ نے سوالات ارسال کرنے میں دیر کردی ہے۔
عائشہ نازی… ہری پور
پیاری عائشہ! جیتی رہو‘ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ‘ آپ نے ہمارے اصلاح کے اصل مقصد کو جان لیا ہے پڑھ کر اچھا لگا۔ آپ کی تحریر پڑھنے کے بعد ہی ہم آپ کی اصلاح کر پائیں گے کہ قابل اشاعت ہے یا نہیں اور نہیں تو کیونکر…
نعمانہ‘ سدرہ‘ غازیہ بتول… غازی ڈہلہ چھٹہ
پیاری بچیوں! خوش رہو‘ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ۔ آنچل کی سال گرہ کے موقع پر آپ نے جس خوب صورتی سے آنچل کو سال گرہ وش کی ہے اور برتھ ڈے کارڈ بنایا بے حد اچھوتا اور منفرد انداز ہے۔ جزاک اللہ۔
ماروی یاسمین… 44ج
پیاری ماروی! خوش رہو‘ آپ کے ننھے و شیر خوار بھتیجے کی جدائی کا سن کر بے حد افسوس ہوا۔ وہ ننھی کلی جو ابھی پوری طرح کھلی بھی نہ تھی خزاں کی نذر ہوگئی۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی مصلحت کے آگے کیا کہہ سکتے ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اور بچے کے والدین کو صبرو استقامت عطا فرمائے اور ان کی گود خوشیوں سے بھردے‘ آمین۔
نینا خان… ہری پور
ڈئیر نینا! سدا سکھی رہو‘ بزم آنچل میں شریک نہ ہونے پر اتنی اداسی کہ آپ کے نینوں میں پانی آیا۔ آپ کی تحریر ’’ہوا کچھ یوں‘‘ ہمارے پاس محفوظ ہے۔ آنچل کے معیار کے مطابق ہوئی تو سال گرہ نمبر 2 میں شامل کرنے کی پوری کوشش کریں گے‘ امید ہے اب ناراضگی دور ہوگئی ہوگی۔
صبا الیاس…گوجر خان
ڈئیر صبا! آباد رہو‘ سب سے پہلے تو آپ کو منگنی کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ آپ کو آنے والی زندگی میں ڈھیروں خوشیاں عطا فرمائیں‘ آمین۔ آپ کی غزل محفوظ کرلی ہے‘ آئندہ شامل کرلیں گے البتہ تحریروں کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
شگفتہ بی بی… راولپنڈی
ڈئیر شگفتہ! جگ جگ جیو‘ آپ اپنے والدین کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہیں تو سب سے اچھا کام تو آپ نے قرآن پاک حفظ کرکے اپنے اور اپنے والدین کے لیے کیا ہے۔ بہرحال آپ ابھی اپنا مطالعہ وسیع کریں اس کے بعد افسانے پر قلم اٹھائیے گا۔
گڑیا… راولپنڈی
پیاری گڑیا! سدا مسکرائو‘ آپ نے پہلی بار آنچل میں شرکت کی اور وہ بھی گمنام کی حیثیت سے‘ ہمیں بالکل بھی اچھا نہیں لگا۔ دوستی کے بندھن میں استوار ہوتے ہوئے کم از کم اسم گرامی تو معلوم ہونا ہی چاہیے نا۔
ارویٰ مختار… میاں چنوں
ڈئیر ارویٰ! شاد رہو‘ اگر آپ نے امتحانات میں سے کچھ وقت نکال کر آنچل کے نام کیا تو آنچل نے بھی آپ کے نام کو اپنی جبیں پر سجا لیا ہے۔ دیگر سلسلوں میں رخ روشن جھلملاتا دیکھ سکتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں سرخروئی عطا فرمائے‘ آمین۔
شبنم کنول… پاپا نگری
پیاری شبنم! جیتی رہو‘ آپ کا خط اس قدر تاخیر سے موصول ہوا ہے کہ بے اختیار کہنا پڑا ’’ہمیشہ دیر کردیتا ہوں‘‘ اس لیے آپ کی غزل اور سوالات آئندہ کے لیے محفوظ کرلیے ہیں۔ فی الحال معذرت خواہ ہیں پرچہ تکمیلی مراحل میں ہے۔ آپ کے بھانجوں کو سال گرہ کی ڈھیروں مبارک باد۔
ثوبیہ نواز اعوان… اسلام آباد
ڈئیر ثوبی! خوش رہو‘ طویل عرصہ بعد آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ اپنے مصروف لمحوں میں سے چند پل نکال کر آنچل کی سال گرہ کے نام کیے مشکور ہیں۔
عروسہ رفیق… کوٹ ادو
ڈئیر عروسہ! آباد رہو‘ یہ جان کر بے حد خوشی اور حیرانی ہوئی کہ آپ 4th کلاس سے آنچل کی قاری ہیں اور آپ کے پاس آنچل کا ذخیرہ موجود ہے۔ عفت کی جس کہانی کا آپ نے ذکر کیا ہے آپ اس کے لیے مکتبہ القریش سے رجوع کریں وہاں یہ کتابی صورت میں موجود ہے۔ بصورت دیگر ہمارا ادارہ آپ کو اس کہانی کی فوٹو کاپی ارسال کرسکتا ہے اگر آپ مناسب سمجھیں تو رابطہ کرلیجیے گا۔ بہرحال آپ کا ذوق و شوق تو داد کا مستحق ہے۔
بشریٰ افضل… بہاولپور
پیاری بشریٰ! سدا مسکرائو‘ آپ نے عروج ناز کے انٹرویو کے چھاپنے کا ذکر کیا ہے وہ آنچل میں تو نہیں البتہ نئے پرچے میں لگا کر ضرور پوری کی جاسکتی ہے۔ آپ کا ارسال کردہ یہ تحفہ ہمارے پاس محفوظ ہے‘ دوسرے پرچے میں شامل کرلیں گے۔
نوٹ:۔
آنچل کی معروف ادیبہ طلعت نظامی کے بہنوئی اور ڈاکٹر درخشاں انجم کے شوہر رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَo تمام قارئین سے دعائے مغفرت کی درخواست ہے۔
ناقابل اشاعت:۔
محبت کا ستارہ‘ بے بسی‘ نصیب کا کھیل‘ لڑکی برائے فروخت نہیں‘ ہم تم اور محبت‘ عالم تنہائی‘ مجھے تم سے محبت ہے‘ 10 فی صد‘ بیٹی‘ ہمیں ماتھے پہ بوسہ دو‘ پکڑ‘ قصووار کون‘ وہ اک لمحہ زندگی‘ درد بے کراں‘ بھول بھلیاں‘ بانسیات‘ بلاعنوان‘ دردِ محبت‘ نرمی اور پیار‘ اور ملے کچھ اس طرح‘ میری محبت‘ محبت جان لیتی ہے‘ چہرے‘ محبت ہمسفر میری‘ بکھرنے سے ذرا پہلے‘ کوئی دیپ جلے‘ یادیں‘ آنچل‘ آگہی کے عذاب‘ ہوگئے ارمانوں کے خون‘ پختہ ایمان‘ کچھ ایسا کر جائوں‘ کہاں ہے بنتِ حوا‘ فیس بُک‘ چراغ راہ‘ سپنے ساجن کے‘ تم نے آخر لوٹ آنا تھا‘ دیر کردی ہے مگر‘ وہ اک نظر کی محبت‘ گفٹ‘ سفر بھرم‘ میرا آنچل‘ تقدیر کی ہمراہی‘ دل اس سے ملا۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close