AanchalAanchal Oct-17
Trending

درجواب آں

مدیرہ

رفاقت جاوید… راولپنڈی
عزیزی رفاقت! شاد و آباد رہو، آپ کی علالت کے متعلق علم ہوا بے ساختہ دعا گو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی عطا فرمائے اور زندگی کے ہر موڑ پر خوشی و کامیابی نصیب کرے‘ آمین۔ بے شک صحت سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں اور جب انسان بیمار ہوکر ڈاکٹروں کے سامنے بے بسی اور لاچاری محسوس کرتا ہے تو یہ بات بہت اچھی طرح سمجھ میں آجاتی ہے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ سمیت ہر بیمار کو صحت و تندرستی عطا فرمائے اور ہر قسم کی محتاجی سے بچائے، آمین۔
مصباح علی سید… سرگودھا
ڈیئر مصباح! جگ جگ جیو، آپ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کا سن کر بہت دکھ ہوا اللہ سبحان و تعالیٰ ہر کسی کو ناگہانی آفات‘ آلام و مصائب سے ہمیشہ اپنی پناہ میں رکھے اور آپ کو جلد از جلد صحت کاملہ عطا فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی آپ کے لیے دعائے صحت کے ملتمس ہیں۔
دلکش مریم… چنیوٹ
پیاری دلکش! جیتی رہو، آپ کے والد کی رحلت کے متعلق جان کر بے حد صدمہ ہوا بے شک باپ کے مشفق سائے سے محروم ہوکر زمانے کے سرد و گرم سہنا کوئی آسان بات نہیں اور جب یہ سہارا چھوٹتا ہے تو ہر طرف سے بے امانی کا تصور بھی دل کو بے چین کردیتا ہے ان مشکل گھڑیوں میں اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ سمیت دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے اور آپ کے والد محترم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے، آمین۔
نسرین اختر… لاہور
پیاری نسرین! جیتی رہو، آپ سے نصف ملاقات جہاں اچھی لگی وہیں آپ کے والد کی رحلت کی خبر سن کر دل اداس ہوگیا باپ کے رشتے سے محرومی یقینا ایک گہرا اور بڑا صدمہ ہے ایسے الفاظ کا چنائو ناممکن لگ رہا ہے جو آپ کے غم میں ڈھارس بن سکیں سوائے صبر کے کوئی چارہ نہیں۔ ان کڑے لمحات میں صبر کا دامن تھامے رکھیں ان شاء اللہ آپ کا دامن وہ اجر سے بھر دے گا اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کے والد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی دعائے مغفرت کے ملتمس ہیں آپ کی تحریر جلد شامل کرلیں گے۔
گل مینا خان اینڈ حسینہ ایچ ایس… مانسہرہ
ڈیئر گل کی مانند گل مہکتی رہو‘ آپ کے کہنے پر اب کونے میں نہیں بلکہ در جواب آں میں جگہ عنایت کردی ہے نظر انداز کرنے والی بات نہیں ہے اگر بر وقت ڈاک نہیں ملتی تو ایسا ہوتا ہے کہ آئندہ ماہ لگا دی جاتی ہے بہرحال آپ کے شکوے کو دوست کا پیغام سلسلے تک پہنچا دیا گیا ہے جلد ہما احمد آپ کا گلہ دور کردیں گی اس سلسلے میں اس قدر کثرت سے پیغامات موصول ہوتے ہیں کہ آپ بہنیں اسی شکوے کے ساتھ حاضر ہوتی ہیں۔زرقا بھٹی… چناب نگر
عزیزی زرقا! سدا مسکرائو، آپ کی ارسال کردہ تحریر کھوئے رشتوں کا ملن پڑھ ڈالی بے جا طوالت کا شکار لگی اور آپ اس ناول کو آپ سنبھال نہیں پائیں بچھڑنے اور پھر ملنے کی یہ داستان دونوں صورتوں میں یکسانیت لیے ہوئے تھی اسی لیے نو آموز رائٹرز کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ ابتدا میں افسانہ لکھیں تاکہ ڈائیلاگ اور منظر نگاری پر کمال حاصل ہوسکے۔ طویل کہانی کو سنبھالنا اور شروع سے لے کر آخر تک تسلسل برقرار رکھنا دشوار مرحلہ ہے اس لیے ان باتوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ابھی مزید محنت کریں اور اگر لکھنے کی طرف آئیں تو پہلے افسانہ ہی لکھیں امید ہے کہ مایوسی کی جگہ محنت کو اپنا شعار بنائیں گی۔
زعیمہ روشن… آزاد کشمیر
ڈیئر زعیمہ! جیتی رہو، خط کا جواب حاضر ہے اس لیے سابقہ خفگی کو بھول جائیں آپ کی طرح ہر بار بہت سی بہنیں توجہ کی متقاضی ہوتی ہیں ایسے میں سب کو شامل کرنا سب کو خوش رکھنا دشوار نظر آتا ہے آپ کو دیگر سلسلوں میں تو شامل کیا جاتا ہے اس بار یہاں بھی کمی پوری کردی ہے۔ بہنا ہمیں آپ کی مشکلات کا اندازہ ہے اسی لیے کہیں نہ کہیں آپ کو موقع ضرور دیتے ہیں آپ کے آرٹیکل کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
وزیہ ظفر… تلہ گنگ
پیاری وزیہ! سدا شاد رہو، آپ کی ارسال کردہ تحریر ایک تھی نمل پڑھ ڈالی موضوع اور انداز دونوں میں ہی دلچسپی اور انفرادیت مفقود تھی جبکہ آپ تو پہلے بھی لکھ چکی ہیں پھر یہ تشنگی کیونکر ہے ان کمزوریوں پر سمجھوتہ کرنے پر ہم آمادہ نہیں کیونکہ ہمیں اندازہ ہے آپ مزید بہتر لکھتی ہیں اور لکھ سکتی ہیں بس موضوع کے چنائو میں انفرادیت کو پیش نظر رکھیں، کہانی میں دلچسپی ہوگی تو قارئین کی توجہ بھی فوراً اپنی جانب مبذول کرلے گی کوشش جاری رکھیں۔
عائشہ پرویز… کراچی
ڈیئر عائش! سدا سہاگن رہو، یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ پیا دیس سدھار گئی ہیں بے شک والدین کا گھر سونا ہوگیا ہوگا لیکن اس فرض کی ادائیگی بھی ضروری ہے کسی کے گھر کی رونق تو کسی کے گھر کا سونا پن بے شک بیٹیوں کے دم سے ہی ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کو اپنے ہم سفر کے سنگ زندگی کے اس نئے رنگ روپ میں آپ کو بہت سی خوشیاں ملیں‘ آمین۔ کالمز اور دیگر سلسلوں کے ذریعے آنچل میں شرکت کرسکتی ہیں۔
نگہت غفار… کراچی
بہن نگہت! سدا خوش رہو، کافی عرصے بعد تحریر کے ساتھ نامہ موصول ہوا پرچے کی تکمیل کا کام جاری تھا تحریر پڑھی نہ جاسکی انتظار کے لیے معذرت جلد پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کریں گے باقی تحریریں محفوظ ہیں کوشش ہے کہ جلد حجاب میں شامل کرلیں، سب کو شکایت ہے آپ بھی ان میں شامل ہیں یہ نہیں کہ لکھتی اچھا نہیں، جو قارئین چاہتے ہیں وہ ہمیں شائع کرنا پڑتا ہے باقی دیر سویر ہوجاتی ہے امید ہے ناراضگی جلد حجاب یا آنچل میں اپنا نام دیکھ کر خوشی میں بدل جائے گی۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
آنسہ شبیر… گجرات
پیاری آنسہ! آباد رہو، مختصر ملاقات رنجیدہ کر گئی بھائی بہنوں کے لیے مان ہوتے ہیں اللہ سبحان و تعالیٰ سب بہنوں کے بھائیوں کو سلامت رکھے، آمین۔ آپ کے بھائی کی رحلت کا پتا چلا کس طرح وہ اپنی بیماری سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے‘ انسان یہیں آکر بے بس ہوجاتا ہے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ نے جس کی جو عمر لکھی ہے اس نے وہی پوری کرنی ہوتی ہے ہر حال میں‘ یہ دل بہلاوے کی باتیں ہیں لیکن دل کو تسلی کہاں، اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور آپ کے بھائی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ آپ کی ڈاک تاخیر سے موصول ہوئی اس لیے نگارشات آئندہ ماہ شامل اشاعت ہوں گی۔
ملالہ اسلم… حاصل پور
ڈیئر ملالہ! جگ جگ جیو، آپ کا نامہ موصول ہوا مختصر ملاقات طبیعت اداس کر گئی ہر لڑکی کی زندگی میں ایسے لمحات ضرور آتے ہیں جب وہ والدین کا گھر چھوڑ کر اپنا گھر سنبھالتی ہے مشکل مرحلہ ضرور ہے لیکن نا ممکن نہیں اپنے والد کی طبیعت دیکھتے ہوئے آپ نے اس رشتے کے لیے ہامی بھری بے شک تکلیف کی گھڑی تھی اچھے وقت کی امید رکھیں اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا کریں ان شاء اللہ والد جلد صحت یاب ہوجائیں گے باقی آپ کی نگارشات سنبھال کر رکھ لی ہیں باری آنے پر جلد شامل کرلیں گے امید ہے مایوسی کے بادل چھٹ گئے ہوں گے۔
انعم زہرہ… ملتان
ڈیئر انعم! سدا خوش رہو، آپ کے خط سے اندازہ ہوا کہ آپ زندگی کی مصروفیات میں مگن ہوتی جارہی ہیں اور یہی بات خوش آئند ہے بے شک اچھا اور برا وقت گزرنے کے لیے ہوتا ہے اور یہ ہم انسانوں کی فطرت ہے کہ غموں اور مشکلوں کو سینے سے لگائے کڑھتے رہتے ہیں اور آنے والے خوشگوار پلوں کو اپنی سوگواریت میں بھول جاتے ہیں یا نظر انداز کردیتے ہیں آپ کے خاندان میں سب محبت کرنے والے اور خلوص کا دم بھرنے والے ہیں ضرور آپ کے لیے کچھ بہت اچھا اللہ سبحان و تعالیٰ نے مختص کر رکھا ہوگا بس صحیح وقت اور حالات پر ان شاء اللہ سب آپ کے سامنے آجائے گا کیونکہ ہمارے رب کا کوئی بھی کام حکمت سے خالی نہیں ہوتا، آخر میں رہی لکھنے کی بات تو اسے آپ جانے دیں جب آپ اتنی محبت اور چاہت سے خط لکھ سکتی ہیں تو ہم اس الجھن کو خود ہی سلجھا لیتے ہیں کیونکہ خط پڑھنا اور جواب دینا ہمارا کام ہے، ہاں لکھنا آپ کا کام ضرور ہے سمجھ گئی ہوں گی۔
مدیحہ کنول سرور… چشتیاں
پیاری مدیحہ! جیتی رہو، آپ نے جس مسئلے کی نشاندہی کی ہے وہ درست ہے نیرنگ خیال میں ذاتی کاوش ہی لگتی ہے لیکن اس کے باوجود بعض بہنیں یہ غلطی کرتی ہیں امید ہے آئندہ اس بات کا خیال رکھا جائے گا آپ کی نگارشات و کہانیاں جلد لگا دیں گے۔
سمیہ کنول… بھیر کنڈ مانسہرہ
ڈیئر سمیہ! آباد رہو، بھئی ناراضگی کیسی اور کیونکر؟ دیگر سلسلوں میں نام نہیں لیکن یہاں تو جگمگا رہا ہے ناں اور اپنی ڈاک خانے جانے تک کی اس اسٹوری کو بطور افسانہ قلم بند کریں یا پھر تمام حالات یادگار لمحے کے لیے لکھ بھیجیں تاکہ ہمارے قارئین بھی محظوظ ہوں، شاہ زندگی کا تذکرہ اس لیے نہ تھا کہ ہمارے پاس کسی مستند ذرائع سے یہ خبر نہیں پہنچی تھی اسی لیے صرف دوستوں کے جذبات کا خیال کرتے ان کے پیغامات ہی شائع کیے گئے۔
سمعیہ رانی… ملتان
گڑیا سمعیہ! سدا خوش رہو، آپ سے نصف ملاقات بہتر لگی لکھنے کی صلاحیت کا اندازہ تو مختصر سے خط سے ہوگیا ہے لیکن اپنی رائے سے آگاہ ہم آپ کی تحریر پڑھ کر ہی کر سکتے ہیں اس لیے بجائے صفحات کو نذر آتش کرنے کے آپ ہمیں ارسال کردیں لیکن طوالت سے بچتے ہوئے مختصر موضوع کو قلم بند کریں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے معاملات میں آسانی فرمائے، آمین۔
نبیلہ ناز… راولپنڈی
پیاری نبیلہ! شاد رہو، آپ کی تحریر اصلی کنگن موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی محنت کی مزید ضرورت ہے اس لیے مایوس ہونے کے بجائے نامور مصنفین کو اپنے مطالعے کا حصہ بنائیں تاکہ الفاظ کے چنائو کے ساتھ تحریر پر گرفت کا بخوبی اندازہ ہوسکے۔ اپنا مشاہدہ بھی وسیع کریں امید ہے مایوس ہونے کے بجائے کوشش جاری رکھیں گی دعائوں کے لیے جزاک للہ۔
لبنیٰ شکیلہ… اوکھ چناں، سیالکوٹ
ڈیئر لبنیٰ! شاد رہو، گائوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل و مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے کہ آپ کو خط پوسٹ کرانے کے مشکل مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے لیکن اگر بروقت ڈاک مل جاتی ہے تو لگ جاتی ہے ورنہ آئندہ ماہ کے لیے رکھ لی جاتی ہے آپ اس قدر مایوسی کا شکار کیونکر ہیں آپ کے خط کا جواب حاضر ہے دیگر سلسلوں میں بھی آپ کو شریک کرلیا جائے گا۔
سائرہ شاہین… تلونڈ بھٹیاں
ڈیئر سائرہ! سدا مسکرائو، بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید آنچل میں شرکت کے لیے اجازت کی قطعاً ضرورت نہیں مستقل سلسلوں میں ہر ماہ شامل ہوکر آپ آنچل کی محفل میں شرکت کرسکتی ہیں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں کامیابی عطا فرمائے، آمین۔
بشریی کنول سرمد… سیالکوٹ، ڈسکہ
ڈیئر بشریٰ! مسکراتی رہو، شکوے و شکایات سے بھرپور آپ کا خط موصول ہوا۔ نظموں، غزلوں کے حوالے سے یہی کہنا چاہوں گی کہ آپ کی شاعری متعلقہ شعبے میں ارسال کردی جاتی ہے وہیں سے اصلاح ہوکر منتخب شاعری پرچے کی زینت بنتی ہے بہرحال آپ کے کہنے پر آپ کی نظمیں غزلیں جلد لگانے کی کوشش کریں گے ایک بات یاد رکھیں اگر معیاری ہوئیں تو جلد یا بدیر لگ ہی جائیں گی۔
نیلم شہزادی… کوٹ مومن
ڈیئر شہزادی نیلم! سدا آباد رہو، سلطنت آنچل میں جب بھی قدم رکھتی ہیں ہمیشہ خفا خفا اور مایوس نظر آتی ہیں بے شک انتظار سے گزرنا مشکل اور کڑا مرحلہ ہوتا ہے لیکن ہم چاہ کر بھی سب بہنوں کے لیے جگہ نہیں نکل پاتے صفحات کی مخصوص تعداد اور منتخب شدہ مواد کی کثیر تعداد ایسے میں توازن رکھنا بے حد مشکل ہوجاتا ہے آپ کا ناول ’’چندن خوشبو، تم اور میں‘‘ منتخب ہوگیا ہے جلد جگہ بنا کر صفحات کی زینت بنا دیں گے امید ہے شہزادی صاحبہ کے ناگوار موڈ میں کچھ تو تبدیلی آئی ہوگی۔
عائش کشمالے… ظاہر پیر، رحیم یار خان
ڈیئر عائش! سدا مسکراتی رہو، محبتوں اور چاہتوں کی خوشبو میں بسا آپ کا نامہ موصول ہوا آپ کے خلوص اور گرا نقدر جذبات کے مشکور ہیں نظم کی صورت میں آپ کا حال دل بخوبی ظاہر ہورہا تھا بھائیوں کی شادی کے لیے ڈھیروں مبارک باد آنچل کی پسندیدگی اور تعریفی کلمات کے لیے شکریہ۔
حمیرا نوشین… منڈی بہائو الدین
عزیزی حمیرا! شاد و آباد رہو‘ بے شک آپ کا کہنا بجا ہے ماں کی کمی ہر ہر موڑ پر ایک نئے امتحان سے دوچار کرتی ہے اور یہ زخم اتنی جلدی بھرنے والا بھی نہیں صبر بھی آہستہ آہستہ وقت کے ساتھ ہی آئے گا جب آپ نے ہر دم ان کا ساتھ نبھایا ہے تو یہ ساتھ یادیں بن کر ہمیشہ آپ کے ذہن و دل میں محفوظ رہے گا واقعی ماں جیسی ممتا بھری ہستی کا کوئی نعم البدل نہیں۔ یہ کمی اور خالی پن تو زندگی بھر محسوس ہوتا ہے کہ دعا کرنے والے دو ہاتھ اب ہمارے لیے نہیں ہیں لیکن ماں کی دعائیں ہمیشہ آپ کے سنگ رہیں گی آپ کی تحریر جلد شامل کرلیں گے اعزازیہ تو سب کے لیے یہی مخصوص ہے جو آپ کو دیا جاتا ہے۔
ثوبیہ شہزادی… راولپنڈی
ڈیئر ثوبیہ! جیتی رہو، مفصل خط پڑھ کر آپ کی باتیں درست لگیں کیونکہ آج کل یہی دستور دنیا اور زمانے کا چلن ہے لیکن اس قدر مایوسی اچھی بات نہیں اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ میں بھی بہت سی صلاحیتیں رکھی ہیں اور ان کا اعتراف آپ نے خود بھی کیا ہے کہ بہت سے ہنر آپ کے ہاتھ میں موجود ہیں تو پھر احساس کمتری کا شکار ہونے کے بجائے اپنے ہنر کو آزمائیں اور یہی آپ کی پہچان کا سبب بھی بنے گا آنچل میں بھی لکھتی رہیں شاعری بھی جلد شائع ہوجائے گی متعلقہ شعبے میں بھیج دی گئی ہے وہاں سے اصلاح کے بعد جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔ تمام باتوں کو نظر انداز کرتے اپنی صلاحیتوں کو ادراک کرتے خود اپنے آپ کو منوا ئیے اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔
حنا کامران… ملتان
پیاری حنا! اپنے نام کی طرح مہکو، آپ کی تحریر آغاز تمنا پھر بھی تو حرام ہے، جانے دل تیرا اسیر کیوں، نصیب ایکسچینج پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے مایوس ہونے کی بجائے مطالعہ اور مشاہدہ وسیع کریں اور کوشش جاری رکھیں۔
ماریہ کنول… چک ورکاں
ڈیئر ماریہ!سدا خوش رہو‘ نام نہ لکھ کر آپ نے امتحان میں ڈال دیا بہرحال ہم نے کسی حد تک درست لکھنے کی کوشش کی ہے اب کہاں تک کامیاب رہے آپ بتائیں پیا دیس جانے کی اتنی خوشی کہ آپ اپنا اور شہر کا نام لکھنا بھول گئیں بہرحال مبارک باد قبول کیجیے تحریر جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔
شمع شیریں شازب… شیخو پورہ
ڈیئر شمع! جیتی رہو، آپ کا ناول ’’وہ سویرا کبھی تو آئے گا‘‘ منتخب ہوگیا ہے لیکن چونکہ ابھی آپ نو آموز لکھاری ہیں لہٰذا بعض جگہ کانٹ چھانٹ اور اصلاح کی ضرورت ہے۔ اصلاح کے عمل سے گزرنے کے بعد آپ کی تحریر حجاب کی زینت بن جائے گی ابتدا میں افسانہ نگاری پر دھیان دیں تاکہ کہانی کو سنبھال سکیں۔
صبا احمد خان… کراچی
ڈیئر صبا! سدا سہاگن رہو‘ آپ کا ناول ’’محبت تیری خاطر‘‘ موصول ہوگیا ہے اور منتخب ہونے والی کہانیوں میں شامل ہے جلد لگانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ان شاء اللہ افسانے بھی گاہے بگاہے شامل کرتے رہیں گے۔
شگفتہ یاسمین… نامعلوم
عزیزی شگفتہ! سدا مسکرائو، آپ کا ارسال کردہ ناول پڑھ ڈالا موضوع میں دلچسپی و دلکشی کا عنصر مفقود ہے۔ روایتی موضوع لڑکی کو بیچ دینا اور پھر طوائف کے ہاں زندگی کے دن گزارنا کہیں بھی انفرادیت کا پہلو نظر نہیں آیا اب کسی اور موضوع پر لکھیں کیونکہ اس سے پہلے لکھا جانے والا آپ کا ناول کافی بہتر اور انفرادیت سے بھرپور تھا آرٹیکل منتخب ہوگئے ہیں جلد لگ جائیں گے۔
نائلہ ذیشان بٹ… نارووال
ڈیئر نائلہ! سدا شاد رہو، آپ کی تحریر ’’بدلا جو دل کا موسم‘‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت ہے۔ انداز تحریر میں مزید بہتری پیدا ہوسکتی ہے لیکن مطالعہ اولین شرط ہے آپ کی یہ تحریر کانٹ چھانٹ کے بعد حجاب کی زینت بن جائے گی مزید محنت و کوشش جاری رکھیں یہ کامیابی مبارک ہو۔
حمیرا قریشی… حیدر آباد
ڈیئر حمیرا! سدا سہاگن رہو، رابطوں اور تعلقات میں اس قدر دوریاں فاصلے کیونکر مانا کہ زندگی کی مصروفیات میں سے وقت نکالنا دشوار ہوتا ہے لیکن مستقل سلسلوں میں اپنی شرکت اور تحریر کے ذریعے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے رہنا چاہیے امید ہے یہ نصف ملاقات بہت سی نئی ملاقاتوں کے باب کھول دے گی۔
سحرش فاطمہ… کراچی
ڈیئر سحرش! سدا جیتی رہو‘ آپ کا ناول ’’میرا ڈھول ماہیا‘‘ منتخب شدہ کہانیوں میں سر فہرست ہے جلد لگانے کی کوشش کریں گے اس لیے اب خفگی اور ناراضگی دور کرلیں ناول کو پڑھنے میں ٹائم تو لگتا ہے ناں اور اتنا ٹائم تو آپ کو دینا ہی پڑے گا۔
قابل اشاعت:۔
شکر خدایا ہے، اف یہ انداز ہمارے، قربانی، رائٹر بننے سے پہلے، میرا یقین تو ہے، قربانی، پیاری انوکھی جیٹھانی، ہم آزاد ہیں، صلہ رحمی اور عید، کھائو من بھاتا پہنو جگ بھاتا، قیمتی بکرا، تضاد، اب کے برس عید، چائے ہے تو زندگی ہے ناولز کی دنیا، میرا پاکستان، خواب پچھلی شب کا، لکھاری کی کہانی، اسیر محبت، اعلان جنت، اسلامی تہذیب، بدلا جو دل کا موسم، پھر حوصلہ ٹوٹا، محبت تیری خاطر، عورت اور انصاف، مفہوم آزادی، بار گراں، وہ ایک پل، چلو کچھ دیر ہنستے ہیں، بند ہونٹوں کی بات، کھلے جب سوچ کے در۔
ناقابل اشاعت:۔
تیرے قرب کی حسرت، اونچی حویلی، تمہارے سنگ، شازیہ، مکافات عمل، امید منزل، پھوار، آج کی پکائیے، جذبہ جنوں، بس یادیں رہ جاتی ہیں، پتھر کا شہر پتھر کے لوگ، پاکیزگی تیرے میرے رشتے میں، اچھوت زادی، لوٹ آئو، تو تھوڑی دیر ہور رک جا، تلاش، عورت اور جنت، دیر سے مہربان ہونے تک، نادان تھے ہم، دوستی، لڑکیاں بے وفا نہیں ہوتیں، آنچ، عشق تیرا میرا مقدر، ایثار کا جذبہ، رمضان مبارک، ایک تھی نمل، سمجھوتہ، سرپرائز، دھول، میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا، مکافات عمل، وہ مجھے تنہا کر گئی، جنونیت، نصیب ایکسچینج، آسمانوں پر لکھا فیصلہ، زندگی کیا ہے، بکرے والی اور ہم۔

مصنفین سے گزارش
٭ مسودہ صاف خوش خط لکھیں۔ ہاشیہ لگائیں صفحہ کی ایک جانب اور ایک سطر چھوڑ کر لکھیں اور صفحہ نمبر ضرور لکھیں اور اس کی فوٹو کاپی کرا کر اپنے پاس رکھیں۔
٭قسط وار ناول لکھنے کے لیے ادارہ سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہے۔
٭نئی لکھاری بہنیں کوشش کریں پہلے افسانہ لکھیں پھر ناول یا ناولٹ پر طبع آزمائی کریں۔
٭فوٹو اسٹیٹ کہانی قابل قبول نہیں ہوگی۔ ادارہ نے ناقابلِ اشاعت تحریروں کی واپسی کا سلسلہ بند کردیا ہے۔
٭ کوئی بھی تحریر نیلی یا سیاہ روشنائی سے تحریر کریں۔
٭ مسودے کے آخری صفحہ پر اپنا مکمل نام پتا خوشخط تحریر کریں۔
٭ اپنی کہانیاں دفتر کے پتا پر رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعے ارسال کیجئے۔ 7، فرید چیمبرز عبداللہ ہارون روڈ۔ کراچی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Check Also

Close
error: Content is protected !!
Close