Hijaab Apr 19

شوخئی تحریر

ہما ذوالفقار

قوم سبا

’’(اسی طرح) قوم سبا کے لیے بھی ان کے مسکن میں ایک نشانی موجود تھی۔‘‘
’’دو باغات (کے سلسلے) تھے دائیں اور بائیں طرف۔‘‘
’’کھائو اپنے رب کے رزق میں سے اور اس کا شکر ادا کرو۔‘‘
’’(تمہارا) شہر بہت پاکیزہ ہے اور (تمہارا) رب بہت بخشنے والا ہے۔‘‘ (سورۃ سبا آیت نمبر ۱۵)
قوم سبا ۸۰۰ قبل مسیحؑ کے لگ بھگ یمن کے علاقے میں آباد تھی۔ انہوں نے اپنے پہاڑی علاقوں میں بہت سے بند تعمیر کر رکھے تھے جن میں سب سے بڑے بند کا نام ’’سد مآرب‘‘ تھا۔ان بندوں سے انہوں نے چھوٹی بڑی نہریں نکال کر میدانی علاقوں کو سیراب کرنے کا ایک مربوط و موثر نظام بنا رکھا تھا۔ آب پاشی کے اس نظام کے باعث ان کے ہاں باغات کی کثرت تھی۔ باغات کے دو بڑے سلسلے تو سیکڑوں میلوں تک پھیلے ہوئے تھے۔ بہرحال یہ اپنے وقت کی بڑی خوشحال اور طاقتور قوم تھی، مگر آہستہ آہستہ یہ لوگ مذہبی و اخلاقی زوال کا شکار ہوتے گئے۔ بالآخر اللہ تعالیٰ نے انہیں ان کی نا شکری اور سرکشی کی سزا دی اور ان سے تمام نعمتیں سلب کرلیں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے ان کا سب سے بڑا بند سد مآرب ٹوٹ گیا اور یوں ایک خوفناک سیلاب قہر خداوندی بن کر ان پر ٹوٹ پڑا۔ اس سیلاب کی وجہ سے اس قوم پر ایسی تباہی آئی کہ جس علاقے میں سیکڑوں میلوں پر پھیلے ہوئے باغات تھے وہاں جنگلی جھاڑیوں اور بیریوں کے چند درختوں کے علاوہ ہریالی کا نام و نشان تک نہ رہا۔

عثمان عبداللہ… کراچی

ہمارے پیارے نبی پاکﷺ نے فرمایا

’’اللہ تعالیٰ کے بندوں میں کچھ (ایسے سعادت مند) ہیں جو نبی اور شہید تو نہیں لیکن قیامت کے روز اللہ تعالیٰ ان کو ایسے مرتبوں پر سر فراز فرمائے گا کہ انبیاء اور شہدا بھی ان کی موت پر رشک کریں گے۔‘‘
صحابہؓ نے پوچھا کہ ’’یہ خوش نصیب کون ہیں یا رسول اللہﷺ۔‘‘
ارشاد فرمایا۔ ’’یہ وہ لوگ ہیں جو آپس میں ایک دوسرے سے محض اللہ تعالیٰ کے دین کی بنیاد پر محبت رکھتے تھے۔‘‘

ثمینہ مغل… ایبٹ آباد

اقوال زریں

vحسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو۔ (حضرت محمدﷺ)
vانسان خود عظیم نہیں ہوتا اس کا کردار اسے عظیم بناتا ہے۔ (حضرت ابو بکرؓ)
vزبان ایسا درندہ ہے اگر اسے کھلا چھوڑ دیا جائے تو عجب نہیں کہ تمہیں ہی پھاڑ دے۔ (حضرت علیؓ)
vلالچی لوگ ہمیشہ قناعت اور اطمینان قلب کی دولت سے محروم رہتے ہیں۔ (مولانا رومؒ)
vدل ایک آئینہ ہے، اگر وہ بدی سے پاک ہے تو اس میں خدا بھی نظر آ سکتا ہے۔ (مولانا رومؒ)
vدنیا میں وہی لوگ سر بلند رہتے ہیں جو تکبر کے تاج کو دور پھینکتے ہیں۔ (شیخ سعدیؒ)
vبڑے گھروں میں عموماً چھوٹے اور چھوٹے گھروں میں عموماً بڑے لوگ رہتے ہیں۔ (رازی ؒ)
vخاموشی اور سوچ بڑی سے بڑی مشکل کو سلجھا دیتی ہے۔ (سقراط)
vاچھی بات جو بھی کہے غور سے سنو۔ (سقراط)
vاچھی کتاب سیدھا راستہ دکھاتی ہے۔ (سلطان محمود غزنوی)
vموت سے پہلے مت ڈرو کیونکہ موت ہی اصل زندگی ہے۔ (مائوزے)
vہر مشکل انسان کا امتحان لینے آتی ہے۔ (افلاطون)
vاچھا دوست خدا کا دیا بہترین تحفہ ہے۔ (جارج برنارڈشا)

پرنسز اریج خان… بھیر کنڈ

خاموشی

خاموشی ایک موثر ہتھیار ہے خاص طور پر وہاں‘جہاں اختلاف رائے زیادہ، علم کی کمی، آواز بلند اور ٹھوس دلائل کی کوئی اہمیت نہ ہو۔

خوشی سرانوالی… سیالکوٹ

انمول موتی

؎میں نے بندگی کا طریقہ سیکھا ان پرندوں سے جن کے گھونسلے طوفانی راتوں میں تباہ ہوجاتے ہیں لیکن صبح ہوتے ہی اپنے رب سے شکایت کے بجائے اس کی حمد و ثنا بیان کرتے ہیں۔
؎زندگی بدلنے میں وقت نہیں لگتا لیکن وقت بدلنے میں زندگی لگ جاتی ہے۔
؎لوگ کہتے ہیں بات جب کردار پر آجائے تو صفائی ضرور دینی چاہیے‘ میں کہتا ہوں بات جب کردار پر آجائے تو بات ہی ختم ہوجاتی ہے۔ (رحمان بابا)
؎لوگ کہتے ہیں انسان کو امیر ہونا چاہیے میں کہتا ہوں انسان میں ضمیر ہونا چاہیے۔

حوریہ یوسف زئی، غزل یوسف زئی… کوٹھا صوابی

مسکراہٹ

ایک لڑکی پارک میں بینچ پر لیٹی تھی ایک فقیر آیا اور بولا۔
’’ہیلو ڈارلنگ۔‘‘
لڑکی غصے سے بولی۔ ’’تمہاری جرأت کیسے ہوئی مجھ سے یہ کہنے کی۔‘‘ فقیر آرام سے بولا۔ ’’اچھا تو پھر تم کیا کر رہی ہو میرے بیڈ پر۔‘‘
پروین افضل شاہین… بہاول نگر
وائف: سنیے مجھے ڈر لگ رہا ہے میری طرف منہ کر کے سوجائیں۔
ہز بینڈ: اچھا بھلے میں پوری رات ڈر ڈر کر مرجائوں۔

فریدہ فری…لاہور

ٹیچر: جو اندر آنے کے لیے سب سے چھوٹا جملہ بولے گا اسے انعام ملے گا۔
انگلش اسٹوڈنٹ: مے آئی کم ان۔
اردو اسٹوڈنٹ: میں آجائوں۔
پنجابی اسٹوڈنٹ: آواں۔

مدیحہ نورین… برنالی

آنسو

آنسو مسکراہٹ سے زیادہ قیمتی ہوتے ہیں پتا ہے کیوں؟ کیونکہ مسکراہٹ تو سب کے لیے ہوتی ہے اور آنسو صرف ان کے لیے ہوتے ہیں جن کو ہم کھونا نہیں چاہتے۔

وقاص عمر… بنگڑنو، حافظ آباد

اردو ہے جس کا نام

 

تیری بیوٹی فل سی اسمائل نے
میرا سمپل سا دل توڑ دیا
جس ڈے سے یو کو دیکھا ہے
میں نے نائٹ سیلیپنگ چھوڑ دیا
جب تھاٹ یو کی آتی ہے
دل بلڈ کے آنسو روتا ہے
بے درد پیپل کیا جانیں
اس لو میں واٹ واٹ ہوتا ہے

آمنہ، اقراء، نسیم، بدر… کمالیہ

نمک پارے

zجانوروں کو کبھی یہ فکر نہیں ہوتی کہ گھڑی میں کیا بجا ہے۔
zجانور موت کے احساس کے بغیر مرجاتے ہیں۔
zان کے آخری لمحات غیر ضروری رسموں اور بوجھل تکلفات سے آلودہ نہیں ہوتے۔
zان کی تجہیز و تکفین پر کوئی خرچ نہیں آتا۔
zان کی موت کے بعد کوئی ان کی وصیت کے سلسلے میں مقدمے بازی نہیں کرتا۔
zجانور ہر معاملے میں انسان سے بہتر ہیں کیونکہ جب ایک جانور زخمی ہوتا ہے تو کم از کم سارے جانور اکٹھے تو ہوتے ہیں۔
zآپ سینما دیکھ کر اتنا خوش نہیں ہوتے جتنا ایک عورت پڑوس کے گھر میں جھانک کر ہوتی ہے۔
zعورت کے نزدیک سب سے حسین وہ ہے جو اسے آئینہ کے سامنے دکھائی دے۔
zہر عورت خوب صورت ہوتی ہے سوائے گھر کی عورت کے۔
zیاد رکھیے ناجائز اخراجات ناجائز آمدنی سے ہی پورے ہوسکتے ہیں۔
zاتنا کھانا کھاؤجتنا ہضم کر سکو اور اتنا پڑھو جتنا جذب کر سکو۔

پرنسز اریج خان… بھیر کنڈ

پسند کی شادی

پہلے وہ میری گرل فرینڈ تھی۔ میں بولتا تھا اور وہ سنتی تھی۔ پھر وہ میری منگیتر بنی۔ وہ بولتی تھی اور میں سنتا تھا۔ پھر وہ میری بیوی بنی اور اب ہم دونوں بولتے ہیں تو پورا محلہ سنتا ہے۔

رمشا ملک… مظفر گڑھ

محبت

/محبت کے معاملے میں سب یکساں بے وقوف ہیں۔ ( گوئٹے)
/محبت ایک خزانہ ہے جسے خوش قسمت لوگ ہی پاتے ہیں۔ (صوفیہ لارین)
/پہلی محبت اور پہلی بارش دونوں ہی انسان کو مبہوت کردیتے ہیں۔ (ناصر کاظمی)
/سچی محبت یہ ہے کہ بچھڑنے کے بعد اس کی کسک محسوس ہوتی ہے۔ (بلراج ساہی)

گلشن چودھری… گجرات

دوستی کا اصول

rگلے ملنے کا پوچھو مت بس گلے لگ جائو۔
rیہ مت کہو ڈو یو لو می بلکہ کہو آئی لو یو۔
rمت پوچھو کین یو ہیلپ می، ہمیشہ کہو آئی نیڈ یور ہیلپ۔
rیہ مت کہو کہ ہم تمہارے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے بلکہ کہو آئی مس یو فور الیور۔
rتھینک یو، سوری اور پلیز کی جگہ کہو آپ کے لیے تو کچھ بھی کریں گے۔

ایمان، انیسہ، اسما بٹ…

توبہ

توبہ کے لیے گناہگار ہونا ضرور نہیں توبہ از خود ایک مستقل عبادت ہے جس سے روح میں پاکیزگی اور نکھار آتا ہے۔

مزمل آصف… خان گڑھ

اسے مت پڑھیں

جی ہاں! اسے مت پڑھیں لیکن آپ اسے ضرور پڑھیں گے، بلکہ آپ اسے پڑھ رہے ہیں کیونکہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ اسے نہ پڑھیں جہاں لکھا ہوگا پھول توڑنا منع ہے آپ وہاں سے پھول ضرور توڑیں گے بلکہ پھولوں کا گلدستہ بھی بنائیں گے جہاں لکھا ہوگا ہارن بجانا منع ہے وہاں آپ ضرور ہارن بجائیں گے۔ جہاں درج ہوگا سگریٹ پینا منع ہے وہیں آپ سگریٹ کا دھواں لوگوں کے چہروں پر پھونکیں گے۔ افسوس کہ اوپر یہ ہدایت لکھی ہے کہ اسے مت پڑھیں لیکن آپ پڑھتے ہی جا رہے ہیں بلکہ اب تو پوری عبارت پڑھ بھی چکے ہیں۔ لگتا ہے آپ کسی بھی ہدایت پر عمل کم ہی کرتے ہیں آپ کو قانون توڑنے میں خوشی محسوس ہوتی ہے۔ کیا آپ کسی ہدایت پر عمل کرنا نہیں سیکھ سکتے۔
(اقتباس)

انجم کنول…سرگودھا

نظم

نہ وہ سحر کا جھگڑا نہ شب کی بے چینی
نہ چولہا جلتا ہے گھر میں نہ آنکھیں جلتی ہیں
میں کتنے امن سے گھر میں اداس رہتا ہوں
گلزار

سحر تبسم سحری… مغل پورہ

مسکرائیں

لڑکا: ’’مس! میں آپ کو کیسا لگتا ہوں؟‘‘
مس: ’’بہت پیارے لگتے ہو۔‘‘
لڑکا: ’’تو کیا میں اپنے امی ابو کو آپ کے گھر بھیجوں؟‘‘
مس: ’’وہ کیوں؟‘‘
لڑکا: ’’کیونکہ وہ ہی ہماری بات کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔‘‘
مس غصے سے : ’’یہ کیا بکواس ہے؟‘‘
لڑکا: مس! آپ کی سوچ بھی نہ ٹی وی ڈرامے دیکھ دیکھ کر خراب ہوچکی ہے۔ ٹیوشن پڑھانے کی بات کرنے کے لیے میں اپنے امی‘ ابو کو آپ کے پاس بھیج رہا تھا۔‘‘

لیلیٰ رب نواز…وہاڑی

باپ نے اپنے بیٹے سے پوچھا۔ ’’بیٹا کیا بات ہے آج تمہاری امی اتنی خاموش کیوں ہیں؟‘‘
بیٹے نے راز داری سے جواب دیا۔ ’’کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے کیونکہ کافی دیر سے بجلی نہیں تھی‘ انہوں نے مجھ سے لپ اسٹک مانگی تو میں نے غلطی سے انہیں ایلفی دے دی۔ میرا خیال ہے اسی بات پر وہ ناراض ہوگئی ہیں جب سے چپ بیٹھی ہیں۔‘‘

پروین افضل شاہین… بہاولنگر

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close