Aanchal Nov-18

ہم سے پوچھئے

شمائلہ کاشف

لاریب افشاں کھرل… اوکاڑہ
س: کراچی میں بارشوں کا کیا حال ہے؟
ج: بارشوں کے حال کے بجائے سڑکوں کا پوچھتیں تو بتاتی بھی‘ جو بارش کے بعد کا منظر پیش کررہی ہیں۔
س: کیا آپ نے مجھے یاد کیا؟
ج: سوچنا پڑے گا یہ تو۔
س: لو آپ نے ہمیں یاد کیا، ہم حاضر؟
ج: ہم تو چراغ نہیں رگڑا۔
س: آپی وہ بہت کنجوس ہے، مکھی چوس بھی؟
ج: تم بھی تو پیدائشی ہو ناں۔
س: آپی رنگ گورا کرنا ہو تو کریمیں دستیاب ہیں، کالا کرنا ہو تو؟
ج: تمہیں کیا ضرورت پڑ گئی کالا کرنے کی۔
س: روٹھی ہوں پیا مناؤ گے کیسے بولو ناں؟
ج: اپنی امی کو بلا کر۔
س: چاند کو پالینے کا جنون ہے مجھے۔ ہوں ناں پاگل؟
ج: چاند کے گھر جاؤ تو اس کی ماں ایک ہی دن میں یہ پاگل پن دُور کردے گی۔
س: نہ جانے اس کا دماغ اتنا خراب کیوں ہے؟
ج: فریج میں نہیں رکھتا ہوگا ناں اس لیے۔
عائشہ یونس… حافظ آباد
س: آپی آپ کی اس کھٹی میٹھی محفل میں پہلی دفعہ حاضر ہوئی ہوں۔ کچھ کھلا پلا ہی دیں؟
ج: کھلا تو میں دوں گی، تم کھانے والی بنو… ارے ڈرو نہیں، میں پکوڑوں کی بات کررہی ہوں، جوتے تو بعد میں اماں سے کھانا۔
س: آپی سردیوں میں میرا رنگ مزید نکھرتا ہے۔ اس کا ریزن کیا ہے؟
ج: دھند کی وجہ سے چیزیں صاف نظر نہیں آتیں ناں بس اس لیے ہی۔
بنت حوا…ملتان
س: شمائلہ جی، مجھے آپ کے مزاج کچھ ٹھیک نہیں لگ رہے۔ خیریت؟
ج: ارے کیا بتاؤں… تبدیلی جو آگئی ہے۔
س: کل میں نے آپ کو لنڈا بازار میں دیکھا تھا۔ آپ اپنے اُن کے ساتھ اُدھر۔ واہ بھئی واہ۔
ج: تم سی ہی تو ملنے آئی تھی ارے پگلی۔
س: ہر عورت کا حسن اس کی آنکھوں میں ہوتا ہے مگر آپ کا حسن کہاں ہے؟
ج: عورت کا حسن ناں‘ میں تو لڑکی ہوں ویسے ابھی۔
س: ویسے آپ کے ’’اُن‘‘ کا نام کیا ہے؟
ج: کیوں؟ تم نے ان کا برتھ سرٹیفکیٹ بنوا کے بھیجنا ہے کیا۔
س: کوئی دعا دے دو باجی؟
ج: اللہ اور دے گا۔
سحر تبسم سحری… مغل پورہ
س: آپی میں کافی کم گو ہوں تو لوگ مجھے مغرور کیوں کہتے ہیں؟
ج: تم اور کم گو اس سال کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔
س: آپی میں جس سے بھی محبت کرتی ہوں، وہ مجھے چھوڑ دیتا ہے۔ آخر کیوں؟
ج: تم محبت کے نام پر خرچے بہت کرواتی ہو اس لیے۔
س: آپ اتنی خوب صورت، اسمارٹ، اسٹائلش اور ینگ ہیں۔ کیا آپ مجھ سے…؟ آگے سمجھ جائیں۔
ج: تم لڑکی ہی ہو ناں…؟
س: میرا بہت دل کرتا ہے کہ رائٹر بن جاؤں۔ کوئی مشورہ دے کہ کیسے بنوں گی؟
ج: پہلے انسان تو بن جاؤ پھر رائٹر بھی بن جانا۔
س: لوگ اکثر میری بات سن کر کہتے ہیں کہ تم تو بچی ہو، تمہیں کیا پتا۔ کیا میں آپ کو بچی لگتی ہوں؟
ج: تم تو مجھے بچی کھچی لگتی ہو۔
س: آپ اور میں ایک جنگل میں گم ہوں اور شیر آجائے۔ میں بھاگ جاؤں اور آپ؟
ج: خیر ہے… مجھے دیکھ کر شیر خود ہی بھاگ جائے گا۔
س: اگر میں آپ سے کہوں کہ آپ میرے گھر آئیں؟
ج: خود ہی پچھتاؤ گی۔
پروین افضل شاہین… بہاولنگر
س: میرے میاں جانی پرنس افضل شاہین جب شادی کے پہلے مہینے میرے میکے آئے تو انہوں نے سویاں بغیر چمچ کے کیسے کھائی تھیں؟
ج: ناک کے ذریعے سُڑ سُڑ کرکے… ہے ناں۔
س: اگر شہر میں دھند ہو تو آپ بغیر لائٹ جلائے گاڑی چلالیں گی؟
ج: بالکل… لیکن شرط یہ ہے کہ گاڑی کے آگے آپ کے میاں پرنس افضل جُتے ہوئے ہوں۔
س: خوب صورت دلہن بھی بیوٹی پارلر سے کیوں تیار کروائی جاتی ہے؟
ج: تاکہ وہ بھی دلہن لگے۔
مدیحہ نورین مہک… گجرات
س: آپی مچھر کی مونث مکھی ہے یا مچھری؟
ج: صرف تم۔
س: گنجے سر پر کون سا ہیئر اسٹائل اچھا لگتا ہے؟
ج: آئینے کے سامنے کھڑی ہوکے دیکھ لو، جو اچھا لگے اپنا لینا۔
س: سگریٹ کے دھوئیں سے ہی کیوں محبوبہ کی تصویر بنتی ہے؟
ج: تاکہ جلد ہوا میں تحلیل ہوجائے اور نئی کا چانس بن سکے۔
س: کاش میں اُڑ سکتی؟
ج: بھینسوں کو کبھی کسی نے اُڑتے ہوئے دیکھا ہے؟
س: سولر سسٹم ہوتا ہے، مون سسٹم کیوں نہیں؟
ج: نہ صرف مون، بلکہ مون سون سسٹم بھی ہوتا ہے کچھ پڑھ لکھ لیتی تو کام آتا۔
س: یہ پیلا رنگ نیلا کیوں نہیں ہوتا؟
ج: کیوں کہ سبز رنگ‘ سرخ نہیں ہوتا۔
س: دلہنوں کے اتنے بڑے ناخن کیوں لگاتے ہیں؟
ج: تاکہ وہ جاکر ساس نندوں کے منہ نوچ سکیں۔
س: ساس میں دو ’’س‘‘ کیوں ہوتے ہیں؟
ج: شکر کرو ’’س‘‘ ہوتے ہیں، سینگ نہیں۔
س: چڑیا کوّے جتنی بڑی ہوتی تو کتنی پیاری لگتی ناں؟
ج: تم تو اتنی سی بھی پیاری ہو۔ بالکل چیونٹی کے برابر۔
س: یہ سارے طوطے بولنے والے کیوں نہیں ہوتے؟
ج: ہوتے تو ہیں مگر ان کی باتیں صرف طوطیاں سمجھ سکتی ہیں… اب تم بتاؤ کیا سمجھیں؟
علشبہ نور… بھیرکنڈ
س: آپی ہمارے یہاں زیادہ تر فلموں کا اینڈ شادی پر ہی کیوں ہوتا ہے؟
ج: فلموں میں ہی نہیں، حقیقت میں بھی خواتین کا یہی دردناک انجام ہوتا ہے۔
س: اچھا یہ بتائیں کہ انسان ہمت کب ہارتا ہے؟
ج: جب قاضی اس سے نکاح کی رضا مندی لینے آتا ہے۔
س: مشورہ کب بلاچوں و چراں مان لیا جاتا ہے؟
ج: جب ساس کی رضا میں شوہر بھی راضی ہو۔
س: آپی اگر آپ کو میرے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو کیا خیال ہے… کریں گی؟
ج: میں تو کرلوں گی… تم اپنا بتاؤ؟
س: شمو آپی! آپ کے عین نکاح کے وقت آپ کی مصنوعی بتیسی گر جائے تو آپ کیا کریں گی؟
ج: تم نے مجھے اپنی عمر کا کیوں سمجھ لیا۔
س: سوری، اینڈ کوئی پیاری، ننھی منی، کیوٹ اور میٹھی سی دعا دیں۔
ج: اللہ کرے تمہاری کسی حلوائی سے شادی ہو جائے۔ سب کہو آمین‘ ارے مٹھائی کھانے کو ملے گی۔ دل سے کہو۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close