Aanchal Nov-18

سرگوشیاں

مدیرہ

نومبر 2018 ء کا آنچل آپ کے ذوق مطالعہ کی تسکین کے لیے حاضر ہے۔
آپ بہنیں جس طرح اپنی بھرپور شرکت سے آنچل کو سجاتی ہیں اس سے ہماری ساری محنت وصول ہوجاتی ہے۔ پرچے کو آپ کے ذوق کے مطابق ڈھالنے اور اس کو آپ تک پہنچانے میں ہمیں جو مشکلات درپیش آتی ہیں وہ سب آپ کے تبصروں اور نگارشات کی صورت موصول ہونے والی ڈاک سے کافور ہوجاتی ہے اور ہم بھی ساری تھکان بھول کر نئے سرے سے اپنے فرائض انجام دینے لگتے ہیں کیونکہ آنچل و حجاب آپ سے جڑے ہیں اور ہم آپ کی چاہت و محبت کے مقروض ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ یہ رشتہ یوں ہی قائم و دائم رکھے‘ آمین۔
اس وقت وطن عزیز میں ہر شہر کا موسم الگ ہے کہیں برسات ہے تو کہیں گرمی اپنے جوبن پر ہے۔ موسم تو بدل گیا ہے مگر ملکی حالات بدلتے نظر نہیں آرہے۔ نئی حکومت نے جس شدت سے تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا اس سے یوں گمان ہوتا تھا کہ جیسے دوسرے دن ہی تبدیلی آجائے گی۔ دو ماہ گزر چکے ہیں فی الحال تبدیلی کا دور دور تک پتا نہیں۔ نیا پاکستان ابھی تک پرانے طور طریقوں پر عمل پیرا ہے۔ وہی دعوے اور وعدے مخالفین کی پکڑ دھکڑ، نعرے، خواب، امیدیں اور بے چاری غریب عوام۔
یہ رہنما جن خوابوں کو عوام کی آنکھوں میں سمو دیتے ہیں بقول شاعر ’’جانے ان خوابوں کی قسمت میں سحر ہے کہ نہیں‘‘ ضمنی الیکشن کے موقع پر ایک دفعہ پھر پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی ہے۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی تیاری ہو رہی ہے‘ معیشت کا برا حال ہے۔ ایل پی جی اور سی این جی گیس کی قیمتوں میں ایک ماہ میں دو بار اضافہ کردیا گیا ہے۔ اشیائے خورد و نوش مہنگی ہوگئی ہیں۔ کے الیکٹرک نے جان عذاب میں ڈالی ہوئی ہے بجلی نہ ہو تو پانی بھی نایاب ہوجاتا ہے۔ ان ستر برسوں میں سوائے نعروں کی تبدیلی کے اور کچھ تو نہیں بدلا۔ اللہ کرے کہ موجودہ حکمران اپنی تبدیلی کے ایجنڈے پر نیک نیتی سے عمل کریں تاکہ بے بس اور لاچار عوام بھی سکھ کا سانس لے اور واقعی کسی خوش گوار تبدیلی کا احساس ہو۔
وہ باہمت خواتین جو گھر والوں کی معاشی ذمہ داریوں میں ہاتھ بٹانے کے لیے کسی نہ کسی ملازمت یا پیشہ سے منسلک ہوتی ہیں‘ اس راہ میں انہیں کیا مشکلات درپیش ہوتی ہیں‘ کس طرح کے رویے سے سابقہ پڑتا ہے‘ اس کے باوجود وہ ثابت قدمی سے حالات کا مقابلہ کرکے گھر کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالتی ہیں۔ ایسی باہمت خواتین کی جدجہد کو سامنے لانے کے لیے ہم نے ’’ہمارا آنچل‘‘ کی جگہ نیا سلسلہ ’’تلخ و شیریں‘‘ کے عنوان سے شروع کیا ہے۔ امید ہے قارئین کو پسند آئے گا وہ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں گے۔

نومبر 2018ء کا آنچل آپ کو کیسا لگا۔ ہم آپ کی رائے کے منتظر ہیں۔
آئیے چلتے ہیں آپ کے شمارے کی جانب:

اس ماہ کے ستارے:
رابعہ افتخار‘ ام ہانی‘ یاسمین نشاط‘ماورا طلحہ‘ حمیرا شعیب‘ حمیرا علی‘ نادیہ فاطمہ رضوی۔

Show More
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close