Aanchal Sep-18

درجواب آں

مدیرہ

عابدہ سبین… ملتان
عزیزی سبین! سدا سہاگن رہو، یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ بھی صاحب کتاب ہوگئی ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے قلم میں مزید برکت عطا فرمائے اور آپ اپنی تحریروں کے ذریعے قارئین کے دل میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں، امید ہے اس کتاب کو بے حد پزیرائی ملے گی اور آپ کا ہمارے ساتھ تعاون بھی برقرار رہے گا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے قلمی سفر میں مزید ترقی و کامیابی عطا فرمائے، آمین۔
مہر اقبال… ضلع جہلم
پیاری مہر! خوش رہو، آپ کی جانب سے ڈائری موصول ہوئی جس پر آپ نے اپنی ذاتی شاعری لکھی ہوئی ہے‘ ہمارا تو خیال ہے فی الحال صرف اساتذہ کا کلام پڑھیں‘ تعلیم مکمل کرنے کے بعد طبع آزمائی کریں اپنی پہلے کی شاعری سے موازنہ بھی کریں فرق آپ کو خود بھی نظر آجائے گا، امید ہے مایوسی کے بجائے کوشش جاری رکھیں گئی اور اس ناکامی کو کامیابی کا زینہ بنائیں گی۔
ماہم نور انصاری… حیدر آباد، سندھ
عزیزی ماہم! سدا شاد رہو، آنچل و حجاب سے آپ کی وابستگی کے متعلق جان کر خوشی ہوئی‘ آپ کی شاعری متعلقہ شعبہ میں بھیج دی گئی ہے جیسے ہی اصلاح کے بعد وہاں سے آئے گی پرچے کی زینت بن جائے گی۔ آپ نے جس بہن کا تذکرہ کیا ہے اس کا اور کہانی کا نام حوالہ بھی دیتیں تو ہمیں بھی بخوبی سمجھ میں آتا اب کچھ واضح نہیں ہورہا کہ آپ کا شکوہ کس کے متعلق ہے بہرحال کوئی کہانی کسی خاص موضوع اور موجودہ حالات کے حوالے سے ہوتی ہے تو جلد شائع کی جاتی ہے آپ کی تحریر بھی جلد حجاب میں شامل ہو جائے گی مایوس مت ہوں بس انتظار کی زحمت برداشت کرلیں۔
انعم زہرہ… ملتان
پیاری انعم! سدا آباد رہو، سب سے پہلے تو بھتیجی کی آمد پر ڈھیروں مبارک باد۔ نام بھی بہت پیارا ہے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ اپنی زندگی سے مطمئن ہیں اور بے شک آئندہ بھی اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے لیے بہت اچھا ہی کرے گا۔ ہر انسان کو اس بات پر پختہ یقین ہونا چاہیے کہ ہر اچھائی اور برائی صرف اللہ کی طرف سے ہے اگرچہ بظاہر حالات بعض اوقات ہمارے موافق نہیں ہوتے اور ہمیں مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے لیکن جلد ہی ہمیں اپنے رب کی مصلحت اور اس کی حکمت سمجھ میں آجاتی ہے‘ آپ بھی عقل و شعور کے اس درجہ پر پہنچ گئی ہیں یہ خوش آئند بات ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کو چاہنے والے اور قدر دان لوگ میسر آئیں تاکہ زندگی کا ہر غم بھول جائیں آمین، نظمیں غزلیں متعلقہ شعبے میں ارسال کردی گئی ہیں معیاری ہوئیں تو ضرور جگہ بنالیں گی۔
عائشہ کنول… گوجر خان
ڈیئر عائشہ! سکھی رہو، آپ کی تحریر ’’اللہ رکھی‘‘ موصول ہوگئی ہے لیکن ابھی عید نمبر کے پرچوں کی مصروفیت کے سبب پڑھ نہیں سکے جیسے ہی فراغت میسر آئے گی آپ کی تحریر پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ پرچے کے معیار کے مطابق ہوئی تو ضرور جگہ بنالے گی محنت اور کوشش جاری رکھیں۔
مریم امین… نامعلوم
گڑیا مریم! خوش رہو، آپ کی جانب سے تحریر، بلا عنوان موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے اپنا مطالعہ اور مشاہدہ دونوں وسیع کریں تاکہ لکھنے میں مدد ملے اور تحریر ارسال کرتے وقت ہمیشہ اپنا اور شہر کا نام ضرور لکھیں امید ہے مایوس ہونے کی بجائے کوشش جاری رکھیں گی آنچل کی پسندیدگی کے لیے شکریہ۔
ماریہ سلیم اختر… کورنگی
ڈیئر ماریہ! سدا خوش رہو، بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔ آپ نے تبصرہ بھیج دیا ہے تو ضرور شامل بھی کرلیں گے‘ آپ ہر سلسلے کی نگارشات ایک ہی لفافے میں ارسال کرسکتی ہیں پر ہر سلسلے میں شرکت کے لیے الگ صفحہ استعمال کرنا ہوگا اور ہر سلسلہ پر اپنا اور شہر کا نام ضرور لکھیں۔ یادگارلمحے آپ کا پسندیدہ سلسلہ ہے جان کر خوشی ہوئی آپ اپنے پسندیدہ اقتباسات اور دیگر اقوال وغیرہ بھیج سکتی ہیں خط کا جواب حاضر ہے امید ہے تشنگی باقی نہ رہے گی۔
منزہ ہاشمی… گوجرانوالہ
پیاری منزہ! جگ جگ جیو‘ طویل عرصے بعد آپ کی جانب سے مختصر تحریر خوشبو کے بندھے ہاتھ موصول ہوئی بات تو ٹھیک ہی ہے کہ ہم بہت آرام سے دوسروں کے حالات پر بات کرلیتے ہیں لیکن جب ویسے ہی حالات سے خود گزرنا پڑے تو سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ کس طرح سدھار پیدا کیا جائے‘ خوبصورت موضوع اور انداز تحریر بہتر ہونے کے باعث تحریر جلد ہی اپنی جگہ بنا لے گی لیکن آنچل کے لیے وعدہ نہیں کرسکتی حجاب بھی آپ کا ہی پرچہ ہے امید ہے بات کو سمجھتے ہوئے آئندہ بھی قلمی تعاون برقرار رکھیں گی۔
یشاء زہرہ… لاہور
پیاری یشاء! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کی دو تحریریں موصول ہوئی لیکن فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ ابھی آپ کی تحریریں پڑھی نہیں گئیں‘ عید نمبر سے فراغت کے بعد جلد آپ کی تحریروں کے متعلق آگاہ کردیں گے اگر پرچہ کے معیار کے مطابق ہوئیں تو ضرور جگہ بنالیں گی۔ بصورت دیگر معذرت محنت اور کوشش جاری رکھیں آئندہ بھی شریک محفل رہیے گا۔
یاسمین کنول… پسرور
پیاری یاسمین! سدا شاد رہو، آپ کے مفصل خط سے اندازہ ہوا کہ آپ ان دنوں کس قدر تکلیف میں مبتلا ہیں بیماری کے ان دنوں میں جس طرح ہمت اور حوصلے سے کام لیا اچھا لگا بے شک ہر آزمائش اللہ کی طرف سے ہوتی ہیں اور وہی پھر کوئی سبب بھی پیدا کردیتا ہے جس طرح آپریشن کے دوران آپ کے لیے بھی کوئی ذریعہ بنا دیا، اگست کا آنچل آپ کو پسند آیا خوشی ہوئی۔ دیگر مصنفین کی تحریروں کو پسند کرنے پر مشکور ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کو صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور آپ ہر ماہ آنچل میں شرکت کرتی رہیں قارئین سے بھی دعائے صحت کے ملتمس ہیں۔
لبنیٰ شکیلہ… اولکھ جٹاں سیالکوٹ
ڈیئر لبنیٰ! سدا آباد رہو، آپ کی شاعری نیرنگ خیال کی زینت بن گئی اس کے لیے شکریہ کی ضرورت نہیں دیگر نگارشات آپ پانچ تاریخ تک بھیج دیا کریں بصورت دیگر وہ آئندہ پرچوں کے لیے رکھ لی جاتی ہے کیونکہ پرچہ تکمیلی مراحل میں ہوتا ہے اقرا ممتاز اور ماہا بشیر حسین تک آپ کا شکریہ ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گا۔
ناہید فاطمہ… کراچی
پیاری ناہید! سدا مسکرائو‘ آپ کا ارسال کردہ افسانہ ’’انہونا فیصلہ‘‘ پڑھ کر بخوبی اندازہ ہوگیا کہ آپ پہلے بھی لکھ چکی ہیں‘ آپ کے قلم میں پختگی تو نظر آرہی ہے اور موضوع میں انفرادیت کا تذکرہ تو آپ نے خود بھی کیا ہے اختتام بھی کہانی کا دیگر کہانیوں سے ہٹ کر لگا اور ہوسکتا ہے ہمارے قارئین کو چونکا دینے کا سبب بھی بنے یا پھر ان کے معیار پر پورا نہ اترے بہرحال ہر کسی کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے ہمیں تو یہ اختتام ٹھیک لگا آپ کا افسانہ منتخب ہوگیا ہے جلد اشاعت کے مراحل بھی طے کرلے گا۔ امید ہے آئندہ بھی تعاون برقرار رہے گا۔
نیلم شہزادی… کوٹ مومن، سرگودھا
عزیزی نیلم، جیتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’عید کے رنگ پیا کے سنگ‘‘ موصول ہوگئی ہے پڑھ کر تحریر کا انداز کمزور محسوس ہوا‘ موضوع میں بھی انفرادیت نظر نہیں آئی‘ اس لیے معذرت خواہ ہیں۔ فی الحال ناول مت ارسال کریں کیونکہ قسط وار کہانی کے لیے ہمارے پاس بالکل بھی گنجائش نہیں ہے۔
سمیرا محمد رفیق… کراچی
عزیزی سمیرا! سدا مسکراتی رہو، آپ سے نصف ملاقات بے حد اچھی لگی۔ مصروفیات کے سبب آپ اپنی تحریر جو کہ آنچل میں کچھ ماہ قبل چھپی تھی نہیں پڑھ سکیں اور بعد میں آپ نے پڑھی اور جو خوشی ہوئی وہ یقینا آپ کے لیے بے حد اہمیت رکھتی ہوگی‘ آپ کا مکمل پتا ہمیں موصول ہوگیا ہے آئندہ خط و کتابت میں آسانی رہے گی اور قلمی رابطہ بھی بحال رہے گا، اعزازی پرچا جلد ہی آپ کو مل جائے گا آپ کے نئے پتے پر پرچہ بھیج دیا گیا ہے بھانجی کی بے حد مبارک باد آئندہ بھی شریک محفل رہیے گا۔
مدیحہ نورین مہک… گجرات
ڈیئر مدیحہ! سدا خوش رہو، جن حالات کا آپ نے تذکرہ کیا ہے بے شک وہ ہر کسی کی زندگی میں آتے ہیں اور یہی نشیب و فراز زندگی کا خاصہ ہیں۔ بعض اوقات انسان ہر قسم کے حالات اور مصائب کو آسانی سے جھیل جاتا ہے اور بعض اوقات کسی کی چھوٹی سی بات بھی دل آزاری کا سبب بن جاتی ہے‘ یہی انسان کی حساسیت ہے بہرحال آپ کے ساتھ جو بھی معاملہ ہے ہم دعاگو ہیں کہ آپ کی تمام مشکلات دور ہوجائیں اور اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کا دامن خوشیوں سے بھر دے آپ کو بھی عید کی ڈھیروں مبارک باد۔
نگہت نواز… بھاگٹا نوالہ
پیاری نگہت! جگ جگ جیو، آپ کی شاعری متعلقہ شعبے میں بھیج دی گئی ہے اگر پرچہ کے معیار کے مطابق ہوئی جلد یا بدیر ضرور شائع ہوجائے گی۔ دیگر نگارشات بھی جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے‘ تعارف جلد باری آنے پر لگ جائے گا ان کا انتظار کرنے سے زیادہ بہتر یہ ہے کہ آپ نگارشات ارسال کرتی رہیں امید ہے تسلی ہوپائے گی۔
صائمہ مشتاق… بھاگٹا نوالہ، سرگودھا
پیاری صائمہ! سدا سہاگن رہو، آپ کا خط پڑھ کر تمام مشکلات کا بخوبی اندازہ ہوگیا‘ مہنگائی کے اس دور میں بے روزگاری‘ بے حد مصائب اور تکلیفیں لے کر آتی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ آپ کے شوہر جلد از جلد برسر روزگار ہوجائیں اور آپ کے گھر میں خوشیوں کا نزول ہو۔ مشکل کی ان گھڑیوں میں اللہ سبحان و تعالیٰ کے قریب ہونے کی کوشش کریں اور اپنے تمام دکھ درد اس سے بانٹنے مدد طلب کریں ضرور کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ ہم سب کے حالات پر رحم فرمائے اور رزق حلال کمانے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔
مونا شاہ قریشی… کبیر والا
پیاری مونا! جگ جگ جیو، شکوہ و شکایات سے بھرپور آپ کا نامہ موصول ہوا۔ اس قدر خفگی‘ اتنی بدگمانی اچھی بات نہیں ہوتی اگر آنچل میں تحریر کو جگہ نہ مل سکی تو حجاب میں تو شائع ہوگئی ناں ’’عیدیں ہزار باقی‘‘ اگست کے حجاب میں آپ کی یہ تحریر شامل تھی پھر شکوہ کیونکر صرف آنچل کے لیے یہ تو سراسر زیادتی ہے ناں۔ حجاب بھی تو آپ کا ہی پرچہ ہے آنچل میں گنجائش نہ بن سکی تو حجاب میں لگا دی پھر بھی کوشش کریں گے کہ آنچل میں بھی موقع مل جائے لیکن وہاں پر دیگر بہت سی مصنفین کی تحریریں اسی طرح باری کے انتظار میں ہیں آپ بھی کرلیں اور انتظار، بہرحال ہمیں آپ کی باتیں بری نہیں لگیں یہ آپ بہنوں کا ہی پرچہ ہے اور آپ کی تحریروں اور نگارشات سے ہی یہ سجایا جاتا ہے امید ہے خفگی دور ہوگئی ہوگی۔
رابی حاکم… گجرات
ڈیئر رابی! سلامت رہو‘ آپ کا نامہ موصول ہوا تعارف سنبھال کر رکھ لیا ہے ان شاء اللہ جلد شائع کردیں گے۔ باقی سلسلوں میں بھی آپ ہر ماہ شامل ہوسکتی ہیں اس کے لیے اجازت کی قطعاً ضرورت نہیں‘ ام مریم کی تحریر اس ماہ شامل محفل ہے پڑھ کر اپنی رائے کاا ظہار ضرور کیجیے گا اقرأ صغیر تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعہ پہنچ جائے گی۔
شگفتہ خان… بھلوال
پیاری شگفتہ! سدا آباد رہو، آپ کا نامہ موصول ہوا پہلے تو عمرے کی مبارک باد قبول کریں شکوہ بھی دور کرلیں کیونکہ ہم بھولے نہیں مصروفیت کے باعث محبت کا اظہار نہیں کیا ورنہ دعائوں میں تو سب کی طرح آپ بھی شامل رہتی ہیں۔ غیر حاضری ہمارے ساتھ سب نے ہی محسوس کی لیکن ان سطور سے جان جائیں گی آپ کی سہلیاں کہ آپ کہاں تھیں‘ آنچل آپ بہنوں کے لیے سجایا جاتا ہے اور قارئین اگر تعریف کریں تو محنت وصول ہوجاتی ہے‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔ آپ کا سفر نامہ ہم نے پڑھ لیا بے حد معلوماتی بھی تھا لیکن صفحات کی کمی کے باعث شائع کرنے سے معذرت خواہ ہیں۔
مریم اعجاز… لاہور
پیاری مریم! سدا ہنستی رہو‘ آپ کی تحریر ’’اور انتظار ختم ہوا‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ مزید محنت کریں‘ تحریر میں پختگی کے ساتھ آپ کی اپنی توجہ کی کمی کے باعث کہانی میں جھول آگیا‘ لڑکی نے محبت کی لیکن جہاں شادی کے بعد اولاد کی نعمت اسے حاصل ہوئی اس کی ساری توجہ اولاد پر آجائے گی اور باقی سب پس منظر میں چلا جائے گا آپ نے یہی دکھایا کہ وہ اب بھی محبوب کے لیے تڑپ رہی ہے جبکہ یہ غلط ہے اس لیے کہا جاتا ہے کہ مشاہدہ کے ساتھ اپنا مطالعہ بھی وسیع کریں تاکہ لکھنے میں مدد ملے۔
کنزہ… گوجرانوالہ
ڈیئر کنزہ سلامت رہو، آپ کی تحریر ’’بلا عنوان‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے صرف لفاظی سے تحریر میں حسن نہیں پیدا ہوتا بلکہ کرداروں پر بھی گرفت رکھنی پڑتی ہے جب ہی جاکر ایک معیاری تحریر سامنے آتی ہے‘ امید ہے مطالعہ و مشاہدہ کے ساتھ ان باتوں کو بھی ذہن میں رکھیں گی۔
مریم شہزادی… گوجرانوالہ
گڑیا مریم! سدا خوش رہو، آپ کی تحریر کلر ڈے موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے اپنا مطالعہ وسیع کریں تاکہ انداز تحریر میں پختگی آئے اور اسی طرح منفرد موضوع کا انتخاب کرتے کوشش جاری رکھیں اس تحریر کے لیے معذرت۔
نور المثال شہزادی… کھڈیاں، خاص قصور
ڈیئر نور! مسکراتی رہو، آپ کی تمام تحریریں بمع آرٹیکل پڑھ ڈالیں انداز تحریر کی کمزوری، ہر تحریر میں نمایاں رہی جبکہ تحریروں میں موضوع کا معیار بھی پسند نہیں آیا بالخصوص ’’راجہ ہو تو ایسا‘‘ بہت ہی بچکانہ سا موضوع لگا جبکہ دیگر کہانیوں میں بھی مزید پختگی اور بہتری کی ضرورت ہے۔ اپنا مطالعہ وسیع کریں دیگر مصنفین کا بغور مطالعہ کریں اور ان کے انداز تحریر اور مکالمات پر بھرپور توجہ دیں امید ہے لکھنے میں بہتری آئے گی۔
قابل اشاعت:۔
فارمولا، ہم ساتھ ساتھ ہیں، انا، اچھی آپا، آخری اسٹیشن، تمہارے لیے، ہم قاری لوگ، دل کی آواز بھی سن، ہاتھوں پہ لکھی تحریر ہے تو، خوشبو کے بندھے ہاتھ، مداوا، آگہی، جمال ہمنشین۔
ناقابل اشاعت:۔
کالی، رشتے کچھ احساس کے، آن لائن محبت، زیست کی منڈیر پر، بہت ساری جنتیں، میرے بابا، چاند استعارہ ہے محبت کا، اور انتظار ختم ہوا، راجہ ہو تو ایسا، ہمارے پیارے حکمران، یقین کامل ہی بندگی ہے، وطن کے نام، کوٹھے والی، عشق نہیں آساں، قصہ میرے ہرجائی کا، یہ وطن ہمارا ہے، چمن زہرہ، پشیمان، اعتماد کی ضرورت، ایک لڑکی دیوانی سی، بایاں ہاتھ، بساط عشق، مجھے خدا پر یقین ہے، بلا عنوان، ان کہی، سوالیہ کہانی، شجر کے دشمن، شکرانہ، کچی عمر پکی محبت، خاموش محبت، محبت جیت جاتی ہے، ایمان باقی ہے، قصہ چار ملاقاتوں کا، عشق صراط، بارشوں کا موسم، آنچل، چھوٹی سی غلط فہمی، درد فراق، سحر، ندامت، تمہارے جانے کے بعد، ووٹ اور نوٹ، چڑیل گروپ، یہ عشق نہیں آساں، بلا عنوا ن، ایثار، ویٹر، کلر ڈے، سب کچھ لٹا کے ہوش میں آئے، محروم دشت بے کراں۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close