Aanchal Sep-17

عید الضحٰی کے رنگ

سعیدہ نثار

٭ پہلے وقتوں میں خواتین بکرا منڈی نہیں جایا کرتی تھیں اب یہ ایک فیشن بن گیا ہے آپ کبھی گئی ہیں تو کیسا تجربہ رہا؟
٭ عید الاضحٰی کے موقع پر آپ کون سے منفرد پکوان تیار کرتی ہیں؟
٭ عید الاضحٰی کے موقع پر آپ اپنے باورچی خانے کو کس طرح صاف کرتی ہیں اور کون کون سے مصالحہ جات پہلے سے تیار کرلیتی ہیں؟

ڈاکٹر شمائلہ خرم…بورے والا
سب سے پہلے تمام قارئین کو میری طرف سے سلام اور عیدالاضحی کی ڈھیروں خوشیاں ایڈوانس مبارک ہو!
1) یہ سچ ہے کہ پہلے وقتوں میں خواتین بکرا منڈی نہیں جایا کرتی تھیںکیونکہ وہ پردے کا خاص اہتمام کرتی تھیں لیکن آج کے جدیددور میں خواتین کا بکرا منڈی جانا ایک فیشن بن چکا ہے۔مگر ہمارے گھر میں ایسا نہیں ہوتا سو میرا بکرا منڈی جانے کا کوئی تجربہ نہیں۔
2) عیدالاضحی کے موقع پر گھر میںکوئی زیادہ پکوان نہیں بنتے۔ سالن کے علاوہ نمکین گوشت بنتا ہے جو کے سب گھر والوں کو بہت پسند ہے۔
3) دوسری عید کی طرح اس عید پر بھی کوئی زیادہ ڈشز نہیں پکائی جاتی۔ ہاں ایک دو ڈشز بنتی ہیں جب ڈشز پکانی ہو تب ہی سارے مصالحہ جات تیار کیے جاتے ہیں۔
اقرا حفیظ… کھلا بٹ، ٹائون شپ
السلام علیکم قیصر آنٹی تمام آنچل اسٹاف اور قارئین کو عید کی بڑی خوشیاں مبارک ہوں، بے شک عید الاضحیٰ خوشیوں کے ساتھ جذبہ ایثار، اطاعت خداوندی اور باہمی ہمدردی کا درخشاں پیغام لے کر آتی ہے اسی لیے ہمیں تاریخ اسلام کے اس سبق آموز حصے کو ذہن میں رکھ کر عید کے رنگوں میں گھلنا چاہیے کہ جب تھا
سعادت مند بیٹا جھک گیا فرمان برداری پر
زمیں و آسمان حیران تھے اطاعت گزاری پر
ہر بار سروے کے جوابات بھیجنا چاہتی ہوں لیکن وہ منیر نیازی کا مصرعہ ہے نا ’’ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں‘‘ ایسا ہی میرے ساتھ بھی ہوتا رہا اس لیے اس بار عجلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چلتی ہوں جوابات کی جانب۔
۱) پہلے سوال کا جواب اگر اپنی حالیہ ذہنی کیفیت کو سامنے رکھ کر دوں تو شاید چند لوگوں کی طبیعت پر گراں گزرے لیکن ہر جگہ فلسفے جھاڑنا اچھا نہیں لگتا سو جواب یہ ہے کہ ہمارے ہاں یہ فیشن ابھی تک لاگو نہیں ہوا اور خدا کرے نہ کبھی ہو اس لیے نہ کوئی ایسا اتفاق ہوا اور نہ کوئی تجربہ۔
۲) اب تک تو امی جان کے ہاتھ کے پکائے ہوئے پکوان نوش جاں کرتے رہے لیکن اس بار ارادہ ہے ان شاء اللہ آنچل ’’ڈش مقابلہ‘‘ سے کوئی اچھی سی ڈش ٹرائی کروں گی۔
۳) عید الاضحیٰ میں باورچی خانے کا صاف ستھرا رکھنا کافی مشکل ہے لیکن یہی تو عید کا مزہ ہوتا ہے تاہم بار بار کچن کو صاف کرنا پڑتا ہے مصالحہ جات میں تقریباً ہر ایک مصالحہ پہلے سے تیار ہوتا ہے پیاز کاٹنے اور لہسن چھیلنے کا کام ایک دن پہلے ہی کردیتی ہوں تاکہ بعد میں دشواری نہ ہو۔
عید الاضحیٰ ہمارا مذہبی تہوار ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس عید کو بھرپور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ گزارنے کی توفیق عطا فرمائے اور حجاج کرام کے حج قبول فرمائے آمین، اس پیغام کے ساتھ اجازت چاہوں گی کہ
اپنے لیے تو سب ہی جیتے ہیں اس جہاں میں
ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا
فیاض اسحاق لہانہ… سلانوالی
۱) فرسٹ آف آل میری طرف سے تمام امت مسلمہ کو عید الاضحیٰ کی بہت بہت مبارک، اللہ پاک سب کو عید کی خوشیاں نصیب فرمائے آمین، ہمارے ہاں آج تک پرانا وقت ہی چل رہا ہے ہمارے ہاں خواتین آج بھی بکرے کی خریداری نہیں کرتیں یہ ذمہ داری آج بھی مرد حضرات ہی پوری کرتے ہیں۔
۲) عید الاضحیٰ کے فرسٹ ٹوڈیز تو ٹیپکلی پرانے ہی پکوان پکائے جاتے ہیں پھر اس کے بعد مابدولت خوب الٹی سیدھی ڈشز تیار کر کے زبرستی داد وصول کرتی ہوں۔
۳) ویسے تو کچن کی ڈسٹنگ ڈیلی کا معمول ہے بٹ عید کے موقع پر کچن کو خوب چمکایا جاتا ہے، سیٹنگ چینج کی جاتی ہے کچھ نئے برتن بھی کچن کی زینت بنائے جاتے ہیں مصالحہ جات کے اندر سارے مصالحوں کو مکس کر کے ایک دن پہلے ہی فریزر کر لیا جاتا ہے تاکہ کوئی پرابلم نہ ہو۔
طیبہ خاور سلطان… وزیر آباد
۱) السلام علیکم میری طرف سے تمام پڑھنے والوں کو بہت بہت عید مبارک جی ابھی تک تو ایسا اتفاق نہیں ہوا کہ میں بکرا منڈی جائوں آگے دیکھیے۔
۲) گوشت مجھے بالکل بھی نہیں پسند ویسے پکا لیتی ہوں زیادہ تر میٹھا ہی پکاتی ہوں جو نئی ریسپی ملتی ہے پکا لیتی ہوں ویسے کلیجی پسند ہے تو سب سے پہلے کلیجی ہی پکاتی ہوں‘ قربانی کا گوشت دیکھ کے ویسے ہی دانتوں میں درد شروع ہوجاتا ہے پہلے ہی۔
۳) پنجابی پلائو لازمی پکتا ہے ویسے ہم پہلے ہی لہسن وغیر چھیل کر رکھ دیتی ہیں ویسے گرم مصالحہ، اچار مصالحہ، بریانی مصالحہ یہ سب پہلے سے موجود ہوتا ہے کچن کو دھونا اچھے سے پھر ہر ایک چیز کو اپنی جگہ پر رکھنا تاکہ عین ٹائم پر مسئلہ نہ ہو ہر چیز پہلے سے ریڈی ہوتی ہے۔
رقیہ ناز… میلسی
اس مرتبہ ہم نے سعیدہ نثار کے عید سروے میں آخر ہمت کر ڈالی تمام بہنوں کو عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک۔
۱) مجھے شاپنگ کرنے کا شوق نہیں توبکرا منڈی کیسے جاسکتی ہوں ما شاء اللہ ہمارے گھر کا پالتو بکرا عید کے لیے تیارہوتا ہے جو کہ پورا سال تنگ کرتا ہے اور آخر کے دن میں ہم اسے کبھی نہلا کر کبھی سجا کر تنگ کرتے ہیں ذبح کرنے کے بعد کچھ دن اس کی یاد بہت آتی ہے۔
۲) پہلے تو نہیں پکاتی تھی اب پکائوں گی رات کو میوہ والی کھیر پکائوں گی جو کھانی کم پکانی زیادہ اچھی لگتی ہے صبح آلو کے کباب یا قیمہ بھرے آلو پکائوں گی اتنا ہی کافی ہوتا ہے۔
۳) روز روز صاف کر کے عید کے دن اسپیشلی صاف نہیں کرنا پڑتا اور مصالحہ جات کچھ خاص نہیں بس لہسن چھیلنا مشکل لگتا ہے جو پہلے ہی کافی سارا چھیل کر اور اس کا پیسٹ تیارکرکے رکھ لیتی ہوں جس سے تھوڑا کام آسان ہوجاتا ہے۔
حافظہ صائمہ کشف… فیصل آباد
۱) یہ آپ نے ٹھیک کہا کہ اب فیشن بن گیا بکرا منڈی جانے کا لیکن ہم نے تو کبھی سوچا بھی نہیں ہم نے تو کبھی باہر کا دروازہ تک نہیں دیکھا الحمدللہ ہمارا پردہ اتنا اچھا ہے ہم تو کبھی ڈاکٹر کے پاس بھی نہیں گئے گھر میں میڈیسن لادی جاتی ہے ڈاکٹر کو کیفیت بتا کر اگر زیادہ مسئلہ کو پھر بھی نہیں جائے ڈاکٹر کو بلا لیا جاتا ہے بکرا منڈی جانا تو دور کی بات کبھی سوچا بھی نہیں۔
۲) کوئی خاص پکوان نہیں پکاتے ہیں ہم صرف کباب فرائی کرتے ہیں باقی ویسے ہی سالن پکتا ہے ہم گوشت کے تین حصے کرتے ہیں ایک حصہ کو گائوں والوں جس جس نے قربانی نہیں کی ان کو دیتے ہیں دوسرا رشتہ داروں کا حصہ لوگوں کو بانٹتے ہیں کیونکہ محلے والوں ہمسایوں کا زیادہ حق ہے باقی کچھ رشتہ داروں کو بھیجتے ہیں اور رہا اپنا حصہ تو عید کے موقع پر یہ ہمارے رشتہ دار اکٹھے ہوتے ہیں چاچو لوگ پھوپو کی فیملی بھی آجاتی ہیں کبھی اسی طرح باقی ان کے لیے کھانا پکتا ہے چاول پکا لیتے ہیں چاولوں میں ڈال لیا گوشت لیکن کچھ خاص پکوان نہیں پکاتے بس اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے لوگوں کو غریبوں کو زیادہ دیں وہی ہمارے کام آئے گا میرے ابو امام مسجد ہیں اس لیے ہم زیادہ حصہ لوگوں کے لیے نکالتے ہیں ہماری تین قربانیاں ہوتی ہیں ہر بار تین قربانیوں میں زیادہ حصہ لوگوں کو حق داروں کو دیتے ہیں اللہ سب کو توفیق دے۔
۳) کچن ہمارا الحمدللہ صاف رہتا ہے ایسے لگتا ہے جیسے آج ہی نیا تیار ہوا ہے باقی مصالحہ جات وقت پر ہی تیار کرتے ہیں عید سے پہلے دو تین دن مہمان آ جاتے ہیں کچھ موقع نہیں ملتا ویسے بھی وقت پر ہی پکا لیتے ہیںکچھ خاص ضرورت نہیں ہوتی پہلے پکانے کی پھر ہمارے مہمان بھی دس پندرہ دن رہتے ہیں اس لیے وقت پر پکتا ہے سب کچھ۔
میزاب… قصور
۱) اس فیشن کی مجھے تو سمجھ میں نہیں آتی پتا نہیں عورتوں کے پاس اتنا لور لور پھرنے کا ٹائم کہاں سے آجاتا ہے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں تو وہ بڑی بات ہے جب یہ مردوں کا کام ہے تو ضروری ہے اس میں بھی عورت ٹانگ اٹکائے ہم تو بھئی تھوڑی سی شاپنگ کرکے اتنا تھک جاتے ہیں اور یہ لیڈیز ہیں کہ بکرا منڈی پہنچ گئیں سیدھا سا جواب یہ کہ ہم لوگ کبھی بکرا منڈی نہیں گئے یہ بھی کوئی جانے کی جگہ ہے عورتوں کی مجھے تو پتا نہیں یہ جواب لکھتے ہوئے بھی کیا ہو رہا ہے۔
۲) ارے کیا منفرد پکانا ہے پکاتے پکاتے خود کا عرق نکل جاتا ہے اور یہ چٹورے لوگ میرے لیے کچھ چھوڑتے بھی نہیں تو اس لیے جو جس نے کھانا ہے وہ خود بھابیاں پکائیں اور کھائیں ہم تو ایسے بھی مست ہیں۔
۳) ہمارے کچن میں تو سارے مصالحے ہمہ وقت تیار ملتے ہیں تو اس کی ٹینشن کبھی نہیں ہوتی اور عید سے پہلے تو اسپیشلی خیال رکھا جاتا ہے کہ کوئی چیز عین ٹائم مس نہ ہو اور رہی بات کچن کی صفائی کی تو اس کے پیچھے تو میں ہر وقت پڑی رہتی ہوں ایک بھائی تو اس بات سے مجھ سے زیادہ ہی تنگ ہے کیونکہ اس سے جو کروانی ہوتی ہے وہ کریں چاہے نا کریں تو پھر میں خود کرتی ہوں عید الاضحیٰ کے لیے تو زیادہ گوشت کے لیے صاف کپڑے وغیرہ کا دھیان رکھتی ہوں کہ کسی چیز پر مکھی نا بیٹھے۔
شازیہ ہاشم… میواتی
۱) کبھی بھی نہیں گئی الحمدللہ قربانی کا جانور ہمارے گھر کا ہی ہوتا ہے اور میں اس کو مناسب نہیں سمجھتی کہ عورت بکرا منڈی جائے۔
عید الاضحیٰ کے موقع ہمارے ہاں ’’پلائو‘‘ زیادہ پکتا ہے لیکن میں ریسیپیز دیکھ کر منفرد ڈش پکانے کی کوشش کرتی ہوں ویسے مجھے ہانڈی کباب سب سے زیادہ اچھے لگتے ہیں۔
۳) عید الاضحیٰ کے موقع پر کچن کی مکمل صفائی کرتی ہوں اور مصالحہ جات پہلے سے تیار نہیں کرتی بلکہ جب کچھ پکانا ہو تو ساتھ ہی تیار کرتی ہوں۔
پروین افضل شاہین… بہاولنگر
۱) میں آج تک بکرا منڈی نہیں گئی کیونکہ میرے میاں جانی کہتے ہیں کہ اگر تمہیں بکرا منڈی لے گیا اور تم گم ہوگئیں تو اتنی بکریوں میں، میں تمہیں کیسے پہچانوں گا۔
۲) عید الاضحیٰ کے موقع پر میں قورمہ چکن تکہ، ملائی بوٹی اور سیخ کباب تیار کرتی ہوں۔
۳) کچن تو میں ہر وقت ہی صاف رکھتی ہوں گرم مصالحہ پائو بھر پہلے سے ہی منگوا لیتی ہوں ہرا مصالحہ بھی جلدی جلدی تیار کرلیتی ہوں تاکہ میاں جی آئیں اور میرا ہاتھ بٹائیں تاکہ پکوان تیار کر کے ہم خود بھی کھائیں اور اپنے اپنے سسرال بھی بھیجیں۔
اقرا جٹ… منچن آباد
السلام علیکم اہل پاکستان سب سے پہلے تو عید الاضحیٰ مبارک ہو سب کو‘ عیدین ہمارے مذہبی تہوار ہیں جو ہمیں اخوت و بھائی چارہ کا درس دیتی ہیں۔
۱) نہیں جی، ہم کبھی بکرا منڈی نہیں گئے پہلے ہمارے خود کے بکرے الحمدللہ ہوتے تھے اب کچھ سالوں سے گائوں سے لے لیتے ہیں بکرا منڈی سے آج تک ہم نے بکرا لیا ہی نہیں جی۔
۲) عید الاضحیٰ کے موقع پر میں بس مما جانی کی تھوڑی بہت ہیلپ کراتی ہوں پکوان کوئی بھی تیار نہیں کرتی ہاں بس کبھی کبھار کوئی سوئٹ ڈش پکالیتی ہوں۔
۳) ہمارا باورچی خانہ رہتا ہی صاف ہے کیونکہ بھئی میری مما جانی بہت صفائی پسند ہیں اگر کبھی صاف بھی کرنا پڑے تو مما جانی خود ہی کرتی ہیں مگر ان کو میری کی گئی صفائی پسند نہیں آتی (کیونکہ میں تو جان چھڑواتی ہوں ہاہاہا) اور تقریباً تمام مصالحہ جات پہلے سے تیار کردیتی ہوں مما کو مصالحہ جات کیا تیار کرتی ہوں گویا احسان عظیم کرتی ہوں (سارا دن پھر بیٹھ کر کھاتی ہوں ہی ہی ہی ہی) اب ہمیں دیں اجازت اللہ حافظ۔
مدیحہ نورین مہک… گجرات
۱) السلام علیکم، سب سے پہلے سب کو میری طرف سے عید مبارک اللہ یہ عید سب کے لیے خوشیاں لے کر آئے آمین، بالکل یہ ایک فیشن ہی بن گیا ہے بکرا منڈی جانا اور سچی بات ہے میرا آج تک بکرا منڈی جانا ہوا ہی نہیں مگر ہاں بکروں کے جو ریوڑ گلی گلی پھرتے ہیں ان میں سے خود ضرور پسند کرتے ہیں اور بہت اچھا لگتا ہے بہت خوشی ہوتی ہے۔
۲) عید الاضحیٰ کے موقع پر زیادہ تر قورمہ اچار گوشت بریانی ہی پکائی جاتی ہے میکرونی وغیرہ بھائی کھاتے ہیں نہ پکانے دیتے ہیں۔
۳) باورچی خانے کی صفائی تو عید سے کچھ دن پہلے ہی تفصیل سے کرلی جاتی ہے اور خصوصاً بڑی عید پر سارا کچن کا کام امی کے ذمہ ہوتا ہے وہ جانیں اور کچن جانے ہم فری ہیں۔
فرحت اشرف گھمن… سید والا
۱) قربانی کے جانور ہم اپنے فارم ہائوس میں ہی پالتے ہیں عید سے دو مہینے پہلے ایک ملازم کو خاص دیکھ بھال پر مامور کردیتے ہیں پھر جب تینوں بھائی ہاسٹل سے آتے ہیں وہ بکرے اور بیل کے باتھ پر خوب شیمپو کی بوتل ختم کرتے ہیں ہم نے بھی کھی نہیں بکرا منڈی سے جانور خریدا لہٰذا اس لیے خواتین کے جانے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہم نے تو کبھی اپنا قربانی کا جانور بھی نہیں دیکھا بکرا تو بھائی گھر دکھانے کے لیے لے آتے ہیں بیل نہیں لاتے۔
۲) عید کے دن کچن سے میرا مکمل ریسٹ ہوتا ہے اتنی ویل ڈریسنگ اور میک اپ کے ساتھ مجھ سے کچن میں کام نہیں ہوتا۔ ہم ساری سسٹرز اور کزنز خوب ہلا گلا کرتی ہیں عید کے دوسرے دن میں اپنے پکوان تیار کرتی ہوں آنچل کے پورے سال کے شمارے نکالتی ہوں جو ڈشز اچھی لگیں وہ پکالیتی ہوں ہمیشہ سب تعریف ہی کرتے ہیں۔
۳) عید الاضحیٰ کے موقع پر میں کچن کی تفصیلاً صفائی کرتی ہوں کیبنٹ شیلف مصالحہ جات کے ڈبے ہر چیز چمکا دیتی ہوں مصالحہ جات میری دادی اماں تیار کردیتی ہیں اس لیے مصالحہ جات سے میری چھٹی ہوتی ہے۔
انیلا طالب… گوجرانوالہ
پہلے تو تمام آنچل اسٹاف اور اس کے پیارے پیارے رائٹر اینڈ ریڈرز کو سلام اور تہہ دل سے عید کی خوشیاں مبارک ہوں، آتی ہوں اب جوابات کی طرف۔
۱) جی میں تو نہ کبھی بکرا منڈی گئی نہ بازار کیونکہ الحمدللہ ہم ذرا شرعی ماحول کے ہیں اس لیے باہر وغیرہ نہیں جاتے اس لیے مجھے تو بکرا منڈی جانے کا اتفاق زندگی میں ایک بار بھی نہیں ہوا۔
۲) میری پیاری سوئٹ سی امی جان اس دن ہمیں کوئی کام نہیں کرنے دیتیں وہ کہتی ہیں بس تم لوگ کپڑے پہن کر تیار ہوجائو دوستوں سے گپ شپ کرو تو اس لیے کچن میں کھانے پکانے کی مکمل ذمہ داری سے اس دن میں فارغ ہوتی ہوں، امی بریانی دہی بڑے تکہ بوٹی املی آلو بخارے کی چٹنی، دودھ دلاری وغیرہ تیارکر کے ہماری عید کا مزہ دوبالا کردیتی ہیں منفرد پکوانوں میں تکہ بوٹی اور ساتھ کھٹی میٹھی بوٹی پکاتی ہیں کھٹی میٹھی بوٹی کو ہم لوگ گڑھ اور املی کی چٹنی جس میں ادرک ملا ہوتا ہے اس کے ہمراہ سینکی ہوئی بوٹیاں لگا کر کھاتے ہیں بہت مزے کی میری سسٹر زینب پکاتی ہے۔
۳) کچن سے جالے وغیرہ اتار کر تمام کیبنیٹ صاف کرلیے جاتے ہیں دروازے اور کھڑکیاں سرف ایکسل سے دھو لیں جاتیں ہیں برتن رکھے جانے والے لکڑی کے بڑے سے ریک میں خوب صورت پرنٹڈ شیٹ کاٹ کے بچھائی جاتی ہے کچن کا سارا فرش خوب صاف ستھرا کرلیا جاتا ہے فرش کو دھونے کے لیے گرم پانی سارے فرش پر ڈالنے کے بعد سرف چھڑک کر کونہ کونہ صاف کرلیا جاتا ہے مرچ مصالحوں والے ڈبے دھو لیے جاتے ہیں میری کوشش ہوتی ہے کہ کچن میں نہیں تو کسی بائول میں گلاب کی پتیاں پانی ڈال کے ضرور کسی کمرے میں رکھ دوں موسم بہار میں تو اکثر جار میں پتیاں اور پانی میں ڈال کے خوشبو کے لیے رکھ دیا جاتا ہے آپ کچن میں رکھ کے دیکھیے مصالحوں کی رنگا رنگ خوشبو میں گلاب کی خوشبو کتنا اچھا اثر ڈالے گی عید سے پہلے کی رات ہم لوگ کوئی مصالحہ وغیرہ نہیں تیار کرتے اس رات سارا فرش بلکہ گھر دھوتے ہیں کچن بھی پھر کپڑے پریس کرتے آدھی رات ہوجاتی ہے پکانے کھانے کا کام عید کی صبح سے شروع ہوتا ہے عید کے حوالے سے تمام پیاری قارئین کے لیے میرا پیغام ہے اس دن خدا کو ضرور یاد رکھیں اور اس خدا کی خدائی میں رہنے والے غریبوں کو بھی آپ کی عید کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔
ارم کمال… فیصل آباد
سب سے پہلے میری طرف سے تمام بہنوں اور آنچل کے اسٹاف کو عید الاضحیٰ کی بہت بہت مبارک قبول ہو۔
۱) مجھے تو بکروں اور گائیوں سے ویسے ہی بڑا خوف آتا ہے گھر میں بکرا ہو تو میں وہاں جانے سے ہی گریز کرتی ہوں میرے میاں جی مجھے کہیں بھی تو میں تو نہیں جانے والی۔
۲) عید پر گوشت کے روایتی پکوان ہی پکتے ہیں کیونکہ میاں جی کا کہنا ہے کہ اس گوشت کی بڑی عزت ہوتی ہے اور اسے اہتمام سے پکا کر کھانا چاہیے تو میں قیمے کی ٹکیاں دم والا قیمہ کڑاہی گوشت کو نئے نئے طریقوں سے پکاتی ہوں۔
۳) عید سے دو چار دن پہلے سارے کچن کی تفصیلی صفائی کرتی ہوںفریج کو بھی صاف کرلیتی ہوں اس کے بعد کچھ مصالحہ جات تیار کر کے رکھ لیتی ہوں تاکہ عید کے دن دقت نہ ہو مثلاً کافی سارا لہسن ادرک پیس کر شیشی بھر کے فریج میں رکھ لیتی ہوں اس کے علاوہ پیاز کتر کر فریز کر دیتی ہوں ڈھیر ساری پیاز تل کر رکھ لیتی ہوں سفید زیرہ اور کالی مرچ توے پر بھون کر پھر پیس کر شیشی بھر لیتی ہوں ٹائم ملے تو بریانی کا مصالحہ تیار کر کے فریز کرلیتی ہوں۔
شہلا گل…
عید قرباں کی ڈھیروں مبارکباد اللہ تعالیٰ ہمیں سنت کے مطابق قربانی کرنے کی توفیق دے، آمین۔
۱) سچ بات تو یہ ہے کہ میں فطرتاً بزدل واقع ہوئی ہوں اور بکروں سے مجھے ڈر بھی لگتا ہے قربانی کے یہ معصوم جانور مجھے بہت پسند ہیں مگر میں بہت نزدیک نہیں جاتی اور ہمارے ہاں بکری منڈی مرد جاتے ہیں کیونکہ ادھر بکرے ہی بکرے اور مرد ہی مرد نطر آتے ہیں۔
۲) سب سے پہلے پکتی ہے کلیجی، پھر مٹن کڑاہی، سیکنڈ ٹائم بریانی، اچار گوشت اور چانپوں کی ڈش پکاتی ہوں رات کو بار بی کیو ضرور ہوتا ہے۔
۳) عید قرباں سے پہلے کچن کو ہر طرح سے چمکاتی ہوں۔تمام اوزار تیز کراتے ہیں قیمہ نکانے کی مشین صاف کر کے سیٹ کردیتی ہوں خاص کر فریج صاف کرتی ہوں کہ میکے سے گوشت بڑی مقدار میں آتا ہے تمام نزدیکی رشتے دار میرا حصہ امی کو بھیج دیتے ہیں کیونکہ میں بکرا زیادہ بانٹ دیتی ہوں مصالحہ جات میں سے تیار مصالحے اچار گوشت مٹن کڑاہی مصالحہ، بریانی مصالحہ، پائے مصالحہ، وائٹ گوشت مصالحہ ان کو الگ الگ بوٹل میں ڈال دیتی ہوں اور خاص کر سوکھا دھنیا اور انار دانہ پیس کر ایک ہی بوتل میں بھر لیتی ہوں اجوائن کا استعمال بھی گوشت پر کرتی ہوں پکانا اچھا لگتا ہے مگر کھانا نہ کھانے کے برابر ہوتا ہے۔
ماہم نور انصاری… پریٹ آباد، حیدر آباد
السلام علیکم سب سے پہلے تمام امت مسلمہ کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد آپ کی کہی ہر بات کی حقیقت سے مکمل طور پر متفق ہوں کہ ہمارا معاشرہ ترقی کے نام پر آگے بڑھ رہا ہے اتنا آگے کہ اپنے مذہبی تہواروں کو بھی اسی ’’بے نام ترقی‘‘ کی نذر کر رہا ہے کہ جس میں ہر شخص اظہار رائے اور ہر فعل میں آزاد ہو لیکن ایسے صاحب نظریات شخص کے لیے میں صرف اتنا کہوں گی کہ ہر فعل میں آزاد ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ دین کے معاملات میں بھی مکمل طور پر آزاد ہیں مثلاً قربانی کے معاملے میں غربا تک ان کا حصہ نہ پہنچانا یا تو پھر سارا گوشت فریزر میں جمع کرلینا خدارا سنت ابراہیمی کے تقاضوں کو تو احسن طریقے سے انجام دیں کیونکہ آخرت میں اس کے بارے میں سوال ضرور ہوگا ادارے کی اتنے اہم مسئلے پر رہنمائی قابل تحسین ہے اب آتے ہیں جوابات کی جانب۔
۱) آپ نے کہا کہ خواتین پہلے منڈی نہیں جایا کرتی تھیں مگر اب یہ فیشن بن گیا ہے تو جواب سوال ہی میں پوشیدہ ہے جی ہاں جو چیز فیشن کے نام پر لوگوں کو بے راہ روی کا شکار کرے میں ایسی چیزوں سے اجتناب برتتی ہوں سو آپا مجھے یقین ہے کہ میں زندگی بھر ایسے کسی تجربے سے محروم رہوں گی۔
۲) ویسے تو اس معاملے میں بالکل کوری ہوں مگر عید الاضحیٰ کے موقع پر کھانے کے ساتھ ساتھ پکانے میں مدد ضرور کرتی ہوں ہر سال فیملی بالخصوص اپنے بھائیوں کے ساتھ چھت پر بار بی کیو کو بہت انجوائے کرتی ہوں چونکہ پکوان تو میں تیار کرتی نہیں لیکن امی کیا تیار کرتی ہیں یہ ضرور بتا سکتی ہوں جی ہاں ہمارے ہاں اس موقع پر کچے قیمے کے کباب وائٹ پلائو اور بیف بوٹیاں پکائی جاتی ہیں۔
۳) اس سوال کے جواب میں بہت شرمندگی محسوس کر رہی ہوں کہ امور خانہ داری سے دوری اتنی نہیں ہونی چاہیے خیر آنچل ہمیشہ رہنمائی کرتا ہے سو اس سوال کو اگلے سال پوچھیے گا کیونکہ ان شاء اللہ اس برس صفائی کرنا اور مصالحے تیار کرنے پر ضرور عمل کروں گی۔
سلمیٰ عنایت حیا… کھلا بٹ ٹائون شپ
سوئٹ اینڈ کیوٹ قارئین السلام علیکم آپ سب کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتی ہوں دعا گو ہوں کہ یہ عید ہم سب کے لیے اور خصوصاً ہمارے ملک کے لیے ڈھیرو خوشیاں لائے اور ہمیں صحیح معنوں میں سنت ابراہیمی کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین، اب بڑھتے ہیں سروے کی جانب۔
۱) پہلے وقتوں میں کیا اس دور میں بھی ہمارے علاقے میں کوئی فیشن نہیں ہے یہاں پر مرد حضرات جا کر جانور وغیرہ خریدتے ہیں میں بچپن میں گئی تھی صرف ایک بار تجربہ بھی اچھا رہا کیونکہ صاحب استطاعت عید کی خوشیوں میں شریک ہونے اور سنت ابراہیمی کو پورا کرنے کا جذبہ لے کر منڈی میں موجود ہوتے ہیں ان کا جوش دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
۲) عید کے موقع پر کباب وغیرہ اور پائے کلیجی وغیرہ امی جان کے ہاتھوں کے پسند ہے مگر میری فیملی کو میرے ہاتھوں کی پکائی ہوئی نہاری بہت پسند ہے جس کی فرمائش بھی کی جاتی ہے اور داد بھی دی جاتی ہے۔
۳) عید کے دن کے لیے کچن کے شیلف کی، کراکری اور سبزی ریک وغیرہ کی صفائی خوب اچھی طرح کرتی ہوں تاکہ عید کے دن میرا گھر چمک رہا ہو مصالحہ جات تیار کرنے والی بات کچھ یوں ہے کہ میری امی جان فریش مصالحہ تیار کر کے یوز کرنے کی عادی ہیں ان کے مطابق چتنی چیز، تازہ بنا کر فائدہ دیتی ہیں اتنی پہلے سے بنائی ہوئی نہیں اس لیے سب کچھ منگوا دیا جاتا ہے اور ضرورت پڑنے پر فریش مصالحہ تیار کیا جاتا ہے اور استعمال کیا جاتا ہے۔
زعیمیہ روشن… آزاد کشمیر
السلام علیکم سب سے پہلے آنچل فیملی، قارئین کرام کو میرا پر خلوص سلام اور عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک (ایڈوانس) اب آتے ہیں سوالات کی طرف۔
۱) پہلا سوال بہت ہی اہم کوئسچن ہے سو مختصر میں تو کبھی نہیں گئی لیکن جانا بھی نہیں چاہیے کیونکہ یہ مردوں کے کام ہیں اگر کسی کے گھر میں نہ ہو تو وہ الگ بات ہے جیسا کہ آپ نے کہا کہ یہ ایک فیشن بن گیا ہے تو وہ فیشن بہت ہی غلط ہے میں اپنے پوائنٹ آف ویو سے یہی کہوں گی کہ ایسے فیشن سے دور ہی رہیں مردوں کے کام عورتوں کو سوٹ ایبل نہیں کرتے ہاں اگر گھر میں کوئی بکرا، بیل، گائے کی قربانی پسند کر کے کرنی ہو تو اچھی بات ہے۔
۲) عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت وافر مقدار میں ہوتا ہے تو میں اچار گوشت بہت زیادہ پکاتی ہوں اس کے علاوہ مختلف قسم کے کباب، مٹن بریانی اور مٹن سے بنی تمام چیزوں کے علاوہ چنا چاٹ ہی پکاتے ہیں۔
۳) اف کیسا سوال پوچھ لیا سچ بتائوں تو کچن جتنا بھی پکا صاف ستھرا کرلوں لیکن گندہ عین عید کے دن ہوتا ہے وہ ایسے کہ بھائی پورے گوشت کی بنڈیاں لا کر پھینک دیتے ہیں گوشت ہی گوشت خون ہی خون ویسے تو گھر میں بھابیاں ہیں امی ہیں مگر پھر صفائی (ماسی) کا کام میرا ہی ہوتا ہے سو بڑی تھکاوٹ ہوتی ہے دل کرتا ہے ایک الگ کمرہ ہو اور سکون کی نیند سو جائوں مگر… کیا کروں قائد اعظم کا قول یاد کرا دیتے ہیں سب کام کام اور صرف کام اور کرنا بھی چاہیے کیونکہ ہم چاہتے ہیں ہمیں خوشیاں ملیں تو اس کے لیے ہمیں خوشیاں دینی پڑے گی ہر انسان چاہتا ہے کہ وہ خوش رہے سکون میں رہے مگر وہ یہ کیوں نہیں سوچتا کہ وہ دوسروں کو خوش رکھے دوسروں کو سکون دے ہم جیسا آج کل کے معاشرہ کا کند ذہن انسان یہ سوچتا ہے کہ چھوڑو یار ایک میرے ٹھیک ہونے سے معاشرہ ٹھیک نہیں ہوگا میں ان سے یہ ہی کہنا چاہتی ہوں کہ ہوگا معاشرہ ٹھیک ضرور ہوگا کیونکہ قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے اگر ایک قطرہ یہ سوچے کہ میرے نہ گرنے سے دریا سمندر رک نہیں جائے گا تو واقعی میں ایسا نہیں ہوتا قطرہ سے دریا بنتا ہے دریا سے سمندر بنتا ہے اور ایک اچھے انسان سے ماحول بنتا ہے ماحول سے معاشرہ بنتا ہے اور معاشرہ ٹھیک ہو تو… سب ٹھیک۔
رہ گیا سوال مصالحہ جات کا تو پہلے سے تو نہیں بناتے مگر کچھ بنوانا ہو تو اپنا یوٹیلٹی اسٹور ہے تمام مصالحے جات منگوائے اور تیاری شروع کردیتے ہیں۔ ویسے میں عید سے ایک دن پہلے ان سب کی تیاری مکمل کرلیتی ہوں اجازت چاہتی ہوں فی امان اللہ۔
ٹوٹے رشتے وہ جوڑ دیتا ہے
بات جو رب پہ چھوڑ دیتا ہے
اس کے لطف و کرم کے کیا کہنے
لاکھ مانگو تو کروڑ دیتا ہے
صائمہ مشتاق… سرگودھا
۱) نہیں جی، ہم لوگ بکرا منڈی کبھی نہیں گئے ہاں ہمارے مرد حضرات کا یہ کام ہوتا ہے۔
۲) چٹ پٹے سیخ کباب۔
۳) ہم نہ صرف باورچی خانہ کی صفائی کرتے ہیں بلکہ سارے گھر کو عید الاضحیٰ کے موقع پر رنگ کیا جاتا ہے میں ادرک کا پیسٹ بنا کر پہلے رکھ دیتی ہوں ٹماٹو کیچپ اور چاٹ مصالحہ بھی گھر پر تیار کرتی ہوں گوشت بانٹنے کے لیے شاپر وغیرہ بھی پہلے منگوا کر رکھ دیتے ہیں۔
زندگی میں یہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں آتی ہیں اس لیے ہمیں چاہیے کہ غریبوں کو بھی اس موقع پر یاد رکھیں۔
شازیہ اینڈ حرا… نور پور
السلام علیکم! پہلے تو میری طرف سے تمام پڑھنے والوں اور تمام رائٹرز کو بہت بہت بڑی عید مبارک اللہ آپ تمام کو ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب کرے آمین، واقعی بڑی عید کی بڑی خوشی یہ بھی ہوتی ہے کہ ہم اللہ کی راہ میں سنت ابراہیمی کو احسن طریقے سے پورا کرسکین لیکن اب تو لوگوں نے قربانی کے عجیب طریقے بنا لیے ہیں اول تو قربانی ہی نہیں کرتے اور اگر جو کرتے بھی ہیں محض دکھاوا تاکہ سب میں ہماری واہ واہ ہوسکے کہ فلاں نے اتنی بڑی قربانی کی ہے لیکن یہ نہیں سوچتے کہ بڑی قربانی وہ ہوتی ہے جو اللہ کے پاس قبول ہو بس دعا ہے کہ اللہ ہمیں صحیح طریقے سے قربانی کی توفیق دے آمین۔
۱) بھئی بہت اچھا سوال ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم کبھی بکرا منڈی گئے نہیں کیونکہ ہمارے گھر میں ڈھیر سارے بکرے دنبے اور گائے ہیں کیونکہ میرے ابو اور بھائیوں کو بہت شوق ہے یہ سب کچھ رکھنے کا تو میرے ابو اور بھائی شوق سے ان کو پالتے ہیں پھر ان میں سے دنبہ یا بکرا خود قربان کرتے ہیں اور باقی سب کو منڈی میں جا کر بیچ دیتے ہیں ویسے ایک مزے کی بات بتائوں کہ جب میں چھوٹی تھی تو ایک بکرا لیا تھا پھر اس کو میں نے شوق سے پالا تھا کیونکہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم ہر سال قربانی کرتے ہیں تو میں نے بھی اپنے بکرے کی قربانی کی تھی سب کہتے تھے کہ تمہارا بکرا بہت خوب صورت ہے ہمیں دے دو لیکن میں نے کہا تھا کہ میں تو یہ بکرا اللہ تعالیٰ کو دوں گی مجھے ابھی تک یاد ہے کہ جب قصائی نے بکرے کو پکڑا تو پاپا نے مجھے بلا کر کہا کہ بیٹا اس کے اوپر ہاتھ پھیر دو پھر جب میں نے اس کے جسم پر ہاتھ پھیرا تو میری آنکھوں میں آنسو آگئے لیکن یہ خوشی کے آنسو تھے (لیکن یہ بتا دوں کہ وہ بکرا میں نے اپنے پیسوں سے لیا تھا)
۲) کچھ خاص تو نہیں جس کو جو پسند ہو وہی پک جاتا ہے کیونکہ ابو اور بھائی ماہر ہیں اس کام میں ویسے میرے بھائی قیمہ کباب بڑے مزے کے بناتے ہیں اس لیے سب وہی شوق سے کھاتے ہیں۔
۳) کوشش تو ہوتی ہے کہ باورچی خانہ ہمیشہ صاف ہی رہے لیکن عید کے موقع پر تو خصوصی طور پر صاف کیا جاتا ہے لیکن ایک بات بتا دوں کہ ہم لوگ گائوں میں رہتے ہیں تو زیادہ تر باہر کے چولہوں سے کام چلا لیا جاتا ہے جو کہ زیادہ تر لوگوں نے اپنے صحن میں بنائے ہوئے ہیں اس لیے زیادہ ترد نہیں کرنا پڑتا جہاں تک مصالحہ جات کی بات ہے ہم کوئی بھی مصالحہ تیار نہیں کرتے (ہے ناں حیران کن بات) جب بھی کچھ بنانا ہو تو موقع پر تیار کرلیا جاتا ہے اور کو ئی کام تو ہوتا نہیں) اس لیے ٹینشن فری اچھا جی اب اجازت دیں۔ ایک بار پھر میری طرف سے آپ سب کو اور تمام اہل وطن کو عید مبارک اور چودہ اگست مبارک۔ پاکستان زندہ باد۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close