Aanchal Sep-17

درجواب آں

مدیرہ

نگینہ بحر… چیچہ وطنی
ڈئیر نگینہ! سدا خوش رہو‘ آپ نے کہانیاں لکھی ہیں تو ارسال کردیں اگر آنچل کے معیار کے مطابق ہوئیں تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے والدین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ کو بہت سے خوشیوں سی نوازے‘ آمین۔
زاہرہ فاطمہ… گوجر خان
عزیزی زاہرہ! شاد رہو‘ اگر آپ کا تبصرہ شامل اشاعت نہیں ہوتا تو اس کی وجہ تاخیر سے ملنا ہے اگر ہمیں بروقت موصول ہوجائے تو ضرور دیگر بہنوں کی طرح آپ کا خط بھی آئینہ کی زینت بن جائے۔ ہمیں آپ کی مشکلات کا اندازہ ہے بہرحال خط کا جواب حاضر ہے اس لیے خفگی دور کرلیں۔
سویرا فلک… کراچی
عزیزی سویرا! سدا سہاگن رہو‘ آپ کا مفصل خط پڑھا شکوہ و شکایات سے بھرپور تھا‘ بے شک آپ کا کہنا بجا ہے انتظار کی گھڑیاں طویل اور جانگسل ہوتی ہیں لیکن صفحات کی کمیابی اور کہانیوں کی کثیر تعداد ہونے کی بناء پر آپ بہنوں کو ایسی شکایات ہوتی ہیں۔ ہماری کوشش تو یہی ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ کہانیاں اپنی جگہ بنالیں لیکن پرچے کے مخصوص صفحات ہماری اس خواہش کو رد کردیتے ہیں بہرحال کوشش کریں گے کہ ناول جلد لگ جائے عید نمبر کی خصوصی تحریر کمپوز ہوچکی ہے آئندہ لگ جائے گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
انیلہ اکرم… لودھراں
ڈئیر انیلہ! سدا آباد رہو‘ چاہتوں اور محبتوں سے لبریز آپ کا محبت نامہ موصول ہوا‘ آنچل سے آپ کی والہانہ محبت اور وابستگی کا بخوبی اندازہ ہوا۔ سرورق کے حوالے سے آپ کی تجاویز نوٹ کرلی ہیں ویسے کوشش تو یہی ہوتی ہے کہ ہر چیز آپ کے ذوق اور معیار کے مطابق ہو۔ پرانے پرچوں کے حصول کے لیے آپ آفس کے نمبر پر رابطہ کرلیں‘ آپ کو معلومات مل جائے گی۔
سلمیٰ عنایت… کھلابٹ ٹائون شپ
ڈئیر سلمیٰ! سدا مسکرائو‘ آج کے دور میں ہر کوئی فرصت کی عدم دستیابی کا شکار ہے‘ فراغت و فرصت دونوں ہی میسر نہیں آتے ایسے میں پھوپو کی شادی یقینا آپ بے حد مصروف رہی ہوں گی‘ آپ کی والدہ کے لیے دعاگو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ انہیں صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے‘ آمین۔
صائمہ مشتاق… بھاگٹانوالہ‘ سرگودھا
پیاری صائمہ! ہنستی رہو‘ آنچل میں ہر ماہ شرکت کے لیے کہانی کا ہونا ضروری نہیں آپ مستقل سلسلوں میں شریک ہوکر آنچل سے وابستہ رہ سکتی ہیں۔ کہانی کی ان چند سطور سے کچھ بھی واضح نہیں ہورہا ابھی فی الحال کہانی لکھنے کے بجائے دیگر مصنفین کی تحاریر کا بغور مطالعہ کریں اس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی۔ امید ہے کوشش جاری رکھیں گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
ماہ رخ سیال… سرگودھا
ڈئیر ماہ رخ! شاد رہو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے اور ہمیں آپ کی مشکلات کا بھی اندازہ ہے لیکن اتنا اندازہ تو آپ کو بھی ہوگا کہ دوست کا پیغام سلسلے کے لیے ہر ماہ بہت سے پیغام موصول ہوتے ہیں جو جلدی اور وقت پر مل جاتے ہیں وہ لازمی لگ جاتے ہیں۔ مخصوص صفحات اور پیغامات کی کثیر تعداد کے سبب آپ بہنیں خفگی کا شکار نظر آتی ہیں‘ بہرحال اس بار آپ کا پیغام شامل کرلیا گیا ہے‘ امید ہے یہ خفگی و ناراضگی بھی دور ہوجائے گی۔
ہاجرہ حیدر… چکوال
ڈئیر ہاجرہ! سدا آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’نظم سے لپٹی کہانی‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو محنت کی ضرورت ہے‘ ابھی افسانے کو نظم کی صورت میں قید کرنے کے بجائے اسی انداز سے لکھیں جیسا آپ آنچل میں پڑھتی ہیں۔ ہماری کوشش تو یہ ہی ہوتی ہے کہ آپ بہنوں کو طویل انتظار سے بچا کر حجاب یا آنچل میں جلد شامل کرلیں لیکن پہلے آئی ہوئیں تحریروں کی فہرست ہی طویل ہے جس کی بناء پر آپ کے ساتھ باقی بہنوں کو بھی انتظار کرنا پڑتا ہے۔
صندل رانا… لاہور
پیاری صندل! جیتی رہو‘ آپ کا نامہ موصول ہوا جس سے آپ کی تعلیمی مصروفیات اور آنچل سے غیر حاضری کا علم ہوا۔ بے شک مصنفین کے ساتھ ہماری بھی یہ ہی کوشش ہوتی ہے کہ آپ قارئین تک بہتر ادب پہنچانے کے ساتھ سوچ کو بھی مثبت کیا جاسکے‘ اب یہ آپ پر ہے کہ اس سے کس طرح استفادہ حاصل کرتے ہیں۔ ملک پاکستان کے حالات کی وجہ سے ہر شخص پریشان ہے‘ ہمارے اعمال کی وجہ سے ہمیں ایسے حکمران ملے اور یہ ہر کوئی جانتا ہے لیکن ہم خود کو نہیں سدھارتے‘ یہ لمبی بحث ہے مختصر یہ ہے کہ ہمیں خود کو دیکھنا ہے۔ امید ہے کہ اب آپ آنچل سے رشتہ استوار رکھیں گی اور دیگر سلسلوں میں شامل ہوتی رہیں گی۔
مہک علوی… میانہ گوندل
پیاری مہکؔ! سدا مہکتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’آپ ہو میرے کون‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے مایوس ہونے کے بجائے اپنا مطالعہ وسیع کریں اس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی۔ آنچل و حجاب کے دیگر سلسلوں میں آپ شرکت کرسکتی ہیں اس کے لیے اجازت کی قطعاً ضرورت نہیں‘ یہ ماہنامہ آپ بہنوں کے لیے ہی سجایا جاتا ہے۔
ماہم نور انصاری… حیدر آباد
پیاری ماہم! جگ جگ جیو‘ آپ کا نامہ موصول ہوا‘ نصف ملاقات خوشگواری کا باعث ٹھہری۔ بے شک جب تک تحریر پر ماں کی نظر کرم نہ ٹھہرے تحریر میں تشنگی رہتی ہے کیونکہ یہ ہی پہلی درس گاہ ہے‘ آپ کے انداز میں بھی خوب صورتی اور ہر بات مقصد کے تحت تھی جب ہی جگہ بنا گیا۔ اس میں شکریہ کی قطعی ضرورت نہیں یہ آپ کا اپنا ماہنامہ ہے جسے آپ کی ہی تحریروں سے سجایا‘ سنوارا جاتا ہے۔ آپ کی شاعری متعلقہ شعبے میں قبولیت کا درجہ پاکر محفل میں شامل ہوجائے گی۔ اس کے لیے انتظار کی ڈور تھامے رکھیں البتہ دوسرے سلسلوں میں آپ ہر ماہ شامل ہوسکتی ہیں۔
عنبر مجید… کوٹ قیصرانی
عزیزی عنبر! جگ جگ جیتی رہو‘ تعارف کے شائع ہونے پر شکریہ کی قطعاً ضرورت نہیں‘ یہ آپ بہنوں کا اپنا پرچہ ہے جو آپ کی نگارشات سے پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے۔ کہانی لکھنے سے پہلے مطالعہ و گہرا مشاہدہ ہونا ضروری ہے ہماری دعائیں آپ کے ہمراہ ہیں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اپنی فیملی کے ساتھ بہت سی خوشیاں نصیب فرمائے‘ آمین۔
عالیہ اشرف… گل احمد‘ لانڈھی
ڈئیر عالیہ! سدا آباد رہو‘ بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید‘ طویل عرصے کی خاموشی کے بعد ایک بار پھر سے یہ شرکت بے حد پسند آئی۔ آنچل سے آپ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے آپ کی یہ بات ہمارے لیے قابل فخر و باعث رشک ہے۔ ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ کہانی کے پیرائے میں اصلاح کا فریضہ سر انجام دیا جاسکے اور زندگی کی تلخ حقیقتوں کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا جائے تاکہ پڑھنے والے زندگی کے رموز سے واقفیت حاصل کرسکیں۔ آنچل کی پسندیدگی کے لیے مشکور ہیں آپ مستقل سلسلوں میں شرکت کرسکتی ہیں‘ ہر سلسلہ کے لیے الگ صفحہ کا استعمال کریں اور سلسلہ کا نام بمعہ اپنے نام و پتے کے ساتھ ضرور لکھیں آپ کی نگارشات ضرور شامل ہوں گی بس اس طریقہ کار پر عمل کریں۔
مدیحہ نورین مہک… گجرات
ڈئیر مدیحہ! شاد رہو‘ آپ کا کہنا بجا ہے آج کل نفسا نفسی کا دور ہے ہر کوئی اپنا مفادات کے متعلق سوچتا ہے اسی وجہ سے اپنوں میں بھی وہ اپنائیت و خلوص نظر نہیں آتا جو اس رشتے کا خاصہ ہے جب انفرادی سطح پر یہ حال ہے تو اجتماعی سطح پر صورت حال کیونکر بدل سکتی ہے ملکی حالات بھی ابتری کا شکار ہیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ ہمارے وطن کی حفاظت فرمائے‘ آمین۔ ہماری جانب سے آپ کو بھی عید کی پیشگی مبارک باد۔
ماریہ پارس عمیر… شیخوپورہ
ڈئیر ماریہ! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر بعنوان ’’میری عید کے چاند کی نوید ہو تم‘‘ موصول ہوئی‘ جس موضوع پر آپ نے قلم اٹھایا ہے اس پر بہت بہتر انداز میں لکھا جاچکا ہے‘ انداز تحریر میں بھی پختگی کا عنصر مفقود ہے۔ لکھتے وقت موضوع کی انفردیت کا خیال رکھیں تاکہ یکسانیت پیدا نہ ہو‘ امید ہے کوشش جاری رکھیں گی۔
شہرزاد… سکھر
ڈئیر شہرزاد! سدا آباد رہو‘ آپ کی کہانی کا پلاٹ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ابتدا میں قسط وار ناول کی بجائے افسانے پر طبع آزمائی کریں ویسے بھی ابھی قسط وار کی گنجائش نہیں ہے آپ اسی موضوع پر یا کسی اور موضوع پر افسانہ لکھ کر ارسال کردیں اگر آنچل کے معیار کے مطابق ہوا تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
زیبا حسن مخدوم… نامعلوم
پیاری زیبا! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ہمارے پاس محفوظ ہے‘ باری آنے پر شائع ہوجائے گی جبکہ آپ کا آرٹیکل حجاب کی زینب بن چکا ہے۔ اگست کے حجاب میں آپ اپنا آرٹیکل پڑھ سکتی ہیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔
سائرہ حمید… کراچی
ڈئیر سائرہ! سدا مسکرائو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ اپنے تعلیمی سلسلے کو شادی کے بعد بھی جاری رکھے ہوئے ہیں اور آپ میں شاعری کرنے کی قدرتی صلاحیت بھی موجود ہے اگر آپ کی شاعری آنچل کے معیار کے مطابق ہوئی تو ضرور آپ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آنچل کا یہ پلیٹ فارم آپ سب بہنوں کے لیے ہے متعلقہ شعبے میں آپ کی کاوش ارسال کردی گی ہے قبول ورد کا فیصلہ وہیں ہوتا ہے اس لیے تھوڑا سا انتظار کرنا ہوگا اور آپ دیگر سلسلوں میں بھی شرکت کرسکتی ہیں۔
انعم زہرہ… ملتان
پیاری انعم! شاد رہو‘ آپ کے مفصل خط سے تمام حالات کا بخوبی اندازہ ہوا‘ بے شک آپ کے لیے تنہائی کا یہ سفر دشوار اور کٹھن ہے لیکن صرف ایک رشتے کے ختم ہونے سے زندگی ختم نہیں ہوجاتی‘ آپ کے ساتھ آپ کے والدین کی دعائیں ہیں‘ امید ہے جلد اس مشکل وقت سے باہر نکل آئیں گی۔ اس کڑے وقت کو اپنے لیے آزمائش سمجھ کر صبر اور حوصلہ کے ساتھ گزاریں‘ ضرور اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کے لیے کوئی اچھا اور بہتر فیصلہ کیا ہوگا اور بے شک اس کے ہر کام میں مصلحت ہوتی ہے لیکن ہم انسان چونکہ جلد باز اور کم ہمت ہوتے ہیں اس لیے جلد گھبرا جاتے ہیں۔ ان حالات میں آپ اپنی تنہائی کو دور کرتے ہوئے اللہ سبحان و تعالیٰ کے قریب ہوجائیں اپنے تمام دکھ درد اسے سونپ دیں ان شاء اللہ آپ کے حالات بہتر ہوجائیں گے اور پھر سب سے بڑھ کر اپنے والدین کے لیے‘ ان کی خوشی کی خاطر آپ کو مضبوط ہونا پڑے گا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کے والدین کو اور آپ کو بہت سی خوشیاں نصیب فرمائے‘ آمین۔
کرن نعمان… کراچی
پیاری کرن! شاد رہو‘ آپ کی تحریر ’’شب ظلمت میں نکلا چاند‘‘ منتخب ہوچکی ہے‘ ان شاء اللہ باری آنے پر جلد شائع کردی جائے گی۔ دوسری تحریر ’’گیلی مٹی کا بُت‘‘ بہت جلد پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔
اقرأ حفیظ… کے ٹی ایس
پیاری اقرأ! خوش رہو‘ آپ کی تحریر پڑھنے کے بعد جلد آپ کو آگاہ کردیں گے البتہ آپ کا آرٹیکل اگست کے حجاب میں شائع ہوچکا ہے آپ حجاب میں اپنا آرٹیکل پڑھ سکتی ہیں۔ آنچل میں گنجانش نہ ہونے اور صفحات کی کمیابی کی بناء پر کچھ بہنوں کے آرٹیکل حجاب میں شامل کرلیے گئے تھے‘ امید ہے تشفی ہوجائے گی۔ ’’اعلان جنگ‘‘ نامی تحریر منتخب ہوگئی ہے۔
نور المثال شہزادی… قصور
ڈئیر نور! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’کنک کے دانے‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن تحریر بے حد مختصر ہے اس میں ابھی حالات و واقعات اور شامل کریں تاکہ تحریر میں تشنگی نہ رہے‘ دوبارہ پڑھ کر اپنی تحریر کی خامیاں درست کرکے ارسال کریں یا کسی اور موضوع پر قلم اٹھائیں۔
زونا خرم… دینہ نور
عزیزی زونا! سدا جیتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’انوکھی جٹھانی‘‘ کے عنوان سے موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے‘ البتہ کہانی میں بعض جگہوں پر گرفت کمزور ہے لیکن چونکہ ابھی آپ طفل مکتب ہیں اس لیے آپ کی یہ تحریر کانٹ چھانٹ اور اصلاح کے عمل سے گزرنے کے بعد حجاب میں لگ جائے گی۔ یہ کامیابی مبارک ہو۔
نیلم شہزادی… کوٹ مومن
پیاری شہزادی! سلطنت آنچل میں خوش آمدید‘ آپ کی تحریر ’’چندن خوشبو تم اور میں‘‘ منتخب ہوگی ہے جلد باری آنے پر لگ جائے گی امید ہے کہ اب ناراضگی و خفگی دور ہوجائے گی۔ تمام بہنوں کی تحریریں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ان کے متعلق جلد بتایا جائے لیکن ایک کثیر تعداد میں کہانیاں موصول ہونے کی بناء پر دیر سویر ہوجاتی ہی‘ امید ہے سمجھ سکیں گی۔
ریحانہ اعجاز… ای میل
ڈئیر ریحانہ! جیتی رہو‘ ’’حسین رات‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر موصول ہوئی‘ خوب صورت انداز و الفاظ‘ خوب صورت و مثبت پیغام پر حامل یہ تحریر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے‘ آمین۔
رقیہ ناز… وہاڑی
پیاری رقیہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’حق دار‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کے ساتھ مطالعہ کی ضرورت ہے۔ نامور مصنفین کی تحریروں کا بغور مطالعہ کریں‘ آپ کو موضوع کے چنائو کے ساتھ ساتھ تحریر میں بھی پختگی ملے گی۔
نرمین سرھیو… حیدر آباد
ڈئیر نرمین! سدا مسکرائو‘ ’’ناولز کی دنیا‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر موصول ہوئی‘ ہلکے پھلکے اور شگفتہ انداز میں آپ نے صنف نازک کی کمزوریوں کو بخوبی پیش کیا ہے۔ آئندہ بھی اس طرح کے موضوعات پر کوشش جاری رکھیں‘ امید ہے دیگر لوگوں کو بھی آپ کی یہ تحریر پسند آئے گی دیگر سلسلوں میں آپ ہر ماہ شرکت کرسکتی ہیں۔
نورعین… جڑانوالہ
پیاری نور! اسم بامسمیٰ بن کر جگمگاتی رہو‘ عیدالاضحی کے حوالے سے آپ کی تحریر ’’ست رنگی عید‘‘ حجاب کے لیے منتخب کرلی گئی ہے‘ ویسے بھی اچھی اور معیاری چیز اپنی جگہ خود بنالیتی ہے اور ساتھ میں دلچسپی اور شگفتگی کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے تو پڑھنے والے بھی محظوظ ہوتے ہیں۔ امید ہے کہ یہ تحریر بھی پہلے کی طرح قارئین کو بے حد پسند آئے گی۔ حجاب کے عید نمبر میں یہ تحریر شامل کرلی ہے آئندہ بھی اپنی مصروف زندگی سے وقت نکال کر آنچل و حجاب کے لیے لکھتی رہیے گا۔
کوثرخالد… جڑانوالہ
عزیزی کوثر! سدا شاد رہو‘ آپ کی کمی قارئین کے ساتھ ساتھ سب ہی محسوس کرتے ہیں‘ خوب صورت الفاظ اور دعائیہ انداز یہ آپ کا ہی خاصہ ہے۔ ہماری جانب سے آپ کو سال گرہ اور عید کی مبارک باد‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ آپ کو صحت و تندرستی سے بھرپور زندگی عطا فرمائے تاکہ دوسروں کے لیے آپ کی ذات مشعل راہ بنی رہے‘ آمین۔ آپ کا تعارف ’’کی جاناں میں کون‘‘ شامل کرلیا ہے‘ اپنے مصروف لمحات سے وقت نکال کر چند پل یونہی ہمارے نام کرتی رہیے گا‘ خوش رہیں۔
عاصمہ اسلم… نامعلوم
ڈئیر عاصمہ! خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’نجانے کیوں ہوئی محبت‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ دل برداشتہ ہونے کے بجائے کوشش جاری رکھیں‘ مطالعہ کو وسیع کریں اور نامور مصنفین کی تحریروں کو مطالعہ کا حصہ بنائیں جس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی‘ کتاب کے مجموعہ کے لیے آپ کسی پبلشر سے رابطہ کریں‘ آئندہ تحریر پر نام کے ساتھ مکمل پتا ضرور ارسال کریں۔
شاہدہ حسن… نامعلوم
ڈئیر شاہدہ! جیتی رہو‘ ’’وفا کے پیکر‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر حجاب میں شائع کردی گئی تھی لیکن آپ کا ایڈریس ہمارے پاس موجود نہیں تھا اس لیے آپ آفس کے نمبر پر رابطہ کرکے اپنا مکمل ایڈریس نوٹ کرادیں تاکہ شناسائی کے دیگر مراحل طے کیے جاسکیں۔
حافظہ صائمہ کشف… فیصل آباد
پیاری صائمہ! سدا خوش رہو‘ آپ کے مفصل خط سے آپ کی مصروفیات کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہے اور یہ جان کر خوشی بھی ہوئی کہ اس وقت آپ حفظ کی کلاس میں مصروف ہیں۔ بے شک پڑھنا اور پڑھانا دونوں امور ہی توجہ طلب ہیں ایسے میں آپ نے ہمارے لیے وقت نکالا بے حد اچھا لگا۔ آپ کی نگارشات جلد شائع کرنے کی کوشش کریں گے‘ تعارف بھی جلد لگ جائے گا۔
ناقابل اشاعت:۔
ستارہ‘ لفظوں کے بھید‘ خواب حقیقت‘ تجارت‘ متاع نظر‘ میری بہنا کی شادی‘ حسین محبت‘ کہانی گھر گھرکی‘ بے بسی‘ بلا عنوان‘ عید خوشیوں کی نوید‘ الانی اکھیاں‘ بے وفا‘ کبھی خوشی کبھی غم‘ دردِ دل‘ میری عید کے چاند‘ رک جا اے میرے دل دیوانے‘ ناشکری‘ عید کا مزہ‘ محب وطن‘ مٹی کا قرض‘ نظم سے لپٹی کہانی‘ کنک کے دانے‘ درد کی خوشبو‘ انوکھی عید‘نمک پارے‘ ایثار کا جذبہ‘ آنچ‘ بجلی چوری سے اجتناب‘ لڑکیاں بے وفا نہیں ہوتیں‘ دوستی‘ نادام تھے ہم‘ مہربان ہونے تک‘ عورت اور جنت‘ تلاش‘ تو تھوڑی دیر رک جا‘ لوٹ آئو‘ اچھوت زادی‘ ہم سے تم تک‘ نہ جانے کیوں ہوگئی محبت‘ پتھر کا شہر پتھر کے لوگ‘ آپ ہومیرے کون‘ جذبہ جنوں‘ اے زندگی پھر سے لوٹ آ۔
قابل اشاعت:۔
اسیر محبت‘ اعلان جنگ‘ لکھاری کی کہانی‘ میرا پاکستان‘سوچ خیال خواب‘ آرٹیکل‘ انداز‘ کھائو من بھاتا پہنو جگ بھاتا‘ حسین رات‘ قیمتی بکرا‘ تضاد‘ اب کے برس‘ پیاری انوکھی جٹھانی‘ قربانی‘ صلہ رحمی اور عید۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close