Aanchal Nov-17

سرگوشیاں

مدیرہ

السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ۔

نومبر 2017ء کا آنچل حاضر مطالعہ ہے۔
ماہ محرم اپنی تمام تر عقیدت و احترام کے ساتھ گزر گیا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ کا صد شکر ہے کہ اس ماہِ مبارک میں کوئی بڑا غم آگیں معاملہ پیش نہیں آیا‘ محرم کی تمام مجالس و محافل وطن عزیز میں ہر جگہ‘ ہر طرف مکمل سکون و اطمینان کے ساتھ منعقد کی گئیں، اللہ سبحان و تعالیٰ کرے کہ وطن عزیز ہمیشہ پُر امن و پُر سکون رہے اور اتحاد بین المسلمین کی فضا ہمشہ قائم رہے‘ آمین۔
وطن عزیز میں ہر طرف سیاسی بے چینی اور ہلچل کا سماں ہے ہر آنے والا لمحہ بے یقینی و بے اعتمادی لیے چلا آرہا ہے تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں اپنی ڈفلی‘ اپنا راگ الاپ رہی ہیں‘ کہیں سے عوامی فلاح و بہبود کی کوئی ہلکی سی بھی آواز نہیں سنائی دے رہی‘ عوام غربت، بے روزگاری اور سب سے بڑھ کر مہنگائی کی چکّی میں پس رہے ہیں کہیں کوئی شنوائی نہیں۔ ہر طرف کرپشن‘ بدعنوانی کے عفریت نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں، نہ بلدیاتی نہ ترقیاتی کام ہورہے ہیں‘ ہر کوئی اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے کا الزام اپنے مخالفین پر ڈال کر عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے‘ خیر یہ تو تھی حالات حاضرہ کی بات اب چلتے ہیں اپنے آنچل کی جانب۔
تمام قاری اور لکھاری بہنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ ہر ماہ کی طرح اس ماہ بھی بہت سارے محبت بھرے خطوط ملے اور اس میں بہنوں نے نہ صرف اپنی دلچسپی و پسندیدگی کا اظہار کیا بلکہ مفید مشوروں سے بھی خوب نوازا۔ میری اور میری ساتھیوں کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ آپ کے محبت ناموں سے ملنے والی حوصلہ افزائی اور پسندیدگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مزید بہتر سے بہترین کی جستجو کرتے رہیں‘ آپ کی پسند اور تسلی ہی ہمارا بے حد قیمتی سرمایہ ہے ان شاء اللہ ہمیں ہر قدم آپ اپنے قریب اور ساتھ پائیں گی۔ ہمیں یہ قوی امید ہے کہ آپ بہنوں کا بھرپور تعاون ہمیں ہمیشہ حاصل رہے گا ان شاء اللہ آپ کی رائے آپ کے مشورے ہمارے لیے نہ صرف حوصلہ افزائی کا باعث ہوتے ہیں بلکہ ہمیں آگے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ اور رہنمائی بھی فراہم کرتے ہیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کا تعاون آپ کی محبتیں یونہی برقرار اور قائم رکھے، آمین۔ آئندہ ماہ تک کے لیے اجازت دیجیے آپ کے محبت ناموں کا انتظار رہے گا۔
نوٹ: حجاب کا نومبر کا شمارہ سالگرہ نمبر ہوگا تمام بہنیں جلد از جلد اپنی نگارشات ارسال کردیں ’’دوست کا پیغام آئے‘‘ سلسلہ آپ کے شوق کو مد نظر رکھتے ہوئے حجاب میں بھی شروع کیا جا رہا ہے اس سلسلے کے لیے اپنے پیغامات ارسال کرسکتے ہیں۔
اس ماہ کے ستارے
نبیلہ ابر راجا، طیبہ عنصر مغل، شبینہ گل، ام ایمان قاضی، سحرش فاطمہ، رافعہ ملک، سمیرا محمد رفیق۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close