Hijaab Mar-17

ذکر اس پری وش کا

زینب احمد

فوزیہ تحریم
السلام علیکم! ڈئیر حجاب اسٹاف‘ رائٹرز اور پیارے قارئین کیسے ہیں آپ سب؟ جی تو آج یہ خواہش بھی پوری ہوگئی (تعارف کی)۔ مجھے فوزیہ اکرم کہتے ہیں لیکن آنچل میں فوزیہ تحریم۔ میرا تعلق منڈی فیض آباد سے ہے جو ضلع ننکانہ صاحب میں واقع ہے۔ تاریخ پیدائش 10 اکتوبر‘ اسٹار لبرا ہے۔ اسٹارز پر کم یقین رکھتی ہوں‘ چھ بہنیں اور دو بھائی ہیں۔ دو بہنوں کی شادی ہوگئی ہے‘ ان کے بچے شانزہ ایمان‘ حفصہ‘ مناہل فاطمہ‘ حسنین‘ ماہرہ‘ میرب سب بہت پیارے ہیں‘ بڑا مزا آتا ہے ان کے ساتھ۔میں ایک ٹیچر ہونے کے ساتھ اسٹوڈنٹ بھی ہوں‘ ایم اے پارٹ ٹوکی۔ اب آتے ہیں پسند اور ناپسند کی طرف‘ جی تو جناب والا مجھے رنگوں میں کالا‘ سبز ‘ گلا بی اور سلور بہت پسند ہیں۔ لباس میں شلوار قمیص اور فراک پسند ہیں‘ چوڑیاں اور مہندی لگوانا بہت پسند ہیں۔ کھانے میں بریانی‘ چکن اور بھنڈی شوق سے کھاتی ہوں‘ سویٹ ڈشز میں تو کبھی میری جان ہوتی تھی‘ اب زیادہ نہیں بس تھوڑا سا کھالیتی ہوں۔ پھل سب ہی اچھے لگتے ہیں‘ خوشبو میں مٹی کی خوشبو بلیو لیڈی‘ ڈائمنڈ پسند ہیں۔ کرکٹ بہت پسند ہے‘ میٹرک تک تو بھائیوں کے ساتھ خوب کھیلی ہے‘ شاہد آفریدی‘ محمد حفیظ‘ سعید اجمل بہت پسند ہیں۔ شاعروں میں علامہ اقبال‘ میر تقی میر‘ غالب‘ وصی شاہ ‘ انشا جی پسند ہیں۔ پسندیدہ رائٹرز میں نمرہ احمد‘ عمیرہ احمد‘ ام ایمان قاضی‘ نازیہ کنول نازی اور آنچل کی سبھی رائٹر بہت اچھی ہیں۔ دن کے پہروں میں ڈھلتی شام کا وقت بہت بھاتا ہے‘ فیورٹ کام (اگر ٹائم مل جائے تو) ڈھلتی شام کے وقت چھت پر کھڑے ہوکر لوگوں کو اور آسمان کو دیکھنا ہے‘ سیر کرنے کا جنون ہے۔ میری وش ہے کہ میں پوری دنیا کی سیر کروں‘ خاص طور پر حج کرنے جائوں اور بخارہ شہر دیکھوں۔ پسندیدہ شخصیت میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں‘ فیورٹ ٹیچر سر خرم (جو ہمیں ریاضی اور فزکس پڑھاتے تھے) ۔ ریڈیو شوق سے سنتی ہوں‘ فیورٹ آر جے میں ساحر لودھی‘ ڈاکٹر اعجاز وارث‘ ڈاکٹر آصف ‘ ثناء ہمایوںاور ہارون شامل ہیں۔ ہسٹری سے بہت لگائو ہے‘ سردیوں میں چائے شوق سے پیتی ہوں۔ برگر اور سموسے میں تو جان ہے‘ پھولوں میں سفید گلاب بہت پسند ہے‘ سردیوں کی بارش اچھی لگتی ہے۔ قدرتی چیزیں بہت اٹریکٹ کرتی ہیں۔ فیورٹ ناول میں ’’پیر کاملؐ، ایمان‘ امید‘ محبت‘ لاحاصل‘ قراقرم کا تاج محل‘ شب ہجر کی پہلی بارش‘ کروں سجدہ ایک خدا کو‘‘ اور ’’ذرا مسکرامیرے گمشدہ‘‘ شامل ہیں۔ دو غلے لوگوں سے نفرت ہے‘ جو باہر سے شہد اور اندر سے زہر ہوتے ہیں‘ اب آتے ہیں جناب خوبیوں اور خامیوں کی طرف۔خوبیاں… رحم دل ہوں‘ سادہ مزاج ہوں‘ جھوٹ برداشت نہیں کرتی باقی تو میری فرینڈز اور گھر والے ہی بتاسکتے ہیں۔ خامیاں بہت ساری ہیں (میری نظر میں) بہت بولتی ہوں (اگر موڈ ہو تو) تھوڑی منہ پھٹ بھی کہہ سکتے ہیں جو چیز اچھی نہ لگے وہ منہ پر ہی بتادیتی ہوں ۔ غصہ بہت آتا ہے اور بے پروا بھی ہوں۔ دوستی کرنا اچھا لگتا ہے ‘ اگر مجھ سے کوئی دوستی کرنا چاہتا ہے تو حاضر ہیں جناب ہم۔ دوستوں میں باسط (آئی مس یو) تم کہاں چلی گئی ہو؟ میری بی ایف ایف سویٹی سونیا اور ثناء‘ حمنیٰ کیسی ہو؟ فوزیہ ریاض‘ تہمینہ‘ طیبہ امانت‘ آسیہ‘ نسرین‘ رشیدہ‘ کلثوم‘ ثمرہ بشیر (شادی مبارک ہو) علیشہ ذوالفقار (علیشہ آپ کی ٹیچر ہوں) یہ سب بہت چھی ہیں۔ اب اجازت دیں‘ اللہ آپ سب کو اور حجاب کو آباد رکھے‘ آمین‘ تعارف کیسے لگا بتایئے گا ضرور‘ دعائوں میں یاد رکھیے گا‘ اللہ حافظ۔
نمرہ مبارک
آداب مجھے کہتے ہیں نمرہ مبارک عرف سومی ‘ سب سے پہلے یہ کہ ہمارا تعارف نامہ باسکٹ کی نذر نہیں ہونا چاہیے کیونکہ میں پہلی دفعہ شرکت کرہی ہوں۔ غصہ کی بہت تیز ہوں اگر مجھے غصہ آگیا تو دوبارہ کبھی حجاب میں شرکت کی کوشش نہیں کروں گی‘ ہر ماہ جب میری آنٹی (مامی آنچل لے کر آتی ہیں تومیں بڑے شوق و ذوق سے آنچل کی ورق گردانی کرتی ہوں۔ اس دفعہ مجھے بھی شوق ہوا کہ مابدولت اس دنیا میں تشریف لائے ہیں تو دنیا والوں کو کچھ ہماری بھی خبر ہونی چاہیے تو جی ہم اس خوب صورت دنیا میں 20 اکتوبر 1998ء کو ضلع جھنگ کے ایک خوب صورت سے گائوں ٹاہلی بھٹیاں میں پیدا ہوئی۔ چار بہن بھائی ہیں‘ میری سب سے بڑی آپی اقراء مبارک جو کہ خدا کی قدرت سے سن اور بول نہیں سکتی‘ جو انتہائی خوب صورت اور سلیقہ مند ہیں۔ سرگودھا میں 9th کلاس کی اسٹوڈنٹ ہیں‘ اس کے بعد مابدولت اور پھر ہماری چھوٹی سی سویٹ سسٹر مریم مبارک جو اپنے نام کی طرح خوب صورت اور معصوم ہیں ور 6th کلاس کی طالبہ ہیں اور اس سے چھوٹا بھائی ہم سب کی آنکھوں کا تارا ننھیال و ددھیال کا چہیتا طلحہ مبارک جو کہ 4th کلاس کاطالب علم ہے۔ ہمارے ابو نہایت شفیق اور مہربان ہیں‘ ہم سب بہن بھائیوں میں ان کی جان ہے۔ ہماری امی اب اس دنیا میں نہیںلیکن دنیا کی عظیم مائوں میں سے ایک تھیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفروس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘ کاش وہ اس دنیا میں ہوتیں تو ہمیں اپنی ممتا سے نوازتیں۔ اپنے دلوں کو تھام لیجیے کیونکہ ہم اب چلتے ہیں اپنے بارے میں عظیم خیالات بتانے‘ میٹرک کے پیپر دے رہی ہوں‘ میٹرک کے بعد عالمہ کے کورس کا ارادہ رکھتی ہوں بقول میری کزنز کے میں بہت باتونی اور ضدی ہوں جو دل میں سما جائے وہ کام کرکے ہی رہتی ہوں‘ کیوں نہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ پسندیدہ شخصیت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم بے حد پسند ہیں۔ رائٹرز میں سمیرا شریف طور‘ نازیہ کنول نازی‘ ام مریم اس کے علاوہ آنچل کی تمام رائٹرز بے حد پسند ہیں۔ بہت خوش مزاج ہوں‘ ہنس مکھ‘ ہمدرد ہوں۔ ہر کسی پر بہت جلد اعتبار کرلیتی ہوں‘ دوسروں کی خواہشات کا بہت خیال رکھتی ہوں ۔ شعر و شاعری کا بھی ذوق رکھتی ہوں‘ دوسروں کے ماحول میں بہت جلد ایڈجسٹ ہوجاتی ہوں۔ حاسد‘ جھگڑالو اور منافق لوگوں سے نفرت ہے‘ ویسے تو جو بھی مل جائے کھالیتی ہوں لیکن بریانی‘ شوارمے‘ برگر‘ ساگ ‘ مکئی کی روٹی اور کھیر پسند ہے۔ میک اپ کرنا اچھا نہیں لگتا ‘ سادگی پسند ہوں۔ فیورٹ کلر سرخ‘ سفید اور پنک ہیں اس کے علاوہ ہر وہ کلر جو مجھ پر سوٹ کرتا ہو۔ کوکنگ کرنا بہت پسند ہے‘ کچن میں کھانا پکنے کی خوشبو بہت پسند ہے اور اکثر کھانا پکنے کے بعد تک کچن میں ہی رہتی ہوں ۔پاکستانی ایکٹرز میں احسن خان‘ سارہ چوہدری‘ سعدیہ امام اور ارم اختر پسند ہیں۔ فریندز بہت زیادہ ہیں‘ لباس میں لمبی قمیص‘ پاجامہ ‘ فراک اور ساڑھی بھی پسند ہے۔ مہندی لگانا اور چوڑیاں پہننا بہت پسند ہیں۔ سب پیار سے سومی کہتے ہیں‘ فرینڈز مجھے نمی‘ لیموں‘ نیموں پانی کہہ کر پکارتی ہیں۔ اب اختتام کو چلتے ہیں سب سے اہم بات آپ کو بتانا ہی بھول گئی کہ میں اپنے بڑے ماموں آصف جو کہ ایک پرائیوٹ کالج کے پرنسپل ہیں ان کے ہاں پڑھائی کے سلسلے میں رہتی ہوں جو کہ میرے آئیڈیل ہیں‘ بہت نفیس طبیعت کے مالک ہیں اور ان کے تین کیوٹ سے بے بی ہیں رومان آصف‘ حبہ ملک‘ ہانیہ ملک ان سب سے مجھے بہت پیار ہے لیکن خاص کرحبہ میں میری جان ہے جو کہ بہت ہی پیاری پیاری باتیں کرتی ہے اس کے ساتھ ہی ہم سب کو الوداع کہتے ہیں‘ دعائوں میں یاد رکھیے گا‘ اللہ حافظ۔
خالدہ رمضان
السلام علیکم! حجاب اسٹاف اور رائٹرز اور قارئین امید کرتی ہوں کہ آپ سب ٹھیک ہوں گی۔ میرا نام خالدہ رمضان ہے اور پانچ مئی کو پیدا ہوئی اور ہم چھ بہن بھائی ہیں‘ چار بہنیں اور دو بھائی ہیں‘ میں پانچویں نمبر پر ہوں دو بہنوں کی شادی ہوگئی ہے اور ایک بھائی کی۔ بھابی کا نام سبین فضل ہے‘ میں سیکنڈ ائر کی اسٹوڈنٹ ہوں۔ بہت حساس ہوں‘ غلط باتوں پر جلد غصہ آجاتا ہے‘ تکبر اور خوامخواہ نخرے دکھانے والے لوگ بہت زہر لگتے ہیں اور مجھ میں برداشت کی کمی ہے اور انا پرست بالکل نہیں ہوں۔ پسندیدہ کلر وائٹ اور میرون اور فیروزی ہے‘ کپڑوں میں فراک‘ میکسی اور لانگ شرٹ بہت پسند ہے اور موسموں میں سردیاں پسند ہیں۔ دسمبر کا مہینہ پسند ہے‘ بارش بہت پسند ہیں لیکن خاص طور پر سردیوں کی بارش کی تو دیوانی ہوں۔ پھولوں میں گلاب اور موتیا پسند ہے اور پاکستان کے شہروں میں اسلام آباد اور راولپنڈی بہت پسند ہے ۔ سفر کرنا اور خاص طور پر جہاز کا سفر بہت ہی پسند ہے ۔ کھانوں میں کسٹرڈ اور چکن کباب‘ پاستا اور رائتہ بہت پسند ہے۔ جیولری میں ائررنگ اور بریسلیٹ پسند ہے اور شاعری میں وصی شاہ‘ ارشد ملک‘ سعد اللہ شاہ کی شاعری بہت پسند ہے۔ ناول میں ’’عشق آتش‘ جنت کے پتے‘ قراقرم کا تاج محل‘‘ اور ’’متاع جاں ہے تُو‘‘ پتھروں کی لکیروںپہ‘ عبداﷲ ‘ بچپن کا دسمبر‘ ٹوٹا ہوا تارہ‘ جو چلے تو جاں سے گزر گئے اور جنت کے پتے بہت پسند ہے ۔ر ائٹرز میں نازیہ کنول نازی‘ سمیرا شریف طور‘ نادیہ فاطمہ رضوی‘ سباس گل‘ فرحت اشتیاق‘ نبیلہ ابر راجہ‘ نبیلہ عزیز‘ عائشہ نور محمد‘ ام ایمان قاضی‘ رفعت سراج‘ اقبال بانو‘ سید ضوباریہ ساحر اور احمد ندیم ہاشمی بہت ہی زیادہ پسند ہیں اور آخر میں میری طرف سے تمام پڑھنے والی قارئین اینڈ رائٹرز کو سلام‘ اللہ حافظ۔
شہزارہ شبیر
السلام علیکم! حجاب اسٹاف اور تمام قارئین‘ مابدولت کو شہزارہ شبیر کہتے ہیں۔ 27دسمبر کو میں اور میری کزن زارا اس دنیا میں تشریف لائیں۔ میرا نک نیم شانو ہے اور میرے نام کا مطلب انا ہے اور نام کا بہت اثر ہے مجھ پر۔ چار بہن بھائی ہیں‘ سب سے بڑی ہوں اور بی ایس سی پارٹ ون کی اسٹوڈنٹ ہوں۔ اس کے بعد میری بہن ہے جو کہ فرسٹ ائر میں ہے اور پھر ایک بھائی ہے جو نہم کلاس میں ہے اور پھر سب سے چھوٹا بھائی ہے جس کا نام حسین علی ہے اور وہ پانچویں کلاس میں پڑھتا ہے۔ میرا تعلق ضلع گجرات کے ایک چھوٹے اور پیارے سے گائوں دوکھوا سے ہے۔ اب بات ہوجائے خوبیوں اور خامیوں تو خوبی تو کوئی ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی البتہ خامیاں بہت زیادہ ہیں۔ سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ غصہ بہت زیادہ آتا ہے اس کے علاوہ اپنی سب سے بُری جو عادت لگتی ہے وہ ہے ناخن چبانا۔ اپنی اس عادت کی وجہ سے میں خود بھی بڑی تنگ ہوں‘ کئی دفعہ امی سے تھپڑ بھی کھاچکی ہوں لیکن نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات۔ اس کے علاوہ حساس ہوں اور چھوٹی چھوٹی بات کو محسوس کرتی ہوں‘ ہر کسی پر بھروسہ کرلیتی ہوں چاہے مجھے پتا ہی کیوں نہ ہو کہ یہ بندہ جھوٹا ہے اس لیے اکثر نقصان بھی اٹھاتی ہوں اگر کسی پر سے اعتبار اٹھ جائے تو بعد میں وہ جتنی مرضی تلافی کردے لیکن پھر اس پر اعتبار نہیں کرتی۔ انا پرست ہوں لیکن اگر میری غلطی ہو تو معافی مانگ لیتی ہوں بھئی جب نام کا مطلب ہی انا ہے تو تھوڑی بہت انا تو ہوگی ہی‘ آخر اپنے نام کی لاج تو رکھنی پڑے گی نا اور بھی بہت ساری خامیاں ہیں‘ لکھنے بیٹھوں تو لکھ سکتی ہوں‘ ہاہاہا۔ اب بات ہوجائے پسند اور ناپسند کی۔ فیورٹ کلر بلیک اور بلیو ہے‘ موسم بہار اچھا لگتا ہے اور سردیاں سخت بُری لگتی ہیں۔ خاص طور پر دھند کا موسم بڑا بُرا لگتا ہے کیونکہ اس موسم میں دل بہت اداس ہوجاتا ہے۔ بارش بھی بالکل اچھی نہیں لگتی اس کے علاوہ مہندی لگانا بالکل اچھا نہیں لگتا‘ جیولری میں چین اور بریسلیٹ پسند ہے۔ میک اپ کرنا بالکل اچھا نہیں لگتا کیونکہ میک اپ کرکے بل بتوڑی لگتی ہوں اس لیے‘ اس کے علاوہ مطالعہ کرنا اچھا لگتا ہے (کتانوں کا نہیں بلکہ ڈائجسٹوں اور ناولوں کا)۔ مطالعہ کے لیے صرف یہی کہوں گی ’’تو ضروری سا ہے مجھ کو زندہ رہنے کے لیے‘‘۔ فیورٹ رائٹرز ام مریم‘ نبیلہ عزیز‘ نازیہ کنول نازی‘ سمیرا شریف‘ عفت سحر‘اقراء صغیر‘ شازیہ مصطفی اور نمرہ احمد ہیں۔ فیورٹ کہانیاں قراقرم کا تاج محل‘ برف کے آنسو‘ کوئی ایسا اہل دل ہو‘ درد دل‘ یہ چاہتیں یہ شدتیں‘ محبت دھنک رنگ اوڑھ کر‘ سنگ پارس‘ جھیل کنارہ کنکر‘ مجھے ہے حکم اذاں‘‘ ہیں۔ ایف ایم شوق سے سنتی ہوں ‘ فیورٹ آر جے طاہر عباس ہے ان کی آواز بہت پیاری لگتی ہے۔ میں اس کی فین ہوں‘ پاکستانی ایکٹرز میں مایا علی‘ حمزہ علی عباسی‘ عمران عباس‘ دانش تیمور‘ عائزہ خان‘ سمیع خان پسند ہیں اس کے علاوہ پسندیدہ ہیرو سلمان خان‘ ارجن رامپال اور ہیروئن امیشا پٹیل ہے۔ میری فیورٹ شخصیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت علیؓ ہیں اور میری آئیڈیل شخصیت میرے ابو ہیں‘ میرا دل کرتا ہے کہ میں ان جیسی بن جائوں کیونکہ میرے ابو کا اخلاق بہت اچھا ہے (جبکہ مجھ میں اخلاق ہے ہی نہیں) اور میرے ابو کو رشتے اچھی طرح نبھانے آتے ہیں۔ میں اپنے امی ابو سے بہت پیار کرتی ہوں‘ کزنوں میں سب سے زیادہ آپی صدو اور زارا سے پیار ہے اور ان سے بہت کلوز ہوں‘ ہر بات ان سے شیئر کرلیتی ہوں‘ آئی لو یو سو مچ آپی صدو اور زارا۔ اس کے علاوہ فیورٹ ٹیچرز میں ٹیچر سجیلہ‘ ٹیچر عائشہ ‘ ٹیچر عارفہ (کیوٹ ٹیچر اینڈ زیان کی ماما) ٹیچر وزرا (ابیہا کی ماما) ٹیچر ریحانہ‘ ٹیچر شکیلہ ہیں۔ میل ٹیچرز میں سر اقبال‘ سر سلیم‘ سر نوید‘ سر بشارت اور سر سعید ہیں۔ سب سے اچھا پیریڈ اسکول لائف کا تھا‘ اس کے بعد میں اپنی دوستوں کے بارے میں بتائوں‘ ہمارے گروپ میں شامل ہیں زینب‘ حفظہ‘ روشان‘ عائشہ اور زارا‘ سعدیہ اور سنبل تو کہی اور جاچکی ہیں لیکن ان کی بہت یاد آتی ہے۔ آئی مس یو سعدیہ اور سنبل‘ ہاں تو میں بتانے لگی ہوں آپ کو دوستوں کے بارے میں۔ سب سے پہلے زینب یہ ہمارے گروپ کا شاہکار ہیں‘ فلاسفرصاحبہ‘ ہر وقت کلاس میں بیٹھ کر پوز مارنا ان کا شیوہ ہے اور بات بات پر ناراض ہونا ان کی خوبی ہے۔ اپنے آپ میں مگن رہتی ہے اور دس بار بلائو تو پھر سنتی ہے کیونکہ ہینڈفری لگا لگا کر ان کو کم سنائی دیتا ہے۔ (ابھی یہ حال ہے تو بڑھاپے میں نجانے کیا ہوگا) ان سب باتوں کے باوجود زینب پُرخلوص اور سادہ لڑکی ہے۔ اس کے بعد باری آتی ہے روشان صاحبہ کی‘ ان کو کہتے ہیں ہنسی کا گول گپا کیونکہ بات بات میں ہنسنا ان کی عادت ہے۔ ان کے قہقہے پر پورا گرائونڈ ان کی جانب متوجہ ہو لیکن ان کو پروا نہیں ان کی بلا سے گرائونڈ والے جائیں بھاڑ میں لیکن پھر بھی روشان ایک زندہ دل اور اچھی لڑکی ہے۔ اب بات ہوجائے حفظہ رانی کی ان کو بہت بُرا لگتا ہے جب میں اس کا الٹا نام بلاتی ہوں‘ یہ ہمارے گروپ کا مزاحیہ کردار ہے اور چاہے کتنی ہی مشکل گھڑی کیوں نہ ہو ان کا کام ہے دوسروں کو ہنسانا‘ حفظہ سے میری خوب بنتی ہے۔ اب بات ہوجائے عائشہ کی‘ ان کا کام ہے ہر وقت زارا سے ڈانٹ کھانا اور ٹیچروں کے ساتھ بحث کرنا (سر عظیم اور سر فیضان کے ساتھ خصوصاً) اور جھگڑنا اس کی عادت ہے اور بات اسی فقرے پر ختم کرے گی ’’تم دونوں کزنیں ہو ہی ایسی‘‘ اس کے بعد آتی ہے زارا صاحبہ۔ ان کے بارے میں کوئی بھی غلط بات کہہ کر میں نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی نہیں مارنی لہٰذا صرف اتنا ہی کہوں گی کہ زارا ایک اچھی لڑکی ہے اور بہت پیاری ہے۔(ایمان سے جھوٹ بول رہی ہوں) اپنے ملک پاکستان اور آرمی سے عشق ہے اس کے علاوہ اپنے والدین سے بھی بے حد محبت کرتی ہوں‘ اللہ تعالیٰ میرے والدین کو لمبی عمر عطا فرمائے اور ان کا سایہ ہمیشہ ہمارے سروں پر قائم رہے‘ آمین۔ امی کے ساتھ بہت فرینک ہوں ہر بات ان سے کرلیتی ہوں۔ آنچل میں بہت سی سسٹرز اچھی لگتی ہیں ان میں دلکش مریم‘ ارم کمال‘ پروین افضل اور کوثر ناز وغیرہ‘ زندگی رہی تو پھر ملیں گے‘ اجازت دیں‘ اللہ نگہبان۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close