Aanchal Sep-16

در جواب آں

مدیرہ

مصنفین سے گزارش
ماہنامہ آنچل کی جانب سے تمام مصنفین اور خاص کر نو آموز سے درخواست ہے کہ سوشل میڈیا‘ آن لائن بلوگ‘ آن لائن میگزین اور دیگر آن لائن ویب میگزین پر شائع ہونے والی اپنی تحریر و نگارشات آنچل کے لیے ارسال مت کریں کیونکہ وہاں شائع ہونے کی صورت میں یہاں تحریر قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ امید ہے تمام قاری بہنیں اور مصنفین تعاون کرتے ہوئے ہمیں شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں گی۔
صائمہ اکرم چوہدری… کراچی
عزیزی صائمہ! جیتی رہو‘ آپ کے والد محترم کی رحلت کے متعلق جان کر بے حدا فسوس ہوا۔ باپ جیسی عظیم ہستی کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ جس نے زندگی میں انگلی تھام کر پائوں پائوں چلنا سکھایا ہو وہی شخص زندگی کی راہوں میں ہاتھ چھڑا کر ملک راہی عدم ہوجائے تو اس سے بڑا کوئی غم نہیں ہوتا لیکن پیاری بہنا موت بھی ایک اٹل حقیقت ہے جو بھی اس فانی دنیا میں آیا ہے اسے اپنے خالق حقیقی کی طرف لوٹ کر بھی جانا ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کے والد محترم کو اعلیٰ اعلین میں جگہ عطا فرما کر انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ سمیت دیگر اہل خانہ کو صبر و ہمت عطا کرے‘ آمین۔
رفاقت جاوید… اسلام آباد
پیاری بہنا! سدا خوش رہو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ کی تحریر کردہ کہانیوں کو اب ٹی وی اسکرین پر بھی ڈرامے کی صورت دیکھا جاسکتا ہے۔ نجی چینل سے آپ کے ڈرامے کے آن ائر ہونے کی خبر سن کر بے حد خوشی ہوئی‘ اللہ سبحان وتعالیٰ آپ کو مزید کامیابیاں عطا کرے۔
سمیرا شریف طور… گوجرانوالہ
ڈئیر سمیرا! سدا سہاگن رہو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ بھی ماں جیسے عظیم مرتبہ پر فائز ہوگئی ہیں۔ ممتا کے ان جذبوں سے‘ ہمکنار ہونے کے بعد ہی زندگی کی اصل رونقوں اور خوشیوں کا ادراک ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ جاب کے حصول میں کامیابی پر بھی آپ کو ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کو اسی طرح زندگی کی بہت سی بہاریں دیکھنا نصیب فرمائے‘ آمین۔
رضوانہ پرنس… کراچی
ڈئیر رضوانہ! جیتی رہیں‘ آپ کے بھائی کی رحلت کا جان کر بے حد افسوس ہوا۔ بے شک اپنے پیاروں سے دائمی جدائی کا یہ لمحہ نہایت تکلیف دہ اور اذیت ناک ہوتا ہے لیکن یہی دستور زمانہ ہے کہ ’’موت سے کس کو رستگاری ہے‘‘ آزمائش کے ان لمحات میں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ اور دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے‘ آمین۔
تحسین انجم انصاری… اسلام آباد
عزیزی تحسین! جیتی رہو‘ طویل عرصے بعد آپ سے نصف ملاقات بے حد اچھی لگی‘ ہمارے اور آپ کے اس دیرینہ تعلق لفظوں کی ضرورت نہیں ہمارا رشتہ کاغذ و قلم کا محتاج نہیں ہے۔ آپ ہماری اچھی لکھاریوں میں شمار ہوتی ہیں آپ کی تحریریں ہمارے پاس محفوظ ہیں۔ ماہنامہ حجاب میں لکھنا چاہتی ہیں بے حد خوش آئند ہے جلد ہی اپنا افسانہ و دیگر تحاریر ارسال کردیں جلد لگانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ امید ہے آئندہ بھی شب و روز کی ان مصروف گھڑیوں میں سے چند پل ہمارے نام کرتی رہیں گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
کوثر خالد… جڑانوالہ
ڈئیر کوثر! سدا سلامت رہیں‘ ابتدا میں سجے دونوں ہی اشعار آپ کے پُرخلوص جذبوں کی ترجمانی کررہے تھے پھر بھلا کیونکر نہ ہمیں بھاتے‘ بہت پسند آئے۔ پیغام کو اس بار شامل کرلیا گیا ہے البتہ تصویر سے آپ کی ہم تو فیض یاب ہوئے اور دیدار کا شرف حاصل کرپائے البتہ قارئین محروم رہ گئے اس بات کا افسوس کیونکہ تصویر اسکین نہ ہوسکی۔ عید ہماری بھی اچھی گزر گئی جناب اب تو آنے والی عید کی تیاریاں پکڑیں۔ آپ کے تمام حال احوال ہم آپ کے کہنے سے پہلے ہی ازبر کرچکے اور پڑھ کر لطف اندوز بھی ہوئے آپ کے بے ساختہ اندازِ بیاں پر۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کی بیٹی کو نیک و صالح رشتہ عطا فرمائے‘ آپ کا شعری تعارف جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔
حرا قریشی… بلال کالونی‘ ملتان
عزیزی حرا! شاد و آباد رہو‘ آپ سے یوں نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ آپ کا اَسپ قلم نہایت برق رفتاری سے منزل کی جانب گامزن ہے وہ کہتے ہیں ناں کہ ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں سو کمندیں ڈالتی رہیں پس و پیش کیسی۔ آپ کی تمام تحریریں ہمارے پاس محفوظ ہیں اور اب بھی آپ کا شمار بہترین اور پسندیدہ لکھنے والوں میں ہے جن کے الفاظ کو سراہنا پسند کرنا ہمارے قارئین کا محبوب مشغلہ ہے۔ عیدالاضحی والی تحریر جلد لگ جائے گی‘ باقیوں کے لیے انتظار کے لمحوں سے گزرنا پڑے گا بہرحال اس انتظار کا بھی اپنا ایک مزہ ہے سو انتظار کے ساتھ مزید رابطے استوار کرتے اپنا ناول بھی لکھ لیجیے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ پیاری حرا کے قلم میں مزید روانی اور جولانی عطا فرمائے‘ آمین۔
یاسمین نشاط اختر… لاہور
ڈئیر یاسمین! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر موصول ہوگئی ہے جلد اشاعت کی کوشش کریں گے ابھی دل تھام کر انتظار کی گھڑیاں گنتی جائیں البتہ نگہت عبداللہ تک آپ کا سلام پہنچادیا گیا ہے جواب کے ساتھ آپ کی غیر حاضری کی وجہ دریافت کی ہے دعاگو ہیں کہ آپ کا سفر بھی اچھا رہے اور سرجری بھی کامیاب رہے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے‘ آمین۔
عائشہ اختر بٹ… سرگودھا
ڈئیر عائش! سدا مسکرائو‘ آپ کے بدلے حالات اور تعلیمی سلسلے کے متعلق جان کر بے حد اچھا لگا۔ اتنی شدید بیماری کے باوجود بھی امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد۔ بہرحال اس بیماری سے آپ کے لیے اتنا تو ہوا کہ اپنوں کے لیے جو دوری اور بیگانگی رویوں میں پیدا ہوئی وہ سب دور ہوگئی انہیں آپ کی اہمیت اور آپ کو ان کی محبت کا بخوبی ادراک ہوگیا اسی لیے تو کہتے ہیں کہ بعض مرتبہ محبت و چاہت کا اظہار لفظوں اور رویوں میں لازمی ہوجاتا ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے والدین کا سایہ آپ کے سر پہ سلامت رکھے‘ آپ کے اندازِ تحریر سے آنے والی مثبت تبدیلی کا ادراک بخوبی ہورہا ہے اور تعارف میں بھی یہ شوخی و شگفتگی اس بات کی گواہ ہے کہ آپ بہتر سے بہترین کے سفر کی جانب گامزن ہیں‘ تحریر پڑھ کر جلد اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔
مہرین رانی… نامعلوم
ڈئیر مہرین! جیتی رہو‘ بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔ آپ کی غزل موصول ہوگئی ہے لیکن آپ نے خط کے ساتھ ہی سب لکھ ڈالا اور یہ شاعری متعلقہ شعبے تک پہنچانے میں ناکام ہیں۔ آئندہ اس بات کا خیال رکھیے گا ہر سلسلہ کے لیے علیحدہ صفحے کا استعمال کریں تاکہ معلقہ شعبے تک بآسانی پہنچایا جاسکے۔ آپ کہانی ارسال کردیں اگر معیاری ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
لائبہ میر… حضرو
ڈئیر لائبہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی خوشی کے متعلق جان کر بے حد اچھا لگا‘ طویل انتظار کے بعد اپنا نام صفحہ قرطاس پر جگمگاتا دیکھنا یقینا آپ کے لیے باعث مسرت ہوگا۔ کوشش بھی یہی ہوتی ہے کہ دیر سویر نہ ہو اور آپ بہنوں کی شرکت کو جلد از جلد یقینی بنایا جاسکے۔
صنم اشرف… رندھیر با گڑیاں
عزیزی صنم! سدا شاد رہو‘ آپ کا خط موصول ہوا تو جواب بھی حاضر ہے اس سے پہلے ہمیں آپ کا کوئی خط موصول ہی نہیں ہوا تو جواب کیسے اور کیونکر دے پاتے۔ اتنی مایوسی و دل گرفتی اچھی نہیں‘ آپ کی دوست کو سال گرہ کی ڈھیروں مبارک باد۔
طیبہ نذیر… شادیوال گجرات
ڈئیر طیبہ! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی جانب سے یہ خوش خبری جان کر بہت اچھا لگا کہ آپ بھی والد کا انگنا سونا کرکے پیا دیس رخصت ہونے والی ہیں۔ والدین کے لیے جہاں یہ لمحات بہت سی خوشیاں لاتے ہیں وہیں گھر کی رونق دوسروں کے سپرد کرتے ان کی آنکھیں بھی نم ہوجاتی ہیں۔ دل افسردہ‘ آنکھوں میں نمی‘ لبوں پر دعائیں غرض ماں باپ کی عجیب ہی کیفیت ہوتی ہے۔ ہماری جانب سے بھی آپ کو نئی زندگی کی شروعات پر بے حد مبارک باد۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اپنے ہمسفر کے سنگ زندگی کی ڈھیروں خوشیاں نصیب فرمائے۔ شادی کے بعد زندگی کی نئی بہاروں کے ساتھ آنچل کی محفل میں ضرور شرکت کیجئے گا اور شادی کا احوال بھی چاہیں تو لکھ کر ارسال کردیں‘ پذیرائی ضرور ملے گی۔
ایمن علی… ساہیوال
ڈئیر ایمن! آباد رہو‘ آپ نے خط کے ذریعے اپنی سال گرہ کا احوال جس خوب صورتی سے قلم بند کیا پڑھ کر اچھا لگا اور پھر اس سال گرہ کے موقع پر ایک سرپرائز گفٹ آنچل نے بھی آپ کو فراہم کردیا آپ کی تحریر کی سلیکشن کی صورت میں۔ اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آئندہ بھی وہ آپ کو بہت سی خوشیاں و کامیابیاں عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ کی تحریر کے لیے کوشش کریں گے کہ جلد از جلد شامل کرسکیں‘ اتنی خوشی کے بعد تھوڑا سا انتظار تو آپ کر ہی لیں۔
شازیہ اختر شازی… نور پور
ڈئیر شازیہ! سدا جیتی رہو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے لیکن مجبوری یہ ہے کہ دوست کا پیغام سلسلے کے لیے ہر ماہ کثیر تعداد میں پیغامات وصول ہوتے ہیں۔ ہم چاہ کر بھی صفحات کی کمیابی کی بناء پر سارے پیغامات شامل نہیں کرسکتے اسی بناء پر پہلے آنے والوں کو جگہ مل جاتی ہے تاخیر سے موصول ہونے والے پیغام آئندہ شامل کرلیے جاتے ہیں‘ کوشش کریں گے کہ آپ کا پیغام بھی شامل کرپائیں۔
سمعیہ رانی…ملتان
ڈئیر سمعیہ! سدا جیو‘ طویل عرصے بعد آپ نے بھی خاموشی کا قفل توڑ کر بزم آنچل میں شرکت کی بے حد خوشی ہوئی اور یہ جان کر اچھا لگا کہ آپ کے سسرال والے بھی علم و ادب سے شغف رکھنے والے اور کتابوں کے قدر دان ہیں۔ بے شک انسان مطالعہ اور مشاہدے سے بہت کچھ سیکھتا ہے‘ آپ نے آج ہمت کرکے شرکت کی تو جواب بھی آپ کو دیا گیا امید ہے آئندہ اس طرح کے خدشات کو نکال کر شرکت کرتی رہیں گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
انیلا طالب… گوجرانوالہ
ڈئیر انیلا! سدا آباد رہو‘ آپ کے مفصل خط کے ذریعے یہ اندازہ ضرور ہوگیا کہ آپ اپنے وطن کی خیر خواہ اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں اور اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کو جو صلاحیتیں عطا کی ہیں ان کو بروئے کار لانے کی بھرپور سعی کرتی ہیں بے شک اچھائی اور نیکی کے لیے اٹھایا جانے والا کوئی بھی قدم چھوٹا یا معمولی نہیں ہوتا اس لحاظ سے آپ کا کام بھی قابل تحسین ہے۔ قسط وار ناول ارسال کرنے سے پہلے اپنا افسانہ یا ناولٹ ارسال کردیں کیونکہ قسط وار کے لیے فی الحال گنجائش نہیں اگر افسانہ بھیج دیں گی تو اندازِ تحریر میں پختگی کا بھی علم ہوجائے گا اور جلد شامل بھی کرلیا جائے گا‘ امید ہے تعاون کریں گی۔
حرا قریشی… حیدرآباد
عزیزی حرا! جگ جگ جیو‘ آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ شب و روز کی ان مصروف گھڑیوں میں ہر کوئی فرصت کی عدم دستیابی کا شکار نظر آتا ہے پھر بھی آپ نے چند پل نکال کر ہمارے نام کیے بے حد خوشی ہوئی۔ اپنی تحریر میں جہاں بہتری کی گنجائش ہو اور دیگر کمی پوری کرکے حجاب کے لیے بھیج دیں پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ امید ہے آنچل کے لیے بھی آپ کا قلمی تعاون برقرار رہے گا۔
ماورا بشارت چیمہ… گوجرانوالہ
عزیزی ماورا! سدا خوش رہو‘ ’’عشق ست رنگی‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر موصول ہوئی۔ پڑھ کر انداز ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن اس تحریر میں کچھ جگہوں پر اندازِ تحریر کمزور ہے آپ اپنا مطالعہ وسیع کریں‘ مزید بہتر لکھنے میں مدد ملے گی۔ بہرحال آپ کی یہ تحریر کانٹ چھانٹ کے بعد جلد آنچل یا حجاب کے صفحات کی زینت بن جائے گی‘ اس کامیابی پر ڈھیروں مبارک باد۔
سدرہ فریال… میانوالی
عزیزی سدرہ! خوش رہو‘ آپ کی جانب سے تحریر ’’عادی‘‘ موصول ہوئی‘ طوالت میں الجھ کر روانی و شگفتگی متاثر ہورہی ہے۔ اس کے برعکس آپ کا افسانہ زیادہ متاثر کن تھا بہرحال قابلِ قبول ہے لیکن مزید محنت کو اپنا شعار بناتے موضوع کے انتخاب میں احتیاط کیجیے وہ کہتے ہیں ناں کہ…
اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا
راحتیں اور بھی وصل کی راحت کے سوا
تو کسی اور دکھ کو کسی اور راحت کو مختص قلم کیجیے اس سے آپ کی تحریر میں انفرادیت کا عنصر بھی نمایاں ہوگا‘ امید ہے کوشش جاری رکھیں گی۔
راشدہ علی…آٹک
ڈئیر راشدہ! سدا آباد رہو‘ آپ کی تمام تحریریں ہمارے پاس محفوظ ہیں اور قبولیت کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری ہیں۔ عید نمبر کے حوالے سے جو تحریر ہے ’’تیرے ساتھ چلنا ہے‘‘ یہ جلد لگ جائے گی البتہ آپ کی دیگر تحریریں گاہے بگاہے شامل کرتے رہیں گے۔ اگست کے حوالے سے آپ کی تحریر آئندہ کے لیے محفوظ کرلی گئی ہے‘ اس لیے تھوڑا انتظار تو کرنا پڑے گا۔
یمنیٰ اختر… نامعلوم
ڈئیر یمنیٰ! سدا مسکرائو‘ بذریعہ ای میل آپ کی تحریر ’’تیری خوشیوں سے سارا گھر مہکا‘‘ موصول ہوئی ہماری جانب سے قبولیت کا درجہ بھی حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری لیکن اس کے باوجود بھی شامل اشاعت نہ ہوسکی کہ یہ سوشل میڈیا کی زینت پہلے ہی بن چکی ہے۔ اب پڑھنے والوں کے لیے وہ دلکشی اور دلچسپی برقرار نہ رکھ پائے گی لہٰذا گزارش ہے کہ اس طرح کی کہانیاں ارسال مت کریں ایک تحریر کو صرف ایک جگہ تک ہی مختص رکھیں۔
چندا چوہدری… حویلیاں
پیاری چندا! سدا سکھی رہو‘ ہمارے حال احوال سب بخیر ہیں‘ سوال بلاتمہید تھا سو جواب بھی بنا تمہید کے عرض ہے کہ آپ کے رنگ رنگیلے مرغیوں کی دڑبے میں نہیں بلکہ ہماری دراز میں محو استراحت ہیں کیوں انہیں تنگ کرکے خواب خرگوش سے بیدار کرنا چاہتی ہیں۔ ویسے قید و بند کی اصطلاح بھی خوب رہی‘ آپ کے لیے مفید مشورہ یہی ہے کہ آپ اسی طنزو مزاح کے انداز میں قلم آزمائی کریں کیونکہ بے شک اس صنف میں قلم آزمائی ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ آپ کی نظمیں غزلیں جلد شامل کردیں گے۔ آپ کا منتخب کردہ شعر واقعی بہت پسند آیا‘ بہرحال کہانی کے لیے مایوس مت ہوں آپ کی تحریر جلد لگ جائے گی۔
سمیرا محمد رفیق… نامعلوم
ڈئیر سمیرا! سدا جیو‘ آپ کی تحریر منتخب ہوئی تو اس کے لیے شکریہ کی ضرورت نہیں کیونکہ اچھی اور معیاری چیز کو رد کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آپ مسلسل لکھنا چاہتی ہیں اچھی بات ہے اس سے آپ کے لکھنے کے فن کو مزید جلا ملے گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ کی تحریر جلد لگ جائے گی۔
مہوش فاطمہ بٹ… دینہ‘ جہلم
ڈئیر مہوش! سدا اخوش رہو‘ آپ کے کزن کی رحلت کا جان کر بے حد افسوس ہوا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور دیگر لواحقین کو صبر و استقامت سے نوازے‘ آمین۔ قارئین سے بھی دعائے مغفرت کے ملتمس ہیں‘ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ۔
سونیا نورین گل… دندہ شاہ بلاول
ڈئیر سونیا! سدا خوش رہو‘ آپ کے خط کے ذریعے والد کی رحلت کا جان کر بے حد دکھ ہوا۔ بے شک والدین کا سایہ اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور جو اس سائے سے محروم ہوجاتے ہیں وہ زمانے کی کڑی دھوپ میں آجاتے ہیں۔ باپ جیسی مشفق و مہربان ہستی کی دائمی جدائی آپ اور دیگر اہل خانہ کے لیے کٹھن مرحلہ ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کے والد محترم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ سمیت دیگر لواحقین کو صبر و ہمت عطا کرے‘ آمین۔
سدرہ شاہین… نامعلوم
ڈئیر سدرہ! جگ جگ جیو‘ آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ اس مختصر سے خط سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ اپنے وطن سے آپ کو والہانہ محبت و الفت ہے۔ وہ کہتے ہیں ناں ’’چاہا ہے اسی رنگ میں لیلائے وطن کو‘ تڑپا ہے اسی طور دل کی اس کی لگن میں‘‘ آپ کی لگن تڑپ و پُرخلوص جذبات قابل قدر ہیں۔ آج ایسے سچے محب الوطن لوگوں کی ہی ہمارے ارض وطن کو ضرورت ہے۔ اے کاش کہ ہم پاکستان کے حصول کے اصل مقصد کو سمجھ سکیں اور اسے ایک اسلامی ریاست بناسکیں۔ جشن آزادی کی ڈھیروں مبارک باد‘ پرچے کی پسندیدگی پر مشکور ہیں۔
ریحانہ آفتاب… کراچی
ڈئیر ریحانہ! سدا سہاگن رہو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے کہ آپ کو انتظار کی زحمت بے حد کلفت میں مبتلا کردیتی ہے اسی شکوہ و شکایت کے ازالے کے لیے حجاب کا اجراء کیا تھا اور کوشش بھی قائم و دائم ہے کہ بہنوں کو تاخیر کا گلہ نہ رہے لیکن پھر بھی ایسے کاموں میں دیر سویر تو ہوتی ہی رہتی ہے۔ آپ کی دونوں تحریریں کمپوزنگ کے مراحل سے گزر چکی ہیں ان شاء اللہ جلد صفحات کی زینت بن جائیں گی‘ عید نمبر والی تحریر شامل ہوجائے گی‘ اس لیے خفگی دور کرلیجیے۔
مریم بنت ارشاد… رحیم یار خان
عزیزی مریم! سدا مسکرائو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے اور آپ نے اپنے تحریری سفر کا آغاز کردیا ہے جب سفر کا آغاز کرچکی ہیں تو ان شاء اللہ کامیابی و کامرانی آپ کا مقدر بنے گی۔ آپ کے خط کا جواب حاضر ہے آپ کی تحریر قبولیت کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہریں‘ ان شاء اللہ جلد آنچل یا حجاب کی زینت بن جائیں گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی کامیابیاں عطا فرمائے‘ آمین۔
مونا شاہ قریشی… کبیر والہ
ڈئیر مونا! جگ جگ جیو‘ کشمیر کے انتہائی مخدوش حالات پر آپ کے جذبات قابل قدر ہیں‘ واقعی ہر محب وطن کا سینہ فگار اور آنکھیں اشکوں سے لبریز ہیں ایسے میں جو دوستی اور سمجھوتے کی بات کرتے ہیں ان کے لیے یہ باتیں انتہائی شرمناک اور قابلِ اعتراض ہیں۔ ویسے بھی قرآن پاک میں انہی کفار کے لیے صریح دشمن کے الفاظ کا استعمال ہوا ہے تو جسے رب نے آپ کے لیے دشمن قرار دیا ہے‘ اس سے دوستی کی امید کیسے اور کیونکر کی جاسکتی ہے۔ آپ کا کہنا بالکل بجا ہے کہ حکومت صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے‘ آپ کے بلند حوصلوں اور عزائم کے متعلق جان کر بے حد خوشی ہوئی۔ آج کل ہر کسی میں ایسے بلند عزائم اور جرأت کا اظہار غیر معمولی ہے بہرحال آپ کا ناول قبولیت کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہرا‘ ایسے ہی اپنے قلم سے جہاد بالقلم کا فریضہ سر انجام دیتی رہیں۔
نیلم شہزادی… کوٹ مومن
پیاری شہزادی نیلم! سلطنت آنچل میں خوش آمدید‘ خوب صورت انداز تحریر‘ عمدہ موضوع اور دلچسپی و روانی یہ تمام خوبیاں آپ کی تحریر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ میں موجود تھیں لہٰذا انکار کی گنجائش ہی نہیں تھی لیکن تاخیر سے موصول ہونے کی بناء پر اس بار شاملِ اشاعت نہ ہوسکی اب آئندہ کسی اور موقع کی مناسبت سے آپ کی تحریرکو جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے امید ہے شہزادی صاحبہ کی طبیعت پر یہ انتظار گراں نہیںگزرے گا۔
مشا علی مسکان… کمر مشانی
ڈئیر مشا! جیتی رہو‘ امید ہے اس بار اپنا اسم گرامی دیکھ کر شکایت دور ہوجا ئے گی۔ کہانی کے حوالے سے عرض ہے کہ آپ کا مشاہدہ بالکل درست ہے کہ جو عمر رسیدہ و تجربہ کار لوگ ہوتے ہیں وہ واقعی تراشا ہوا ہیرا ہوتے ہیں اور ان میں یہ خوبی وقت و حالات کی پیدا کردہ ہوتی ہے۔ انسان اپنے علم سے زیادہ تجربات و مشاہدات سے سیکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ کچھ لوگ کم علم رکھنے کے باوجود بھی ہر معاملے پر نہایت عمیق نگاہ رکھتے ہیں۔ آپ کی تحریر ہمارے پاس محفوظ ہیں جلد اشاعت کے مراحل طے کرلے گی‘ اس کامیابی پر ڈھیروں مبارک باد۔
ناقابل اشاعت:۔
اگر تم نہ ہوتے‘ سچی محبتوں کا زوال‘ دیا‘ ہزاروں خواہشیں ایسی‘ مکافاتِ عمل‘ اولڈہائوس‘ چلو یہ عہد کریں‘ محبت کے حسین لمحوں میں‘ نہ رسوائی ہو نہ جدائی‘ مسافت‘ تمہارا سوا اب ناچاہیں کسی کو‘ اے محبت‘ ملے تم سے بچھڑ کے ہم‘ راہ حق کے مسافر‘ شہزادی‘ سلمیٰ ستارہ‘ دربدر عشق میں‘ باکردار لڑکی‘مسکرائی پھر زندگی‘ محبت یہ تو نہیں‘ بے وفا‘ چلو پھر سے جی کر دیکھیں‘ محبت یارمن‘ یہ رشتے پیار کے‘ جنت ٹھکرادی۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close