Hijaab Jan 19

بات چیت

مدیرہ

السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ۔

نئے سال کا پہلا شمارہ آپ کے ذوق مطالعہ کی نذر ہے۔ عمر رواں کا ایک اور سال ماضی کا حصہ بن گیا، دنیا نے ایک اور قدم اپنے انجام کی طرف بڑھایا۔ کلینڈر پر پھر ایک نئے ہندسے نے اپنی جگہ بنائی۔
کہنے کو تو نئے سال میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی۔ اسی طرح سورج طلوع ہوتا ہے، چاند روشنی لٹاتا ہے، موسموں کے مزاج بدلتے ہیں، گرم ہوائیں سرد ہوائوں، میں بدل جاتی ہیں مگر دیکھیں تو ہر طلوع ہونے والا دن ایک نیا دن ہوتا ہے جو اپنے جلو میں نئے نئے ہنگامے، خواب، خواہشیں، امیدیں اور مواقع لیے آتا ہے۔ ہر رات ایک نئی رات ہوتی ہے جس کے اپنے بھید ہوتے ہیں۔
زندگی بجائے خود ایک راز ہے اور اس کے بھید کو وہی پاتا ہے جس کے اندر جستجو اور لگن ہوتی ہے۔ کچھ کر گزرنے کا حوصلہ ہوتا ہے۔ ان منظروں میں وہی روشنی بھرتا ہے جو محنت پر یقین رکھتا ہے۔ جس کا حوصلہ جواں ہو، جس کا یقین محکم اور جو توکل کرنا جانتا ہو، اس کے لیے یہ دنیا ہر روز ایک نئی دنیا ہے۔
سال گزشتہ ماضی کا حصہ بن چکا، اس کی تلخ یادیں، درشت رویے، ناکامیاں، مایوسیاں، سب ماضی کے قبرستان میں دفن کردیں اور نئے عزم کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہیں۔ اس دنیا میں غم زیادہ اور مسرتیں کم ہیں اس لیے دوسروں کے غم بانٹ لیں تاکہ وہ کم ہوجائیں اور اپنی مسرتوں میں دوسروں کو شریک کرلیں تاکہ وہ بڑھ جائیں۔ آپ کی ایک دھیمی سی مسکراہٹ، تسلی کے دو بول، حوصلہ افزائی کے چند جملے کسی کی دنیا بدل سکتے ہیں۔ اپنے رویے اپنی سوچ کو بدلیں۔ دوسروں کی دنیا میں رنگ بھریں گے تو آپ کی زندگی خود بہ خود گل رنگ ہوجائے گی۔
ای میل پر کہانیاں بھیجنے والی بہنوں سے ہم کئی بار درخواست کرچکے ہیں کہ وہ کہانی اردو رسم الخط میں ای میل کیا کریں‘ پی ڈی ایف‘ تصویر یا اسکین کی ہوئی کہانیاں قابل قبول نہیں‘ اس لیے آپ آئندہ سے بتادئے گئے طریقے کار کے مطابق کہانی ای میل کیا کریں گے اور کہانی کے ابتدأ میں کہانی کا نام اپنا نام لکھا کریں اور آخر میں اپنا نام‘ مکمل پتا اور رابطہ نمبر بھی لکھیں اور کہانی ایڈیٹر والے ای میل پر بھیجا کریں اور دیگر سلسلوں کے ای میل ہر سلسلے پر لکھا ہوتا ہے تو آپ اس ہی شعبہ کے ای میل پر اپنی چیزیں ای میل کیا کریں نئی میل پر میل کے رپلائی پر نہیں کیا کریں۔ امید ہے آپ ادارے سے اس سلسلے میں تعاون کریں۔
ادارے کی جانب سے تمام قارئین کو نیا سال مبارک ہو۔

اس ماہ کے ستارے:
فصیحہ آصف خان، افشاں شاہد، سیدہ فرحین جعفری، فرح طاہر، برجیس رباب، انیسہ ناز بشارت، حبیبہ شیراز، سعدیہ نواز، روحی فرخ، اُم ہانی۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close