Hijaab Mar 2019

بات چیت

مدیرہ

السلام علیکم و رحمتہ اﷲو برکاتہ!

مارچ 2019ء کا حجاب آپ کے ذوق مطالعہ کی تسکین کے لیے حاضر ہے۔
موسم ایک بار پھر اپنا چولا بدل رہا ہے۔ یخ بستہ ہَوائوں کی جگہ گدگداتی ہَوائوں نے لے لی ہے۔ دھوپ میں ہلکی پھلکی تمازت آنے لگی ہے۔ کونپلیں پھوٹنے لگی ہیں۔ درخت نیا لباس پہننے لگے ہیں اور موسم بہار آیا ہی چاہتا ہے۔ موسم بہار جب ہر شے پہ نکھار آجاتا ہے اور قدرتی مناظر کا جوبن عروج پر ہوتا ہے۔ پرندوں کی چہچہاہٹ، پھولوں کی شگفتگی اور ہَوائوں کی سرمستی موسم بہار کا اعلان ہی نہیں اس کا حسن بھی ہے۔ اس موسم کی جلوہ گری مظاہر کائنات کے ہر ذرے سے عیاں ہوتی ہے۔ کھیت سرسبز لہلہاتی فصلوں سے پٹ جاتے ہیں۔ میگھا کی پھوار سے بوٹے اور شگوفے بھیگ جائیں تو پرندے کھل اٹھتے ہیں۔ سبزے کی تراوٹ نگاہوں کو تازگی بخشتی ہے۔ نور کی بنی چاند کی کرنیں تاریک راتوں کو وہ حسن بخشتی ہیں کہ انسان بے اختیار پروردگار کا شکر ادا کرنے لگتا ہے جس نے اس کائنات کو وہ رنگینی و رعنائی بخشی جس کا نہ کوئی مول ہے نہ مثال۔
بہار کا ذکر ہو اور کھلکھلاتی لڑکیوں بالیوں کا خیال نہ آئے، ممکن نہیں کہ اس موسم سے سب سے زیادہ وہی لطف کشید کرتی ہیں مگر بہار کے موسم میں ۸ مارچ کو یوم خواتین بھی منایا جاتا ہے اور اس دن کو مناتے ہوئے ان خواتین کا خیال آتا ہے جو کھیتوں میں کام کرتی ہیں‘ بھٹے پر اینٹیں بناتی ہیں۔ مزدوری کرتی ہیں، دست کاری کرتی ہیں، دفتروں میں اور گھروں میں کام کرتی ہیں، درس گاہوں میں پڑھاتی ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا ہے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ لیکن صرف زبانی کلامی خراج تحسین سے خواتین کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں آتا۔ وہ اسی طرح اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ناروا رویے برداشت کرتی ہیں۔ کہیں انہیں ہراساں کیا جاتا ہے تو کہیں معصوم کمسن ملازماؤں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کی صرف صلاحیتوں کو زبانی کلامی نہ سراہا جائے بلکہ انہیں ایسے مواقع بھی دیے جائیں جہاں وہ اپنی صلاحیتون کا آزادانہ استعمال کرسکیں‘ انہیں فکر و عمل کی آزادی ہو۔ وہ ہر طرح کے تشدد سے محفوظ ہوں، انہیں صرف عورت نہیں انسان سمجھا جائے‘ غیرت کے نام پر انہیں قتل نہ کیا جائے۔ ایسا اس وقت ہوگا جب ہمارے معاشرے کی سوچ بدلے گی اور کاش کے یہ سوچ بدلے اور ہمارے آنگن میں بھی شاید کہ پیار آئے۔

اس ماہ کے ستارے:

سلمیٰ کنول‘ فرح انیس‘ بشریٰ سیال‘ کائنات غزل‘ شازیہ الطاف ہاشمی‘ رشک حبیبہ‘ یمنیٰ نور‘مدیحہ کنول سرور‘ صائمہ اصغر‘ نیلم شہزادی‘ نورین مسکان سرور‘زینب ملک ندیم

دعا گو
قیصر آرأ

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close