Aanchal Dec 15

در جواب آں

مدیرہ

نازیہ کنول نازی… ہارون آباد

پیاری نازیہ! سدا سہاگن رہو‘ یوں تو آپ سے قلمی رابطہ ہمیشہ ہی رہتا ہے لیکن اس بار یہ جان کر کہ آپ کے والد صاحب علیل ہیں۔ بے ساختہ دعائوں نے لبوں کا احاطہ کرلیا‘ والدین کا سایہ اولاد کے لیے نہایت قیمتی سرمایہ ہے جس کا کوئی مثل اور نعم البدل نہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ آپ کے والد کو جلد از جلد صحت کاملہ عطا فرمائے اور آپ کو ان کے سائے تلے زندگی کی بہت سی خوشیاں دیکھنا نصیب ہوں‘ آمین۔

سیما بنت عاصم… کراچی

پیاری بہن سیما! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کا خط موصول ہوا‘ بے شک ماں باپ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ایسی ہستی بنائی جس کا نعم البدل نہیں اور ماں کو اللہ نے محبت کے خمیر سے گوندھا ہے اس لیے وہ اپنے سب بچوں سے یکساں محبت کرتی ہے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کی والدہ کو صحت والی زندگی عطا فرمائے اور ان کا سایہ آپ کے سر پر تاحیات قائم رہے‘ آمین۔
سدرۃ المنتہیٰ… ٹنڈو محمد خان
پیاری بہن سدرہ! سدا مسکراتی رہو اور اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کو زورِ قلم مزید عطا فرمائے اور آپ مزید الفاظ کے موتی صفحہ قرطاس پر بکھرتی ہوئی قارئین کے دل میں گھر کرتی جائیں‘ آمین۔ آپ کی طرف سے کتاب ’’پریت نگر کا شہزادہ‘‘ تحفہ کی صورت موصول ہوئی‘ جس کے لیے جزاک اللہ۔

فاطمہ ماریہ…فیصل آباد

ڈئیر فاطمہ! جگ جگ جیو‘ آپ کے پیا دیس سدھارنے کی خبر سن کر بے حد خوشی ہوئی‘ مسرت کے ان لمحات میں ہماری جانب سے ڈھیروں مبارک باد قبول کیجیے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کو آپ کے ہم سفر کے سنگ زندگی کی بہت سی خوشیاں عطا کرے۔ امید ہے آئندہ بھی آپ کا قلمی رابطہ برقرار رہے گا اور آنچل سے رشتہ یونہی استوار رہے گا۔
عائشہ نور عاشا… گجرات
پیاری عائش! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریر ’’واپسی ممنون‘‘ آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنانے میں ناکام ٹھہری۔ بہرحال پڑھ کر یہ اندازہ بخوبی ہوگیا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے آپ اپنی صلاحیت کو مزید مطالعے سے جلا بخش سکتی ہیں۔ موضوع کے چنائو میں احتیاط برتیں‘ موضوع اگر منفرد اور انداز تحریر پختہ ہوگا تو کہانی ضرور قبولیت کا درجہ حاصل کرے گی۔

عاصمہ عزیز… ای میل

ڈئیر عاصمہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’آگاہی‘‘ قبولیت کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ اس کامیابی پر ہماری جانب سے ڈھیروں مبارک باد‘ اپنا مطالعہ مزید وسیع کرتے ہوئے آئندہ بھی اس ہی طرح کے اصلاحی موضوعات کو صفحہ قرطاس کی زینت بناتی رہیے گا۔ جلد ہی آپ کی تحریر آنچل کے صفحات پر آپ کا نام روشن کرے گی۔

لیلیٰ شاہ… گجرات

ڈئیر لیلیٰ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’ڈر‘‘ کے نام سے موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ موضوع کا چنائو عمدہ اور درست ہے لیکن ابھی انداز تحریر میں پختگی مفقود ہے۔ لہٰذا آپ اپنا مطالعہ وسیع کیجیے دیگر مصنفین کی تحریروں کا بغور مطالعہ کریں اس کے بعد قلم آزمائی کریں‘ امید ہے اس ناکامی کو کامیابی کا زینہ بنائیں گی۔

غزل نور… سیالکوٹ

ڈئیر غزل! سدا خوش رہو‘ مفصل خط کے ذریعے آپ سے پہلی نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ آپ کی تحریر ’’طشت ازبام‘‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ کی تحریر بے جا طوالت کا شکار ہے۔ اس طوالت نے کہانی کا حسن ختم کردیا ہے روانی اور تسلسل کہانی میں نہیں ہے بہرحال آپ نے ہمت کرکے کہانی ارسال کردی یہ جان کر اچھا لگا‘ آپ مختصر افسانے کی صورت میں اپنی تحریر ارسال کیجیے ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں مختصر مگر موثر لکھیں امید ہے اس ناکامی سے آپ دل برداشتہ ہونے کے بجائے اپنی کوشش جاری رکھیں گی۔

شہزادی… راولپنڈی

پیاری شہزادی! سدا آباد رہو‘ آنچل سے متعلق آپ کے والہانہ جذبات و احساسات ہمارے لیے قابل قدر ہیں۔ شاعری کی اشاعت کے لیے شکریہ کی ضرورت ہرگز نہیں ہے یہ آپ بہنوں کا اپنا پرچہ ہے جو آپ ہی کی نگارشات سے سنور کر آپ کے ہاتھوں کی زینت بنتا ہے۔ آپ کی تجویز اچھی ہے آپ اپنی شاعری و دیگر اشعار ارسال کردیں گاہے بگاہے شامل کرتے رہیں گے‘ آپ کا لکھا شعر بھی پسند آیا۔

ودیعہ یوسف زماں… کراچی

پیاری ودیعہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی طویل غیر حاضری کو ہم نے بھی محسوس کیا تھا بہرحال آپ شادی کی رونقوں میں مصروف تھیں اور شادی والے گھر میں ویسے بھی بہت سے کام ہوتے ہیں۔ آپ نے کیسے بطور احسن طریقے انہیں نمٹایا جان کر اچھا لگا۔ آپ کی نگارشات شائع ہوئیں اس کے لیے شکریہ کی ضرورت نہیں ہے آپ آئندہ بھی شرکت کرسکتی ہیں ہم آپ کی رہنمائی کرتے رہیں گے‘ اگر آپ چاہیں تو شادی کا احوال معہ تصاویر کے حجاب کے لیے لکھ کر بھیج سکتی ہیں۔
ماروی یاسمین… 44ج
عزیزی ماروی! جیتی رہو‘ آپ کی بھانجی کی رحلت کا سن کر بے حد افسوس ہوا۔ بے شک بچوں سے گھر کی رونق ہوتی ہے اور اولاد کی دائمی جدائی کا یہ صدمہ آپ کی بہن اور اہل خانہ کے لیے کافی تکلیف کا باعث ہوگا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ آپ اور دیگر اہل خانہ کو صبر و ہمت عطا فرمائے اور آپ کی بہن کو بہت سی خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے‘ آمین۔

سید عبادت کاظمی… ڈیرہ اسماعیل خان

پیاری بہن! جیتی رہو‘ نیرنگ خیال کے لیے ہر ماہ ایک کثیر تعداد میں ڈاک موصول ہوتی ہے جبکہ صفحات کی کمیابی کی بناء پر سب کو شامل اشاعت کرنا ناممکن ہوتا ہے اسی لیے دیر سویر ہوجاتی ہے اگر آپ کی شاعری معیاری ہوئی تو ضرور اشاعت کے مراحل طے کرلے گی۔

کے ایم نور المثال… کھڈیاں خاص

پیاری! سدا سہاگن رہو‘ سب سے پہلے تو ہماری جانب سے پیادیس سدھارنے پر ڈھیروں مبارک باد۔ بے شک شادی کے بعد مصروفیات بڑھ جاتی ہیں لیکن امید ہے کہ آپ اپنے قیمتی وقت میں چند سے پل آنچل کے نام کرتے اپنا رابطہ برقرار رکھیں گی۔ آپ کی تحریر ’’احتیاط سے محتاط تک‘‘ کامیابی کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ ہماری جانب سے آپ کے لیے اک خوب صورت تحفہ ہے‘ امید ہے پسند آئے گا۔

رائے تبسم شہزادی… جڑانوالہ

ڈئیر تبسم! اسم بامسمیٰ بن کر سدا خوشیاں بانٹتی رہو۔ آنچل میں شرکت کے لیے آپ پر کوئی پابندی نہیں ہے‘ آپ مستقل سلسلوں میں شمولیت کے ذریعے ہر ماہ آنچل میں اپنا نام دیکھ سکتی ہیں‘ کہانی پڑھنے کے بعد جلد آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے‘ امید ہے خفگی دور ہوجائے گی۔

علینہ اشرف… اسلام آباد

پیاری علینہ! شاد رہو‘ بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔ بے شک آپ کا کہنا بجا ہے کہ آنچل نے بہت سے نوآموز لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کی ہے آپ بھی آنچل کے توسط سے اپنی پہچان بناسکتی ہیں۔ آنچل کی پسندیدگی کے لیے شکریہ‘ آپ کی نظم شامل اشاعت ہے آئندہ بھی شریک محفل رہیے گا۔

سلمیٰ عنایت… کھلابٹ ٹائون شپ

عزیز ی سلمیٰ! سدا خوش رہو‘ آپ کے دادا جان کی وفات کا سن کر بے حد صدمہ ہوا‘ بے شک بزرگوں کا سایہ اللہ سبحان و تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور آپ اور دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے‘ آمین۔

سمیرا مغل… کراچی

ڈئیر سمیرا! جیتی رہو‘ بزم آنچل میں پہلی بار شریک محفل ہونے پر خوش آمدید۔ آپ کے متعلق جان کر اچھا لگا‘ تحریر بھیجنے کے لیے آپ کو اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اپنی تحریر مختصر افسانے کی صورت میں ہمیں ارسال کردیں اگر معیاری ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ نازیہ‘ سمیرا اور ام مریم تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی۔

ایم ضمیر… گوجرانوالہ‘ کینٹ

عزیزی ضمیر! شاد رہو‘ آپ سے پہلی بار یوں نصف ملاقات ہمیں بھی اچھی لگی۔ آنچل کی پسندیدگی کے لیے شکریہ‘ آپ کا طریقہ کار درست ہے‘ باقی تمام تفصیلات آپ آفس کے نمبر پر رابطہ کرکے حاصل کرسکتی ہیں۔

پارس شاہ… چکوال

ڈئیر پارس! مسکراتی رہو‘ آنچل سے متعلق آپ کے احساسات قابل قدر ہیں جہاں تک پیغامات کے حوالے سے آپ کو شکوہ ہے تو بات یہ ہے کہ ہر ماہ کثیر تعداد میں آپ بہنوں کے پیغامات موصول ہوتے ہیں جبکہ صفحات ہمارے پاس چند ایک مخصوص ہوتے ہیں اسی بناء پر بعض پیغامات تاخیر سے موصول ہونے کے سبب شریک ہونے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ہمارا آنچل میں بھی یہی حال ہے اس لیے آپ تھوڑا انتظار کیجیے جلد آپ کا تعارف آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنالے گا۔

لاریب انشال… اوکاڑہ

ڈئیر لاریب! پھول کی طرح مہکتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’پچھتاوا‘‘ اور ’’اک نئی صبح‘‘ آنچل کے معیار پر پوری نہیں اتری جس کے لیے ابھی آپ کو مزید محنت و مطالعہ کی ضرورت ہے اس لیے اپنا مطالعہ وسیع کریں تاکہ آپ کے انداز تحریر میں بہتری آسکے امید ہے مایوس ہونے کے بجائے عمل کریں گی۔

نورین مسکان سرور… ڈسکہ

گڑیا نورین! خوش رہو‘ آپ اپنی تحریر ’’انوکھا مہمان‘‘ کے بارے میں حجاب کے سلسلہ حسن خیال میں اپنے تبصرے کے ساتھ پوچھ سکتی ہیں۔ باقی رہی بات آپ کی تحریر ’’میں ہار گئی‘‘ ابھی زیر مطالعہ ہے‘ پڑھنے کے بعد ہی معیار کا اندازہ ہوگا تب تک آپ انتظار کریں۔

شازیہ فاروق… رحیم یار خان

ڈئیر شازیہ! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی دعائوں سے سجا آپ کا خط آپ کی تحریر کے ساتھ موصول ہوا‘ آپ سے نصف ملاقات اچھی لگی۔ آپ کی تحریر حقیقت میں سچائی کا عکس لیے ہوئے تھی اس لیے آنچل کے صفحات پر جگہ بناگئی لیکن آپ کی اب موصول ہونے والی تحریر ’’میرا پیغام ہر گھر پہنچے‘‘ اس موضوع پر پہلے ہی بہت لکھا جاچکا ہے اور آپ موضوع کے ساتھ انصاف بھی نہیں کرسکیں‘ اس لیے معذرت خواہ ہیں۔

ماریہ کنول ماہی… گوجرانوالہ

گڑیا ماریہ! پھولوں کی طرح مہکتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’اک تیرے آنے سے‘ سجدہ شکر‘‘ دونوں آنچل کے معیار پر پوری نہیں اترسکیں ‘ آپ کا انداز تحریرو موضوع دونوں کمزور ہیں۔ اس لیے دل برداشتہ ہونے کے بجائے اپنا مطالعہ وسیع کریں تاکہ آپ بہتر موضوع کا انتخاب کریں اور اس کے ساتھ لکھنے میں انصاف بھی کرسکیں۔

رومی غفور… شاہ کوٹ

پیاری رومی! جگ جگ جیو‘ نگارشات کی اشاعت پر شکریہ کی قطعی ضرورت نہیں یہ آپ کا اپنا ماہنامہ ہے اور معیاری چیز اپنی جگہ خود بنالیتی ہے۔ آپ اپنی تحریر بلا خوف و جھجھک بھیج سکتی ہیں‘ بڑی بڑی مصنفین بھی اس راہ سے گزر کر آج نام ور مصنفین میں اپنا نام بنا سکی ہیں۔

حرا قریشی… ملتان

ڈئیر حرا! پھولوں کی طرح مسکرائو‘ آپ کی تحریر ’’من شر ماخلق‘‘ موصول ہوئی‘ خوب صورت موضوع اور پر اثر تحریر نے قبولیت کی سند حاصل کرلی ہے‘ اب انتظار کے لمحات آپ کے ہاتھ میں تھماکر ہم کوشش کریں گے کہ جلد از جلد آپ کی تحریر آنچل کے صفحات پرشائع کرسکیں۔

حرا نور… جڑانوالہ

ڈئیر حرا! آباد رہو۔ آپ کی تحریر ’’یہ جان تو آنی جانی ہے‘‘ آنچل کے معیار پر پوری نہیں اتری اور باقی دو تحریر ابھی پڑھی نہیں گئیں اس لیے ان کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اچھی امید کے ساتھ انتظار کریں لیکن مطالعہ و مشاہدہ جاری رکھیں۔

رابعہ چوہدری… ایبٹ آباد

بہن رابعہ! ہنستی مسکراتی رہو‘ نگارشات کی اشاعت پر شکریہ کی قطعی ضرورت نہیں یہ آپ بہنوں کا اپنا ماہنامہ ہے اور آپ سب کی نگارشات سے ہی سجایا جاتا ہے بس ڈاک تاخیر سے موصول ہونے کی صورت میں نگارشات تاخیر کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اس لیے آپ کو انتظار کرنا پڑتا ہے آپ کی شاعری متعلقہ شعبہ میں بھیج دی گئی ہے‘ ان شاء اللہ باری آنے پر شامل کرلی جائے گی۔

انعم انصاری چھول… ای میل

بہن انعم خوشیوں کی بہار اپنے دامن میں سمیٹتی رہو۔ آپ کی تحریر ’’آغوش محبت‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے مایوس ہونے کے بجائے اپنا مطالعہ وسیع کریں اور پہلے مختصر موضوع پر طبع آزمائی کریں۔

غزل فاطمہ… بھکر

پیاری گڑیاغزل! ہمیشہ مسکراتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’کانچ کی چوڑی‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے مطالعہ کے ساتھ مشاہدہ وسیع کریں جس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی۔ امید ہے دل برداشتہ ہونے کے بجائے محنت جاری رکھیں گی۔

فرح رحمان… ای میل

ڈیر فرح! سدا آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’گل و خار چنتے چنتے‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اور ہمیشہ پہلے مختصر موضوع پر قلم بند کریں اس کے بعد طویل تحریر کی طرف آئیں تاکہ آپ اس کو سنبھال سکیں۔ طوالت کی وجہ سے ہی آپ کی تحریر میں جھول پیدا ہوگیا ہے‘ اس لیے نام ور مصنفہ کے لکھے افسانہ و ناول اپنے زیر مطالعہ لائیں تاکہ آپ اپنے منتخب کردہ موضوع سے بہتر طور پر انصاف کرسکیں۔ امید ہے مایوس ہونے کے بجائے کوشش جاری رکھیں گی۔

عائشہ پرویز… کراچی

پیاری عائشہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’راہ عمل‘‘ موصول ہوئی‘ حجاب کے لیے منتخب کرلی ہے اب حجاب کو بھی آپ بہنوں نے اپنی تحریر و نگارشات سے ہی سجانا ہے ان شاء اللہ آپ کی تحریر جلد ہی حجاب کے صفحات پر جھلملائے گی۔

دیا احمد… چکوال

ڈئیر دیا! پھولوں کی طرح مہکتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’درد دلوں کے کم ہوجاتے ‘‘ اور ’’لال چوڑیاں‘‘ موصول ہوئیں پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے آپ مطالعہ کے ساتھ مشاہدہ وسیع کریں جس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی‘ امید ہے کوشش جاری رکھیں گی۔

فرواصنم… اوکاڑہ

گڑیا فروا! ہمیشہ خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’محبت کا انجام‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے دل برداشتہ ہونے کے بجائے امید بہار رکھتے ہوئے محنت و کوشش جاری رکھیں اور مطالعہ کے ساتھ اپنا مشاہدہ بھی وسیع کریں‘جس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی۔

تابندہ شبیر… ملتان

پیاری بہن تابندہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’محبت انمول ہیرا ہے‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو محنت کی ضرورت ہے اس لیے کچھ وقت کے لیے قلم سے رشتہ توڑ کر کتاب سے رشتہ جوڑلیں اور صرف مطالعہ پر زور دیں اور اپنا مشاہدہ وسیع کریں جس سے آپ کو لکھنے کے لیے نئے موضوع ملنے کے ساتھ ان پر گرفت کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ امید ہے مایوس ہونے کے بجائے کوشش جاری رکھیں گی۔

دلکش مریم… چنیوٹ

پیاری بہن مریم! گل بن کر مہکتی رہو‘ آپ کی دعائوں سے سجا خط موصول ہوا‘ جس کے لیے جزاک اللہ۔ آنچل میں ابھی سلسلے وار ناول کی جگہ موجود نہیں یا یوں سمجھ لیں کہ جس طرح نئی مصنفہ اپنی تحریر کی اشاعت کی منتظر ہیں اسی طرح نام ور مصنفہ بھی سلسلے وار ناول کی باگ دوڑ میں شامل ہونے کے لیے انتظار میں ہیں جیسے ہی جگہ خالی ہوگی ہم آپ کی خواہش کو ضرور پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ باقی آپ اپنی نگارشات آنچل کے پتے پر ارسال کرسکتی ہیں‘ معیاری ہوئی تو ضرور اپنی جگہ بنالیں گی۔

حنا کامران… چیچہ وطنی

پیاری بہن حنا! حنا کے رنگ کی طرح مہکو‘ آپ کی تحریر ’’میرے شام و سحر‘‘ موصول ہوئی اور بے جا طوالت کے باعث اور روایتی موضوع پر لکھی تحریر آنچل کے معیار پر پوری نہیں اتری گوکہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے اس لیے پہلے مختصر موضوع کو اپنے مزاج کا حصہ بنائیں اس کے بعد طویل تحریر کی طرف آئیں۔ امید ہے مایوس ہونے کے بجائے کوشش جاری رکھیں گی۔

کوثر خالد… جڑانوالہ

ڈئیر کوثر! جگ جگ جیو‘ آپ کی شاعری کے ساتھ شکایتی خط بھی موصول ہوا‘ اتنی ناراضگی اچھی نہیں ہوتی۔ بے شک کثیر تعداد میں موصول ہونے والے خطوط کی بنا پر کبھی کبھی پرانے لوگ نظر انداز ہوجاتے ہیں‘ اب نئے لوگوں کو بھی تو آخر جگہ دینی ہے ناں۔ آپ کی شاعری متعلقہ شعبہ میں بھیج دی ہے ان شاء اللہ جلد ہی آنچل کے صفحات پر جگہ بنالے گی‘ امید ہے ناراضگی دور ہوگئی ہوگی۔

ناقابل اشاعت:۔

راہ عمل‘ شہر آرزو پہ خون‘ میں تیری بیٹی ہوں‘ ہاتھوں کی لکیریں‘ تیرا شکریہ میرے محسن‘ اک تیرے آنے سے‘ سجدہ شکر‘ درد دلوں کے کم ہوجاتے‘ لال چوڑیاں‘ محبت کا انجام‘ یوں بھی ہوتا ہے‘ جذبہ ایثار‘ پچھتاوا میرے مقدر‘ نہ جینا تیرے باجوہ‘ شک‘ ماں کسی دی نہ مرے‘ افق‘ ماں جی‘ موت سے زندگی کی طرف‘ پیامن بھائے‘ محبت انمول ہیرا‘ اپنوں میں بے گانے‘ طشت ازبام‘ کبھی سوچا نہ تھا‘ بچھڑنا بھی ضروری تھا‘ ٹوٹے بکھرے خوابوں کو‘ آخر کب تک‘ عزت کی چھائوں ‘ بلا عنوان حصہ اول‘ ساحل کو اندھیروں کے ‘ واپسی ممنون‘ خدا کی رضا‘ صدائے من‘ حسرت تیری قسمت میری‘ یہ جان تو آنی جانی ہے‘ سرخ گلاب‘ ستاروں کی تلاش میں‘ انوکھی محبت‘ شام ڈھلے‘ وہ اک لمحہ آگہی‘ بچا کچا‘ فصیل پاکستان‘ قسمت‘ محبت یوں بھی ہوتی ہے‘ دھوپ سے چھائوں تک‘ دسمبر کی اداسی‘ افلاس دے نہیں‘ آخری لمحے کی آگاہی‘ میری راہ کے کانٹے‘ کانچ کی چوڑی‘ خوشیوں کے موسم آئے‘ گل و خار چنتے چنتے‘ میرا پیغام ہر گھر پہنچے‘ اڑان‘ امیر شہراں‘ ساز من‘ کشمیر کی بیٹی‘ آغوش جنت‘ ڈر‘ ہدایت کی روشنی‘ منافق‘ تیری عنایت یاد رکھیں گے۔

Show More
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close