Aanchal Sep 15

ڈش مقابلہ

طلعت آغاز

بندگوبھی کا سلاد
اشیاء:۔
بند گوبھی
250 گرام
سبز مرچیں
دو عدد
چینی
نصف چمچہ چھوٹا
السی کا تیل
ایک چائے کا چمچ
نمک
نصف چائے کا چمچ
سویا ساس
ایک بڑا چمچ
ترکیب:۔
گوبھی کے بڑے بڑے ٹکڑے کریں اور پانی میں بھگو کر اچھی طرح صاف کریں اور ایک پیالے میں نکال کر رکھ دیں‘ اس کے بعد بند گوبھی پر چینی اور نمک چھڑکیں۔ ہری مرچیں بڑے بڑے ٹکڑوں میں کاٹ کر ڈالیں‘ السی کا تیل اور سویا ساس بھی شامل کریں اور دستر خوان کی زینت بنائیں۔ بند گوبھی کا سلاد تیار ہے۔
صالحہ عظیم…گجرات

چکن موتی پلاؤ
اجزاء:۔
چاول
تین پیالی
سفید چنے
ایک پیالی
چکن بریسٹ
ایک عدد
نمک
حسب ذائقہ
ادرک لہسن پسا ہوا
ایک کھانے کا چمچ
پیاز
ایک عدد درمیانی
لال مرچ پسی ہوئی
ایک کھانے کا چمچ
ہلدی
ایک چائے کا چمچ
ٹماٹر
دو سے تین عدد
دہی
آدھی پیالی
بڑی الائچی
ایک سے دو عدد
دار چینی
ایک ٹکڑا
لونگ
تین سے چار عدد
پودینہ
دو سے تین کھانے کے چمچ
ہری مرچ
دو سے تین عدد
بناسپتی گھی
چار کھانے کے چمچ
ترکیب:۔
چنوں کودھو کر گرم پانی میں بھگو کر رکھیں۔ دو سے تین گھنٹے کے بعد وہ پانی پھینک کر تازہ پانی ڈالیں اور ابال کر اچھی طرح گلالیں۔ چکن بریسٹ کی چھوٹی بوٹیاں کاٹ کر انہیں دھو کر رکھ لیں، چاولوں کو دھو کر بیس منٹ بھگوں کر رکھ دیں۔ پین میں گھی ڈال کر گرم کریں اور اس میں دار چینی اور لونگ ڈال کر کڑکڑا لیں۔ باریک کٹی ہوئی پیاز کو ہلکا سنہری فرائی کریں اور ادرک لہسن، لال مرچ اور ہلدی ڈال دیں۔ ہلکا سا پانی کا چھینٹا دے کر بھونیں۔ پھر اس میں ٹماٹر اور چکن ڈال کر تیز آنچ پر بھونیں، ابلے ہوئے چنے شامل کر کے آدھی پیالی پانی ڈال دیں۔ پانچ سے سات منٹ دم پر رکھ کر اتار لیں۔ نمک ملے پانی میں الائچی ڈال کر چاولوں کو ایک کنی ابال لیں اور چھلنی میں ڈال کر اچھی طرح پانی نکال دیں۔ دہی میں باریک کٹا ہوا پودینہ اور ہری مرچیں شامل کر دیں۔ پین میں ایک کھانے کا چمچ بناسپتی گھی ڈال کر آدھے چاول پھیلا کر ڈالیں، پھر اس پر چکن اور چنے والا مصالحہ ڈالیں اور دہی ڈال کر دوبارہ سے چاولوں کی تہ لگا دیں۔ ڈھک کر ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں اور پھر ڈش میں اس طرح نکال لیں کہ تہ نہ خراب ہو تاکہ خوبصورتی نظر آئے۔
بینش زین… کراچی
مصالحہ دار بریانی
اجزاء:۔
چاول
ایک کلو
بیف (بون لیس)
ایک کلو
آلو
آدھا کلو
ٹماٹر
ایک کلو
فرائی پیاز
ایک پائو
لہسن ادرک کا پیسٹ
ایک کھانے کا چمچ
دہی
آدھا کلو
ہری مرچ
حسب ضرورت
لیموں
ایک پاؤ
ثابت گرم مصالحہ
حسبِ ضرورت
ہلدی
۲چائے کے چمچ
پسی لال مرچ
۲چائے کے چمچ
پسا دھنیا
۲چائے کے چمچ
پسا گرم مصالحہ
۲چائے کے چمچ
نمک
حسبِ ضرورت
چاٹ مصالحہ
۲چائے کے چمچ
زردے کا رنگ
آدھاچائے کا چمچ
خشک آلو بخارے
۱۰۰ گرام
بریانی ایسنس
چند قطرے
تیل
ایک کپ
دودھ
آدھا کپ
ترکیب:۔
چاول کو ثابت گرم مصالحہ شامل کرکے اُبال کر چھان لیں، دہی کو پھینٹ لیں اور اس میں لہسن ادرک کا پیسٹ، نمک، ہلدی، پسی لال مرچ، پسا گرم مصالحہ، پسا دھنیا اور پسا زیرہ کو اچھی طرح مکس کریں اور گوشت پر لگا کر آدھے گھنٹے کے لئے رکھ دیں اور ساتھ ہی فرائی پیاز بھی مکس کردیں۔ پھر ٹماٹر، آلو، لیموں، ہری مرچ میں پسی لال مرچ، نمک، ہلدی، پسا دھنیا، پسا گرم مصالحہ، چاٹ مصالحہ اور پسا زیرہ مکس کرکے الگ فرائی پین میں فرائی کرلیں۔ اب گوشت کو تیل گرم کرکے پکالیں۔ جب تیل الگ ہونے لگے تو آدھے ٹماٹرکاٹ کر شامل کردیں۔ ۵ منٹ بھونیں ساتھ ہی آلو بخارے بھی شامل کردیں اب پتیلی میں پہلے چاول کی تہہ پھر گوشت مصالحے کی پھر چاول کی اوپر سے فرائی آلو، ٹماٹر، ہری مرچ اور لیموں کی تہہ لگادیں۔ زردے کا رنگ بریانی ایسنس شامل کرکے دم لگادیں۔
نزہت جبین ضیاء…کراچی
مدراسی چاول کباب
اجزاء
آلو
۳ سے ۴ عدد
چاول
ایک پیالی
قیمہ
۲۰۰ گرام
نمک
حسب ذائقہ
ادرک لہسن پسا ہوا
ایک کھانے کا چمچ
پیاز
ایک عدد درمیانی
سفید زیرہ
ایک چائے کا چمچ
کالی مرچ کٹی ہوئی
ایک چائے کا چمچ
کٹی ہوئی لال مرچ
ایک چائے کا چمچ
لیموں کا رس
دو کھانے کے چمچ
ڈبل روٹی کا چورا
حسب ضرورت
انڈے
دو عدد
آئل
حسب ضرورت
ترکیب:۔
چاولوں کو دھو کر بیس منٹ بھگو کر رکھ دیں۔ آلوؤں کو ابال کر چھیل لیں اور قیمے کو دھو کر پین میں ڈال کر ابلنے رکھ دیں۔ پھر اس میں کٹی ہوئی پیاز، ادرک لہسن، زیرہ اور کالی مرچ ڈال دیں۔ قیمے کا اپنا پانی خشک ہونے پر اچھی طرح بھون کر چولہے سے اتار لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر چوپر میں گدرا پیس لیں اور نمک ملا لیں۔ چاولوں کو نمک ملے پانی میں پندرہ سے بیس منٹ ابال لیں اور چھلنی میں ڈال کر پانی نتھار لیں۔ تھوڑے سے ٹھنڈے ہونے پر ان میں نمک، کٹی ہوئی لال مرچ، ابلے ہوئے آلو اور لیموں کا رس شامل کر کے اچھی طرح میش کرلیں۔ قیمے کی ٹکیہ بنا لیں اور چاول کے مکسچر کی اس سے تھوڑی سی بڑے سائز کی ٹکیاں بنا لیں۔ فرائنگ پین میں تلنے کے لیے آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ گرم کریں، دو چاول کی ٹکیہ لے کر ان کے درمیان میں قیمے کی ٹکیاں رکھیں اور ہلکا سا دبا دیں۔ ان کبابوں کو پہلے پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈپ کریں پھر ڈبل روٹی کے چورے میں رول کر کے سنہرا فرائی کریں۔
ثمن رحمان… اکبر روڈ، کراچی
لکھنوی گلاوٹ کے کباب
اجزاء:۔
قیمہ
ایک کلو
کچا پپیتا (پیس کر)
دو چائے کے چمچے
ادرک کا پیسٹ
ایک کھانے کا چمچہ
سرخ مرچ پائوڈر
حسب پسند
سفید زیرہ
دو چائے کے چمچے
پسا ہوا کھوپرا
چار چائے کے چمچے
خشخاش
دو چائے کے چمچے
گرم مسالا پائوڈر
ایک چائے کا چمچہ
جائفل
1/4 سائز کا ایک ٹکڑا
جاوتری
ایک چائے کا چمچہ
بیسن (بھون کر چھان لیں)
چار کھانے کے چمچے
نمک
حسب ذائقہ
ترکیب:۔
سب سے پہلے سفید زیرہ پسا ہوا کھوپرا اور خشخاش بھون کر پیس لیں۔ پھر گرم مسالا پائوڈر‘ جائفل‘ جاوتری اور دار چینی بھی باریک پیس لیں۔ قیمے میں کچا پپیتا‘ نمک اور ادرک لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب اس میں باقی سارے مسالے اور دہی‘ پیاز وغیرہ کو اچھی طرح ملا کر مزید آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب اس آمیزے کے گول یا کسی بھی شکل کے کباب بنالیں۔ ایک فرائنگ پین میں آئل ڈالیں اور گرم ہونے پر اس میں یہ کباب فرائی کرلیں‘ نہایت مزے دار لکھنوی گلاوٹ کے کباب تیار ہیں۔
طلعت نظامی…کراچی
مٹن مسالے دار بریانی
اشیاء:۔
بکرے کا گوشت
ڈیڑھ کلو
چاول
ڈیڑھ کلو
تیل
ڈیڑھ کپ
لہسن پیسٹ
ایک کھانے کا چمچہ
ادرک پیسٹ
ایک کھانے کا چمچہ
دھنیا پائوڈر
دو کھانے کے چمچے
نمک
حسب ذائقہ
پیاز
دو عدد (سلائس کاٹ لیں)
دہی
ایک کپ
گرم مسالا پائوڈر
دو چائے کے چمچے
دار چٹنی
تین ٹکڑے
لونگ
چھ عدد
ثابت سیاہ مرچیں
دس عدد
بڑی الائچی
دو عدد
جائفل
چھوٹا ٹکڑا
جاوتری
تین چھوٹے ٹکڑے
چھوٹی الائچی
چارعدد
ہری مرچیں
چھ عدد
ٹماٹر
دو عدد(چھوٹے ٹکڑے کرلیں)
زعفران
ڈیڑھ چائے کا چمچہ
گرم دودھ
چھ کھانے کے چمچے
آلو
تین عدد
کیوڑا
چندقطرے
ترکیب:۔
ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کر برائون ہونے تک فرائی کریں اس کے بعد نکال کر الگ رکھ لیں۔
اب اسی تیل میں دو عدد دار چینی کے ٹکڑے‘ دو عدد چھوٹی الائچی‘ تین عدد لونگ‘ پانچ عدد ثابت سیاہ مرچیں‘ ایک عدد بڑی الائچی‘ ایک عدد جاوتری اور تھوڑا سا جائفل ڈال کر چمچہ چلائیں اس کے بعد اس میں بکرے کا گوشت‘ لہسن پیسٹ‘ ادرک پیسٹ‘ دھنیا پائوڈر‘ لال مرچ پائوڈر اور نمک ڈال کر گوشت کا پانی خشک ہونے تک بھونیں اس کے بعد اس میں دہی‘ آلو اور برائون کی ہوئی پیاز کو چورا کرکے ڈالیں۔ گوشت گلنے کے بعد اس میں گرم مسالا پائوڈر شامل کریں اور پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔
ایک دوسری پتیلی میں چاول ڈال کر اس میں دار چینی‘ لونگ‘ ثابت سیاہ مرچیں‘ بڑی الائچی‘ جائفل‘ جاوتری‘ چھوٹی الائچی اور نمک شامل کرکے ایک کنی رہنے تک ابال لیں۔ اس کے بعد پانی نتھار کر چاولوں کوایک طرف رکھ دیں۔ گرم دودھ میں گوشت زعفران بھگو کر ایک طرف رکھ دیں۔ ایک بڑے پتیلے میں پہلے ابلے ہوئے آدھے چاولوں کی تہ لگائیں اس پر تیار کیے ہوئے گوشت کا آمیزہ‘ ٹماٹر ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر باقی چاول ڈال دیں اور آخر میں دودھ میں بھگویا ہوا زعفران اور کیوڑا ڈال کر ڈھکن ڈھک کر دم پر لگادیں۔ لذیز مٹن مسالے دار بریانی تیار ہے۔ سرونگ ڈش میں نکال کر رائتے کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
ہالہ سلیم…کراچی
اچاری قیمہ دیگی پلائو
اشیاء:۔
قیمہ (بکرے کا)
ایک کلو
باسمتی چاول
ایک کلو
اچار
ڈیڑھ کپ
پیاز
دو عدد
لہسن‘ ادرک پیسٹ
دو کھانے کے چمچے
ہری مرچیں
تین سے پانچ عدد
کڑھی پتے
تین سے چار عدد
گرم مسالا پائوڈر
ایک کھانے کا چمچہ
تیز پات
ایک عدد
لیموں
ایک عدد(باریک گول لچھے کاٹ لیں)
لونگ
پانچ عدد
ثابت سیاہ مرچیں
پانچ عدد
پانی
چار کپ
نمک
حسب ذائقہ
دہی
ایک کپ
یلوفوڈ کلر
چند قطرے
ہلدی پائوڈر
ایک چائے کا چمچہ
ٹماٹر
دو عدد (باریک کاٹ لیں)
تیل
حسب ضرورت
ترکیب:۔
ایک سوس پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کر چمچہ چلائیں۔ برائون ہونے پر اس میں قیمہ ڈالیں اورقیمے کی رنگت برائون ہونے پر اس میں دہی‘ ٹماٹر‘ اچار‘ ہری مرچیں‘ لہسن‘ ادرک پیسٹ‘ کڑھی پتے‘ نمک‘ گرم مسالا پائوڈر‘ تیز پات‘ لونگ‘ ثابت سیاہ مرچیں اور ہلدی پائوڈرڈال دیں اور بھونیں جب تیل الگ ہوجائے اور گوشت گل جائے تو پانی ڈالیں اور ابال آجائے تو اس میں چاول اور یلو فوڈ کلر ڈال کر چمچہ چلائیں۔
جب پانی سوکھ جائے تو ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ مزے دار اچاری دیگی پلائو تیار ہے۔ سرونگ ڈش میں نکال کر لیموں سے گارنش کریں اور رائتہ کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
جویریہ ضیاء…ملیر

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close