Aanchal Oct 15

درجواب آں

مدیرہ

انیلہ سخاوت… میانوالی
ڈئیر انیلہ! جگ جگ جیو‘ شکایت سے بھرا آپ کا خط موصول ہوا اب تک ہمیں آپ کی صرف ایک ہی تحریر ’’تپتی چھائوں‘‘ موصول ہوئی‘ باقی دو تحریریں غالباً محکمہ ڈاک کی نذر ہوگئی ہیں۔ تحریر پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے‘ اس لیے دل برداشتہ ہونے کے بجائے مطالعہ کے ساتھ محنت جاری رکھیں۔ باقی آپ کی نظمیں متعلقہ شعبہ کو ارسال کردی ہیں‘ اگر معیاری ہوئیں تو ان شاء اللہ باری آنے پر اپنی جگہ ضرور بنالیں گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
زینب اصغر مغل… خان پور
پیاری زینب! سدا سہاگن رہو‘ اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کو ماں جیسے عظیم رتبہ پر فائز کرکے اپنی نمعت سے نواز‘ آپ کو ہماری جانب سے ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو ڈھیروں ڈھیر خوشیاں اور صحت عطا فرمائیں اور جو بہنیں اس نعمت سے محروم ہیں‘ ان کے دامن میں بھی اولاد جیسی نعمت اپنی رحمت سے عطا فرمائیں‘ آمین۔
حمیرا قریشی… لاہور
ڈئیر حمیرا! سدا مسکرائو‘ آپ کے خط کا جواب شامل نہ کرسکے لیکن بے فکر رہیے وہ ہماری توجہ کا طالب ضرور بنا تھا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کا دامن خوشیوں سے بھردے جہاں تک آپ کی تحریروں کا سوال ہے ’’شب غم اگر ڈھلتی‘‘ یہ تحریر قبولیت کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری جبکہ آپ کی دوسری تحریر کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔ آپ کی پہلی تحریر ان شاء اللہ جلد آنچل پر اپنی جگہ بنالے گی‘ بے فکر رہیے۔
بشریٰ رانا… بڈالی
پیاری بشریٰ! سدا مسکرائو‘ پہلی بار بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید۔ رسالے کی پسندیدگی کا بے حد شکریہ‘ تمام سلسلے وار ناول کتابی شکل میں موجود ہیں آپ آفس کے نمبر پر رابطہ کرکے تمام معلومات حاصل کرسکتی ہیں۔
سعیدہ… نامعلوم
اچھی سعیدہ! سدا شاد رہو‘ آپ اپنا افسانہ بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق لکھ کر ارسال کردیں‘ شعر اگر لکھنا چاہیں تو لکھ دیں ورنہ کہانی کے منتخب ہوجانے کے بعد یہ کام ادارہ خود ہی کرلیتا ہے۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
ماریہ کنول ماہی… گوجرانوالہ
گڑیا ماریہ! جیتی رہو‘ ناکامی کے خوف کو دل سے نکال ڈیں‘ آپ نے رد ہونے کے باوجود کوشش جاری رکھی یہ اچھی بات ہے اگر تحریر رد بھی ہوتی ہے تو آپ کو غلطیوں سے آگاہی تو مل جاتی ہے جس کی بناء پر آپ اپنی تحریر میں مزید نکھار لاسکتی ہیں۔ تعارف ان شاء اللہ جلد شائع کرنے کی کوشش کریں گے۔
تمنا بلوچ… ڈی آئی خان
پیاری تمنا! سدا آباد رہو‘ پیغامات ہر ماہ کثیر تعداد میں موصول ہوتے ہیں ایسے میں سب کی شرکت تو غیر یقینی ہوتی ہے بہرحال کوشش کریں گے کہ آپ کا پیغام شامل ہوسکے۔ سمیرا شریف طور کا ناول آپ کو مکتبہ القریش لاہور سے مل جائے گا یا پھر آپ دفتر کے نمبر کا فون کرکے پوچھ سکتی ہیں۔
شازیہ اختر شازی… نور پور
گڑیا شازی! سدا مسکرائو‘ آپ سے پہلی ملاقات اچھی لگی لیکن آپ کی والدہ کی علالت کے متعلق جان کر دل بے حد رنجیدہ ہوا۔ بے شک والدین کا سایہ عظیم نعمت ہے‘ ماں کی موجودگی ہی گھر کو جنت کا نمونہ بنا دیتی ہے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی والدہ کو صحت کاملہ عطا فرمائیں اور ان کا سایہ تاحیات آپ کے سروں پر قائم و دائم رکھیں‘ آمین۔
پارس فضل… نامعلوم
ڈئیر پارس! جیتی رہو‘ ہماری جانب سے آپ کو بھی عید الاضحی کی ڈھیروں مبارک باد۔ آپ کا شکوہ بالکل بیجا ہے جو چیز معیاری ہوتی ہے اس کے رد ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہمارے مستقل قارئین جن کی نگارشات ہر ماہ شائع ہوتی ہیں وہ بھی آپ قارئین کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی شامل کی جاتی ہیں۔ آپ اس بدگمانی کو دور کردیجیے‘ حجاب ان شاء اللہ نومبر میں آپ کی دسترس میں ہوگا۔
مہوش کلی… بورے والا
پیاری مہوش! سدا آباد رہو‘ آپ کی شاعری متعلقہ شعبے کو ارسال کردی گئی ہے اگر معیاری ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آپ پہلے اپنا افسانہ ارسال کردیں تاکہ آپ کے انداز تحریر کا اندازہ ہوسکے۔
تہمینہ خان ہنی… ٹوپی
ڈئیر ہنی! شاد وآباد رہو‘ پانچ سال کی خاموشی توڑ کر آپ نے خوب صورت الفاظ کے ذریعے ہم سے رابطہ استوار کیا یہ نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ آپ کا افسانہ اگر معیاری ہوا تو ضرور آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنالے گا‘ آپ کے تبصرے کے منتظر رہیں گے۔
مدیحہ شفیع… بورے والا
ڈئیر مدیحہ! جیتی رہو‘ آپ کا تفصیلی خط پڑھ کر جہاں آپ کے لکھنے کے شوق کا پتا چلا وہیں آپ کے ایک ماہ کے بھانجے کی رحلت کا پڑھ کر دل بے حد رنجیدہ ہوا۔ اس نوخیر کلی کا یوں اچانک خزاں کی نذر ہوجانا بے شک آپ سب کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ان کے والدین اور آپ سب کو صبر و ہمت عطا فرمائے اور آپ کو بہت سی خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے‘ آمین۔
حافظہ صائمہ کشف… نامعلوم
گڑیا صائمہ! سلامت رہو‘ آپ کا شکوہ بالکل بجا ہے انتظار کی گھڑیاں طویل اور کٹھن ہوتی ہیں لیکن تعارف کے شائع ہونے میں ٹائم لگتا ہے۔ ہمارے پاس کثیر تعداد میں آپ بہنوں کے تعارف موجود ہیں‘ تبصرہ اگر ہر ماہ کی ۷ تاریخ تک موصول ہوجائے تو لگانے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے‘ البتہ جب آپ کا تبصرہ تاخیر سے موصول ہو تو ہم کیونکر لگا سکتے ہیں‘ امید ہے آپ سمجھ گی ہوں گی اور خفگی بھی دور ہوجائے گی۔
عقیلہ رضی… فیصل آباد
پیاری عقیلہ! جگ جگ جیو‘ آپ کے مضلل خط سے اندازہ ہوا کہ آپ نہایت سمجھ دار اور حساس ہیں‘ بے شک آپ کے والدین کا فیصلہ آپ کے لیے بہت بہترین ثابت ہوگا پھر والدین کی رضا میں اللہ کی رضا بھی ہے جب ہی آپ کا دل بھی مطمئن ہے لوگوں کا کام باتیں بنانا ہے‘ آپ ان باتوں پر غور نہ کریں تمام معاملات اللہ سبحان و تعالیٰ کے سپرد کرکے اس کے مزید قریب ہو جائیں۔ آپ کی سوچ بہت عمدہ اور بہترین ہے لہٰذا دوسروں کی باتوں میں آکر احساس کمتری کا شکار ہرگز مت ہوں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو زندگی میں اتنی خوشیاں نصیب فرمائے کہ سب کے خدشات غلط ثابت ہوجائیں۔ آپ ابتدا میں اپنا افسانہ ارسال کردیں‘ منی آرڈر کے لیے معلومات آفس کے نمبر پر رابطہ کرکے حاصل کرلیں۔
سید عبادت کاظمی… ڈیرہ اسماعیل خان
اچھی بہن! جگ جگ جیو‘ آنچل سے آپ کے دیرینہ ساتھ کے متعلق جان کر اچھا لگا۔ آنچل کی پسندیدگی کا بے حد شکریہ‘ سباس گل تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچا رہے ہیں۔ آپ لکھنا چاہتی ہیں تو ضرور اپنا شوق پورا کریں‘ اپنا کوئی مختصر افسانہ ارسال کریں اگر معیاری ہو اتو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
عاصمہ ابراہیم… خانیوال
ڈئیر عاصمہ! خوش رہو‘ بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید‘ آنچل کو پسند کرنے اور اسے سراہنے کا بے حد شکریہ۔ آپ کی یہی محبت و چاہت بھرے الفاظ ہمیں بہتر سے بہترین کے سفر کی جانب گامزن رکھتے ہیں۔
ام کلثوم… نامعلوم
عزیزی بہن! شاد وآباد رہو‘ ہمیں بے حد افسوس ہے کہ آپ کے گائوں تک پرچہ نہیں پہنچ پاتا لیکن پھر بھی آپ اپنے شوق کے ہاتھوں مجبور آنچل سے تعلق استوار کیے ہوئے ہیں‘ یہ بات بے حد خوش آئند ہے۔ آپ کی نگارشات شائع کرنے کی پوری کوشش کریں گے‘ ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ آپ کو یہاں تک اپنی ڈاک پہنچانے میں کس قدر مشکلات کا سامنا ہوتا ہوگا‘ آپ مختصر و دلچسپ پیرائے میں اپنا تعارف لکھ کر ارسال کردیں جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔
ندا علی عباس… سوہا وہ گجر خان
ڈئیر ندا! سدا خوش رہو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے لیکن ہمارے پاس ہر ماہ کثیر تعداد میں خط موصول ہوتے ہیں جو سب ہی جواب طلب ہوتے ہیں جبکہ صفحات کی کمیابی کی بناء پر سب کو شامل کرنا ممکن نہیں ہوتا اس لیے آپ بہنوں کو گلہ ہوتا ہے بہرحال اس بار آپ کے خط کا جواب حاضر ہے‘ امید ہے خفگی دور ہوجائے گی۔ نازیہ اور سمیرا کے لیے آپ ’’دوست کا پیغام‘‘ میں اپنا پیغام بھیج سکتی ہیں۔
ثوبیہ ملک… کراچی
ثوبی ڈئیر! شاد رہو‘ چاہتوں اور محبتوں سے بھرپور آپ کا خط موصول ہوا‘ آپ کا یہ تعریفی و توصیفی انداز بے اختیار خود پر فخر محسوس ہوا۔ ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہر بار پرچہ آپ کو پسند آئے اور آپ کے یہی تعریفی کلمات ہمیں بہتر سے بہترین کے سفر کی جانب گامزن رکھتے ہیں۔ ہماری جانب سے آپ کو بھی عید کی پیشگی مبارک باد‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
ہیر پوج… نامعلوم
گڑیا ہیر! آپ کا مفصل خط پڑھ کر بے حد اچھا لگا‘ بے شک خطوط کی کثیر تعداد ہوتی ہے لیکن ہمیں انہی سے آپ کی چاہت و خلوص کا احساس ہوتا ہے۔ آپ کی سطور سے اندازہ ہوا کہ آپ کا مطالعہ و مشاہدہ کافی وسیع اور درست ہے‘ آپ کے اسم گرامی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اشعار ایک ہی صفحے پر لکھ کر ارسال کردیں۔
این اے صنم… نواب شاہ
عزیزی صنم! شاد و آباد رہو‘ خفگی و ناراضگی سے بھرپور آپ کا خط موصول ہوا‘ آپ کی شاعری متعلقہ شعبے کو ارسال کردی جاتی ہے رد و قبول کا فیصلہ وہیں طے پاتا ہے اگر آپ کی شاعری معیاری ہوئی تو ضرور آپ کا نام آنچل کے صفحات پر روشن کردے گی‘ امید ہے تشفی ہوپائے گی۔
شیریں گل… ٹمن‘ تلہ گنگ
اچھی شیریں! مانند گل مہکتی رہو‘ دو ماہ کے طویل عرصہ بعد آپ سے نصف ملاقات اچھی لگی۔ آپ نے اپنی دعائوں میں ہمیں یاد رکھا‘ جزاک اللہ۔ بے شک والدین کے بغیر خوشیاں بھی ادھوری محسوس ہوتی ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے والدہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں اور آپ کے اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائیں‘ آمین۔
ارم کمال… فیصل آباد
عزیزی ارم! سدا سہاگن رہو‘ آپ کا کہنا بالکل بجا ہے‘ مہنگائی کے اس دور میں غریب تو چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ تہوار اور خوشیوں کے ان مواقع پر بھی غم روزگار میں الجھے نظر آتے ہیں‘ نازیہ تک آپ کی دعائیں پہنچارہے ہیں۔ ہماری جانب سے آپ کو بھی عید الاضحی مبارک ہو۔
حافظہ سمیرا… نامعلوم
ڈئیر سمیرا! سدا سہاگن رہو‘ سب سے پہلے تو ہماری جانب سے شادی کی ڈھیروں مبارک باد قبول کیجیے۔ بے شک آپ کی مصروفیات بڑھ گئی ہوں گی آپ نے ان مصروف زندگی سے چند پل آنچل کے لیے نکالے بے حد اچھا لگا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو سدا کامیاب و کامران رکھیں‘ آمین۔
عائشہ اختر بٹ… نامعلوم
ڈئیر عائشہ! خوش وخرم رہو‘ آپ کا تفصیلی خط پڑھ کر آپ کے تمام حالات کا اندازہ ہوا‘ اگر ہمارے الفاظ آپ کے لیے باعث تشفی بنتے آپ کے دکھ درد کو بٹانے کا سبب بنتے ہیں تو بے شک آپ کے یہ الفاظ ہمارے لیے قابل فخر اور باعث رشک ہیں۔ بہرحال مایوس مت ہوں اس مشکل کی گھڑی کو اللہ سبحان و تعالیٰ کی آزمائش سمجھتے ہوئے اپنے ربّ سے قریب ہوجائیں‘ بے شک وہی سب مشکلوں کو آسان کرنے والا ہے۔ نازیہ اور سمیرا تک آپ کی مبارک باد ان سطور کے ذریعے پہنچا رہے ہیں۔ آپ کا تبصرہ بے حد اچھا اور مکمل ہے لیکن تبصرہ کے لیے الگ سے صفحے کا استعمال کریں‘ اس طرح سے ڈاک ضائع ہوجاتی ہے۔
شہزادی… راولپنڈی
پیاری شہزادی! سدا آباد رہو‘ آنچل اور ٹائٹل پسند کرنے کا بے حد شکریہ۔ آپ کی نظم غزل متعلقہ شعبے کو ارسال کردی ہے ان شاء اللہ باری آنے پر لگ جائے گی۔ شہزادی صاحبہ اب اپنی خفگی دور کرلیجیے کیونکہ آپ کے شکوہ کا جواب حاضر ہے۔
سونیا محمد حنیف… نامعلوم
ڈئیر سونیا! سدا مسکرائو‘ آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔ یہ آپ بہنوں کا اپنا پرچہ ہے جو آپ کی نگارشات سے ہی پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے اس کے کسی سلسلے میں شرکت کے لیے آپ کو اجازت کی قطعاً ضرورت نہیں ہے لیکن آئندہ شہر کا نام ضرور لکھئے گا۔ اس بار آپ نے خط کے ساتھ ہی غزل بھی لکھ دی ہے‘ اب یہ غزل متعلقہ شعبے میں کیسے ارسال کرسکتے ہیں‘ اس لیے آئندہ خیال رکھیے گا۔
دیا احمد… چکوال
ڈئیر دیا! آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’م سے مسجد م سے مند‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا آپ میں لکھنے کی صلاحیت ہے لیکن آپ موضوع سے انصاف نہیں کر پائیں اس لیے آپ اسے بے جا طوالت کے ساتھ الجھا گئیں۔ مایوس ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں بلکہ کوشش جاری رکھیں اور پہلے موضوع کا انتخاب کرکے مختصر تحریر سے جگہ بنائیں اس کے بعد ناول کی طرف آیئے گا۔
لائبہ میر… حضرو
گڑیا لائبہ! سدا مسکرائو‘ آپ کا خط پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے تمام خوابوں کو آپ کے حق میں بہتر بنا کر پورا کریں‘ آمین۔ ٹائٹل اور آنچل کی پسندیدگی کا بے حد شکریہ۔
کوثر خالد… جڑانوالہ
عزیزی کوثر! آباد رہو‘ خلوص و اپنائیت کی خوش بو لیے آپ کا نامہ موصول ہوا‘ آپ کا برجستہ انداز گفتگو بہت ہی خوب صورت ہے‘ لگتا ہے بالمشافہ بات کررہے ہیں۔ آپ کی اس قدر دعائیں ہماری ذات کو معتبر کردیتی ہیں‘ جزاک اللہ۔ بے شک آپ کی سوانح عمری قابل داد اور لائق تحسین ہوگی۔ حمد کی اشاعت پر ڈھیروں مبارک باد‘ آپ کے سارے خواب و آرزوئیں پایہ تکمیل تک پہنچیں‘ آمین۔ آپ کی شاعری دسمبر کے شمارے میں لگانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
نرگس شہزادی… فیصل آباد
ڈئیر نرگس! شاد و پھولوں کی طرح مہکتی رہو‘ آپ سے نصف ملاقات اچھی لگی آپ نے ہماری جن غلطیوں کی طرف نشان دہی کی ہے اس کے لیے شکریہ۔ یہ ماہنامہ آپ بہنوں کے لیے ہی ہے اور ہماری کوشش بھی یہ ہی ہے کہ اسے بہتر سے بہتر بناکر آپ کے سامنے لائیں ان شاء اللہ آئندہ آپ کو ایسی غلطیاں نظر نہیں آئیں گی۔
فرح جبیں… آزاد کشمیر
پیاری فرح! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’سرپرائز‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کے ساتھ مطالعہ کی ضرورت ہے اس لیے کوشش جاری رکھیں اور نا امید ہونے کی بجائے اپنا مطالعہ وسیع کریں تاکہ آپ کے لکھنے میں نکھار آسکے اس کے لیے آپ کو اپنے مطالعہ میں نام ور لکھاریوں کے ناولز شامل کرنے ہوں گے جب ہی آپ بہتر اور منفرد موضوع پر قلم بند کرسکتی ہیں۔
نادیہ احمد… دبئی
پیاری بہن نادیہ! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی تحریر ’’محب جیت جاتی ہے‘‘ موصول ہوئی‘ منفرد انداز تحریر اور موضوع دونوں ہی کامیابی کی سند پر ٹھہرے‘ بے شک ہم نے آپ کو بہت انتظار کروایا لیکن تحریروں کی کثیر تعداد کے باعث آپ کے صبر کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ان شاء اللہ اشاعت میں اتنا انتظار نہیں کروائیں گے۔
صائمہ مجید… ملتان
گڑیا صائمہ! پھولوں کی طرح مسکراتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’انتقام‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو بہت محنت کی ضرورت ہے اس لیے ابھی لکھنے کی خواہش کو ایک طرف رکھتے ہوئے صرف مطالعہ پر زور دیں اور نام ور لکھاریوں کی تحریر اپنے مطالعہ میں شامل کریں جس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی اور آپ کی تحریر میں بھی پختگی آئے گی۔ امید ہے مایوس ہونے کی بجائے عمل کریں گی۔
مہرمہ ارشد بٹ… گوجرانوالہ
پیاری مہرمہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’میرا عشق ہے تُو‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو محنت کی ضرورت ہے اس لیے دل برداشتہ ہونے کی بجائے ابھی صرف پڑھنے پر زور دیں اور آپ کی تحریر میں املا کی بھی غلطیاں موجود ہیں جب کہ موضوع بھی کچھ خاص نہیں اس لیے ابھی لکھنے کی بجائے صرف مطالعہ کریں۔ امید ہے عمل کرتے ہوئے آنچل کے دیگر سلسلوں میں شامل رہیں گی۔
ناقابل اشاعت:۔
عید اسپیشل شو‘ ایسا بھی ہوتا ہے‘ یہ جوزیست ہے دھوپ چھائوں سی‘ کاغذ کا پھول‘ الزام‘ انا پرست‘ ہر عید تیرے نام‘دل کے ہاتھوں مجبور‘ ہنستا تارا‘ ستون‘ ہم کو محبت ڈھونڈ رہی تھی‘ انجان محبت‘ یقین محبت‘ عشق آتش‘ قصہ تمام‘ پڑوسی‘ میرا اعتبار کر‘ قربانی‘ میرا عشق ہے تُو‘ ہم کہاں کے اچھے تھے‘ انتقام‘ سرپرائز‘ وطن کی مٹی گواہ رہنا‘ اسیر یار‘ زندگی مسکرانے لگی‘ روشنی کی کرن‘ رشتے محبت کے‘ کسک‘ آگ جیون کو لگادی ہم نے‘ پتھروں کی لکیر‘ سوچ‘ یہ کیسی محبت ہے‘ م سے مسجد م سے مندر‘ انوکھی عید انوکھا مزا‘ تاریک شب کے مسافر‘ میں بھی کہوں‘ محبت احساس میری‘ بے حساب‘ حیات طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم‘ انا پرست۔ وفا کی گر بات ہوگی‘ بے حساب۔

Show More
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close