Aanchal Mar 15

ہمارا آنچل

ملیحہ احمد

تمام قارئین و آنچل اسٹاف کو السّلام علیکم! تمام لوگ خوش و خرم مزے میں زندگی گزار رہے ہوں گے‘ اس امید کے ساتھ اپنا تعارف آپ تمام کے گوش گزار کروں گی۔ جی جناب میں ہوں طوبیٰ صدیقی 1st نومبر 1994ء کو اس دنیا میں رونق افروز ہوئی۔ ماشاء اللہ 12بہن بھائی میں 11 ویں نمبر پر ہوں‘ میرے سات بھائی تھے اب چھ ہیں۔کیونکہ میرے 2nd برادر اگست 2012ء میں ہمارا ساتھ ہمیشہ کے لیے چھوڑ گئے‘ میں آئی کام پارٹ ٹو کی اسٹوڈنٹ ہوں‘ میری زندگی کا سب سے خوب صورت دن 2 نومبر 2009ء ہے جب ایف ایم آر جے ریحان حیدر سے بات ہوئی کیونکہ ایف ایم سننا مجھے بے انتہا پسند ہے۔ رضوان زیدی کی بہت بڑی فین ہوں ان سے ملنے کی خواہش بھی ہے‘ میں کھانے کے لیے زندہ ہوں (ایسا میرے بہن بھائی کہتے ہیں) ویسے آپس کی بات ہے غلط بھی نہیں کہتے کیونکہ بس ہر وقت میرا دل کچھ نہ کچھ کھانے پینے کو چاہتا ہے جیسے چکن بریانی‘ نہاری‘ برگر‘ شام میں رول سموسے‘ لسّی اور پلائوں کی دیوانی ہوں۔ ماشاء اللہ صحت مند ہی ہوں بقول فیملی کے دن بہ دن کافی وزن بڑھ رہا ہے۔ دوست بہت بناتی ہوں اور دوستی بھی نبھاتی ہوں دل سے۔ زندگی انجوائے کرتی ہوں‘ رنگوں میں بلیک اینڈ وائٹ کلر بہت پسند ہے۔ شاعری شوق سے پڑھتی ہوں‘ موسم سردیوں کا اور مہینہ دسمبر کا پسند ہے۔ بارش کی دیوانی ہوں‘ ابرار الحق‘ عاطف اسلم اور صنم ماروی بہترین سنگرز ہیں۔ کرکٹ جنون کی حد تک پسند ہے‘ محمد حفیظ کی تو بات ہی الگ ہے۔ فیورٹ رائٹر سمیرا شریف طور اور ان کی کہانی ’’محبت دھنک اوڑھ کر‘‘ بیسٹ ہے۔ ہیروز شاہ زر اور عباد عذیر پسند ہیں۔ خوبیاںیہ ہیں کہ اساتذہ کا احترام کرتی ہوں‘ دوسروں کا خیال رکھتی ہوں اپنی فیملی سے بہت پیار کرتی ہوں۔ خامیاں منہ پھٹ‘ بدتمیز‘ زبان دراز اور چیزیں رکھ کر بھول جانا۔ 2nd سسٹرز ثناء آپی کی بدولت ڈائجسٹ پڑھنے لگی‘ میری زندگی کے سب سے اہم شخصیات میرے والدین جو بہت جلدی جلدی اللہ کو پیارے ہوگئے۔ میرے والدین اور نومی بھائی کی اللہ پاک مغفرت فرمائے‘ آمین۔ ہمارے بھتیجے شاہ میر اور بھتیجی قرأت میں ہم سب کی جان ہے‘ اپنی فیورٹ ٹیچر مس طاہرہ یوسف جیسی بننا چاہتی ہوں۔ اپنی بہنوں کا ذکر نہ کروں ایسا ہو نہیں سکتا‘ سب سے بڑی صبا آپی! بڑی پیاری بہن ہے میری (بس وزن کم کرلو پلیز) ثنا آپی تسی گریٹ ہو‘ اللہ پاک ہر گھرمیں ثناء آپی جیسی بہن عطا کرے‘ آمین (بس وزن بڑھائو) یہ دونوں شادی شدہ ہیں‘ اس کے بعد بہت ہی معصوم حنا آپی پھر سب سے آخری گھر کی کھرچن قربیٰ ہے‘ بڑی سویٹ ہے۔ سب سے بڑے بھائی کی شادی ہوگئی ہے ‘ بھابی شہانہ نیاز ہیں۔ اللہ پاک میرے بھائیوں کو ہمیشہ خوش رکھے‘ اللہ حافظ۔

سویٹ آنچل فرینڈز اور قارئین کو میرا پُرخلوص سلام قبول ہو‘ جی تو میرا نام شازیہ اختر ہے سب گھر والے اور دوست پیار سے شازی کہتے ہیں لیکن بھائیوں نے میرے عجیب سے نام رکھے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے ان سے لڑ پڑتی ہوں چھ جون کو اس دنیا میں انٹری دی‘ اب آتے ہیں اپنی خامیوں اور خوبیوں کی طرف‘ کچھ خاص تو نہیں لیکن جو ہیں وہ بتادیتی ہوں مجھے دوست بنانا بہت اچھا لگتا ہے‘ نماز پابندی سے پڑھتی ہوں اور سب کو نماز پڑھنے کے لیے بھی کہتی ہوں کسی کو ناراض نہیں دیکھ سکتی اگر کوئی ناراض ہو بھی جائے تو خود پہل کرتی ہوں اس کو منانے میں چاہے غلطی اسی کی کیوں نہ ہو‘ اب آتے ہیں خامیوں کی طرف غصہ بہت جلدی آجاتا ہے لیکن جتنا جلدی آتا ہے اتنی جلدی اتر بھی جاتا ہے‘ جو دل میں بات ہو وہ منہ پر کہہ دیتی ہوں‘ میری تعلیم کچھ خاص نہیں ہے پڑھنے کا تو بہت شوق تھا لیکن پڑھ نہ سکی (واہ ری قسمت) آنچل سے وابستگی کافی عرصے سے ہے پہلے مانگ کر گزارہ کرتے تھے لیکن اب اپنا منگوالیتے ہیں‘ اب کچھ تعارف گھر والوں کا ہوجائے ہم چھ بہن بھائی ہیں دو بہنیں اور چار بھائی۔ میں سب سے چھوٹی ہوں اور چھوٹی ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھاتی ہوں‘ میں جہاں جاتی ہوں ہر کسی کو دوست بنالیتی ہوں‘ دوستوں کی لسٹ بہت لمبی ہے لیکن کچھ کے نام لکھ رہی ہوں‘ نرگس شاہین جو کہ میری بیسٹ فرینڈ اور بہت اچھی رازداں ہے۔ عظمیٰ اختیار‘ حفصہ شمائلہ‘ جویریہ شمشاد جو بھابی ہونے کے ساتھ ساتھ نند بھی ہے‘ مجھے رنگوں میں وائٹ اور پنک کلر بہت پسند ہے۔ بارش میں بھیگنا بہت اچھالگتا ہے‘ میرا تعلق ضلع چکوال کے گائوں نور پور سے ہے‘ مجھے شاعر ی سے بے حد لگائو ہے‘ پڑھتی بھی ہوں اور لکھتی بھی ہوں (بقول نرگس کے) تمہارا انتخاب بہت اچھا ہوتا ہے۔ شاعروں میں نازیہ کنول اور وصی شاہ بہت پسند ہیں۔ رائٹرز میں نازیہ کنول‘ عشنا کوثر‘ عظمیٰ افتخار‘ سمیرا شریف طور بہت پسند ہیں‘ کاش میں بھی رائٹربن سکتی۔ مجھے کھانا پکانا بہت اچھا لگتا ہے لیکن پکاتی کبھی کبھی ہوں‘ کھانا جو بھی پکا ہو کھالیتی ہوں۔ میری پسندیدہ شخصیت حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہیں میں اپنے امی ابو سے بھی بہت پیار کرتی ہوں‘ اللہ تعالیٰ ان کا سایہ ہمارے سروں پر سلامت رکھے(آمین) خصوصاً اپنے کیوٹ سے بھتیجے معاویہ اور بھتیجی حمنہ احمد میں تو میری جان ہے جب وہ مجھے پھوپو کہہ کر بلاتے ہیں تو مجھے ان پر بہت پیار آتا ہے‘ میں چاہتی ہوں کہ دنیا میں کوئی ایسا کام کرکے جائوں کہ زمانہ میری مثال دے۔ اللہ حافظ۔

السّلام علیکم! آنچل اسٹاف اور میری پیاری بہنوں کو مابدولت کا پیار بھرا سلام قبول ہو‘ مابدولت کو ماریہ چوہدری کہتے ہیں لیکن میری فرینڈز مجھے ماریہ مسکراہٹ کہہ کر بلاتی ہیں۔ آنچل سے میرا ساتھ 9th کلاس سے شروع ہوا تھا اور اب تک میں نے اسے پیار سے تھاما ہوا ہے۔ مابدولت نے 4 جون 1996ء کو اس دنیا میں آکر دنیا کے حسن کو دوبالا کردیا۔ سیکنڈ ائیر کی طالبہ ہوں ہم چھ بہنیں اور ماشاء اللہ سے چار بھائی ہیں۔ میرا نمبر آخری ہے پہلے نمبر پر بھائی شوکت دوسرے نمبر پر باجی عذرا‘ تیسرے نمبر پر باجی بلقیس‘ چوتھے نمبر پر طاہر بھائی‘ پانچویں نمبر پرباجی شاہدہ‘ چھٹے نمبر پر بھائی صفدر‘ ساتویں نمبر پر ارشد بھائی‘ آٹھویں نمبر پر شازیہ‘ نویں نمبر پر نازیہ اور آخری نمبر پر مابدولت ماریہ چوہدری۔ ہماری کاسٹ راجپوت ہے اور ہماری زبان پنجابی ہے‘ آنچل سے میری وابستگی جس طرح ہوئی ہے نا میں جب بھی یاد کرتی ہوں خودبخود مسکرانے لگتی ہوں۔ آپ بھی سنیے میرا احوال! میرے 9th کے ایگزامز ہورہے تھے‘ ان دنوں پیپروں کی تیاری خوب چل رہی تھی‘ ایک دن میں کمرے میں بیٹھی انگلش کے پیپر کی تیاری کررہی تھی کہ میرے پاس آنچل ڈائجسٹ پڑا ہوا تھا اس وقت مجھے ڈائجسٹ پڑھنے کی اجازت بالکل نہیں تھی تو میں نے موقع غنیمت سمجھ کر انگلش کی کتاب بند کردی اور چوری چوری ڈائجسٹ پڑھنے لگی۔ میرا خیال ہے ان دنوں (جان جاں جو تو کہے) سلسلے ور ناول چل رہا تھا۔ یقین مانیے اس دن میں نے ڈائجسٹ کا ایک لفظ بھی ایسا نہیں تھا جو میں نے چھوڑا ہو‘ گھر والے سمجھتے تھے کہ ماریہ اندر بیٹھی پیپرز کی تیاری کررہی ہے اس لیے کوئی اس کمرے میں نہیں آتا تھا۔ میرے دماغ میں یہ ہوتا تھا کہ ماریہ جتنا پڑھنا ہے پڑھ لے‘ پیپروں کے بعد تمہیں موقع نہیں ملنے والا ویسے 9th میں میرے نمبر اچھے آئے تھے‘ فرسٹ ڈویژن لی تھی میں نے (آہم)۔ اب آپ کو اپنی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں بتائوں سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ ہر بات کو عام لیتی ہوں سرسری۔ بات کی گہرائی میں نہیں جاتی اس لیے نقصان کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ جذباتی جلد ہوجاتی ہوں اور خوبی یہ ہے کہ حسد نہیں کرتی‘ کسی کی کمزوری کا فائدہ نہیں اٹھاتی اور ماشاء اللہ سے دوستی کے معاملے میں خوش نصیب واقع ہوئی ہوں‘ سب دوست اللہ کا شکر ہے مخلص ملی ہیں۔ لباس میں شلوار قمیص‘ کھانے میں میٹھا بہت پسند ہے اور سبزی جو بھی بنے شوق سے کھالیتی ہوں۔ خوشبو میں ریمبو بہت پسند ہے‘ فیورٹ شخصیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم‘ فیورٹ رائٹر عمیرہ احمد‘ ماہا ملک۔ ماہا ملک کا ناول ’’جو چلے تو جاں سے گزر گئے‘‘ پڑھ کر تو میں بہت روئی تھی‘ اس کا اینڈ تو رلا گیا تھا مجھے اور عمیرہ احمد کا ناول پیر کاملؐ کیا ہی بات ہے ویسے آپ دونوں رائٹرز سے بہت متاثر ہوں۔ سیڈ سونگز اچھے لگتے ہیں‘ جیولری میں رنگز اور ٹاپس پسند ہیں اور ہاں ہیئر کیچ بھی۔ ایکٹریس میں مجھے فضاء علی‘ صبا قمر اور ایکٹر احسن خان پسند ہیں۔ آخر میں میرا پیغام آپ سب بہنوں کے لیے‘ کبھی کسی پر اعتبار مت کیجیے گا‘ اب دنیا پہلے جیسی نہیں رہی۔ لوگ اپنا مقصد نکالنے کے لیے دوسروں کو دھوکہ دے جاتے ہیں یہ سوچے بغیر کہ ہم جس کو دھوکہ دے رہے ہیں وہ ہم پر اندھا اعتماد کرتے ہیں۔ کبھی کسی کا اعتماد مت توڑیئے گا پلیز جب دل ٹوٹتا ہے تو بے شک آواز نہیں ہوتی پر تکلیف ضرور ہوتی ہے۔ ٹھیک ہے بہنو! مجھے اپنی رائے کے بارے میں ضرور آگاہ کیجیے گا کہ میرا تعارف آپ کو کیسا لگا‘ اچھا کہ سوسو۔ دعائوں میں ضرور یاد رکھیے گا‘ اللہ حافظ۔

السّلام علیکم! کیسی ہیں آپ سب لوگ؟ امید ہے خیریت سے ہوں گی۔ آپ بھی سوچ رہی ہوں گی یہ کون آگئی‘ غیر نہیں ہوں آنچل کی سویٹ سی قاری ہوں۔ مابدولت کو رابعہ مبارک کہتے ہیں میں میٹرک کی اسٹوڈنٹ ہوں‘ ہم لوگ سات بہن بھائی ہیں۔ گھر میں جب بھی کوئی کام خراب ہوتا ہے سب کے لبوں پر میرا نام ہوتا ہے وہ کیا کہتے ہیں نا ’’بد سے بدنام بُرا‘‘ گھر میں سب پیار سے رابی کہتے ہیں۔ اب آتے ہیں پسند ناپسند کی طرف۔ مجھے کھانے کا بہت شوق ہے‘ ویسے تو سب کچھ کھالیتی ہوں (تھوڑا سا نخرا کرکے) مگر بھنڈی‘چاول‘ کڑھی اور ساگ بہت زیادہ پسند ہیں۔ رائٹرز میں سے ویسے تو سب ہی اچھا لکھتی ہیں مگر نازیہ کنول نازی‘ اقراء صغیر‘ سمیرا شریف طور اور ام مریم پسند ہیں۔ ناول جو سب سے زیادہ پسند ہے وہ شازیہ چوہدری (مرحومہ) کا ’’ہاں تم مجھے قبول ہو‘‘ جو ایک بار شعاع ڈائجسٹ میں آیا تھا‘ بہت زیادہ پسند ہے۔ شاعروں میں پروین شاکر‘ محسن نقوی‘ وصی شاہ اور احمد فراز کی شاعری اچھی لگتی ہے۔ نیوز کاسٹرز میںپی ٹی وی کے یاسر رحمان‘ حمیرا رانا‘ رضوان رونقی اور وردہ شجاع اچھے لگتے ہیں۔ اداکاروں میں سمی خان‘ ارم اختر‘ سید جبران‘ صبا قمر‘ آغا علی‘ سائرہ خان‘ کنور آفتاب پسند ہیں۔ میل اینکرز میں سے توفیق حیدر اور فی میل میں سے فرح سعدیہ پسند ہیں۔ ایف ایم سنتی ہوں مگر زیادہ نہیں کبھی کبھی۔ سنگرز میں سجاد علی‘ علی عباس اور سائرہ رضا پسند ہیں‘لباس میں شلوار قمیص‘ ساڑھی‘ فراک‘ شرارہ پسند ہے۔ اب آتے ہیں اچھائیوں اور برائیوں کی طرف‘ برائی کی بات کی جائے تو ہر ایک برائی ہی کرتا ہے‘ اچھائی تو ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی۔ غصہ بہت زیادہ کرتی ہوں‘ جلد اعتبار کرلیتی ہوں‘ کام کرتی ہوں مگر سلو۔ دوستیں بہت ہیں‘ اسکول لائف میں یاسمین اکبر‘ یاسمین سلیم‘ ثناء یٰسین اور ماریہ محمود اور کزنز میں فرح اور فضیلہ۔ میری اپنی بڑی بہن عالیہ سے بہت زیادہ بنتی ہے‘ دوسروں سے زیادہ تر لڑائی ہوتی رہتی ہے وہ بھی مجھ سے بہت پیار کرتی ہیں اور اب ان کے میاں صاحب یعنی بھائی رضوان نک نیم چاند وہ بھی بہت پیار کرتے ہیں۔ موسموں میں گرمیوں کے علاوہ سب پسند ہیں اور آخرمیں سب قاری بہنوں کے لیے بہت سی دعائیں‘ مجھے بھی دعائوں میں یاد رکھیے گا‘ میرے لیے اچھے نمبروں کی ضرور دعاکیجیے گا۔ خدا حافظ۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close