Aanchal Mar 15

درجواب آں

مدیرہ

بینا عالیہ… لاہور
پیاری بہن! شاد و آباد رہو‘ آپ کی والدہ کی رحلت کی خبر جان کر دل بے حد رنجیدہ ہوا۔ بے شک ماں جیسی عظیم ہستی‘ بے حد مشفق اور پیار کرنے والی ماں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ اس مشکل گھڑی میں اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ آپ کو اور دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت اور آپ کی والدہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ قارئین سے بھی دعائے مغفرت کے ملتمس ہیں۔
سباس گل… رحیم یار خان
ڈئیر سباس! سدا سکھی رہو‘ سب سے پہلے تو ناولٹ کی اشاعت پر مبارک باد قبول کیجیے‘ ان شاء اللہ کوشش کریں گے کہ آپ کی موصول ہونے والی نئی تحریر سالگرہ نمبر میں جگہ بنالے‘ فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
ماریہ کنول ماہی… چک ورکاں
بہن ماریہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’ٹوٹے موتی مالا سے اور بکھرے پھول چمن سے‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے اپنا مطالعہ اور مشاہدہ وسیع کریں تاکہ آپ بہتر لکھ سکیں۔
عاصمہ رحمان… بھاون والا
ڈئیر عاصمہ! جگ جگ جیو‘ سب سے پہلے تو بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید۔ آپ اگر لکھنا چاہتی ہیں تو صفحۂ قرطاس پر اپنے خیالات و جذبات کا اظہار مختصر پیرائے میں افسانے کی صورت میں قلم بند کرکے ارسال کردیں۔ کہانی ایک لائن چھوڑ کر کاغذ کی ایک سائیڈ یعنی بیک پر مت لکھیں‘ دیگر نگارشات پر اس سلسلے کا نام بمعہ اپنا نام لکھ کر ارسال کردیں۔ اگر آپ کی تحریر معیاری ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
عائشہ الیاس… منڈی بہاؤالدین
پیاری بہن عائشہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’زندگی مشق‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ موضوع قدرے بہتر ہے لیکن ابھی آپ کو محنت کی ضرورت ہے اس لیے اپنا مطالعہ وسیع کریں اور کوشش جاری رکھیں۔
کوثر ناز… حیدر آباد
ڈئیر کوثر! شاد و آباد رہو‘ سب سے پہلے تو خالہ جانی کو بھانجے کی آمد بے حد مبارک ہو۔ اب آغاز کرتے ہیں شکوہ جواب شکوہ کا۔ ہمیں آپ کے انتظار کی کلفت کا بخوبی اندازہ ہے اسی لیے مارچ کے شمارے میں پہلے سے آپ کی تحریر شامل کرنے کا ارادہ کرچکے تھے اور آپ کا شکوے سے بھرپور خط بعد میں موصول ہوا‘ شاید دل کو دل سے راہ ایسے ہی ہوتی ہے۔ ’’سلسلہ محبت‘‘ کچھ خاص متاثر کرنے میں ناکام ٹھہری‘ کسی منفرد موضوع پر طبع آزمائی کریں۔ آپ کی خواہش کے مطابق سباس گل بھی آپ کے ہم قدم ہیں۔ امی‘ پاپا اور بھائی کو عمرے کی مبارک باد ہماری جانب سے بھی دیجیے گا۔
مریم ممتاز… ای میل
پیاری گڑیا مریم! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’اعتبار نہ کرنا‘‘ اور ’’قصور کیا تھا‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ اس موضوع پر پہلے بھی بہت لکھا جاچکا ہے اور ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے اپنا مطالعہ وسیع کریں اور اپنے مطالعہ میں نام ور رائٹرز کو شامل کریں۔
شازیہ فاروق احمد… خان بیلہ
ڈئیر شازیہ! جیتی رہو‘ سب سے پہلے تو ہماری جانب سے نکاح کے بندھن پر بندھنے میں ڈھیروں مبارک باد۔ گڑیا ہمارے پاس کثیر تعداد میں ڈاک موجود ہوتی ہے ہر کسی کی سوچ کا انداز اور خواہش کا معیار الگ ہوتا ہے۔ ایسے میں سب کو خوش رکھنے کی کوشش ہوتی ہے لیکن پھر بھی قارئین کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑ ہی جاتا ہے بہرحال ہم نے آپ کی تحریر کو کبھی نظر انداز نہیں کیا۔ اپریل میں ’’اپریل فول‘‘ سے متعلقہ کہانی شاید ہی لگ سکے‘ آپ سال گرہ نمبر کے لیے اپنی مخصوص تحریر جلد ارسال کردیں تاکہ پڑھ کر آپ کو آگاہ کیا جاسکے۔
قرۃ العین سکندر… لاہور
ڈئیر قرۃ العین! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’جلتی دھوپ میں چھائوں جیسا‘‘ موضوع قدرے بہتر ہے لیکن ابھی آپ کو مزید مطالعہ کے ساتھ وسیع مشاہدے کی بھی ضرورت ہے جس سے آپ کے انداز تحریر میں بہتری آسکتی ہے۔ امید ہے کہ آپ دل برداشتہ ہونے کی بجائے محنت کریں گی۔
عرشیہ ہاشمی… کوٹلی‘ آزاد کشمیر
ڈئیر عرشیہ! جیتی رہو‘ وادیٔ کشمیر کے حسیں مرغزار سے ارسال کردہ آپ کا خط موصول ہوا۔ آئینہ میں تبصرہ شائع ہوتا ہے وہ آپ الگ سے تمام کہانیوں کے متعلق ارسال کردیجیے گا۔ آپ کی پسند اور آنچل کو سراہنے کا بے حد شکریہ‘ آپ کی شاعری اگر معیاری ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
مریم شاہ… ڈیرہ اسماعیل خان
پیاری گڑیا مریم! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’لوح و قلم تیرے ہیں‘‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ نے ناول بنانے کے چکر میں تحریر کو بے جا طوالت کے ساتھ الجھا دیا ہے۔ ابھی آپ محنت و مطالعہ کے ساتھ مختصر تحریر پر طبع آزمائی کریں۔
فصیحہ آصف خان… ملتان
ڈئیر فصیحہ! سدا سہاگن رہو‘ ہمیں ہر ماہ ہی بے تحاشہ ڈاک موصول ہوتی ہے اور اسی طرح بہت سی کہانیاں ابھی آنچل کے صفحات پر آنے کی منتظر ہیں۔ کوشش ہے کہ آپ کی تحریر جلد ہی آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنالے گی۔
محسنہ علی… بھکر
پیاری بہن محسنہ! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’رات کے راگ‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن آپ کی تحریر الجھن کا شکار ہے اس لیے کسی اور موضوع کو اپنے قلم کی قید سے آزاد کریں لیکن ساتھ مطالعہ بھی کرتی رہیں۔
پری وش گوندل… منڈی بہائو الدین
پیاری بہن پری وش! ہمیشہ خوش رہو‘ آپ نے طویل عرصے کے بعد مختصر سا خط لکھا آپ اپنی تحریر جلد ارسال کردیں۔ آپ کی شاعری معیاری ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
نبیلہ نازش… اوکاڑہ
ڈئیر نبیلہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’ایمان ہے بندگی‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ نے عمیرہ احمد کے اندازِ تحریر سے متاثر ہوکر اپنی تحریر لکھی ہے‘ بہت سی باتیں ان کے ناول سے مماثلت رکھتی ہیں‘ آپ تمام نام ور رائٹرز کو پڑھیں لیکن لکھنے کے لیے اپنا انداز اپنائیں۔
جیا عباس کاظمی… تلہ گنگ
بہن جیا! سدا خوش رہو‘ آپ کا خط موصول ہوا پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ کو آنچل سے کس قدر وابستگی ہے‘ اللہ سبحانہ و تعالیٰ اس ساتھ کو ہمیشہ قائم رکھے۔ آپ کے گھر اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی رحمت تشریف لائی‘ جان کر خوشی ہوئی۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ اسے صحت کے ساتھ لمبی زندگی عطا فرمائے اور نصیب بلند فرمائے‘ آمین۔
دیا احمد… چکوال
پیاری دیا! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’زندگی کی نہ ٹوٹے لڑی‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ نے ناول لکھنے کے چکر میں کہانی کو بے جا طوالت کا شکار کردیا ہے اور موضوع بھی اتنا خاص نہیں ہے اس لیے کسی اور موضوع اور مختصر سی تحریر پر طبع آزمائی کریں۔ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے‘ اس لیے مطالعہ کے ساتھ محنت جاری رکھیں۔
منشا یوسف… 157 این بی
ڈئیر منشا! جگ جگ جیو‘ آپ کے خط کا جواب حاضر ہے‘ بعض اوقات تاخیر سے موصول ہونے پر نگارشات شائع ہونے سے محروم ہوجاتی ہیں لیکن اب آپ کی تجویز پر انہیں ہم آئندہ ماہ لگادیں گے‘ اس لیے گڑیا آپ کو تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
عائشہ اختر… سرگودھا
سویٹ عائشہ! ہمیشہ ہنستی مسکراتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’گھر‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے اس لیے مزید مطالعہ کے ساتھ محنت کرتی رہیں۔ امید رکھیں آپ کی تحریر جلد ہی آنچل کے صفحات پر جگمگائے گی‘ آپ کے منفرد انداز و موضوع کی بدولت ہمیں یقین ہے کہ آپ مزید اچھا لکھ سکتی ہیں۔ اس ناکامی کو کامیابی کا زینہ بنایئے اور کوشش جاری رکھیں۔
حیا بنگش… کوہاٹ
ڈئیر حیا! شا د وآباد رہو‘ پہلی مرتبہ شرکت پر خوش آمدید۔ آپ لکھتی ہیں یہ جان کر اچھا لگا لیکن ہمیں نہایت افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمیں آپ کا افسانہ موصول نہیں ہوا‘ صرف آپ کا خط ہم تک پہنچا ہے جبکہ آپ کی کہانی اس میں موجود نہیں ہے۔
میمونہ نصر اللہ… ڈیرہ غازی خان
پیاری بہن میمونہ! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’شاید کے تیرے دل میں‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو اور بھی محنت کی ضرورت ہے‘ آپ کا موضوع بہتر اور اندازِ تحریر کمزور ہے اس لیے آپ اپنا مطالعہ وسیع کریں اور محنت جاری رکھیں۔
شزا بلوچ… جھنگ صدر
شزا! سدا خوش رہو‘ آپ کا خط موصول ہوا پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ نٹ کھٹ ہونے کے ساتھ کنجوس بھی ہیں ورنہ تحفہ تو تحفہ ہی ہوتا ہے اس کو دیتے وقت سامنے والے کو نہیں دیکھتے خیر یہ تومذاق کا رنگ ہے ہمیں آپ کی دعائیں چاہئے۔ ایم ایس سی فرسٹ ڈویژن سے پاس کرنے پر آنچل کی طرف سے بہت بہت مبارک ہو‘ اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کو ہر میدان میں ہمیشہ کامیاب و کامران رکھے‘ آمین۔
عظمیٰ شاہین… نوشہرہ ورکاں
پیاری بہن عظمیٰ! شاد و آباد رہو‘ آپ کا اندازِ تحریر کمزور ہے اب بیچ یا شروع کی تو بات ہی نہیں ہے۔ آپ موضوع پر ٹھیک سے گرفت نہیں کر پا رہیں اس لیے اپنا مطالعہ و مشاہدہ دونوں وسیع کریں تاکہ آپ بہتر لکھ سکیں۔
شبنم کنول… حافظ آباد
پیاری گڑیا! سدا خوش رہو‘ آپ کا خط موصول ہوا آنچل کے تمام سلسلوں میں شرکت کے لیے آپ الگ الگ صفحے پر سلسلہ کا اور اپنا نام اور شہر کا نام لکھ کر ایک ہی لفافہ میں ارسال کرسکتی ہیں۔ تحریر لکھنے کے لیے آپ کا مطالعہ اور مشاہدہ وسیع ہونا بہت ضروری ہے اس کے بغیر آپ اپنی تحریر و قلم کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتی‘ اور تحریر لکھنے سے قبل اس سلسلے کے آخر میں لگا بکس ضرور پڑھ لیجیے گا۔
سونیا قریشی… ملتان
ڈئیر سونیا! جگ جگ جیو‘ اگر آپ ہمارے جوابات سے متاثر ہوتی ہیں تو یہ آپ کا حسن نظر ہے بے شک اچھے اخلاق اور نرم روئی کی بدولت ہر کسی کو اپنا دوست بناسکتی ہیں‘ اسی لیے ہمارے مذہب نے بھی اخلاق حسنہ کی ترغیب دی ہے۔ آنچل کی پسندیدگی کا بے حد شکریہ۔
عروج مغل… اللہ ٹائون
ڈئیر عروج! جیتی رہو‘ آپ کے اس راز کو جان کر اندازہ ہوا کہ آپ نہایت شوخ مزاج اور حاضر دماغ ہیں بہرحال ہم کیا کہہ سکتے ہیں سوائے اس کے مطالعہ اچھی عادت ہے اور اس میں شامل آپ کی شرارت ہے یونہی زندگی میں ہنستی مسکراتی اور دوسروں کے لبوں پر بھی مسکراہٹ بکھیرتی رہو‘ آمین۔
عظمیٰ بٹ… سمندری
ڈئیر عظمیٰ! جگ جگ جیو‘ آپ کا خط موصول ہوا آنچل سے آپ کی وابستگی جان کر خوشی ہوئی آپ کی تجویز نوٹ کرلی ہے ان شاء اللہ جلد عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
روبی علی… سید والا
پیاری روبی ہنستی مسکراتی رہو‘ بی ایڈ کرنے پر بہت مبارک ہو‘ آپ کی بھیجی گئی معلومات جلد ہی یادگارلمحوں میں اپنی جگہ بنالے گی۔
ایم ایس… چنیوٹ
پیاری بہن! جیتی رہو‘ بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید۔ گڑیا اس سے پہلے ہمیں آپ کا کوئی خط موصول ہی نہیں ہوا‘ تو جواب کیسے اور کیونکر ارسال کرتے غالباً آپ کی ڈاک محکمہ ڈاک کی نااہلی کا شکار ہوجاتی ہے۔ اب آپ کا خط حاضر ہے تو ہماری جانب سے جواب بھی حاضر ہے امید ہے خفگی دور ہوجائے گی اگرچہ قصوروار ہم نہ تھے۔
ایمل سیمل… کھڈیاں قصور
پیاری بہن ایمل! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر پچھلے ماہ ناقابل اشاعت میں شامل تھی‘ شاید آپ کی نظر سے نہیں گزری۔ ابھی آپ کو بہت محنت و وسیع مطالعہ کی ضرورت ہے۔
کوثر خالد… خانیوال
ڈئیر کوثر! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کا تفصیلی خط موصول ہوا پڑھ کر آپ کے دکھ و صبر دونوں کا اندازہ ہوا کہ اللہ سبحان و تعالیٰ نے اپنے حبیب دو جہاں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت آپ کے دل میں اجاگر کرکے آپ کو خوش مزاج بنادیا ورنہ جن حالات سے آپ دوچار ہیں ان میں زندگی اپنے لیے مشکل ہی لگتی ہے لیکن آپ نا صرف دوسروں کے لیے سوچتی ہیں بلکہ ان کے کام بھی آنا چاہتی ہیں اور یہ ہی ہر انسان کی زندگی کا اصل مقصد ہے۔ آپ اپنی نگاشات ہمیں ارسال کرتی رہیں‘ ہم گاہے بگاہے شریک کرتے رہیں گے جس ادبی صنف پر آپ نے قلم اٹھایا ہے بے شک وہ دنیا و آخرت دونوں میں آپ کے لیے توشہ آخرت بن جائے گا‘ ہمیں بھی اپنی دعائوں میں یاد رکھیے گا۔
علیشہ احمد… بہاولنگر
ڈئیر علیشہ! سدا مسکرائو‘ آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید‘ تبصرہ اگر آپ 8 تاریخ تک مل جائے تو ضرور شامل کرلیں گے۔ کہانی آپ کی موصول ہوگئی ہے ان شاء اللہ آنچل کے صفحات پر ہی آپ کو اس کے متعلق اپنی رائے سے مطلع کریں گے۔
نورین مسکان سرور… ڈسکہ
ڈئیر مسکان! سدا مسکرائو‘ آپ سے نصف ملاقات اچھی لگی اور بے ساختہ انداز بیاں دل فریب مسکراہٹ عطا کرگیا۔ آپ کی نگارشات سال گرہ نمبر کے لیے محفوظ کرلی ہیں‘ اب دل تھام کر انتظار کریں اور ہاں آپ کا اسم گرامی اب بالکل ٹھیک لکھا ہے چیک کرلیجیے گا۔
شیریں گل… ٹمن
ڈئیر گل! گلوں کی طرح مہکتی رہو اور اپنے لہجے کی شیرینی سے سب میں مٹھاس بانٹتی رہو۔ گڑیا ہمارے پاس کافی کثیر تعداد میں تعارف موجود ہیں کوشش کریں گے کہ آپ کا تعارف جلد شامل کرلیں‘ جہاں تک دیگر نگارشات کی بات ہے تو آپ کی ڈاک تاخیر سے موصول ہونے کے سبب شامل نہ ہوسکی۔ بہرحال ہم نے آپ کو شرکت کا موقع فراہم کرتے جواب عنایت فرما دیا ہے‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
سامعہ ملک پرویز… خانپور‘ ہزارہ
ڈئیر سامعہ! خوش رہو‘ آنچل کے متعلق آپ کے والہانہ جذبات و داد تحسین کے یہ کلمات ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔ ہماری بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار آپ کا آنچل آپ کے لیے مشعل راہ بن جائے۔
ناقابل اشاعت کہانیاں:۔
پچھتاوا‘ اعتبار نہ کرنا‘ قصور کیا تھا‘ زندگی روٹھ گئی‘ محبت ہمسفر میری‘ دل دستک‘ اپنے بھی پرائے نکلے‘ رات کے راگ‘ ایمان ہے بندگی‘ یہ کیسی محبت تھی گمنام تیری‘ ہم نوا‘ انمول ہو تم‘ زندگی کی نہ ٹوٹے لڑی‘ پیمان و محبت‘ اعتماد‘ بلا عنوان‘ گھر‘ نصیب کا لکھا ملا‘ مینا اور تاجو کی کہانی‘ خوب صورت اتفاق‘ ہم جو تاریک راہوں میں مارے گئے‘ جنوری تیری اداسیاں‘ جھکی ہوئی پلکیں‘ ہیرا‘ سلجھی ہوئی آنکھوں میں الجھی محبت‘ صنف نازک کی فریاد‘ تربیت اولاد اور آج کل کی مائیں‘ محبت مدفن میری‘ تجھ بن سونا آنگن‘ اے راہ حق کے شہیدوں‘ صبر کی جیت‘ نین تارے‘ اڑان‘ ‘ چلتی دھوپ میں چھائوں جیسا‘ سلسلہ محبت‘ سچی لگن‘ ٹوٹے موتی مالا سے‘ زندگی مشق۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close