Aanchal Jan 15

درجواب آں

مدیرہ

سلمیٰ غزل… کراچی
عزیزی سلمیٰ! شادو آباد رہو‘ چاہتوں اور محبتوں سے بھرپور آپ کا نامہ موصول ہوا‘ آپ بالکل بے فکر رہیں آپ کی تمام تحریریں ہمارے پاس محفوظ ہیں صفحات کی کمی کی بناء پر تاخیر کا شکار ہیں آپ کی شاعری ان شاء اللہ اگلے پرچے میں شائع ہوجائے گی۔ آج کل فرصت کا وجود فنا ہوچکا ہے ہر طرف یہی صدا ہے ’’دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی فرصت کے رات دن‘‘ لیکن ڈھونڈنے پر بھی نہیں ملتے آپ نے اس مصروف زندگی سے کچھ پل نکال کر صبح بہاراں کی صورت میں اپنا افسانہ ہمیں ارسال کیا بے حد اچھا لگا۔ ان شاء اللہ جلد اپنی جگہ بنالے گا‘ فرحانہ ناز کے لیے اپنے جذبات و احساسات صفحہ قرطاس کے سپرد کرکے فیکس یا میل کردیجیے شامل کرلیں گے۔
نجم انجم اعوان… کورنگی‘ کراچی
پیاری بہن! جگ جگ جیو‘ دو سال کی علالت کے بعد روبہ صحت ہونا بے شک اللہ سبحان و تعالیٰ ہماری دعائوں کو سنتا اور ہم سے محبت کرتا ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے بچوں پر آپ کی ممتا کا سایہ سدا سلامت رکھے… آمین‘ بہرحال آپ نے تین سال بعد بھی یہ تعلق ٹوٹنے نہ دیا‘ جان کر خوشی ہوئی۔ قلمی رابطہ استوار رکھیے گا دوستوں کو بھی معلوم ہوجائے گا فکر مت کریں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور بچوں کی خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے‘ آمین۔
سویرا فلک… کراچی
ڈئیر سویرا! جگ جگ جیو‘ یہ تو آپ کا حسن نظر ہے ورنہ ہم اور ہماری کاوشیں ان باتوں کے اہل کہاں؟ آپ کے ناول ہمارے پاس محفوظ ہیں جلد ہی آنچل کے صفحات پر رونق افروز ہوجائے گا۔ یہ تحریر تاخیر سے موصول ہونے کی بنا پر اس ماہ شامل اشاعت نہ ہوسکی‘ معذرت چاہتے ہیں۔
نورین مسکان سرور‘ سیالکوٹ‘ ڈسکہ
ڈئیر نورین! پیاری نانی کی پیاری نواسی جگ جگ جیو‘ آپ کا نٹ کھٹ انداز تحریر ہے بے اختیار لبوں پر مسکراہٹ بکھیر گیا۔ بہرحال آپ کا نام تو آیا ہے ناں یہی کافی ہے۔ آپ کی محنت و شوق قابل تحسین ہے آپ نے جس طرح تمام احوال گوش گزار کیا ہے اسے پڑھ کر اور آپ کے حوصلے کو داد دینے کو دل کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بہت سی خوشیاں اور کامیابیاں عطا فرمائے‘ آپ کی نانی محمدی بی بی کا تعارف سب نے ہی پسند کیا ہے۔
دعا ہاشمی… فیصل آباد
پیاری دعا! شادو آباد رہو‘ ہم سے رابطے کے لیے ایک ذریعہ خط و کتابت اور دوسرا ای میل کا ہے اسی لیے آپ سے رابطہ نہ ہوسکا۔ بے شک ماں جیسے عظیم سرمایہ کو کھودینا ناقابل تلافی نقصان ہے‘ ماں کی ممتا کے آنچل کے بغیر اس دنیا میں جینا بے حد کٹھن ہے لیکن ہر کام میں اللہ سبحان و تعالیٰ کی مصلحت پوشیدہ ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں وہ آپ کی والدہ کے درجات بلند فرمائے آپ کو صبر و استقامت عطا فرمائے‘ پیاری سی بھانجی کی آمد مبارک ہو یہ ننھی گڑیا آپ کے لیے بہت سی خوشیوں کا باعث بنے‘ آمین۔
ارم کمال… فیصل آباد
عزیزی ارم! سدا مسکرائو‘ چاہتوں اور دعائوںکی خوشبو میں بسا آپ کا نامہ موصول ہوا‘ اس قدر پرخلوص دعائوں پر آپ کا بہت جزاک اللہ‘ وطن عزیز کے حق میں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی تمام دعائوں کو شرف قبولیت بخش دے اور ہمارے حکمرانوں کو صراطِ مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ کو بھی نئے سال کی خوشیاں مبارک ہوں۔
حمیرا قریشی… لاہور
ڈئیر حمیرا! جگ جگ جیو‘ اچھی اور معیاری چیز کے رد ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ آپ کی تحریر قبولیت کا درجہ حاصل کر پائی کیونکہ آپ کے قلم میں اتنی اہلیت تھی۔ آپ کی نئی تحریر موصول ہوگئی ہے ان شاء اللہ باری آنے پر پڑھ کر آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ تھوڑا انتظار تو کرنا پڑے گا‘ ہماری جانب سے اس کامیابی پر ڈھیروں مبارک باد۔
رابعہ بٹ… لودہراں
ڈئیر رابی! سدا مسکرائو‘ بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید۔ آپ کی تحریر موصول ہوگئی ہے‘ پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ آپ دیگر سلسلوں میں بھی شرکت کرسکتی ہیں۔
تمنا بلوچ… ڈی آئی خان
ڈئیر تمنا! شاد رہو‘ آپ کی دونوں کہانیاں بہت کمزور ہیں اسی بنا پر رد کی گئی تھیں۔ انداز تحریر کمزور اور کہانی پر گرفت بھی نہیں ہے اس لیے معذرت۔ آئینہ میں آپ کا تبصرہ لیٹ موصول ہوا تو شامل کیسے کرتے‘ بہرحال نازیہ تک آپ کا خط پہنچ جائے گا۔
ماہ نور نعیم… ضلع بھکر
ڈئیر ماہ نور! سدا سلامت رہو‘ آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ آپ کا خط پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ حساس دل کی مالک اور اپنے وطن پاکستان سے والہانہ محبت کرتی ہیں آج کل کے حالات میں ہر محب وطن انہی کیفیات کا شکار ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ ہمارے ارض وطن پر اپنی رحمتیں برکتیں نازل فرمائے اور حاسدوں کی نظر سے محفوظ رکھے‘ آمین۔
روما غفور رومی… شاہ کوٹ
ڈئیر روما! شاد و آباد رہو‘ بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید۔ آپ آنچل کی دیرینہ قاری ہیں اور آج طویل عرصے بعد آنچل کو رونق بخشی جان کر بے حد اچھا لگا‘ آنچل کی تحریروں سے آپ اصلاح حاصل کرتی ہیں یہ تو بہت اچھی بات ہے‘ جان کر خوشی ہوئی۔
مریم مغل… حیدرآباد‘ سندھ
ڈئیر مریم! سدا مسکرائو‘ گڑیا آپ بالکل آنچل میں شرکت کرسکتی ہیں یہ آپ کا اپنا پرچہ ہے اس کے لیے اجازت کی قطعاً ضرورت نہیں ہے جس طرح آپ نے ابھی یہ خط ارسال کیا ہے اسی طرح دیگر سلسلوں کی بھی ڈاک ایل ہی لفافے میں رکھ کر ارسال کردیں البتہ ہر سلسلہ پر اس کا نام اور الگ سے صفحہ کا استعمال کرنا ہوگا۔
سبط الرحمن… ماچھیوال
پیاری بہن! خوش آمدید‘ آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی اور خط ہم تک پہنچ جائے گا تو شائع کیونکر نہ ہوگا۔ غزل اگر معیاری ہوئی تو ضرور شائع ہوجائے گی۔ آپ دوست کے پیغام کے ذریعے اپنی سہیلی کو سالگرہ کی مبارک باد دے سکتی ہیں‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
تصور یعقوب… چک بیلی خان
ڈئیر ہمشیرہ! جگ جگ جیو‘ آپ سالانہ خریدار بننے کے لیے 700 روپے کا منی آرڈر آنچل کے نام اور دفتر کے پتے پر ارسال کردیں اور منی آرڈر کے آخری حصہ میں اپنا مکمل نام پتا اور نمبر بھی درج کریں اور آئندہ اس طرح لفافے میں رقم رکھ کر مت ارسال کریں آپ کی مطلوبہ رقم محکمہ ڈاک کی نذر ہوجائے گی دیگر بہنیں بھی اس طرح پیسے لفافے میں رکھ کر ہر گز مت ارسال کریں۔ مزید معلومات کے لیے آپ آفس کے نمبر پر رابطہ کریں۔
فرحت اشرف گھمن…سید والا
ڈئیر فرحت! سدا خوش رہو‘ خفگی و ناراضگی سے بھرپور آپ کا خط موصول ہوا بہرحال آپ کی ڈاک شامل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ہماری جانب سے زندگی کا ایک نیا سفر مبارک ہو۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو نئی زندگی میں بہت سی خوشیاں عطا فرمائے‘ آمین۔
حرا رمضان… اختر آباد
پیاری حرا! شاد و آباد رہو‘ آنچل سے آپ کے دیرینہ تعلقات کا جان کر بے حد خوشی ہوئی۔ بے شک آپ ہماری پرانی قاری ہیں جہاں تک تعارف کی اشاعت کی بات ہے تو گڑیا ہمیں کثیر تعداد میں ڈاک موصول ہوتی ہے بہت سے تعارف باری کے انتظار میں ہیں‘ ان شاء اللہ آپ کا تعارف بھی باری آنے پر لگادیں گے۔ مایوسی بری بات ہے‘ آپ ہمیں اتنا مان اتنا پیار دیتی ہیں ہمارے لیے آپ کے جذبات بہت انمول ہیں۔ آنچل سے رابطہ استوار رکھیے گا اور یہ رشتہ بحال رکھیے گا۔
فائقہ سکندر حیات… لنگڑیال
ڈئیر فائقہ! جگ جگ جیو‘ سب سے پہلے تو ہماری جانب سے آپ کو نئے گھر کی بہت بہت مبارک باد۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سال نو میں آپ کے آشیانے کو ہمیشہ کے لیے خوشیوں سے بھردے۔ آپ کو بھی سال نو مبارک‘ نادیہ فاطمہ رضوی شریک محفل ہیں۔
غزالہ شریف… وہاڑی
ڈئیر غزالہ! سدا مسکرائو‘ روحانی مسائل اور آپ کی صحت کے سلسلوں میں شرکت کرنے کے لیے آنچل کے پتے پر اپنی ڈاک ارسال کردیں‘ لفافے پر آپ کی صحت اور دوسرے پر روحانی مسائل کا حل بمعہ کوپن ارسال کردیں اس طرح آپ کی یہ ڈاک وہاں تک پہنچادی جائے گی۔
سیدہ جیا عباس… تلہ گنگ
پیاری جیا! شاد و آباد رہو‘ آپ کا خط پڑھ کر تمام احوال کا بخوبی اندازہ ہوا اور جان کر بے حد افسوس بھی ہوا۔ آپ اپنا فرض خوش اسلوبی سے ادا کرتی جائیں اور باقی تمام معاملات اس مالکِ دو جہاں پر چھوڑ دیں بے شک وہ بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔ آپ کو بھی ان حالات کا بہت اچھا اجر اور خوشیاں عطا فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ راہ راست سے بھٹکے ہوئوں کو ہدایت نصیب فرمائے‘ آمین۔
ثانیہ مغل… للیانی سرگودھا
ڈئیر ثانیہ! سدا مسکرائو‘ آپ اپنی تحریر ہمیں ارسال کردیں پڑھنے کے بعد ہی آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کر پائیں گے۔ آپ ایک کہانی پر ایک ہی رائٹرز کا نام لکھ سکتی ہیں۔
شازیہ خان… ڈیرہ غازی خان
ڈئیر شازیہ! جیتی رہو‘ ہر پرچے کا اپنا معیار ہوتا ہے‘ آپ اپنی تحریر ارسال کردیں اگر آنچل کے معیار کے مطابق ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
شازیہ گل… بھیر کنڈ
ڈئیر شازیہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کے جذبات و احساسات قابل قدر و قابل تحسین ہیں۔ آپ کچھ کرنا چاہتی ہیں بے حد اچھی سوچ ہے آپ اپنا مختصر افسانہ ارسال کردیں اگر آنچل کے معیار کے مطابق ہوا تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
تہمینہ گل… مانسہرہ
پیاری تہمینہ! جگ جگ جیو‘ آپ کے افسانے موضوع اور انداز تحریر دونوں لحاظ سے کمزور ہیں‘ کہانی پر آپ کی گرفت بالکل کمزور ہے۔ تحریر میں پختگی لانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنا مطالعہ وسیع کریں دیگر رائٹرز کی تحاریر کا بغور مطالعہ کریں‘ پھر قلم اٹھایئے گا۔
سونیا اماوس… اوکاڑہ
ڈئیر سونیا! شاد و آباد رہو‘ آپ کی شاعری متعلقہ شعبے میں ارسال کردی جاتی ہے رد و قبول کا فیصلہ وہیں طے پاتا ہے اگر شائع نہیں ہوئی تو یقینا اس معیار کی نہیں یا پھر کچھ انتظار کرلیں شاید باری آنے پر شائع ہوجائے۔
عاصمہ مشتاق… چکوال
ڈئیر عاصمہ! سدا مسکرائو پہلی مرتبہ شرکت پر خوش آمدید‘ سیدہ غزل زیدی کے ناول کی پسندیدگی کا شکریہ۔ آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے ان تک پہنچا رہے ہیں‘ آپ کہانی ارسال کردیں‘ پڑھنے کے بعد ہی رائے دے پائیں گے۔ دوست کا پیغام میں شرکت کے ذریعے آپ دیگر بہنوں سے رابطہ کرسکتی ہیں۔
نیلم گوندل… گجرات
پیاری نیلم! سدا مسکرائو‘ آپ کی غزل متعلقہ شعبے کو ارسال کردی ہے اگر معیاری ہوئی تو ضرور اپنی جگہ بنائے گی۔ طویل عرصے کی آنچل سے آپ کی وابستگی کا جان کر اچھا لگا۔
شمزہ رانی… اڈاپا ھڑیانوالی
پیاری شمزہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریر موصول ہوگئی ہے بہت جلد پڑھ کر آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لہٰذا تھوڑا انتظار تو کرنا پڑے گا‘ قلمی دوستی کے لیے نصف ملاقات ہی ایک ذریعہ ہے۔
حنا نذیر… نا معلوم
ڈئیر سسٹر! شاد و آباد رہو‘ آپ کی تحریر پڑھی جس سے اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے مگر موضوع ٹھیک نہیں ہے‘ اس لیے کسی اور موضوع کا انتخاب کریں‘ امید ہے کوشش جاری رکھیں گی۔
نسرین کوثر… ڈیرہ غازی خان
اچھی بہن! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’نادم‘‘ پڑھی‘ انداز تحریر بہتر ہے لیکن کسی اور موضوع کا انتخاب کریں اور لڑکی کو ہر حالات میں ثابت قدم دکھائیں تاکہ قارئین بہنیں اس سے اچھا سبق حاصل کریں اور اپنی اصلاح بھی کرسکیں۔
صبا انور… نامعلوم
ڈئیر صبا! خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’ایک خواہش‘‘ موصول ہوئی‘ تحریر موضوع کا چنائو اچھاہے لیکن آپ کے اندا ز تحریر میں کہیں کہیں گرفت کمزور پڑی‘ مزید محنت اور وسیع مطالعے کے بعد آپ اچھا لکھ سکتی ہیں۔
ثمینہ فیاض… کراچی
پیاری ثمینہ! خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’جیون پہیلی‘‘ موصول ہوئی‘ کہانی بے جا طوالت کا شکار ہے اور جملوں کا انتخاب بھی کہانی کو سنبھال نہیں پایا‘ مزید محنت اور وسیع مطالعے کے بعد آپ اچھا لکھ سکتی ہے‘ امید ہے تشفی ہوپائے گی۔
بنت پاکستان آبشار… بھکر
پیاری بہن! شاد و آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’بارش کا پہلا قطرہ‘‘ موصول ہوئی‘ حب الوطنی پر لکھی گئی کمزور اور مختصر آرٹیکل کی طرز پر ہے اس لیے جگہ نہیں بناسکتی‘ مزید محنت اور وسیع مطالعے کے بعد آپ اچھا لکھ سکتی ہیں‘ اس کے علاوہ ہمیں آپ کی کوئی اور تحریر موصول نہیں ہوئی۔
حنا عروج… لانڈھی‘ کراچی
ڈئیر حنا! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’مکڑی کا جال‘‘ موصول ہوئی‘ تمثیلی انداز میں لکھی قدرے بہتر تحریر ہے لیکن آنچل کے صفحات پر جگہ نہیں بناسکتی‘ پڑھنے کے بعد اندازہ ہوا کہ آپ کو مزید محنت اور وسیع مطالعہ کی ضرورت ہے‘ اس لیے کوشش جاری رکھیں۔
صباء الیاس… راولپنڈی
پیاری صبا! شاد و آباد رہو‘ آپ کی دو تحریریں ’’جو سر راہ ٹکرا گئے‘‘ اور ’’چوڑیوں کی قیمت‘‘ دونوں ہی کا موضوع اور انداز تحریر کمزور ہے پڑھنے کے بعد اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے مزید محنت اور وسیع مطالعہ سے آپ اچھا لکھ سکتی ہیں‘ اس لیے کوشش جاری رکھیں۔
v تمام قارئین و نو آموز بہنوں سے درخواست ہے کہ سلسلہ وار ناول ہرگز ارسال مت کریں۔ سلسلہ وار ناول کی فی الحال گنجائش نہیں ہے‘ مزید سلسلہ وار ناول لکھنے سے پہلے ادارے سے باقاعدہ اجازت درکار ہوتی ہے اس لیے تمام بہنیں مختصر افسانے پر طبع آزمائی کریں‘ اتنا یاد رکھیں مختصر مگر پراثر لکھیں۔
ناقابل اشاعت:۔
محبت انمول ہے‘ دل کیسے جیتوں‘ اگر دیر ہوجاتی‘ سجدہ شکر‘ انتقام کی آگ‘ تیرے بن تیرے سنگ‘ دریا کی لہروں سے عشق نہ ہارا‘ اکتساب محبت‘ مٹی کا قرض‘ عادت‘ چالان‘ جیون پہیلی‘ صبر کا اجر‘ ضرورت عنوان‘ تقدیر کے فیصلے‘ مکڑی کا جال‘ جو سر راہ ٹکرا گئے‘ شجر سے ٹوٹ کر گرنا‘ نادم‘ چاہتوں کا بندھن‘ اعتراف شکست‘ محبت ایک جذبہ ہے ‘ وہ اک بات‘ میرے بخت کا سرپرائز‘ ماڈرن‘ ڈولی ارمانوں کی‘ محبت پھول کی مانند‘ پتھر کی آزاد روح‘ رائٹر‘ اک شام‘ معافی‘ امید محبت‘ میرے شوق پورے ہوئے‘ محبتیں‘ اے جنگ باز انسانوں‘ چوڑیوں کی قیمت‘ انجانا انجانی‘ اک نظر اس طرف‘ ذرا تم شام ہونے دو‘ فاصلے دلوں کے مٹ جائیں گے‘ بارش کا پہلا قطرہ‘ ایک خواہش‘ اک تتلی۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close