Aanchal Jan-07

درجواب آں

مدیرہ

ایڈووکیٹ سعدیہ ہما شیخ‘ بہاولپور کینٹ
سعدیہ ڈیئر۔ ایڈووکیٹ بھی بن گئیں اور ہمیں خبر بھی نہ ہوئی۔ اتنی لا تعلق رہیں‘ الٹا شکوہ کہ یاد نہ رکھا‘ ہم نے بہت یاد کیا۔ اپنا پہلا ’’شعری مجموعہ‘‘ بھیجنا نہ بھولئے گا۔ ویسے یہ خوش خبری آپ کو مبارک ہو۔ آپ کا خط دیر سے ملا‘ صرف جواب ہی دے سکیں گے۔ باقی چیزیں فروری کے آنچل میں شائع ہوں گی۔ آج کل کورٹ کی حاضری کے علاوہ کیا کررہی ہو۔ آبادی گھر کی کتنی بڑھائی ؟ جواب دینا۔

نگہت غفار‘ کراچی
نگہت جی۔ السلام علیکم سب چیزیں مل گئیں۔ افسانہ ابھی پڑھا نہیں باقی چیزیں آئندہ چھپیں گی۔ پہلے کے افسانے نذر گودام ہوئے۔ بھول جائیے اور یہ آپ نے آڑا‘ ترچھا کیا لکھنا شروع کردیا۔ پڑھنے میں دل نہیں لگتا۔ آئندہ سیدھا سیدھا لکھا کیجئے۔ جس محبت سے آپ ہمیں خط لکھتی ہیں۔ ہم اندر ہی اندر شرمسار ہوجاتے ہیں۔ مگر افسانے کو جگہ نہیں دے پاتے۔ پڑھنے والی بہنوں کے مزاج بہت بدل گئے ہیں۔ آب بھی اپنے قلم میں تبدیلی لائیے۔ وقت کے ساتھ رائٹر کو چلنا بہت ضروری ہے۔

مصباح دھڑکن‘ چنیوٹ
مصباح۔ دعا۔ یہ دھڑکن کا مطلب سمجھ نہیں آیا۔ اگر یہ تخلص ہے تو یقینی منفرد ہے۔ غزل بھی دھڑکتی ہوئی ہوگی۔ شعبے کو بھیج دی ہے۔ اس دھڑکن کا فیصلہ وہی کریں گے۔ پہلی بار شرکت کرنے اور آنچل پسند کرنے کا شکریہ۔ آپ نے جس انداز سے خط لکھا ہے وہی صحیح ہے۔

ثمر ناز ملک‘ گوجرانوالہ
ثمر‘ دعا۔ پہلا خط ملا۔ اس کے ساتھ ہی ایک نظم نما کوئی چیز بھی تھی۔ فی الحال شاعری میں نظم ہو کہ غزل‘ اصلاح کرالیا کیجئے۔ پھر بھیجئے۔ خط ایک صفحے پر لکھا کیجئے اور دوسری چیزیں الگ الگ صفحات پر لکھا کیجئے ورنہ ضائع کردی جاتی ہیں۔ آنچل کی پسند کا شکریہ۔

مسز فصیحہ آصف خان‘ ملتان
فصیحہ ڈیئر‘ دعا اور صبر کی دعا۔ آپ کے والد کی رحلت کی خبر پڑھ کر از حد افسوس ہوا اور دل سے دعا نکلی کہ اے اللہ پاک ہمارا خاتمہ بھی ایمان پر عزت و آبرو کے ساتھ کرنا(آمین) بہر حال لفظوں میں وہ طاقت نہیں جو والدین کے رشتے کو صبر کی تلقین کرسکیں۔ یہ تو وقت ہی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کے والدین کی مغفرت فرمائے اور انہیں اچھی جگہ رکھے (آمین)۔ ہمارا اسٹاف اور تمام قاری بہنیں آپ کے والد کے لئے دعائے مغفرت کرتی ہیں۔

ارم رحمن‘ کراچی
ارم ڈیئر‘ دعا۔ ہچکیوں کا کیا پوچھتی ہو۔ آج کل کچھ زیادہ ہی آنے لگی ہیں۔ یقینا آپ کی یاد کی ہیں۔ چیزیں بھی چپ ہی جائیں گی۔ آپ کے خط کے کاغذ کارنگ بہت پسند آیا۔ آنکھوں میں ٹھنڈک اتر گئی۔ ٹھنڈک تو یوں بھی بہت ہورہی ہے بے فکر رہئے آپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

نازش خان‘ عارف والا
نازش ڈیئر‘ خوش رہو۔ محبت اور دعائوں سے سجا ہوا خط موصول ہوا۔ دل متاثر ہوا۔ نیا سال ہمارا نہیں‘ اس لئے بتائیے کوئی سال مسلمانوں کے لئے مبارک ہوا۔ یوں تو مسلمان ایک دوسرے کو بہت بہت نئے سال کی مبارکباد دیتے ہیں۔ پرائی چیز بھی کبھی اپنے لئے مبارک ہوتی ہے۔ آپ کی چیزیں شعبوں کو بھیج دیں۔ آگے ان کا مقدر۔ آنچل پسند کرنے کا شکریہ۔

افسانہ ماہین‘ سرک سدہو
افسانہ۔ پھولو پھلو۔ پہلا خط ملا۔ غزل کے لئے تو معذرت‘ غزل چیخ چیخ کر استاد مانگ رہی ہے۔ آنچل کے سلسلے اور ناول پسند کرنے کا شکریہ۔ اللہ آپ کو اجر عطا فرمائے۔

مہتاب امام بلوچ‘ کراچی
مہتاب‘ خوش رہو۔ اصل میں جو خطوط تاخیر سے پہنچتے ہیں وہ اشاعت سے رہ جاتے ہیں۔ آپ کے ساتھ بھی یہی ہورہا ہے آپ نے جتنی دعائیں ہمیں اور آنچل کو دی ہیں اس کے لئے شکریہ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بہترین اجر عطا فرمائے (آمین)

مس زاہدہ رشید علوی‘ راولپنڈی سٹی
زاہدہ ڈیئر‘ جیتی رہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جملہ تکالیف سے محفوظ رکھے اور صحت کی نعمت سے نوازے۔ ہم الحمد للہ ٹھیک ہیں۔ آپ کی دعا سے۔ آپ کی نظم شعبے کو بھیج دی دراصل ہم اپنا کام کردیتے ہیں۔ اب شعبے والوں کی ذمہ داری۔

نازیہ اُمید‘ کہوٹہ
نازیہ‘ دعا۔ آنچل پسند کرنے کا شکریہ۔ جس طرح کی نظم آپ نے بھیجی ہے وہ آنچل کا معیار نہیں۔ لاکھ معاشرے کی برائیاں دکھلانا مقصود ہوں۔ اس کے باجود بہنیں پسند نہیں کرتیں۔ اس کے لئے اخبارات کافی ہیں۔ معذرت چاہتے ہیں۔ یوں بھی ابھی آپ کو اصلاح کی ضرورت ہے۔ آزاد نظم کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں۔ یہ فن بالکل ہی آزاد نہیں۔

شبانہ عطاء لغاری‘ ڈیرہ غازی خان
شبانہ ڈیئر‘ خوش رہو۔ پیارا سا‘ محبت بھرا خط ملا۔ مگر افسوس شاعری میں زور پیدا نہ ہوسکا۔ آنچل پسند کرنے کا شکریہ اللہ اپ کو اور دوستوں کو اور توفیق دے بلکہ باقی دوستوں کو بھی تلقین کیجئے مگر خرید کر افسانہ بھیجئے۔ آپ کی غزل شعبے والوں کو بھیج دی ہے۔ وہی نصیب جگانے والے ہیں۔ شاید جاگ ہی جائے۔

راحیلہ نذیر‘ فیصل آباد
راحیلہ ڈیئر۔ دعا‘ ننھا منھا خط مل گیا۔ اگر بیاض دل والا شعر اچھا ہوا تو یقینا چھپ جائے گا ورنہ ردی کی ٹوکری تو موجود ہے نا۔ دل چھوٹا نہ کرو۔

نازنین‘ جھمرہ سٹی
نازنین ڈیئر‘ خوش رہو۔ آنچل کی تعریف اور رائٹرز کی تعریف سے بھرا خط موصول ہوا۔ اتنی تعریف کا شکریہ۔ آسیہ مرزا نے لکھنا چھوڑ دیا۔ فی الحال وہ اپنے بچوں میں مصروف ہیں۔ لہٰذا ان کے افسانے‘ ناول بھول جائیے۔

روشانے سبعین‘ فیصل آباد
روشانے‘ دعا۔ روشانے نام نہیں بھولے۔ اچھا لگتا ہے۔ آپ کی شاعری اچھی ہے۔ ایک ایک کرکے شائع کردیں گے۔ خط تاخیر سے نہ ملتا توایک اسی ماہ چھاپ دیتے۔ آپ کی ادبی مصروفیات پسند آئیں۔ الٰہی زور قلم اور زیادہ۔

دھڑکن خرم۔ کراچی
دھڑکن‘ دعا۔ آج کے کالم میں یہ دوسری دھڑکن ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش و خرم آباد رکھے (آمین) آپ شادی کا حال تصویر کے ساتھ بھیج دیجئے۔ شادی کی تصویر ہو اور تصویر میں آپ دونوں موجود ہوں۔ جیون ساتھی کے کالم میں لگا دیں گے۔ دوست کا پیغام اسی لفافے میں لکھ کر دیجئے۔ مگر الگ صفحے پر لکھئے گا۔ آنچل کی تعریف کا اور دعائوں کا شکریہ۔ ہمیں از حد خوشی ہوئی کہ آپ نے ہمارے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اپنے تمام مسائل اللہ تعالیٰ کو سونپ دیئے۔

سنہیا سسٹرز ، کراچی
سنہیا سسٹرز‘ دعائیں۔ بہتر ہے کہ آپ اپنا‘ اپنا نام لکھنا شروع کردیجئے۔ جیسے صبا سحر وغیرہ۔ ’’ہر خوشی تم سے ہے‘‘ ہمیں ابھی تک تو موصول ہوا نہیں۔ بتائیے جواب کیسے دیں۔ شاید ڈاک خانے کی نذر ہوگیا۔ اب صبر کرلیجئے۔ جب بھی مل گئی‘ وعدہ ایک نظر ضرور ڈال لیں گے۔ ویسے ملنے کی امید ذرا کم ہے۔

گلناز غلام رسول‘ عارف والا
گلناز ڈیئر‘ خوش رہو۔ خط ملا بلکہ ناراضگی موصول ہوا۔ جو خط تاخیر سے ملتے ہیں ان کا جواب نہیں دیا جاتا۔ اب یہ خط بروقت مل گیا تو جواب حاضر ہے۔ آپ نے جو شاعری بھیجی ہے یہ تو لکھا ہی نہیں کہ کس کی شاعری ہے۔ یوں بھی ہم اتنی طویل نظمیں نہیں چھاپتے۔ البتہ بیاض دل میں آپ کا شعر چھپ جائے گا۔ دعائوں کا شکریہ۔

صدف بشیر احمد آرائین‘ کوٹ غلام محمد
صدف ڈیئر‘ دعا۔ شکایت نامہ موصول ہوا۔ وجوہات کئی بار لکھ چکے ہیں۔ دینی خیالات کی نسبت سے آپ کا خط پسند آیا۔ ’’دانش کدہ‘‘ دین کے حوالے ہی سے شائع ہوتا ہے۔ بسم اللہ کے فوائد طویل تھے۔ اس لئے اس ماہ روک دیئے ہیں۔ چھاپ دیں گے سنبھال کر رکھ دیئے ہیں۔ آپ دین کے حوالے سے ایک آرٹیکل لکھ کر بھیجئے ہم اندازہ لگالیں کہ آپ کس طرح کا لکھ سکیں گی۔ دین کی باتیں چھاپنا ایک ذمے داری کا کام ہے جبکہ بہت سے مسالک بھی موجود ہوں۔

نادیہ‘ ثوبیہ جہانگیر‘ مومبر آزاد کشمیر
نادیہ‘ ثوبیہ‘ دعائیں۔ ناراضگی‘ ناراضگی۔ بھئی کیوں ؟ یہ خالہ آپ سے ناراض ہونے لگی۔ یوں بھی جو لوگ معاف کرنے اور معافی مانگنے کے عادی ہوتے ہیں وہ ناراض نہیں ہوتے۔ آپ کا افسانہ اس بار منتخب ہوگیا ہے۔ جھوم اٹھنے کی باری بھی جلد لانے کی کوشش کریں گے۔ مریم شاہ‘ سیدہ سحر اور امیر گل کو ان سطور کے ذریعے پتہ چل جائے گا کہ آپ اُن کو ’’دوست کا پیغام آئے‘‘ میں خط لکھتی ہیں اور وہ اتفاقاً طویل ہونے کی وجہ سے نہیں چھپتے‘ مختصر ہوں تو چھپ جائیں۔ دعائوں کا شکریہ۔ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو خوش رکھے آمین۔

حرا چوہدری
حرا ڈیئر‘ خوش رہو۔ شہر کا نام لکھنا نہ بھولا کرو۔ ندیم بھابھہ اور خاکان حیدر غازی کا انٹرویو کرکے بھیج دیجئے۔ اگر دونوں دلچسپ ہوئے تو چھاپ دیں گے۔ تصویریں آنا ضروری ہیں بغیر تصویر کے انٹریو نہ ہونا چاہئے۔

رضیہ کنول‘ عارف والا
رضیہ ڈیئر‘ دعا۔ آپ نظمیں بھیجے جائیے ہم شعبے کو بھیجتے رہیں گے۔ اگر چھپنے کے قابل ہوئیں تو چھپتی رہیں گی‘ ورنہ معذرت۔ ٹوکری زندہ باد۔

سائرہ مصطفی شاہ‘ احمد پور ایسٹ
بھتیجی‘ پیار۔ محبت بھرا خط ملا۔ ہمیں بھی آپ کو بھتیجی لکھتے ہوئے بہت اچھا لگتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو سلامت رکھے (آمین) اور آپ کی ہر دعا قبول ہو۔ نظم شعبے کو بھیج دی۔ قسمت کا فیصلہ وہیں ہوگا۔ اگر اچھی ہوئی تو چھپ جائے گی۔

سلمیٰ گل‘ منڈھیالہ چھٹہ
گل۔ پیار۔ مختصر سا خط موصول ہوا‘ ننھا سا جواب حاضر ہے۔ غزل چھپنے کے قابل ہوگی تو چھپ جائے گی۔

سلمیٰ ملک‘ قادر پورراں
سلمیٰ ڈیئر‘ خوش رہو۔ اعتکاف مبارک ہو۔ اللہ قبول فرمائے۔ جذبہ برا نہیں۔ اعتکاف میں اچھے ہی خیال آنا چاہئے۔ حمد + نعت لیکن چھاپتے وقت ہمیں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ نعت اور حمد‘ شاعرانہ فن پر بھی پوری اتر رہی ہے یا نہیں۔ اگر نہ چھپ سکے تو معذرت۔

رابعہ افتخار شیخ‘ جہلم
رابعہ ڈیئر۔ خوش رہو۔ پہلی تحریر ’’ دل کو خوشی ملے‘‘ موصول ہوئی۔ عدیم الفرصتی کی وجہ سے ابھی پڑھ نہیں سکے اس وجہ سے انجام نہیں بتا سکیں گے۔ ہاں‘ فروری کے مہینے میں۔ انتخاب یا نا انتخاب تحریر کردیں گے۔ امید تو ہے کہ اچھا ہوگا افسانہ۔ آئندہ افسانے کے صفحات 50 اور ناول کے 80 صفحات لکھا کیجئے گا۔ ہر صفحے پر اس کا اپنا نمبر ڈالا کیجئے۔ کتابوں کی طرح۔

عنبر نوشین وسیم‘ گوجرانوالہ
عنبر‘ دعا۔ محبت بھرا خط ملا‘ آپ کی غزل شعبے کو بھیج دیں گے وہاں جو بھی فیصلہ ہو۔ بہت اچھا کیا کہ آپ نے ابھی افسانہ وغیرہ نہیں بھیجا۔ افسانے کے صفحات 50 ہوں اور ناول کے 80 اور کتابوں کی طرح ہر صفحے کا نمبر اس کا اپنا ہو۔ بہنوں نے یہ شروع کردیا ہے کہ ایک نمبر ڈالا‘ دوسرا نمبر دوسرے صفحے کی بجائے تیسرے صفحے پر یا چوتھے صفحے پر ڈال دیا۔ کیا ڈائجسٹوں میں نمبر ایسے ہی پڑے ہوتے ہیں۔ دراصل افسانہ یا ناول لکھنے سے پہلے ’’اس کا مسودہ‘‘ لکھنا سیکھنا چاہئے۔ مکالمے ہر شخص کے الگ الگ لائن پر ہونا چاہئے۔ بہنیں کالج کے نوٹس کی طرح لکھ کر بھیج دیتی ہیں۔ ہمارا کام بڑھ جاتا ہے۔

عائشہ کرن
عائشہ ڈیئر‘ خوش رہو۔ تھوڑی سی خواہشوں کے لئے طویل خط موصول ہوا۔ آپ کا یہ خط تو نہ چھپ سکے گا۔ تاخیر سے ملا اور آئینے کا کالم تیار ہو کر ہمارے پاس سے چلا گیا۔ آپ تعارف بھیج دیجئے۔ چھپ جائے گا مگر ذرا تفصیل کے ساتھ۔ آنچل پسند کرنے کا شکریہ۔ آپ کی جو چیزیں معیاری ہوں گی وہ ضرور شائع ہوں گی۔ آئندہ خط اس طرح لکھئے کہ وہ ہمیں 10 تاریخ تک مل جائے اس کے بعد کے خطوط شامل اشاعت نہیں ہوسکیں گے۔ تاخیر کے سبب ہمیں بھی افسوس ہے کہ آپ کا اتنا محنت سے لکھا گیا خط ضائع ہوا خیر جواب تو حاضر ہے۔

صبا پرویز‘ سرگودھا
صبا ڈیئر‘ آپ کے لئے بہت سی دعائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اچھے نمبروں سے پاس کرے (آمین )۔ دعائوں کا بہت شکریہ۔ اللہ اس کا آپ کو اجر عطا فرمائے۔

سحر رضوی‘ شیخ جلیل
سحر دعا۔ آپ کے پسندیدہ رائٹرز عفت سحرطاہر اور نازیہ کنول نازی کو مبارکباد پہنچ جائے گی۔ آپ نے جو شعر (دعائیہ) لکھا ہے اس کا بے حد شکریہ۔ اللہ تعالیٰ آپ کی دعا قبول فرمائے (آمین)۔

اریبہ وفا‘ شیخ جلیل
اریبہ ڈیئر۔ دعا۔ محبت بھرا خط ملا۔ ابھی آپ کی نظم شائع ہونے کی منزل میں داخل نہیں ہوئی۔ بہتر مشورہ تو یہ ہے کہ یہ شغل چھوڑدو۔ بے تکی باتوں کا نام آزاد نظم نہیں۔ پہلے کسی استاد سے اصلاح لیا کرو۔ پھر بھیجو۔

صفیہ نذیر‘ چکوٹھی
صفیہ ڈیئر‘ خوش رہو۔ اس بات کا خیال رکھو جو چیز معیاری ہوگی وہ اپنی جگہ خود بنائے گی‘ البتہ معیاری ہوگی وہ اپنی جگہ خود بنائے گی‘ البتہ معیار کا تعین شعبے والے کرتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ جو چیز آپ کی نظر میں معیاری ہو وہ شعبے کی نظر میں بھی معیاری ہو۔ آپ کی معیاری چیزیں ضرور چھپیں گی۔

ناقابل اشاعت

انمول محبت‘ محبت اور دعا۔ بہترین سودا‘ حسین اتفاق‘ محبت زندگی ہے‘ زندگی مسکرا اٹھی۔ کانچ خوابوں کا سفر‘ لاریب‘ دل کا رشتہ۔
منتخب تحریریں

مل ہی جائیں گے اجالے‘ در ماندۂ الفت‘ جھیل کے اس پار‘ نیلی آنکھوں کے حصار میں‘ میں‘ محبت‘ اور تم‘ بازگشت‘ کٹھن ہے راہ گزر مگر … انتظار کیجئے نمبر آنے کا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close