Aanchal Jan-17

درجواب آں

مدیرہ

نزہت جبین ضیاء… کراچی

عزیزی نزہت! سدا سہاگن رہو‘ آپ کے شوہر کی علالت کے متعلق جان کر بہت رنج ہوا‘ بے اختیار لبوں سے یہی دعا نکلی کہ اللہ سبحان و تعالیٰ ان کا سایہ آپ کے سر پر قائم رکھے اور آپ ان کی سنگت میں زندگی کے ہزاروں برس طے کریں‘ بے شک آپ کے لیے یہ ایک کٹھن مرحلہ ہے۔ شوہر نامدار کا اس طرح عارضہ قلب میں مبتلا ہوجانا اور پھر ہنگامی بنیاد پر ان کی انجوپلاسٹی کرکے ان کی زندگی کو تحفظ دینا یہ سب یقینا آپ کے سکون و چین مفقود کر گیا ہوگا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ جلد از جلد انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی دعائے صحت کی اپیل ہے۔

نادیہ تبسم‘ تانیہ جہاں…

ڈسکہ سیالکوٹ

ڈئیر سسٹرز سدا مسکرائو‘ شکوہ و شکایات سے بھرپور خط موصول ہوا اس قدر خفگی اور غصہ اچھی بات نہیں ہوتی اگر ڈاک بروقت موصول ہوجائے تو یہی کوشش ہوتی ہے کہ اسی ماہ شامل کرلی جائے اور تاخیر سے موصول ہونے پر آئندہ ماہ کے لیے محفوظ کرلی جاتی ہے۔ ہمارے پاس چند مخصوص صفحات ہوتے ہیں‘ چاہ کر بھی سب بہنوں کے خطوط شامل نہیں کرپاتے لیکن سب خطوط اور آپ کی تجاویز کو ہم بغور پڑھتے ہیں ہمارے لیے ہمارے قارئین بے حد اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ یہ آپ بہنوں کا اپنا ہی پرچہ ہے اسے آپ کی نگارشات اور آرأ سے ہی پایہ تکمیل تک پہنچایا جاتا ہے۔ اس بار نیرنگ خیال میں آپ کی کاوش شامل ہے‘ امید ہے خفگی اور بدگمانی مٹ جائے گی‘ آپ کو بھی سال نو کی ڈھیروں مبارک باد۔

طیبہ خاور پھول… وزیر آباد

ڈئیر طیبہ! سدا خوش رہو‘ آپ کے والد کی رحلت کے متعلق جان کر بے حد افسوس ہوا‘ ابھی تو آپ کی شادی کے خوشگوار لمحات کے متعلق جان کر بے حد خوش ہوئے تھے اور اب یہ مشکل حالات پیاری بہن صبر اور حوصلے سے کام لیں شاید یہی مشیتِ ایزدی ہو۔ آپ کے والد نے آپ کو اپنی شفقت و محبت کے سائے تلے رخصت کیا اور بے شک اب بھی ان کی دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی اور ہمیشہ رہیں گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ دیگر اہل خانہ کو صبر و ہمت عطا فرمائے اور آپ کے والد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے‘ آمین۔ آپ کی شادی کا احوال بمعہ تصاویر موصول ہوگیا ہے جلد حجاب میں شائع کرنے کی کوشش کریں گے۔

صائمہ سکندر سومرو… حیدر آباد

ڈئیر صائمہ! سدا سہاگن رہو‘ آپ سے نصف ملاقات ہمیشہ کی طرح بہت اچھی لگی۔ بچوں کی مصروفیت کے دوران بھی آپ وقت نکال کر آنچل سے تعلق استوار رکھتی ہیں خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر صاحب کی رحلت ادارے سمیت سب کے لیے ہی ایک بڑا صدمہ ہے‘ بے شک ایک اچھے مسیحا کے روپ میں وہ سب کے چارہ گر تھے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے ان کی مغفرت کے لیے دعاگو ہیں۔ والدہ کی جدائی کا صدمہ بے شک آپ کے لیے بہت کٹھن اور مشکل مرحلہ ہے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صبر و استقامت عطا فرمائے‘ تجاویز نوٹ کرلی ہیں جلد عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سیدہ صالحہ بتول… راولپنڈی

عزیزی صالحہ! سدا شاد رہو‘ آپ کی تعلیمی قابلیت کے متعلق جان کر بے حد اچھا لگا‘ آپ تدریسی فرائض بھی سر انجام دیتی ہیں بہت اچھی بات ہے‘ اپنے گائوں کے لوگوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی یہ کاوش قابل تحسین ہے۔ آپ کا کہنا بجا ہے بے شک نیرنگ خیال میں نو آموز شاعر اپنی شاعری کے ذریعے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں بلکہ ان کے فن کو مزید جلا بھی ملتی ہے‘ آپ اپنا افسانہ ارسال کردیں معیاری ہوا تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

عنزہ یونس انا… حافظ آباد

پیاری عنزہ! جگ جگ جیو‘ آپ کا مفصل خط پڑھ کر آپ کے گہرے و عمیق مشاہدے کا بخوبی اندازہ ہوگیا۔ بے شک آپ نے کہانی کے لیے جس موضوع کا انتخاب کیا ہے وہ عمدہ لاجواب خوب سے خوب تر اور بہترین ہے اور آج نسلِ نُو کو ان تمام حقائق سے آشنا کروانے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ آپ کی تحریر پڑھنے کے بعد اپنی مکمل رائے سے آگاہ کریں گے اور پھر یہ فیصلہ بعد میں ہوگا کہ حجاب یا آنچل کس کے ماتھے پہ آپ کی تحریر جھومر کی مانند سجتی ہے۔ اسلامی اقدار سے ناآشنا نسل کو مغربی ثقافت کی یلغار سے روکنے کے لیے آپ کا اٹھایا یہ قدم قابل تحسین ہے۔ آج جدیدیت اور بے حیائی کے لبادے میں لپیٹ کر کون سے انقلاب لانے کی باتیں ہورہی ہیں کیونکہ یہ حقیقت تو بالکل واضح ہے کہ انقلاب تو چودہ سو سال پہلے ہمارے نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس کی صورت میں آیا تھا لیکن آج حقیقت خرافات میں کھو گئی ہے اور یہ اُمت روایات میں الجھ گئی ہے‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ ہم سب کو سچا پکا مسلمان اور حب الوطن بنادے‘ آمین۔

رائو سمیرا ایاز… کراچی

ڈئیر سمیرا! سدا آباد رہو‘ مفصل خط کے ذریعے آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ آپ کی تحریریں قبولیت کا درجہ حاصل کرچکی ہیں تو اس بات پر یقینِ کامل رکھیں کہ ان شاء اللہ آگے بھی اچھائی اور بہتری ہوگی‘ جلد آپ کی تحریریں آنچل و حجاب کے صفحات پر اپنی جگہ بنالیں گی۔ مکمل ناول یا ناولٹ جو بھی چاہیں ارسال کردیں حمد کی اگر آپ کے استادِ محترم نے اصلاح کردی ہے تو دیکھ لیں گے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے قلم میں مزید پختگی عطا فرمائے‘ بے شک حمدونعت لکھنا ایسا کام ہے جو آپ کے لیے توشہ آخرت ثابت ہوگا۔ ہماری جانب سے آپ کو بھی سالِ نُو کی مبارک باد‘ دیگر رائٹرز تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچا رہے ہیں‘ کاغذو قلم سے ناطہ استوار رکھیں اور امید بہار رکھیں۔

نورین مسکان سرور… ڈسکہ‘ سیالکوٹ

ڈئیر نورین! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کے مفصل خط سے آپ کے تمام حالات کا اندازہ بخوبی ہوگیا ہے۔ بے شک زندگی آپ کے لیے مشکل اور کٹھن ہے لیکن زندگی ہر کسی کے لیے کوئی نہ کوئی امتحان لے کر آتی ہے یہاں ہر کوئی رنج و الم اور مصائب سے برسر پیکار ہے اور یہی رنج و غم ہمیں ہمت اور حوصلہ بھی عطا کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ناں مشکلیں اتنی پڑیں مجھ پر کہ آساں ہوگئیں۔ آزمائشوں اور تلخیوں کی بھٹی سے گزر کر ہی انسان کندن بنتا ہے اور پھر جب کوئی آسرا اور سہارا نظر نہیں آتا تو خدا کی ذات پر ہمارا بھروسہ اور یقینِ کامل مزید پختہ ہوجاتا ہے‘ میں آپ کے الفاظ‘ جذبات اور درد و غم کا اندازہ کرسکتی ہوں لیکن اتنی مایوسی اچھی بات نہیں ہوتی‘ آپ نے خود کہا کہ آپ ذہین ہیں بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں تو پھر اپنے ہنر کو زنگ آلود مت کریں بلکہ کوشش اور لگن سے اپنا مقام اپنی منزل حاصل کرنے کی جستجو رکھیں۔ آپ کی نظمیں اصلاح کے عمل سے گزرنے کے بعد لگ جائیں گی‘ ہمارا ہر قاری ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے اور آپ کی غیر حاضری ہمیں آپ کی کمی کا احساس بھی دلاتی ہے۔ امید ہے اس مفصل جواب کے بعد آپ مطمئن ہوجائیں گی‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی کامیابیاں عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ کی تحریر ’’بادشاہت‘‘ اور ’’آخر ہوا کیسے‘‘ قبولیت کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری ہیں‘ کانٹ چھانٹ کے بعد جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزدلفہ حیدر… گجرانوانہ

پیاری مزدلفہ! سدا خوش رہو‘ بزمِ آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ نے اپنی دوست کے کہنے پر کاغذ و قلم سے ناطہ برقرار رکھتے اپنے جذبات و احساسات کو لفظوں کا پیراہن دے کر خوب صورت کہانی کے سانچے میں ڈھالا اور آزمائش کے لمحات سے گزریں۔ یہ آزمائش کی گھڑیاں انتظار کے لمحات تو سب کے لیے ہوتے ہیں بہرحال اگر آپ نے ہمارے ادارے پر بھروسہ کیا تو ہم نے بھی آپ کے مان کو ٹوٹنے نہیں دیا‘ مطلب آپ کی تحریر قابلِ قبول ٹھہری البتہ ابھی اس میدان میں آپ طفل مکتب ہیں اور یہ ابتدائی کاوش ہے لہٰذا وسیع مطالعہ اور بھرپور محنت کی بھی ضرورت ہے۔ ضروری کانٹ چھانٹ اور اصلاح کے بعد آپ کی تحریر شامل اشاعت ہوجائے گی‘ اس کامیابی پر ڈھیروں مبارک باد‘ آپ دیگر مستقل سلسلوں میں بھی شرکت کرسکتی ہیں۔

شازیہ الطاف ہاشمی… شجاع آباد

عزیزی شازیہ! جیتی رہو‘ آپ کی ارسال کردہ تمام تحریریں موصول ہوگئی ہیں ان شاء اللہ جلد پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔ آنچل کے دروازے آپ پر کھلے ہیں آپ بھی دیگر مصنفین کی طرح آنچل کے پلیٹ فارم سے اپنا نام اور اپنی پہچان بناسکتی ہیں۔ اسی ضمن میں آپ کی دو تحریریں ’’اپنا گھر‘‘ اور ’’وہ ہمسفر تھا‘‘ قبولیت کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں جلد اشاعت کے مراحل بھی طے کرلیں گے اور آنچل و حجاب کی زینت بن جائیں گی‘ بزمِ آنچل میں خوش آمدید‘ دعاگو ہیں کہ آپ کا قلمی سفر مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہو‘ آمین۔

شبانہ گل… راولپنڈی

ڈئیر شبانہ! سدا مسکرائو‘ مفصل خط کے ذریعے آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی تاخیر سے رابطہ ہونے کا افسوس پس پشت ڈال دیجیے وہ کہتے ہیں ناں ’’دیر آید درست آید‘‘ آپ کی تحریر ’’تشنگان ابر رواں‘‘ پڑھ ڈالی بے جا طوالت کا شکار ہے ابتدا میں مختصر موضوع قلم بند کرنے کی کوشش کریں تاکہ انداز تحریر کا اندازہ ہوسکے بہرحال تحریر قابل قبول ہے البتہ بعض جگہ آپ کی گرفت کمزور ہے۔ امید ہے آئندہ ان باتوں کو پیش نظر رکھیں گی‘ آپ کی یہ تحریر اصلاح کے مراحل سے گزر کر شائع کردی جائے گی۔

ابیہا چیمہ… ای میل

ڈئیر ابیہا! شا د و آباد رہو‘ آپ کی جانب سے ارسال کردہ تحریر ’’رحمت یا زحمت‘‘ موصول ہوئی‘ موضوع کا چنائو عمدہ تھا اور پھر آپ نے نہایت اختصار کے ساتھ جس طرح تمام حالات کو پیش کیا ہے پڑھ کر اچھا لگا بہرحال انداز تحریر میں ابھی مزید پختگی کی ضرورت ہے۔ اس لیے مزید محنت و مطالعہ کے ساتھ کوشش جاری رکھیں اور اس طرح کے مختصر موضوعات پر طبع آزمائی کرتی رہیں یہ تحریر شامل اشاعت ہوجائے گی۔

مشی خان… مانسہرہ

ڈئیر مشی! سدا جتی رہو‘ آپ کی نگارشات اس بار چاہ کر بھی شاملِ اشاعت نہ کرسکے کیونکہ پرچہ اپنے تکمیلی مراحل میں ہے بس اتنا ہی کہیں گے ’’بہت دیر کی مہرباں آتے آتے‘‘ بہرحال مایوس مت ہوں‘ کوشش کریں گے کہ آپ کی نگارشات کو آئندہ ماہ شامل کرلیا جائے۔ سالِ نُو کی آپ کو بھی ڈھیروں مبارک باد‘ ڈاکٹر صاحب کی رحلت کا صدمہ بے شک سب کے لیے ایک بڑا اور گہرا صدمہ ہے۔ جس طرح وہ اپنی ذات سے دوسروں کو فائدہ پہنچاتے تھے ایسے میں سب ہی ان کے لیے اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘ آمین۔

امبرین فاطمہ… ضلع چکوال

ڈئیر امبرین! سدا شاد رہو‘ آپ کی ارسال کردہ تحریر بعنوان ’’نیک نیتی‘‘ موصول ہوئی‘ آپ اس موضوع کے ساتھ انصاف نہیں کرپائیں۔ بے جا طوالت نے کہانی کو الجھا دیا ہے‘ قرآن و حدیث کے حوالے دے کر آپ نے بہت سی معلوماتی باتیں بھی شامل کی ہیں لیکن پھر بھی آپ کی گرفت کمزور ہے۔ املا کی بھی بہت سی اغلاط ہیں‘ کوشش کریں کہ کہانی میں باعثِ تنازعہ باتیں شامل نہ کریں۔ آپ نے مستقل سلسلے بھی کہانی کے ساتھ شامل کردیئے ہیں اس کے لیے علیحدہ صفحات کا استعمال کریں ہر سلسلے پر اپنا اور شہر کا نام ضرور لکھیں‘ امید ہے آئندہ خیال رکھیں گی۔

سحرش فرحان… ای میل

پیاری سحرش! شاد رہو‘ آپ کی ارسال کردہ تحریر پڑھ ڈالی لیکن کچھ خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام ٹھہری۔ موضـوع کے چنائو میں بھی آپ نے غلطی کردی اگرچہ یہ ہمارے معاشرے کا ایک تلخ اور کڑوا سچ ہے جس سے چاہ کر بھی ہم نگاہیں نہیں چرا سکتے لیکن اس موضوع کے علاوہ بھی بہت سے موضوعات ہیں جن پر مشاہدے و مطالعہ کے بعد آپ بہت اچھا لکھ سکتی ہیں اس لیے اس موضوع کے علاوہ کسی اور موضوع پر مختصر افسانے کی صورت طبع آزمائی جاری رکھیں دیگر رائٹرز کی تحاریر کا بغور مطالعہ کریں اس سے بہتر لکھنے میں مدد ملے گی۔

کرن شہزادی… مانسہرہ

ڈئیر کرن! سدا خوش رہو‘ آپ کی ارسال کردہ نگارشات باعثِ تاخیر موصول ہونے کے سبب اپنی جگہ بنانے میں ناکام ٹھہریں۔ آج تیرہ تاریخ کو آپ کی ڈاک موصول ہوئی ہے جبکہ تمام سلسلے اپنے تکمیل مراحل میں ہیں‘ ایسے میں یہی کیا جاسکتا ہے کہ آپ کے پیغام کو آئندہ ماہ کے لیے محفوظ کرلیا جائے بہرحال اس نصف ملاقات کے ذریعے ہم نے آپ کی شرکت کو یقینی بنادیا ہے۔

سلمیٰ عنایت حیا… کھلابٹ ٹائون شپ

پیاری سلمیٰ! سدا آباد رہو‘ آپ کا شکایت نامہ موصول ہوا‘ تاخیر سے موصول ہونے والی ڈاک ہم آئندہ ماہ کے لیے سنبھال کر رکھ لیتے ہیں سوائے آئینہ کے۔ آپ کی ماموں کی بیٹی کی رحلت کا افسوس ہوا یقینا اللہ سبحان و تعالیٰ کی رحمت کو پاکر ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہ ہوگا لیکن سات ماہ کی زندگی لے کر آنے والی ننھی پری کو ابدی نیند سوتا دیکھ کر ان کے دل پر کیا گزری ہوگی اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے اور آپ کی والدہ محترمہ کو صحت کاملہ عطا کرے‘ آمین۔ آپ کا سالِ نُو کے حوالے سے بھیجا گیا سروے آئندہ ماہ آنچل میں شامل کرلیا جائے گا‘ باقی اپنی نگارشات ہر ماہ کی سات تاریخ سے قبل ارسال کردیا کریں‘ دعا کے لیے جزاک اللہ۔

تمنا بلوچ… ڈی آئی خان

ڈئیر تمنا! سدا سہاگن رہو‘ آپ کا نامہ موصول ہوا‘ مختصر ملاقات تبسم کا باعث بنی۔ آپ کی ساس عمرہ پر جانے کی سعادت حاصل کررہی ہیں‘ خوشی ہوئی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ تمام مسلمان کو حج و عمرہ کی سعادت نصیب فرمائے‘ آمین۔ گھریلو مصروفیات اور خراب طبیعت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آپ نے اس بار شرکت کی‘ اچھا لگا۔ دو ماہ کی غیر حاضری ہمارے ساتھ آپ کی دوستوں نے بھی محسوس کی۔ امید ہے آئندہ بھی شامل رہیں گی‘ آپ کی نگارشات آئندہ ماہ کے لیے سنبھال رکھی ہیں۔

زینب علی خان… ای میل

ڈئیر زینب! سدا مسکرائو‘ آپ کی ارسال کردہ تحریر موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ نے نہایت اختصار کے ساتھ ایک اہم مسئلے کی نشاندہی نہایت احسن طریقے سے کی ہے‘ البتہ کہانی کا عنوان ہمیں پسند نہیں آیا اس لیے عنوان اور دیگر چیزوں میں کچھ تبدیلی کے بعد آپ کی تحریر شائع کردی جائے گی۔ اس کامیابی پر مبارک باد‘ آئندہ بھی اس طرح کے موضوعات پر کوشش جاری رکھیں اس سے آپ کو مزید بہتر لکھنے میں مدد ملے گی‘ دیگر مصنفین کی تحریروں کا بغور مطالعہ کریں۔

اقراء لیاقت… حافظ آباد

ڈئیر اقراء! شاد و آباد رہو‘ چاہتوں اور محبتوں سے بھرپور آپ کا نامہ موصول ہوا‘ پڑھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ آپ کے گراں قدر جذبات و احساسات ہمارے لیے قابلِ رشک و قابلِ قدر ہیں اگر ہمارے چند الفاظ سے آپ کی تشفی ہوتی ہے تو یہ امر خوش آئند ہے۔ ہماری جانب سے آپ کی پیاری سی ٹیچر مس حنا کو سال گرہ کی ڈھیروں مبارک باد۔ دعاگو ہیں کہ وہ اسی طرح اپنے پیشے سے دیانت داری اور لگن کے ساتھ اپنا فریضہ سر انجام دیتی رہیں اور اپنے طالب علموں کی ہر دلعزیز بنی رہیں‘ آپ کے علم کی شمع سے بہت سے پروانے مستفید ہوتے رہیں اور آپ سے محبت کا دم بھرتے ہیں‘ آمین۔

کوثر خالد… جڑانوالہ

ڈئیر کوثر! سدا سہاگن رہو‘ محبت اور چاہت کی خوشبو میں بسا آپ کا خط موصول ہوا۔ ہمیشہ کی طرح یہ نصف ملاقات بھی بہت اچھی لگی‘ آپ کی کتاب بھی ان شاء اللہ مل جائے گی جہاں تک آپ کی شاعری پڑھی ہے ہمیشہ دل میں اتری ہے اور کیونکر نہ اترے جس ذات کی مدح سرائی بیان کی ہے وہ ہے ہی اتنی عالی شان اور تعریف کے لائق۔ ساس کی خدمت کے ذریعے بھی اپنی دین و دنیا سنوار رہی ہیں اچھی بات ہے۔ وہ کہتے ہیں ناں…

یہی ہے عبادت یہی دین و ایماں

کام آئے دنیا میں انساں کے انساں

اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ جس طرح آپ دوسروں کا خیال رکھتی ہیں اور ان کے لیے آسانیاں فراہم کرتی ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ کی ذات دنیا و آخرت دونوں جہانوں میں آپ کو کامیابی و کامرانی نصیب فرمائے‘ آمین۔

زندگی تنویر خلیل… بلوچستان

ڈئیر زندگی! سدا شاد رہو‘ آپ کی ارسال کردہ تمام تحریریں پڑھ لی ہیں۔ خوب صورت انداز بیان بہترین منظر کشی اور ایک بہترین پیغام پر حامل آپ کی تحریریں اپنی انفرادیت کے سبب اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ٹھہریں‘ جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔ اب آپ آنچل فیملی کا باقاعدہ حصہ بن گئی ہیں اور ہم سے نصف ملاقات بھی ہوگئی ہے امید ہے خفگی اور بیگانگی مٹ جائے گی۔

حمیرا قریشی… حیدر آباد

ڈئیر حمیرا! سدا خوش رہو‘ ہمیں آپ کی خوشی کا بخوبی اندازہ ہے‘ ہر انسان کے لیے اپنی تخلیق کردہ چیز بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے اس طرح رائٹرز کے لیے اپنی تحریریں نہ صرف اہمیت کی حامل ہوتی ہیں بلکہ منظر عام پر آنے کی صورت میں انہیں خوشی کے احساسات سے دوچار بھی کرتی ہیں۔ ہمارے پاس چونکہ کثیر تعداد میں کہانیاں منتخب شدہ موجود ہوتی ہیں اسی بناء پر دیر سویر ہوجاتی ہے اور آپ لوگ خفگی اور مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں بہرحال امید ہے آپ اس خوشی سے محظوظ ہوتی آئندہ بھی حجاب و آنچل کے لیے قلمی تعاون برقرار رکھیں گی۔ 

عرشیہ ہاشمی… آزاد کشمیر

ڈئیر عائش! سدا سہاگن رہو‘ آپ کے کشمیر میں کیا ہر طرف یہی حال ہے ہر کوئی بارش کے لیے دعاگو ہے۔ آپ کی تحریریں ہمارے پاس محفوظ ہیں جلد لگانے کی کوشش کریں گے اور اب آپ کے نام عائشہ ہاشمی سے ہی آنچل و حجاب کی زینت بنیں گی۔ آپ کی صحت کے لیے اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کو جلد از جلد صحت کاملہ عطا فرمائے‘ آمین۔

سمیہ ضیاء… گجرانوالہ

ڈئیر سمیہ! سدا آباد رہو‘ اپنے جذبات و احساسات کو لفظوں کو پیراہن دے کر آپ نے جس طرح قلمی رابطہ استوار کیا بے حد اچھا لگا۔ بے شک آپ کی دونوں طالبات نہ صرف آپ کا بے حد احترام کرتی ہیں بلکہ آپ کو اپنا آئیڈیل بھی سمجھتی ہیں ویسے بھی اساتذہ کا مقام بہت بلند ہے یہ تو وہ کام ہے جو میراث پیغمبری ہے اسی طرح اپنے اچھے اخلاق و کردار سے علم کی شمع روشن رکھیں۔ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ‘ امید ہے آئندہ بھی اپنی مصروف زندگی سے چند پل نکال کر ہمارے نام کرتی رہیں گی اور یہاں بھی رہنمائی و رہبری کا فریضہ سر انجام دیتی رہیں گی۔

ناقابل اشاعت:۔

ماں کی ممتا کہاں رہ گئی‘ دسمبر ہجر کا موسم‘ بلاعنوان‘ ضمیر‘ یہ ہیں محبتیں‘ ہم کے ٹھہرے اجنبی‘انجام‘ دوستی‘ آسودگی‘ حسد‘ اندھیری رات کے بعد سویرا‘ محبت کے رنگ‘ تو ملا کیسے کیسے‘ بے رحم‘ غصہ‘ یقین تو ہے‘ ایسا بھی ہوتا ہے‘ پیار کے رشتے‘ میرے محرم‘ ایک تھا عاطر‘ نیک نیتی‘ مان‘ دعائوں کے صلے میں‘ طوائف۔

قابل اشاعت:۔

ہمارا آج اور کل‘ کاسۂ امید‘ بے غیرت‘ صاحب علم‘ دو ستارے ایک سال نامہ‘ بخت کا ستارہ‘ بادشاہت‘ اہل محبت کی وفا‘ نوید سحر‘ محبت امر ہے‘ ابھی پھولوں میں خوشبو ہے‘ سعادت‘ چلو زیست کو سمجھتے ہیں‘ مامتا‘ زندگی امتحان کاہ مسلسل‘ وہ ایک خواب تھا‘ خوابوں کی لگن‘ وہ ایک ملکہ محبت‘ کفارہ‘ مصلحت‘ یادوں کی بارات‘ عورت‘ دہری زندگی‘ مڈل کلاس‘ آخر ہوا کیسے 

 

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close