Aanchal May-18

بیوٹی گائیڈ

روبین احمد

خوبصورتی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے‘ اور خوبصورتی صرف سفید رنگت یالمبے کالے بالوں میں نہیں ہوتی‘ بلکہ صاف ستھری ‘ سادہ اور پروقار شخصیت سب کو خوبصورت لگتی ہے۔صحت مند چمک دار جلد دیکھنے والے پر اچھاتاثر چھوڑتی ہے۔ خوبصورت نیک خیالات ہمیں ایک قدرتی نور دیتے ہیں‘ ا سکے علاوہ اللہ تعالیٰ نے اپنی بے شمار نعمتیں ہمیں عطا کی ہیں‘ جنہیں ہم استعمال میں لاکر اپنی شخصیت میں من پسند تبدیلی لاسکتے ہیں۔
چند نسخے حاضر خدمت ہیں
گھریلو موئسچرائزر۔

1۔چٹکی برابر شہد میں پسی ہوئی ہلدی ملائیں اور چہرے پر لگائیں‘۱۰ منٹ بعد دھولیں۔
2۔سلاد کے آٹھ دس پتوں کو اچھی طرح دھو کر ایک گلاس پانی میں ابال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر چھان کر بوتل میں بھرلیں اسے ہلکے ہاتھوں سے لگا کر کچھ منٹ بعد ٹشو سے صاف کرلیں۔
گھریلو اسکن لوشن:۔

بادام کی گری چالیس گرام‘ چھلکا اتار کر پیس لیں‘ عرق کافور‘ آدھا گرام ‘عرق چندن‘ ۲۵ ملی لیٹر‘ عرق گلاب ۲۵ ملی لیٹر ۔ خوب اچھی طرح ملا کر چھان کر بوتل میں بھرلیں۔ دن میں دو تین بار لگانے سے کچھ ہی دنوں میں جلد کے داغ دھبے اور چھائیاں دور ہوجائیں گی۔
3۔نیم گرم پانی میں لیموں کا رس یا سرکہ دوبڑے چمچ ملا کر گیلے بالوں میں آہستہ آہستہ لگائیں۔ دس منٹ بعد سادہ پانی سے دھولیں ‘بہترین کنڈیشنر ہے‘ استعمال کریں اور دعائیں دیں۔
چہرے کی چھائیاں دور کرنے کے لیے
یہ نسخہ استعمال کریں

لیموں کا ٹکڑا آٹھا‘ ہلدی آدھا چمچ اور بیسن دو چمچے ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اس کا ماسک چہرے پر لگائیں‘ دو تین بار ماسک کرنے سے چہرے کی چھائیاں دور ہوجاتی ہیں‘ جلد کو نرم وملائم رکھنے کے لیے روزانہ رات کو زیتون کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر چہرے اور گردن کی مالش کریں اور صبح منہ دھو لیں‘ لیموں کا عرق ہاتھوں‘ پیروں‘ گھٹنوں‘ کہنیوں اور پیر کے تلوئوں پر بھی میل صاف کرنے کے لیے لگایا جاتا ہے‘ کچھ دیر کے لیے لیموں کے کٹے ٹکڑوں سے عرقِ گلاب لگا دیں اور پھر صاف پانی سے دھو لیں‘ لیموں کے عرق سے کھال کی قدرتی تیزابیت قائم رہتی ہے جس کی وجہ سے بیکٹریاں پیدا ہو کر کھال پر چٹے نہیں پڑتیں‘ کھردرے تلوئوں کی صفائی کے لیے تلوئوں پر کچھ دیر کے لیے گلیسرین میں لیموں کا عرق ملا کر چھوڑ دیں‘ پھر پیروں کو دس منٹ کے لیے گرم پانی سے ڈبوئے رکھیں‘ اس کے بعد تلوئوں کو جھانوے سے رگڑ کر صاف کرلیں‘ اگر تھکن کی وجہ سے پیروں پر سوجن آگئی ہو تو غسل کے بعد پیروں پر لیموں کا عرق کل دیں۔

بعض خواتین کے ناخن ٹوٹتے ہیں‘ ان کو چاہئے کہ وہ لیموں کا رس پیئں‘ ناخن جسم میں کیلشیم کی کمی سے بھی ٹوٹتے ہیں‘ لیموں کے عرق میں پھٹکری ملا کر اس محلول کو روئی کے ساتھ ناخنوں پر لگائیں‘ پندرہ منٹ بعد ہاتھ دھو کر لیمن کریم لگائیں۔ اس سے ناخن صاف اور ملائم ہو جاتے ہیں‘ لیموں کے چھلکے کو گردن‘ ہاتھوں اور دانتوں پر ملنے سے رنگ نکھرتا ہے اور دانت چمکتے ہیں۔

اگر چہرے پر بہت سا تیل نظر آئے تو ایک لیموں کاٹ کر چہرے پر مل لیجئے‘ جلد صاف نظر آئے گی‘ لیموں کاعرق چہرے کی جلد کو سکوڑتا بھی ہے جس سے جھریاں نہیں پڑتیں۔

عائشہ سلیم…کراچی

ہاتھوں کی حفاظت
اکثر گھریلو کام کاج کی وجہ سے ہاتھوں کی جلد بدنما ہوجاتی ہے بعض خواتین کے ہاتھوں پر سیاہ لکیریں پڑجاتی ہیں‘ ناخن میلے اور ٹوٹنے لگتے ہیں جن کو دیکھ کر دوسروں کو بڑی کوفت ہوتی ہے۔ خود اپنے ہاتھ دیکھ کر شرم سی محسوس ہوتی ہے۔ گھر کا کام ہر عورت کرتی ہے لیکن کچھ طریقے اپناکر بہت سی چیزوں سے بچا جاسکتا ہے۔
گھر کا کام کرتے وقت خاص طور پر برتن اور کپڑے دھوتے وقت ہاتھوں پر پلاسٹک کے دستانے ضرور پہن لیں‘ یہ ہاتھوں کی مکمل حفاظت کرتے ہیں۔
کام کرنے کے بعد ایسی کریم کی مالش کریں جس میں لینویشن شامل ہو۔
عرقِ لیموں میںہم وزن گلیسرین ملاکر اس میں ایک چھوٹا چمچ بورک ایسڈ ملاکر اچھی طرح یک جا کرلیں اور شیشی میں بھرکر رکھ دیں۔ ہاتھ دھونے کے بعد دن میں دو یا تین بار استعمال کریں‘ ہاتھوں کو نرم‘ چکنا اور رنگت نکھارنے کے لئے بے مثل ہے۔
خالص روغنِ بادام کی مالش کریں رات کو سوتے وقت۔
عرقِ گلاب‘ لیموں اور گلیسرین ہم وزن ملاکر ایک شیشی میں رکھ دیں اور اس کی مالش کریں۔ ہاتھوں کے لئے بہترین ہے۔
مہینے میں ایک یا دو دفعہ ہاتھوں پر بلیچ یا پالش کرکے ہاتھوں کا مساج کریں کسی چکنی کریم سے پھر اس کا رزلٹ دیکھیں۔
بالائی میں لیموں کے چند قطرے اور ایک چٹکی ہلدی ملاکر ہاتھوں اور بازوؤں کی مالش کریں۔ بہت نرم اور صاف ستھرے ہاتھ ہوں گے۔
تھوڑی سی چینی میں تھوڑا سا سرسوں کا تیل لے کر اس کی ہاتھوں پر مالش کریں۔
دہی اور بیسن مکس کرکے ہاتھوں اور بازو پر مالش کریں بہترین نسخہ ہے۔
بالائی میں گیہوں کا آٹا مکس کرکے پیسٹ بنالیں پھر اس کو ہاتھوں اور بازو پر ابٹن کی طرح ملیں پھر اس کا جادوئی اثر دیکھیں۔
سدرہ شاہین…پیرووال
بالوں کی حفاظت اور افزائش
آج کل اکثر خواتین کو بال گرنے کی شکایت رہتی ہے ‘ اس کی بڑی وجہ گرمی اور دھوپ ہے۔ دھوپ دماغ پر بہت برے اثرات مرتب کرتی ہے جس کی وجہ سے ذہنی کمزوری کے باعث بال گرنے لگتے ہیں۔
آئل بالوں کے لیے ایک ٹانک کی حیثیت رکھتا ہے ذہنی کمزوری دور کرنے کے لیے آئل بہت مفید ہے۔
بالوں کی افزائش کے لیے ہفتے میں ایک بار حنا داش لازمی کرنا چاہیے اور سر کی گرمی بال لانبے‘ گھنے اور چمکدار بنانے کے لیے حنا میں آملے پیس کر ملالیں اور سر میں 3گھنٹے کے لیے لگارہنے دیں۔ کچھ ہی عرصے میں آپ واضح فرق محسوس کریں گی۔
گرتے ہوئے بالوں کے لیے دہی میں انڈا اور سرسوں کا تیل ملاکر لگائیں ‘انشاء اللہ افاقہ ہوگا۔
آملہ ‘ ریٹھا ‘سیکاکائی ہم وزن لے کر رات کو پانی میں بھگولیں۔ صبح پیس کر سر میں لگالیں ‘ بال گھنے اور چمکدار ہوجائیں گے۔
لانبے بالوں کے لیے دہی میں کلونجی ملاکر لگالیں۔
سر میں خشکی ‘ سکری دور کرنے کے لیے مہندی میں کلونجی ملاکر لگالیں۔
جوئیں ختم کرنے کے لیے نیم کے چند پتے لیں اور پانی میں بوائل کرلیں ‘ اس پانی میں سردھوئیں۔

اریبہ منہاج…کراچی

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close