Aanchal May-18

درجواب آں

مدیرہ

اقرأ صغیر احمد… کراچی

عزیزی اقرأ! سدا سہاگن رہو۔ آنچل کی سالگرہ کے موقع پر آپ کی دعائیں بے حد پسند آئیں آپ نے جس محبت و الفت سے کارڈ بنا کر بھیجا وہ بے حد پسند آیا۔ بے شک فرحت آپا سے متعلق آپ کے جذبات و احساسات بے حد گرانقدر ہیں اللہ سبحان و تعالیٰ فرحت آپا کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ آنچل کی پسندیدگی کے لیے مشکور ہیں۔

صائمہ قریشی… آکسفوڈ

عزیزی صائمہ! سدا سہاگن رہو‘ چاہت و محبت سے بھرپور آپ کا دعوت نامہ موصول ہوا اور بے حد مصروفیت کے باعث شرکت سے معذور رہے جس کا افسوس رہے گا۔ بھائی و دیور کی شادی کی دلی مبارک باد قبول فرمائیں اور آپ کی پاکستان آمد بھی ضرور خوش آئند ثابت ہوئی ہوگی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ آپ سب کو سدا شاد و آباد رکھے‘ آمین۔

رقیہ ناز… تحصیل میلسی، وہاڑی

عزیزی رقیہ! خوش رہو‘ چاہت و محبت سے بھرپور آپ کا نامہ موصول ہوا ایک ایک لفظ میں آپ کے جذبات و احساسات کا بخوبی اظہار تھا۔ آپ کا بھیجا گیا تحفہ بھی بے حد پسند آیا اور آپ کی محنت و چاہت کا منہ بولتا ثبوت تھا آپ کے یہ تحائف اور پُر خلوص دعائیں ہمیں بہتر سے بہترین کے سفر کی جانب گامزن رکھتی ہیں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی خوشیاں عطا فرمائے اور نیک نصیب فرمائے، آمین۔

عنایہ خان… لاہور

ڈیئر عنایہ! سدا مسکراؤ‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے اور آپ بہت سی کہانیاں اور شاعری لکھ بھی چکی ہیں اگر لکھ لی ہیں تو انہیں ارسال کردیں تاکہ پڑھ کر اندازہ ہوسکے اگر پرچے کے معیار کے مطابق ہوئیں تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔

اُم حبیبہ… جگو میرا

ڈیئر اُم حبیبہ! جگ جگ جیو‘ آپ کا کہنا بجا ہے پرچے میں زیادہ تر اصلاحی کہانیاں ہی شائع کی جارہی ہیں اور لکھاری بھی زیادہ تر گرد و پیش کے مسائل کو اپنی تحریروں میں پیش کرتے ہیں آپ کی بات سے ہم بھی متفق ہیں کہ کچھ کہانیاں ایسی بھی ہونی چاہیں جنہیں پڑھ کر انسان اپنے دکھ درد کو بھول کر تھوڑی دیر کے لیے ہی سہی لبوں پر مسکراہٹ سجالے، مصنفین سے بھی کئی بار درخواست کی گی ہے کہ طنز و مزاح اور شگفتہ انداز بیان کو ملحوظ رکھیں امید ہے جلد آپ کی یہ خواہش ہماری مصنفین پوری کردیں گی آپ کی دیگر تجاویز بھی نوٹ کرلی ہیں عمل کرنے کی ضرور کوشش کریں گے۔

لبنیٰ شکیلہ… اولکھ جٹاں، سیالکوٹ

عزیزی لبنیٰ! سدا شاد رہو‘ بے شک ماہ رمضان کی آمد آمد ہے رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں ہم سب کو زیادہ سے زیادہ اس کی رحمتیں اور فیوض حاصل کرنے چاہیں۔ جہاں تک آپ کے شکوے و شکایات کا تعلق ہے تو ہم آپ سے کیوں کر غیروں والا سلوک کریں گے جب آپ کی نگارشات بروقت موصول ہوجاتی ہیں تو سب سلسلوں میں شامل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ آئینہ چونکہ دس کے بعد فائنل ہوتا ہے اس لیے اس میں شرکت تو ہوجاتی ہے جبکہ دیگر نگارشات پہلے سے مکمل ہونے کی بنا پر آپ کی ڈاک شامل ہونے سے محروم رہ جاتی ہے، کوشش کریں گے آپ کے پیغام کو بھی شامل کرلیا جائے نیرنگ خیال میں آپ کی نظم و غزل اگر منتخب ہوجائے گی تو شائع بھی ہو جائے گی ہاں تھوڑا بہت انتظار تو سب ہی کے حصے میں آتا ہے، امید ہے تشفی ہوپائے گی۔

مدیحہ کنول… چشیاں

ڈیئر مدیحہ! شاد و آباد رہو‘ سالگرہ نمبر پسند کرنے اور سراہنے کا بے حد شکریہ، ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ آنچل کو آپ کے ذوق اور معیار کے مطابق پیش کیا جائے اور اس سلسلے میں آپ کی رہنمائی ہمیشہ ہماری معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے۔ آپ کی تحریروں میں پورا نام ہی لکھا جائے گا بے فکر رہیں، دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔

نور المثال… کھڈیاں، قصور

عزیزی نور! سدا سلامت رہو‘ آپ کے ارسال کردہ تمام افسانے پڑھ ڈالے موضوع اگرچہ اصلاحی ہے لیکن انداز میں پختگی نظر نہیں آئی، بلکہ انداز بچکانہ سا محسوس ہوا، اس لیے معذرت دیگر مصنفین کا بغور مطالعہ کریں اور پھر ان موضوعات کو زیر قلم لائیں آرٹیکل اور کنک کے دانے دونوں منتخب ہوگئے ہیں ان شاء اللہ باری آنے پر شامل کرلیں گے۔

شمع شیریں شاذب… تحصیل مرید کے

عزیزی شمع! سدا شاد رہو، آپ کا ارسال کردہ آرٹیکل پڑھ ڈالا اپریل فول کے حوالے سے لکھا یہ آرٹیکل خاص متاثر قائم نہ کرسکا، اس موضوع پر بہت عمدگی سے اور بہتر لکھا جا چکا ہے اس لیے معذرت، آپ کے ناولٹ اور دوسرے آرٹیکل کے لیے بھی یہی رائے ہے کہ مزید محنت کے بعد لکھیں مطالعہ وسیع کریں اور پھر قلم اٹھائیں نظمیں، غزلیں اگر متعلقہ شعبے والے منتخب کرلیں گے تو جلد باری بھی آجائے گی آپ کے والد صاحب کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ انہیں صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، آمین۔

طاہرہ ریاض… سانگلہ ھل

ڈیئر طاہرہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’خاموش محبت‘‘ اور ’’ہم مبتلائے عشق تھے‘‘ موصول ہوئیں پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے بے جا طوالت سے گریز کریں اور محبت کے بجائے دوسرے موضوعات پر قلم اٹھائیں لیکن اس سے پہلے اپنا مطالعہ اور مشاہدہ دونوں وسیع کریں جس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی امید ہے ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کوشش کریں گی اقرأ صغیر احمد تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی۔

گلناز… کراچی

ڈیئر گلناز! سدا خوش رہو، آپ کے ارسال کردہ افسانے ’’برگ صحرا‘‘ اور ’’ایک مرگ مسلسل‘‘ پڑھ ڈالے محبت کے موضوع پر لکھی یہ تحریریں کچھ خاص متاثر نہ کرسکیں، موضوع اگر چہ پرانا تھا لیکن آپ اپنے انداز بیاں سے انفرادیت اور دلکشی پیدا کرسکتی تھیں جو کہ تحریر میں کہیں دکھائی نہ دی مزید محنت اور کوشش کے ساتھ لکھنے کا سلسلہ جاری رکھیں ان شاء اللہ جلد ہی بہتر لکھ سکیں گی اللہ آپ کا حامی و مددگار ہو۔ آمین۔

اقرأ جٹ… منچن آباد

ڈیئر اقرأ! سدا مسکراتی رہو، آپ کی ارسال کردہ تمام تحاریر و آرٹیکل پڑھ ڈالے لیکن کوئی بھی تحریر متاثر کرنے میں ناکام ٹھہری، موضوع کا چنائو اور انداز تحریر دونوں میں ہی مزید محنت اور توجہ کی ضرورت ہے مطالعہ وسیع کرتے کوشش جاری رکھیں اور مختصر موضوع کو زیر قلم لائیں تاکہ طوالت کے سبب الجھائو نہ ہو اپنی تحریر لکھنے کے بعد از سر نو پڑھ کر دیکھیں اور جہاں بھی کمی محسوس ہو اسے دور کریں اس کے بعد ہی اچھا اور بہتر لکھ سکتی ہیں۔

نسرین علی… میاں چنوں

ڈیئر نسرین! آباد رہو، آپ کا آرٹیکل پڑھا لیکن انداز تحریر کی کمزوری کی بنا پر جگہ بنانے میں ناکام رہا معلومات اگرچہ درست تھیں لیکن ناکافی تھیں اور پھر لکھنے کا انداز بھی متاثر کن ہونا چاہیے اسی بنا پر یہ آرٹیکل آنچل یا حجاب کی زینت نہ بن سکا آپ دیگر مستقل سلسلوں کے لیے اپنی نگارشات بھیج کر آنچل فیملی کا حصہ بن سکتی ہیں ساتھ ہی اچھا لکھنے کے لیے محنت‘ مطالع اور کوشش بھی جاری رکھیں۔

اقرا حفیظ… ہری پور

ڈیئر اقرأ! شاد و آباد رہو‘ آپ کا کہنا بجا ہے کہ آنچل کی صورت ایک پلیٹ فارم اسی لیے سب بہنوں کو مہیا کیا گیا ہے تاکہ آپ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں اور محنت و کوشش کے بعد ایک اچھی مصنفہ بن سکیں اسی وجہ سے آنچل نے سب سے زیادہ نئے مصنفہ کو نہ صرف جگہ دی بلکہ انہیں شہرت و عروج بھی عطا کیا یہ اور بات ہے کہ بعض لوگ اپنے اس ابتدائی ساتھی و رہبر کو بھول کر اس بات کو نظر انداز کردیتے ہیں لیکن اب بھی الحمدللہ بہت سے مخلص ساتھیوں کا ساتھ اور دعائیں آنچل و حجاب کے ہم قدم ہیں اور اسی وجہ سے آپ کا آنچل و حجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ سالگرہ کی مبارک باد پیش کرنے پر مشکور ہیں جس بات کی نشاندہی آپ نے کی ہے وہ ایک ہی نام ہونے کی بنا پر ہوا ہے بہرحال آئندہ خیال رکھا جائے گا۔

انیسہ نوشین… ہولاڑ

عزیزی انیسہ! جیتی رہو‘ آپ پچھلے چھ سال سے آنچل کی خاموش قاری ہیں اور آج یہ خاموشی بالائے طاق رکھتے آپ نے شرکت کی بے حد اچھا لگا۔ آپ کہانی لکھنا چاہتی ہیں تو ضرور لکھیں لیکن اس بات کو مدنظر رکھیں کہ اچھا لکھنے کے لیے کتب بینی بہت ضروری ہے اور اسی سے آپ کو لکھنے میں مدد بھی ملے گی دیگر مصنفین کے انداز کو بغور دیکھیں اور پھر کسی بھی سماجی و معاشرتی موضوع کو زیر قلم لاکر اپنی صلاحیتوں کو منوا سکتی ہیں اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو‘ آمین۔

صبا شریف … ضلع ساہیوال

عزیزی صبا! سدا مسکراتی رہو، سروے میں آپ کا نام بھی شامل ہے اور ہر صورت ہو ہی جاتا ہے جب آپ اپنی ڈاک بروقت ارسال کردیں اتنی بے یقینی کیونکر ہے دیگر نگارشات کے لیے بھی یہی اصول ہے اور اگر دیر سویر ہوجائے تو کوشش ہوتی ہے کہ ایسی نگارشات آئندہ ماہ شامل کرلی جائیں امید ہے اب آپ کی تسلی ہوجائے گی آپ کی شخصیت سلسلے کے لیے معذرت۔

کوثر خالد… جڑانوالہ

پیاری کوثر! سدا خوش و آباد رہو‘ آپ کا نامہ موصول ہوا جس سے آپ کی پریشانی معلوم ہوئی لیکن کسی حد تک بات سمجھ میں نہیں آئی بچوں کو کس نے پڑھانا ہے اس بات کی وضاحت نہیں‘ خیر مہنگائی کا رونا تو ہر کوئی رو رہا ہے جو آئے دن بڑھتی ہی جا رہی ہے اور اس کی روک تھام کے لیے ہم اور نہ حکمران کوئی قدم نہیں اٹھا رہے تعلیم کو بھی کاروبار بنا دیا ہے اسکولوں کی فیس اب اس قدر ہوگئی ہے کہ والدین اپنی اولاد کو پڑھانے کے لیے بہت سوچ و بچار کرتے ہیں اس کا ذمہ دار بھی ہم مہنگائی کو دیں گے اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کی پریشانیاں دور فرمائے اور وطن عزیز کے حالات بہتر بنائے ساتھ ہی ہمارے اعمال کے حساب سے حکمران عطا کرنے کے بجائے ملک سے مخلص اور عوام کا دکھ درد سمجھنے والے حکمران عطا فرما آمین۔

تانیہ چوہدری… گجرات

عزیزی تانیہ! سدا مسکرائو‘ پہلی بار آپ سے نصف ملاقات بے حد اچھی لگی آپ نے جس چاہت و محبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا وہ بے حد پسند آیا آپ نے ہمت کرکے لکھنے کی کوشش کی اور اپنے افسانے ارسال کیے خوش آئند ہے۔ کوشش کرنے سے پہلے ہی ہمت ہار جانا ناکام ہونے سے بھی بڑی ناکامی ہے آپ نے اپنے اندر کی صلاحیتوں کا اظہار تو کیا ہمیں آپ کی تحریریں مل گئی ہیں جلد پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے اس دوران اپنا مطالعہ وسیع کریں دیگر مصنفین کو بغور پڑھیں اس سے آپ کو لکھنے میں مدد ملے گی۔

زعیمہ روشن… آزاد کشمیر

ڈیئر زعیمہ! آباد رہو‘ آپ کا افسانہ ’’راز مرگ‘‘ پڑھ ڈالا بعض جگہ انداز تحریر کافی کمزور رہا اور تحریر پر آپ کی گرفت بھی کمزور پڑتی محسوس ہوئی اس کے لیے معذرت آپ کی بہن یاسمین خان کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ انہیں صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور رشتوں سے محرومی کا جو دکھ آپ نے سہا ہے اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید کسی آزمائش میں مت ڈالے‘ آمین۔

نیلا طالب… نو شہرہ ورکاں

ڈیئر انیلا! سدا مسکراتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’پڑھ کلمہ ایک خدا کا‘‘ قسط وار تحریر ہے اور شاید آپ کے علم میں ہو کہ ابھی قسط وار تحریر کے لیے گنجائش بالکل بھی نہیں پھر نو آموز مصنفہ کو باقاعدہ قسط وار لکھنے کے لیے ادارے سے اجازت لینا پڑتی ہے اور اگر آپ پوچھ لیتی تو آپ بھی اس زحمت سے بچ جاتیں بہرحال آپ کے لیے مشورہ یہی ہے کہ آنچل و حجاب کے لیے قسط وار لکھنے کی بجائے مختصر افسانہ لکھیں تاکہ ابتدائی منازل آسانی اور کامیابی سے طے کرسکیں ابتدائی دور میں ہی قسط وار کی طرف آنا آپ کے لیے مشکل کا باعث ہوگا۔

سمعیہ رانی… ملتان

ڈیئر سمعیہ! سدا خوش رہو، آپ کی تحریر ’’تم ملے‘‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے موضوع اور انداز دونوں ہی کمزور تھے جس کی بنا پر تحریر رد کردی گئی مطالعہ اور مشاہدہ وسیع کریں تاکہ لکھنے میں مدد ملے امید ہے تشفی ہوپائی گی۔

سدرہ فریال… میانوالی

پیاری سدرہ! سدا جتی رہو، آپ کی تحریر ’’تم دوا ہو میری‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ تحریر بے جا طوالت شکار تھی موضوع بھی آپ سنبھال نہیں سکیں لڑکی اگرچہ معذور ہوگئی لیکن اس کے شوق کو اگر آپ پورا کرا دیتیں تو بہت سی لڑکیاں اس سے سبق حاصل کرتیں اور پھر لڑکے کو صرف پچھتاوا ہوا اس کا کوئی انجام نہیں دکھایا لڑکی اس سے انتقام لیتی ہے یہ باتیں بہت عام سی ہیں بہتر ہے کہ حجاب میں اپنی شائع ہوئی تحریر کا بغور مطالعہ کریں اور پھر اس کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی اور موضوع کو قلم بند کریں۔

ریما نور رضوان… کراچی

پیاری ریما! سدا سہاگن رہو، آپ کی تحریر آنچل سالگرہ کی تقریب موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ کے ذہن میں ہمارے لیے کیسا خاکہ موجود ہے‘ درجواب آں اور سعیدہ سے کی جانے والی ٹیلی فونک گفتگو کے باوجود بھی آپ ہمارے مزاج سے آشنا نہ ہوسکیں یہ بات تو ہمارے لیے افسوس کی بات ہے اپنی تحریر میں کردار بنا کر جس طرح کی گفتگو رقم کی وہ بے شک آنچل و حجاب میں شائع ہونے کے قابل نہیں تھی اس تحریر کے لیے ہماری جانب سے معذرت۔

صبا زرگر، ذکا زرگر… جوڑہ

عزیزی! خوش رہو، آپ کا شکوہ بخوشی قبول کیا لیکن ہمارے پاس بھی تو کوئی راستہ نہیں رہتا جب آپ کی نگارشات تاخیر سے موصول ہوتی ہیں تو صرف آئینہ یا درجواب آں میں ہی جگہ بن پاتی ہے کیونکہ دیگر تمام سلسلے پہلے سے ہی اپنے تکمیل مراحل میں ہوتے ہیں پھر بھی کوشش یہی کی جاتی ہے کہ آئندہ آپ بہنوں کو ضرور موقع دیا جائے امید ہے اس جواب کے بعد خفگی بھی ختم ہوجائے گی۔

کوثر ناز… حیدر آباد

ڈیئر کوثر! شاد و آباد رہو، آپ کی ارسال کردہ دونوں تحریریں ’’آنچل رہے سدا‘‘ اور ’’مشکل باتیں‘‘ پڑھ ڈالیں ’’مشکل باتیں‘‘ بہت خوب صورتی کے ساتھ اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہی وجہ موضوع کا جاندار ہونا اور انفرادیت رہا جبکہ دوسری تحریر کے لیے معذرت اس کے انداز تحریر میں وہ پختگی نظر نہیں آئی جو اول الذکر تحریر میں تھی اس لیے اپنی جگہ نہ بنا سکی، آپ اپنی منتخب شدہ کہانی کو پیش نظر رکھتے اسی طرح کے موضوعات پر قلم اٹھائیں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اس قلمی سفر میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے، آمین۔
قابل اشاعت کہانیاں:
امید منزل، میچ میکر، تم جیو ہزاروں سال، لاج رکھنا، شہادت گہر الفت، شاخ بریدہ ‘گور پیا کوئی ہور، میری خوشی تم سے ہے، کنک کے دانے، چاند ہتھیلی پر، مشکل باتیں۔
ناقابل اشاعت کہانیاں:
صراط المستقیم، ہم مبتلائے عشق تھے، ہم تیرے درد سے آشنا ٹھہرے، اندھیروں کے بوجھ تلے، راز مرگ، شیر خرمہ، مزدور کی قسمت، گھریلو اور سند یافتہ، آنچل اور حجاب، راہ محبت کے مسافر، بابا ٹیلر، محبت دکھ دیتی ہے، آنچل کی محفل، جستجو (تلخیص)، بچھڑتے موسم، من چاہا، محبت کے رنگ آنچل کے سنگ، وہ ایک پل، تم دوا ہو میری، میری ادھوری کہانی، آنچل سے جنموں کا ساتھ، میرے نصیب کا چاند، پہلا قطرہ، گر احساس زندہ ہو، نعمتہ اور احساس، محفوظ پناہ گاہ، فکر خدمت شکر، حسن و خوب صورتی (آرٹیکل)، عزت محبت سے بڑھ کر، قید محبت، آنچل رہے سدا، ساحل کو چھوکر، اپریل فول، سچی لگن، مضبوط بندھن، حسب دوام، دبوسی لڑکی، میر اور جگنو، مئی کے تعویذ، یہ سب عیدیں، کامل روزہ، انتخاب، اک برگ مسلسل، برگ صحرا، پڑھ کلمہ ایک خدا کا۔ بہار زخم تازہ، محبت آن لائن، زنجیر محبت، حساب، بس اب ختم کردو، اجڑنے سے بسنے تک کا سفر، محبت بن میں ادھوری، میرے سائبان، حیا کے پردے میں، گلزار پردیسی، بلا عنوان، میری پیاری ماں، ملن، صلاحیت، دنیا کو بتلائونا بابا، وہ کون تھا،نصیب جاگ گیا، انتقام کی آگ سکون کی رات، تم ملے، لخت جگر، یہ عالم شوق، کالا شاہ، کیسی تیری دنیا یا رب، بلا عنوان، رشتوں کا کیکٹس، جھانسہ، تم بن میں ادھورا، جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، میری پری، ادھوری محبت، بھابی، ٹائم پاس یا بربادی، رنگ زندگی، مقام آہ فغاں، ٹھوکر۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close