Aanchal Jul-18

در جواب آں

مدیرہ

اقبال بانو… وہاڑی
پیاری بہن! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی دو خوبصورت کتابیں ہمارے سامنے ہیں۔ خوب صورت سرورق اور بہترین انداز بے حد جاذب نظر لگے اور پسند آئے‘ ویسے بھی آپ کے پڑھنے والے ہمیشہ آپ کو یاد رکھتے ہیں اور کتابی صورت میں یہ اضانہ بے حد خوشگوار ہوگا۔ علم و ادب سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے آپ کی یہ دونوں کتابیں گراں قدر سرمایہ ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ اسی طرح شہرت و کامیابی کی منازل طے کرتی جائیں اور آپ کا نام آسماں ادب کے روشن ستاروں میں ہمیشہ جگمگائے‘ آمین۔
نزہت جبیں ضیاء… کراچی
عزیزی نزہت! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی جانب سے ارسال کردہ تحفہ کتابی صورت میں موصول ہوا۔ ’’محبت اب بھی باقی ہے‘‘ کے عنوان سے یہ کتاب اپنے خوب صورت سرورق کے حوالے سے بھی بے حد پسند آئی۔ اس میں شامل ہونے والے ناول بھی آنچل و حجاب کی زینت بن کر قارئین کی پسندیدگی کی سند حاصل کرچکے ہیں۔ امید ہے یہ کتاب بھی اسی طرح شہرت دوام حاصل کرے گی۔ آپ کی پہلی کتاب کی صورت میں آپ کا دیرینہ خواب پورا ہوا‘ بے حد خوشی ہوئی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے‘ آمین۔
ندا افتخار… چشتیاں
ڈیئر ندا! سدا مسکرائو‘ آپ کی نگارشات موصول ہوگئی ہیں لیکن عید نمبر کے لیے آنچل پہلے سے مکمل ہوگیا تھا اور آپ کی نگارشات تاخیر سے موصول ہونے کے سبب آنچل میں شائع ہونے سے محروم رہیں‘ اس لیے حجاب کے عید نمبر میں شامل کرلیں گے۔ آپ وہاں اپنی نگارشات دیکھ سکتی ہیں۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
انعم خان… آسٹریلیا
عزیزی انعم! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی تحریر کا تبصرہ آئینہ میں شامل نہ ہوسکا اور یہ تبصرہ دیگر مصنفین کی تحریروں پر بھی نہ تھا وجہ یہ رہی کہ سالگرہ نمبر کے لیے پورے سال کے مکمل اور جامع تبصرے کا کہا گیا تھا جس میں تمام بارہ پرچوں کا تبصرہ شامل تھا اسی وجہ سے قارئین نے اس بات کو مدنظر رکھ کر موجودہ پرچے کوا پنے تبصروں میں شامل نہیں کیا‘ بہرحال یہ سالگرہ نمبر تک ہی محدود تھا اور جہاں تک آپ کی تحریر پر قارئین کی رائے کا سوال ہے تو ہم بتا دیتے ہیں کہ آپ کی تحریر کافی پسند کی گئی اور ویسے بھی قارئین آپ کو پسند کرتے اور آپ کی تحریریں پڑھنا چاہتے ہیں۔ دیگر تحریریں پڑھنے کے بعد جلد اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔
سیما بنت عاصم… کراچی
عزیزی سیما! سدا آباد رہو‘ عید کے حوالے سے لکھا آپ کا ناولٹ جلد شامل کرلیں گے۔ جبکہ نو قسطوں پر مشتمل دوسرے قسط وار ناول کے لیے یہی کہیں گے کہ جیسے ہی گنجائش بنے گی آنچل یا حجاب میں لگادیں گے۔ فی الحال قسط وار کے لیے جگہ بنانا مشکل ہے۔ البتہ جیسے ہی کوئی تحریر اپنے اختتامی مراحل پر آئے گی تو ضرور آپ کو شامل کرلیں گے۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
عاصمہ بی… طور جہلم
ڈیئر عاصمہ! سدا خوش رہو‘ آپ کے تعارف موصول ہوگیا ہیں اور کوشش کریں گے کہ تینوں دوستوں کے ایک ساتھ ہی تعارف شائع کردیں‘ بس اب باری آنے کا انتظار کریں۔ ان شاء اللہ جلد حجاب یا آنچل کے صفحات کی زینت بن جائیں گے۔ آئندہ بھی شریک محفل رہیے گا۔ آپ کی تحریر ’’میرے نصیب کا چاند‘‘ ناقابل اشاعت ٹھہری‘ وجہ انداز تحریر کمزور تھا۔ جب کہ دوسری تحریر پڑھ کر جلد اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔
یاسمین کنول…پسرور
عزیزی یاسمین! جیتی رہو‘ سالگرہ نمبر کی پسندیدگی کے لیے مشکور ہیں۔ کوشش تو ہر بار ہی ہوتی ہے کہ پرچہ آپ کے ذوق اور معیار کے مطابق ہو لیکن ہر مصنفہ کا ایک الگ انداز اور مزاج ہوتا ہے اور اسی طرح ہر پڑھنے والے کا بھی اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے۔ بہرحال ہمارے لکھاری آپ کے دل تک اترنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں یہ خوش آئندہ بات ہے۔ صدف آصف تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی۔ آپ کو بھی عید کی مبارک باد۔
مدیحہ کنول سرور… چشتیاں
پیاری مدیحہ! جگ جگ جیو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ سالگرہ نمبر آپ کو پسند آیا اور پرچہ آپ کو سو روپے کا پڑجاتا ہے وجہ آپ کے بھائی کا باقی پیسے اپنی جیب میں رکھنا ہے‘ بہرحال بہن بھائی میں ایسا ہنسی مذاق تو عموماً نظر آتا ہی ہے‘ چلیں اچھا ہے اس بہانے وہ خوشی خوشی آپ کو آنچل لا تو دیتے ہیں۔ آپ کی نگارشات جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔ عید نمبر کی تیاری کے لیے ہر کام پہلے سے مکمل کرنے کی کوشش کی گئی تھی اسی بنا پر بعض بہنوں کی نگارشات شامل نہ کرسکے لیکن جلد یہ شکوہ بھی دور ہوجائے گا۔ آپ افسانے ارسال کردیں‘ پڑھ کر دیکھیں گے اگر آنچل یا حجاب کے مطابق ہوئے تو جلد ہی شائع کردیں گے۔
جویریہ مریم… نا معلوم
ڈیئر جویریہ! آباد رہو‘ آپ کو نہ جانے کیوں ایسا محسوس ہو رہا ہے‘ ورنہ ہرمصنفہ اپنے الگ انداز اور سوچ کے مطابق لکھتی ہیں‘ یکسانیت تو نہیں ہے البتہ سالگرہ نمبر میں سب نے سالگرہ کے حوالے سے ضرور لکھا۔ ہوسکتا ہے اس وجہ سے آپ کو یکسانیت محسوس ہوئی‘ بہرحال آپ کی تجاویز نوٹ کرلی ہیں‘ ہما عامر جلد حجاب میں اپنی تحریر کے ساتھ شامل ہوں گی‘ آپ انہیں حجاب کے صفحات پر پڑھ سکتی ہیں۔ برائے مہربانی آئندہ تحریر اور خط ارسال کرتے وقت نام اور مکمل پتہ ضرور ارسال کریں۔
مقدس زہرہ… جھنگ
عزیزی مقدس! جیتی رہو‘ آپ کے خط سے اندازہ ہوا کہ آپ مثبت سوچ کی مالک ہیں اور نگارشات کے حوالے سے مایوس اور ناامید نہیں ہیں اور ایسا ہوتا بھی ہے کہ جلد یا بدیر سب کو شامل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ جو غلطی آپ نے کی ہے اس کی نشاندہی ضروری ہے۔ آپ نے ایک ہی صفحے پر بیاض دل اور در جواب آں لکھ دیا ہے۔ اب خط کا جواب حاضر ہے اور بیاض دل کے لیے آپ کے اشعار وہاں تک نہ پہنچ سکے کہ اشاعت کے مراحل طے کرتے۔ اسی لیے آپ سب سے کہا جاتا ہے کہ ہر سلسلہ کے لیے علیحدہ صفحہ کا استعمال کریں تاکہ متعلقہ شعبے میں پہنچایا جاسکے۔ امید ہے آئندہ ان باتوں کو پیش نظر رکھیں گی۔ خوش رہیں۔
ارم کمال… فیصل آباد
عزیزی ارم! سدا سہاگن رہو‘ خط سے آپ کی علالت کے متعلق جان کر بے حد دکھ ہوا۔ بے شک اس ٹائیفائیڈ بخار میں پرہیز اور آرام بے حد ضروری ہوتا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ آپ جلد از جلد صحت مند ہوکر ماہ رمضان کی فیوض و برکات حاصل کریں اور اگر آپ کی نیت ہے تو ان شاء اللہ حالات کیسے بھی ہوں ضرور آپ روزے بھی رکھ پائیں گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ہم سب کو ماہ رمضان کا احترام کرنے اور اس مہینے کی بابرکت ساعتوں میں عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ سے بات کرکے ہمیں بھی بے حد خوشی اور اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔ جب تک یہ پرچہ آپ کے ہاتھ میں آئے گا شوال کا مہینہ شروع ہوچکا ہوگا۔ ہماری جانب سے آپ کو بھی عید کی مبارک باد‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے‘ آمین۔
انعم زہرہ… ملتان
عزیزی انعم! جگ جگ جیو‘ آپ سے تفصیلی ملاقات بے حد اچھی لگی۔ بے شک ہمارا اور آپ کا ساتھ طویل عرصے پر محیط نہیں ہے لیکن اس مختصر سے عرصے میں بھی دلی وابستگی کافی گہری ہوگئی ہے۔ آپ کی لکھیں سطور سے آپ کا حال جان کر اچھا لگا اور جب انسان سچے دل سے کسی اچھے کام کا ارادہ کرلیتا ہے تو اللہ سبحان و تعالیٰ بھی اپنے اس بندے کی مدد فرماتا ہے اور ایسا ہی آپ کے ساتھ بھی ہوا۔ آپ نے اس شخص کی نفرت کو بھی اپنے دل سے نکال دیا۔ اچھی بات ہے بے شک کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ ان سے نفرت اور عداوت کا رشتہ بھی نہیں رکھنا چاہیے اور اس سب سے آپ کے دل کو اطمینان بھی حاصل ہوا‘ یہ خوش آئند ہے۔ اسی طرح مثبت خیالات کو اپنائیں اور اللہ سے اپنا ہر دکھ درد کہہ کرکے اس کی ذات سے لو لگائیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو ان شاء اللہ بہت سی خوشیاں عطا فرمائے گا کہ کبھی ان دکھوں اور تکلیف دہ گھڑیوں کا خیال بھی چھوکر نہ گزرے گا۔ ہماری جانب سے آپ کو ماہ رمضان اور عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
علشبہ نور… مانسہرہ
پیاری علشبہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’آدھی ادھوری روٹی‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ گو کہ موضوع حقیقت سے قریب تر ہے۔ عموماً لڑکیوں کو پہلی بار کچن کے کاموں میں مشکل ضرور پیش آتی ہے اور خاص کر روٹی پکانے میں اور ایسے میں والدہ کا کہیں غصہ تو کہیں پیار سامنے آتا ہے‘ جبکہ آپ کی تحریر میں صرف غصہ ہی سامنے آرہا ہے۔ اس لیے کہا جاتا ہے کہ اپنا مشاہدہ وسیع کریں تاکہ لکھنے میں مدد ملے امید ہے تشفی ہوئی ہوگی۔
شبنم حنیف… لاہور
ڈیئر شبنم! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’اپنے حصے کا دیا‘‘ موصول ہوئی۔ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ موضوع اور اندازِ تحریر دونوں ہی کمزور ہیں۔ ابھی صرف مطالعہ پر زور دیں اور نامور مصنفین کی تحریریں اپنے مطالعہ میں شامل کریں تاکہ آپ کو لکھنے میں مدد ملے۔ امید ہے مایوس ہونے کے بجائے ان باتوں پر عمل کریں گی۔
نعیم حیدر خان… ملتان
بھائی نعیم! خوش رہیں‘ آپ کی جانب سے خوب صورت کتاب ’’بصیرت قرآن‘‘ موصول ہوئی۔ جس طرح آپ نے اسے ترتیب واشاعت کے مراحل سے گزار کر قارئین کے سامنے پیش کیا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عطا فرمائے۔ بے شک ہمیں اس وقت دین سے معلومات کی اشد ضرورت ہے بلکہ یوں کہنا ٹھیک رہے گا کہ ہر دور میں دین کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی اللہ سبحان و تعالیٰ ہمیں توفیق دے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کی بہترین تربیت کرسکیں۔ ہم اس کتاب سے اقتباسات منتخب کرکے آنچل و حجاب کی زینت بنائیں گے۔ اس طرح آپ کا پیغام ہر خاص و عام تک پہنچ جائے گا۔
مدیحہ نورین مہک… گجرات
ڈیئر مدیحہ! سدا شاد رہو‘ آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ آپ کا کہنا بجا ہے‘ یہاں کراچی کا موسم کافی گرم ہے لیکن اس گرمی میں بھی روزے دار بھرپور انداز میں روزوں کا اہتمام کرتے ہیں اور عبادات بھی اپنے عروج پر ہیں۔ جہاں تک عید کا احوال پوچھا ہے تو عید آنے میں ابھی کافی وقت ہے‘ جب تک یہ سطور آپ کی نظروں سے گزریں گی‘ تب تک عید باسی ہوچکی ہوگی۔ اس لیے آپ کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی خوشیاں نصیب فرمائے آمین۔
سمیرا غزل… کراچی
ڈیئر سمیرا! سدا سہاگن رہو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کو اپنی نعمت سے نوازا۔ ہماری جانب سے آپ کو اس ننھے مہمان کی آمد پر بے حد مبارک باد۔ بے شک بچوں کے ساتھ زندگی کی مصروفیات میں اضافہ ہوجاتا ہے اور اسی بنا پر شاید نصف ملاقات نہیں ہوپاتی‘ بہر حال امید ہے کہ آئندہ بھی آنچل و حجاب سے تعاون برقرار رکھیں گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید خوشیوں اور کامیابیوں سے نوازے آمین۔
سنیہ صفدر… ڈھل ٹارڑں
ڈیئر سنیہ! شادو آباد رہو‘ نیرنگ خیال کے لیے آپ کی ارسال کردہ غزل ’’سمجھ نہیں آتی‘‘ کے عنوان سے موصول ہوئی۔ متعلقہ شعبے والوں کی طرف سے یہ غزل رد کردی گئی ہے۔ اس لیے معذرت خواہ ہیں۔ غزل میں ربط نہیں ہے‘ ابھی آپ دیگر شعراء کے کلام کو بغور پڑھیں اور اس کے بعد طبع آزمائی کریں۔ امید ہے کوشش جاری رکھیں گی۔
مریم کنول… لاہور
ڈیئر مریم! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر منچلے موصول ہوئی۔ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ آپ کا انداز تحریر اور موضوع دونوں ہی کمزور ہیں‘ جملے کی ادائیگی اور جذبات احساسات دوسری مصنفین کی تحریروں کو سامنے رکھ کر اپنی تحریر سے ملا کر دیکھیں فرق سامنے آجائے گا۔ موضوع پر گرفت برقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ مختصر موضوع قلم بند کریں اس سے آپ کے لکھنے میں بھی نکھار آئے گا۔ امید ہے آئندہ ان باتوں پر عمل کرتے تحریر ارسال کریں گی۔ اس تحریر کے لیے معذرت چاہتے ہیں۔
طیبہ خاور سلطان… وزیر آباد
پیاری طیبہ! سدا آباد رہو‘ آپ سے نصف ملاقات اچھی رہی‘ جس طرح آپ ہمیں یاد رکھتی ہیں اسی طرح ہم بھی آپ کو بھولے نہیں انتظار میں رہیں کہ کب آپ کی طرف سے پہل ہوتی ہے اور ہم اپنی محفل میں آپ کو شامل کرتے ہیں۔ اس وقت آنچل تکمیل کے مراحل میں ہے‘ اس لیے نگارشات سنبھال کر رکھ لی ہیں۔ حجاب یا آنچل میں جہاں جگہ بنی آپ کی نگارشات شامل کرلی جائیں گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو خوشیوں بھری زندگی عطا فرمائے‘ آمین۔
اسماء صدیقہ… عبدالحکیم
پیاری اسما! خوش رہو‘ آپ کا نامہ موصول ہوا جس طرح آپ اپنی مصروفیت میں سے وقت نکال کر آنچل کا مطالعہ کرتی ہیں جان کر خوشی ہوئی۔ یہ آپ کا اپنا ماہنامہ ہے۔ اس سے آپ کی نگارشات سے ہی سجایا سنوارا جاتا ہے۔ رہی بات کہ آپ کو محفل میں شامل نہیں کیا گیا تو بات یہ ہے کہ آپ کی طرف سے ارسال کی گئی ڈاک ہمیں موصول ہی نہیں ہوئی۔ ورنہ جن بہنوں نے آئینہ اور سروے میں شرکت کی انہیں ترتیب وار شامل کیا گیا۔ اس وقت آنچل تکمیل کے مراحل میں ہے اور آپ کی ڈاک تاخیر سے موصول ہوئی ہے لیکن پھر بھی آپ کو شامل کرلیا۔ امید ہے آئندہ بھی شامل محفل رہیں گی۔ محبت و خلوص کے لیے جزاک اللہ۔
تانیہ الطاف… راولپنڈی
عزیزی تانیہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریر ’’وطن کی محبت‘‘ پڑھ ڈالی۔ کچھ خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام ٹھہری‘ وجہ انداز تحریر کی کمزوریاں کافی نمایاں رہیں۔ مطالعہ و مشاہدہ وسیع کرتے دیگر مصنفین کو بغور پڑھیں اچھا لکھنے کے لیے پڑھنا بے حد ضروری ہے امید ہے محنت جاری رکھیں گی۔
ناقابل اشاعت: اپنے اپنے ہوتے ہیں‘ تجھ سے لاگی جولگن‘ تماشہ‘ عبرت‘ میرے رشک قمر‘ زندگی بن گئے‘ بوڑھا صحرا‘ دھوپ چھائوں‘ جہاں روشنی ہو خلوص کی‘ کارڈ‘ زرد رنگ محبت کا‘ کانوں کا کچا‘ پری وش پری‘ دیپ جلنے لگے‘ رزق‘ ضرورت سے ہنرمند تک‘ کرب‘ مسکراہٹ بکھیرتی عید‘ اپنے حصہ کا دیا‘ منچلے‘ آتش زندگی‘ زندگی کا راز‘ درد تنہائی سے نجات‘ رمضان میں اصراف‘ پنک سوٹ‘ یہ راہ مشکل نہیں‘ پیامن بھائے‘ بھولی بسری یادیں‘ بساط دل‘ عاجزی‘ دل آشنا‘ نصیب‘ بساط موت‘ بیٹیاں‘ وطن کی محبت‘ منزل طلب‘ آدھی ادھوری روٹی‘ انمول‘ مجھے اداس کرگیا‘ خواہشوں کے خار زا‘ خدا کا سایہ‘ نیکی کا پھندہ‘ اونٹ آیا۔
قابل اشاعت: مجھے خوابوں میں رہنے دو‘ درد باقی ہے‘ ہر عید تیرے سنگ ہوگی‘ گھر کی ملکہ‘ تم میری عید کے چاند‘ خط کیسے‘ میرے وطن تو عظیم ہے‘ محبت جیت ہوتی ہے‘ دام تزویر‘ اک تیرے نام کی چاہ‘ روپ بہروپ‘ میراث‘ پیارنگ پیارا‘ کفارہ۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close