Aanchal Jul-17

در جواب آں

مدیرہ

رفاقت جاوید… اسلام آباد
پیاری بہن رفاقت! سدا سہاگن رہو‘ ویسے تو آپ کی آمد تحریر کی صورت ہمارے لیے خوشی کا باعث بنتی ہے‘ آپ نے پچھلے دنوں عمرے کی سعادت حاصل کی اور جس طرح اپنے سفر کے دوران ہمیں اپنی دعائوں میں یاد رکھا اس کے لیے جزاک اللہ۔ آپ کی خراب طبیعت کا علم ہوا تو لبوں پر بے اختیار آپ کی صحت یابی کی دعا آگئی‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور آپ کا قلمی تعاون یوں ہی ہمارے ساتھ برقرار رہے‘ آمین۔ آپ بہنوں سے بھی دعائے صحت کی درخواست ہے۔
عنزہ یونس… حافظ آباد
پیاری عنزہ! سدا مسکرائو‘ چند ماہ کی غیر حاضری کے بعد آپ سے یہ نصف ملاقات بے حد اچھی لگی‘ آپ کی نگارشات وقتاً فوقتاً شائع کرنے کی کوشش کریں گے اور جو بھی نامساعد حالات درپیش ہیں دعاگو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو آسانیاں عطا فرمائے‘ آمین۔ آرٹیکل عید نمبر سے فراغت کے بعد ہی پڑھا جائے گا آپ کی سوچ میں اصلاحی پہلو نہایت عمدگی سے اپنی جھلک دکھاتا ہے۔ اس لیے امید ہے جلد اپنی تحریر کے ذریعے قارئین میں مقبولیت حاصل کرلیں گی‘ ہم آپ کی اصلاح اور رہنمائی کے لیے ہم قدم ہیں۔ نیرنگ خیال میں شاعری بعد از اصلاح کے بعد باری آنے پر لگ جاتی ہے پھر آپ کو یہ گمان کیونکر ہے کہ ’’میرا سارا کلام بے معنی‘‘ ان شاء اللہ آپ کا کلام بھی جلد شامل محفل ہوگا۔
جویریہ وسیم… نامعلوم
پیاری جویریہ! جیتی رہو‘ بزم آنچل میں آپ کی شرکت بہت اچھی لگی‘ آئندہ اپنے شہر کا نام بھی ضرور لکھئے گا تاکہ یہ ملاقات ادھوری نہ رہے۔ آنچل کی پسندیدگی کے لیے مشکور ہیں‘ نازیہ کنول نازی تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی۔ سمیرا شریف طور کا ناول آنچل میں شروع ہوچکا ہے آپ آنچل کے صفحات پر انہیں پڑھ سکتی ہیں۔
اقرأ لیاقت… حافظ آباد
ڈئیر اقرأ! شاد و آباد رہو‘ آپ کے خط سے آپ کے مخلص و حساس جذبات کا بخوبی ادراک ہوا بے شک جس مسئلے کی طرف آپ نے نشاندہی کی ہے‘ وہ ہرگز نظر انداز کیے جانے کا اہل نہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج مسلمان قوم اپنے ذاتی مفادات میں اس قدر الجھی ہوئی ہے کہ اسے اجتماعی سطح پر ہونے والے اپنے نقصانات کا احساس ہی نہیں‘ مسلمانوں میں فرقہ واریت کی اس کوشش کو ایک سازش کے طور پر پھیلایا جارہا ہے اور ہم مسلمان بہت آسانی سے اس سازش کا حصہ بن بھی رہے ہیں‘ مسلم ممالک پر ہوتے ظلم و ستم کو بھول کر ان کی مدد کی خاطر آگے پڑھنے کی بجائے اس موضوع سے پہلو تہی کرتے ہیں‘ یہی حال میڈیا کا بھی ہے آپ نے جو کوشش کی ہے وہ سراہے جانے کے قابل ہے۔ آپ کے یہ خیالات پیغام کا حصہ بن گئے ہیں لیکن بعض اوقات کانٹ چھانٹ کرنا پڑتی ہے تاکہ سب بہنوں کو جگہ مل سکے‘ امید ہے سمجھ سکیں گی۔
ارم کمال… فیصل آباد
عزیزی ارم! سدا سہاگن رہو‘ خفگی و نارضگی اور چاہت و محبت کا خوب صورت امتزاج بیک وقت آپ کے خط میں نظر آیا‘ بعض اوقات مخصوص صفحات کی بناء پر سب بہنوں کو جواب دینا مشکل ہوجاتا ہے اسی لیے ایسے شکوے شکایات پیدا ہوتے ہیں‘ آپ کو بھی عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کو خوشیوں سے بھرپور ایسی بہت سی عیدیں دیکھنا نصیب ہوں‘ آمین۔
ندا افتخار…چشتیاں
ڈئیر ندا! شاد رہو‘ بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید‘ بعض اوقات ڈاک تاخیر سے موصول ہونے کے سبب آپ کی نگارشات جگہ بنانے میں ناکام رہ جاتی ہیں بہرحال اس بار دوست کا پیغام میں آپ کا پیغام شامل ہے امید ہے خفگی و مایوسی دور ہوجائے گی‘ آنچل کی پسندیدگی کے لیے شکریہ۔
روبی علی… سید والہ
ڈئیر روبی! خوش رہو‘ آپ کی نظم اگر ہمارے پاس ہوگی تو ضرور بعد از اصلاح لگ جائے گی اور اگر محکمہ ڈاک کی نذر ہوگئی تو کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ جو بھی حالات رہے ہوں ہم آپ کے لیے دعاگو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے لیے تمام معاملات میں آسانی عطا فرمائے‘ آمین۔
یاسمین کنول… پسرور
ڈئیر یاسمین! آباد رہو‘ عید نمبر پسندیدگی کا شکریہ‘ سمیرا شریف طور کے ناول کو پسند کرنے پر آپ کے تعریفی کلمات و شکریہ ان سطور کے ذریعے مصنفہ تک پہنچ جائیں گے‘ آپ کو بھی عید کی دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
ثوبیہ شہزادی… راولپنڈی
ڈئیر ثوبیہ! جگ جگ جیو‘ آپ کا مفصل خط موصول ہوا پڑھ کر تمام کیفیات کا بخوبی اندازہ ہوگیا‘ آپ جس تکلیف دہ مرحلے سے گزری ہیں بے شک اس نے بہت سے چہروں کی اصلیت اور حقائق آپ پر واضح کردیئے اور یہی وقت ہر انسان کے لیے مشکل اور تکلیف دہ ہوتا ہے جب بھروسہ اور اعتبار ٹوٹتا ہے ‘ بہرحال ایسے میں جب اپنوں نے بے حسی اختیار کر رکھی ہے آپ تمام معاملات اللہ سبحان و تعالیٰ کے سپرد کردیں‘ اپنے تمام دکھ و مسائل اس ذات سے شیئر کرلیں جو ہر دکھ درد کا مداوا کرنے والا ہے۔ اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی بے حسی تو سب کے لیے ہی تکلیف دہ ہے‘ آج انسانی جان سے زیادہ پیسہ اہمیت رکھتا ہے جہاں چند نوٹوں کے عوض مریض کی زندگی کو دائود پر لگادیا جاتا ہے‘ دعاگو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ ایسے لوگوں کو ہدایت عطا کرے‘ آمین۔ آپ کی صحت کاملہ کے لیے اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں‘ قارئین سے بھی دعائے صحت کی اپیل ہے۔
کرن ملک… جتوئی
ڈئیر کرن! سدا مسکرائو‘ آپ کا پیغام باعث تاخیر موصول ہونے کے سب اس بار اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہا‘ بہرحال آئندہ کے لیے محفوظ کرلیا ہے جلد لگانے کی کوشش کریں گے اور آپ کی تجاویز بھی نوٹ کرلی ہیں۔
شگفتہ خان… بھلوال
عزیزی شگفتہ! سدا آباد رہو‘ طویل عرصے کی غیر حاضری کے بعد آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ تعلیمی مصروفیت کے دوران بھی آپ کا ناتا اپنے آنچل سے برقرار رہا۔ بے شک ایم فل کی پڑھائی اور انتھک محنت قابل قدر ہے اور اس دوران ہم آپ کی مصروفیات کا اندازہ بخوبی لگاسکتے ہیں‘ بہرحال اب فرصت دستیاب ہوگئی ہے تو بزم آنچل میں شرکت کرتی رہیے گا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔ آنچل پسندیدگی کے لیے مشکور ہیں۔
سارہ بانو… منڈی بہائو الدین
پیاری سارہ! جگ جگ جیو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آنچل نے اپنی تحریروں کے ذریعے آپ کی سوچ میں مثبت تبدیلی پیدا کی اور آپ کو زندگی کے ہر موڑ پر رہنمائی عطا کی۔ بے شک آپ کے یہ چند تعریفی کلمات ہمارے لیے قابل فخر اور باعث تسکین ہیں کیونکہ ہمارا اصل مقصد اصلاح اور بہتری کا ہی ہے‘ کہانی کے پیرائے میں ایسے عمدگی سے نصیحت کرنا کہ پڑھنے والا زندگی کے رموز سے واقفیت حاصل کرتے اپنے لیے درست راہ کا انتخاب کرے۔ آپ کے خط کا تفصیلی جواب حاضر ہے امید ہے کہ اب تشنگی باقی نہیں رہے گی آئندہ بھی شرکت کرتی رہیے گا۔
صباحت عائشہ قریشی… چنیوٹ
پیاری صباحت! شاد و آباد رہو‘ پہلی بار بزم آنچل میں آپ کی شرکت بہت اچھی لگی۔ آنچل اور آپ کے دیرینہ ساتھ کے متعلق جان کر خوشی ہوئی یقینا آپ کا مطالعہ وسیع اور گہرا ہے جب ہی آپ نے بآسانی آنچل کا بخوبی تجزیہ کیا اور کسی حد تک درست بھی ہے۔ آج کل اصلاحی موضوع پر زیادہ فوکس کیا جارہا ہے وجہ یہی ہے کہ آپ جیسے پڑھنے والے قارئین کو اچھا پیغام‘ درست سمت اور بہترین راہ کا انتخاب کرنے میں آسانی ہو۔ خیر و شر کا تقابل بھی اسی صورت پیش کیا جاتا ہے۔ آپ کے شہر چنیوٹ سے مختصر سا تعارف اچھا لگا بے شک ہمارے وطن عزیز کا ہر گوشہ خوب صورت و بے مثال ہے۔ آپ اگر لکھنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو ہم کو بھی اپنے مضامین و دیگر موضوعات ارسال کرسکتی ہیں ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آئندہ بھی شریک محفل رہیے گا‘ اپنا تعارف الگ سے ہمارا آنچل میں ارسال کردیں ضرور لگ جائے گا۔
حاجرہ حیدر… چکوال
پیاری حاجرہ! سدا شاد رہو‘ آپ کی ارسال کردہ تحریر ’’رو گ رگ جاں کا مارا میں‘‘ پڑھ ڈالی‘ خوب صورت الفاظ سے آپ نے کہانی میں دلکشی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن بعض جگہ انداز تحریر میں پختگی نہیں البتہ ابھی آپ طفل مکتب ہیں لہٰذا تحریر کو کانٹ چھانٹ کے بعد لگادیں گے‘ آئندہ ان چیزوں کا خیال رکھیں موضوع کی انفرادیت کو پیش نظر رکھ کر قلم اٹھائیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے قلم میں مزید پختگی عطا فرمائے‘ آمین۔ یہ کامیابی مبارک ہو۔
نائمہ غزل… کراچی
ڈئیر نائمہ! خوش و خرم رہو‘ آپ کی ارسال کردہ تحریر ’’خسارہ‘‘ اپنے موضوع کی انفرادیت اور اصلاحی موضوع کے سبب جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ امید ہے آئندہ بھی اسی طرح کے موضوعات پر قلم اٹھا کر اصلاح کا فریضہ سر انجام دیتی رہیں گی‘ انتظار کی جو زحمت ہوئی اس کے لیے معذرت۔
کرن نعمان … کراچی
عزیزی کرن! سدا مسکراتی رہو‘ شب ظلمت میں میں نکلا چاند کے عنوان سے آپ کی تحریر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ معاشرے کے تلخ حقائق کو نہایت عمدگی سے آپ نے اس کہانی میں پیش کیا ہے۔ یہ تحریر جلد لگانے کی کوشش کریں گے آپ دیگر موضوعات پر بھی قلم اٹھائیں تاکہ آپ کے لکھنے میں مزید بہتری آئے۔
ام ایمان قاضی… ڈیرہ غازی خان
ڈئیر ام ایمان! شاد رہو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے کہ آپ بہنوں کو انتظار کے جانگسل لمحات سے گزرنا پڑتا ہے لیکن صفحات کی قلت اور کہانیوں کی کثرت سے یہ گلہ پیدا ہوتا ہے ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ سب کو یکساں موقع مل سکے لیکن بعض اوقات کچھ خاص نمبرز میں شمولیت کے سبب اور کرنٹ افیئرز پر لکھی گئی تحریریں جلد لگ جاتی ہیں‘ آپ کی تحریر منتخب ہوگئی ہے ان شاء اللہ جلد لگادیں گے۔
تمنا بلوچ… ڈی آئی خان
عزیزی تمنا! سدا خوش رہو‘ آپ کا پیغام اور بیٹی کی تصویر موصول ہوگئی ہے آئندہ دوست کا پیغام میں لگانے کی ضرور کوشش کریں گے اس بار پرچہ تکمیلی مراحل میں ہے اس لیے چاہ کر بھی نہیں لگاسکتے‘ آپ کی صحت و تندرستی کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے لیے آسانیاں عطا فرمائے اور اپنی رحمتوں اور نعمتوں سے آپ کا دامن بھردے‘ آمین۔
اقرأ حفیظ… کھلابٹ ٹائون شپ
پیاری اقرأ! سدا آباد رہو‘ ’’کچھ کر دکھائیں‘‘ کے عنوان سے آپ کا آرٹیکل موصول ہوگیا ہے جس میں پاکستانی قوم کے لیے ایک اچھا پیغام اور نصیحت ہے‘ کوشش کریں گے کہ اگست کے شمارے کی زینت بن سکے‘ آئندہ بھی شریک محفل رہے گا اب جواب حاضر ہے امید ہے خفگی و ناراضگی ختم ہوجائے گی۔
ماریہ مسعود… راولپنڈی
ڈئیر ماریہ! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’تیرے پیار میں ہوجائوں فنا‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ مایوس ہونے کی جگہ مطالعہ کو وسیع کریں اور نامور مصنفین کی تحریروں کو اپنے مطالعہ کا حصہ بنائیں‘ امید ہے تشفی ہوجائے گی۔
معافیہ شیخ… اسلام آباد
گڑیا معافیہ! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’مقصد حیات‘‘ موصول ہوئی‘ آپ کے منفرد موضوع اور انداز نے اپنی جگہ بنانے میں مدد دی‘ امید ہے آئندہ اس طرح کے موضوع کو اپنے مزاج کا حصہ بناتے ہوئے لکھنے کا سفر جاری و ساری رکھیں گی۔
سلمیٰ غزل… کراچی
پیاری بہن! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی تحریر موصول ہوگئی ہے جلد لگانے کی کوشش کریں گے‘ سال بھر انتظار کی وجہ یہی ہے کہ بہت سی بہنوں کی تحریریں باری کے انتظار میں ہیں لیکن صفحات کی مخصوص تعداد ہونے کی بناء پر اکثر آپ بہنوں کو یہ شکوہ ہوتا ہے‘ بہرحال اس بار یہی کوشش ہے کہ آپ کی تحریر جلد لگ جائے‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
لبنیٰ شکیلہ… اولکھ جٹاں
ڈئیر لبنیٰ! سدا مسکرائو‘ آپ کا ارسال کردہ ’’افسانچہ‘‘ بے وفا یا سنگدل افسانے کے معیار پر پورا نہیں اترتا ایسی چیزیں یادگار لمحے میں شائع ہوسکتی ہیں لیکن بطور افسانہ نہیں امید ہے آئندہ اس فرق کو ملحوظ خاطر رکھیں گی۔
تمنا شاہ… ڈیرہ غازی خان
عزیزی تمنا! شاد و آباد رہو‘ مفصل خط پڑھ کر آپ کی شوخ و چنچل طبیعت کا بخوبی انداز انداز ہوگیا۔ پیغام آئندہ شمارے میں لگانے کی کوشش کریں گے اس بار باعث تاخیر موصول ہونے کے سبب شامل نہ کرسکے آپ کے نقصان پر بے حد افسوس ہوا لیکن اس میں کچھ حماقت آپ کی بھی ہے بہرحال خوش رہیں۔
ایمن علی… شاہدرہ‘ لاہور
پیاری ایمن! جیتی رہو‘ آپ کی ارسال کردہ تحریر ’’سائے‘‘ کے عنوان سے حاصل ہوئی‘ بے جا طوالت نے کہانی کے حسن کو متاثر کیا ہے ابھی آپ مختصر افسانے کی طرف آئیں اور کسی موضوع پر افسانہ لکھ بھیجیں اور یہ خیال رکھیں کہ تحریر کی فوٹو کاپی ارسال کرنے کی بجائے اصل تحریر بھجوائیں بصورت دیگر تحریر پڑھی نہیں جائے گی‘ امید ہے ان باتوں کو پیش نظر رکھیں گی۔
قابل اشاعت:۔
راجو اور نواب دل‘ محبتوں کے حسین خواب‘ پہلی کرن‘ میری بیٹی پرائی بیٹی‘ خوب صورت عشق‘ چور دروازے‘ قبلہ‘ انتظار‘ پرچم ستارہ ہلال‘ میری جنت‘ محبت قرض ہے‘ خسارہ‘ تم ملو تو عید ہو‘ دہرا معیار‘ تحفہ عید‘ عید اپنوں کے سنگ‘ عید چاند سامنے ہے عید کا‘ کچھ کر دکھائیں‘ تخلیق کار‘ خوشیوں سے بھری عید‘ محبت ہمسفر میری‘ نظر کے سامنے۔
ناقابل اشاعت:۔
ع سے عورت‘ تم سے اتنا ہے گلہ‘ بکھرے صفحات‘ روٹی‘ کانٹے کی طرح‘ کہانی ایک محبت کی‘ زری کی عیدی‘ رشتے انمول ہوتے ہیں‘ نور برسے گا تیری چاہت کا صنم‘ اے حضورﷺ ہمیں معاف کردیں‘ وعدہ تو ٹوٹ جاتا ہے‘ غربت‘ چمکتی آنکھیں‘ بے وفا یا سنگدل‘ دلی سکون‘ رسوائی‘ پس پردہ‘ تقدیر اور وفا‘ خوابوں کی ادلا بدلی‘ باہمت بیٹیاں‘ بے وجہ انتظار‘ محافظ‘ محبت یا ہوس‘ عبرت‘ حسن سادگی‘ میرے رہنما تیرا شکریہ‘ آگاہی‘ مجھے کیا بُرا تھا مرنا‘ وئے دے سر گھٹا‘ تقدس رمضان‘ کوئوں کی کائیں کائیں‘ خسارہ‘ محبت فاتح‘ مجھے تتلی نہیں بنا‘ پیار تھا یا نفرت‘ انمول محبت‘ موم اور پتھر‘ معاشرہ اور عورت کے حقوق‘ تُو چاند میری عید کا‘ رسمیں‘ مسکراتا ہوا عید کا چاند‘ دل ریزہ ریزہ گنوا دیا۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close