hijaab Dec-17

سل گرہ کا دن ایا(سروے)

ندا رضوان

۱:۔ ’’ہر بول تیرا دل سے ٹکرا کے گزرتا ہے۔‘‘ کے بقول حجاب کی کہانی یا نظم کا کوئی مصرعہ، کوئی اچھی بات جو آپ کے دل میں اتر گئی ہو۔
۲:۔ مستقل سلسلوں میں آپ کا پسندیدہ سلسلہ کون سا ہے اور اگر تبدیلی چاہتی ہیں تو کیسی تبدیلی اور نیا سلسلہ کون سا ہو؟
۳:۔ اس سال حجاب کی بہترین تحریر آپ کی نظر میں کون سی رہی؟
۴:۔ شاعر و ادیب میں سے کسی کا انٹرویو جسے آپ حجاب کے صفحات پر پڑھنا چاہیں؟
۵:۔ آئندہ آنے والے ماہ و سال میں کس رائٹر کو حجاب میں پڑھنا پسند کریں گی؟
۶:۔ حجاب کی تمام مصنفین یا بالخصوص کسی ایک کے لیے آپ کا پیغام۔
٭…٭…٭…٭
نور المثال شہزادی… کھڈیاں قصور
٭ پروین شاکرکی شاعری اچھی لگتی ہے اس کے علاوہ میں نے ایک انتخاب شدہ نظم بھیجی تھی وہ شائع ہوئی بہت اچھی لگی۔
٭ مستقل سلسلوں میں انٹرویو والا سلسلہ اچھا لگتا ہے‘ اس کے علاوہ حجاب میں درجواب آں والا سلسلہ ہونا چاہیے۔ تبدیلی تو کوئی نہیں چاہتی اس کے علاوہ سیرت الصحابیاتؓ کے نام سے سلسلہ شروع کیا جائے‘ جس میں صحابیاتؓ کی سیرت بیان ہو۔
٭ حجاب کی بہتریر تحریر ’’الفت دیوتا‘‘ لگی۔
٭ عمیرہ احمد۔
٭ ام مریم ‘ نازیہ کنول نازی‘ نمرہ احمد۔
٭ رائٹرز اصلاحی کہانیاں لکھیں۔
صائمہ سکندر سومرو… حیدرآباد سندھ
السلام علیکم! قارئین حجاب و لکھاریوں اور حجاب کی پوری ٹیم آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے پیارے راج دلارے حجاب کی دوسری سالگرہ بہت بہت مبارک ہو اللہ پاک حجاب کو سلامت رکھے اور آپ سب کو بھی سدا صحت سے بھرپور زندگی کے ساتھ خیر و عافیت سے سلامت رکھے۔ ادارہ نئے افق پبلشر سدا کامیابیوں اور کامرانیوں کا سفر طے کرتا جائے نئے افق آنچل و حجاب کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دے آمین۔ اب آتے ہیں سروے کی جانب جس کے سوالات بہت ہی عمدہ اور مزے کے ہیں۔
٭کچھ لوگوں کی صرف دعائیں ہی آپ کا زاد راہ ہوتی ہیں کہ چاہتے ہوئے بھی وہ آپ کے قدم سے قدم ملا کر نہیں چل سکتے۔کیوں کے یہ بات نہیں کہ وہ آپ کے ساتھ چلنا نہیں چاہتے بلکہ اس لیے کہ ان کا ساتھ آپ کے سفر کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔ ناول ’’موسم گل آنے کو ہے‘‘ از ام ایمان قاضی کے یہ الفاظ دل میں اتر گئے۔
٭ مستقل سلسلوں میں عالم میں انتخاب بہت پسند ہے۔ تبدیلی تو نہیں باقی نیا سلسلہ دوستوں کے نام پیغامات کا سلسلہ اگر شروع کیا جائے تو بہت اچھا رہے گا۔
٭ اس سال کی بہترین کہانیاں ریحانہ آفتاب کی ’’کچھ مینوں مرن دا شوق وی سی‘‘ صائمہ قریشی کا ’’لائف ان پاغل خانہ‘‘ سمیت نائلہ طارق کا سلسلے وار ناول لگا مجھے تو۔
٭ عمیرہ احمد۔ ریحانہ آفتاب۔راشد ترین اور بھی بہت سارے نام ہیں لکھنے بیٹھوں گی تو لسٹ لمبی ہو جائی گی۔
٭ آئندہ آنے والے ماہ و سال میں سعدیہ امل کاشف اور نازیہ کنول نازی کو لازمً پڑھنا چاہتی ہوں۔
٭ تمام مصنفین سے گزارش ہے کے ہمارے معاشرے میں بڑھتی ہوئی مغربی اور پڑوسی ملک کی غیر ضروری رسموں کو بھی زیرِ قلم لائیں جو غریبوں کے لیے وبالِ جان اور سرمایہ کاروں کے لیے تفریحی پروگرام بنتی جا رہی ہیں۔
عروج رشید… چک ہمتہ لودھراں
میری طرف سے مدیرہ ،طاہر بھائی ،سعیدہ آپا،اور ادارے کے تمام کارکنان کو حجاب کی برتھ ڈے مبارک ہو۔ہمیشہ ایسا ہی ہنستا مسکراتا گنگناتا ہوا پرچہ ہمارے سامنے آتا رہے، آمین۔
٭ مجھے ذکر اس پری وش کا پڑھ کر بہت مزہ آتا ہے۔ سارے سلسلے اچھے ہیں،اگر ہوسکے تو ایک افسانچے کا سلسلہ بھی شروع کریں ،اس طرح زیادہ لکھنے والوں کو موقع ملے گا۔
٭ میری نگاہ میں اس سال کی سب سے بہترین تحریر، صدف آصف کا سلسلہ وار ناول دل کے دریچے رہا، بہت ہی منجھے ہوئے انداز میں لکھی ہوئی محبت کی پر اثر کہانی جس کی ہر قسط لاجواب ہے۔
٭ مجھے شاعری سے تو بہت خاص دلچسپی نہیں ہے، لکھاریوں میں مجھے عمیرہ آپی کا انٹرویو پڑھنے کا شوق ہے
٭ میں نئے پرانے سارے ہی لکھنے والوں کو پڑھنا چاہوں گی مگر خاص طور پر حیا بخاری ،اقبال بانو،سویرا فلک، نائلہ اور صدف آصف کو پڑھنا چاہوں گی۔
٭ میرا پیغام اقبال بانو،ندا حسنین اور صدف آصف کے لیے ہے کہ یہ خاص طور پر حجاب کے لیے کوئی طویل ناول لکھیں۔
سائرہ راؤ… دنیاپور
رفعتیں اور بلندی بھی تجھ پہ ناز کرے
تیری یہ عمر خدا اور بھی دراز کرے
حسین چہرے کی تا بندگی مبارک ہوتجھے حجاب
یہ سالگرہ کی خوشی مبارک ہو
مجھے آنچل و حجاب شروع سے ہی بہت پسند ہیں، ان میں چھپنے والی سبق آموز کہانیوں اوردلچسپ فن پاروں نے ہمیشہ میرے لیے ایک دوست کا کام کیا۔اسی لیے میرے اور میرے گھر والوں کی جانب سے حجاب کو دوسری سالگرہ کی بہت بہت مبارک باد قبول ہو۔
اب آتی ہوں سروے کی جانب…
٭ مجھے تو حجاب کے سارے ہی سلسلے پسند ہیں،ہاں ایک چیز میں چاہتی ہوں کہ آپ حجاب اور آنچل رائٹرز سے سوال جواب کا ایک ایسا سلسلہ شروع کریں ،جس میں ان کی زندگی کے حوالے سے بات چیت ہو۔
٭ مجھے حجاب میں چھپنے والے قسط وار ناول ’’دل کے دریچے‘‘ کے ایک کردار فائز نے بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔دنیا میں مردوں کی وفا کی ایسی مثال کم دیکھنے میں آئی ہے مگر جس طرح سے اس نے اپنی محبت کی قربانی دے کر کزن سفینہ کو رسوائی سے بچایا ہے اس نے دل پر گہرا اثر چھوڑا۔فائز کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
٭ ویسے تو بہت ساری کہانیاں ،ناولٹ اور ناول مجھے پسند آئے مگر میں سال کی بہترین تحریر کے لیے صدف آصف کے ناول ’’دل کے دریچے ‘‘کا نام دوں گی۔جو اب اختتام کی جانب ہے مگر اتنے مکمل انداز میں لکھا گیا کہ کوئی تشنگی باقی نہ رہی۔
٭ وصی شاہ،عالیہ بخاری۔
٭ صدف آصف، اقبال بانو، رفعت سراج، نازیہ کنول نازی، تمثیلہ زاہد، سحرش فاطمہ،عالیہ بخاری، ندا حسنین،نگہت عبداللہ۔
٭ میں حجاب کی تمام لکھاریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں ایسا ہی اچھا اچھا لکھتی رہیں۔
نرمین سرھیو… حیدرآباد
حجاب کی آمد لکھاریوں اور قارئین کے لیے خوش آئیند رہی بلکہ ہمیں رائیٹرز کی مزید تحریریں پڑھنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔
٭ حجاب میں سعدیہ عابد کے انٹرویو میں ایک جملہ اچھا لگا تھا‘ جملہ تو یاد نہیں اب۔
٭ مستقل سلسلوں میں رفاقت جاوید کا پروین شاکر کے بارے میںبتانا سب سے پسندیدہ ہے۔ میرا خیال ہے کہ اگر مائیکروفکشن اور سو لفظی کہانیوں کے لیے بھی سلسلہ ہو تو اچھا رہے گا۔ تبدیلی یہ چاہتی ہوں کہ شاعروں بچاروں کو تو کوئی پوچھتا نہیں تو اگر آنچل میں ہر ماہ جو نظمیں غزلیں لگتی ہیں ان میں سے سب سے اچھی غزل‘ نظم بھیجنے والی کو گفٹ بھجوایاجائے تو… اچھا رہے گا۔
٭ ایک رائٹر کی وہ تحریر جس میں ہیرو اپنی بیکری کھولتا ہے اور ہیروئین کا پہلے پیج ہوتا ہے آنلائن بیکنگ آرڈرز کا پھر وہ ہیرو کی بیکری میں جاب کرتی ہے۔
٭ نیلم بشیر، سمیرا حمید، نمرہ احمد، مدیحہ تبسم، عمیرہ احمد، صائمہ اکرم، فرحت اشتیاق اور بھی بہت سی ہیں کس کس کا نام لوں۔
٭ امِ طیفور، ریحانہ آفتاب، صائمہ قریشی اور بھی بہت سی ہیں۔
٭ کہانیوں سے سیکھیں، انھیں سر پر سوار نہ کریں۔ تنقید کریں لیکن اصلاحی۔ کہانیوں کو نقل نہ کریں بلکہ مدد لیں۔ کوشش کریں ہمت نہ ہاریں۔
رافعہ شاہین… سرگودھا
جب اکتوبر کا حجاب ہاتھ میں آیا تو بہت خوشی ہوئی کیونکہ بہت عرصے بعد دیکھا کیا کریں ملتا جو نہیں تھا اور پتہ چلا کہ حجاب کی سالگرہ ہے حجاب کو سالگرہ بہت بہت مبارک اور اْن تمام لوگوں کو جنہوں نے حجاب کی ترقی کے لیے بہت محنت کی اصل مبارک کے حقدار تو آپ سب ہیں۔
ہمارے تمام رائٹر بہت اچھا لکھتے ہیں اس میں کوئی شک نہیں لیکن سب سے اچھی تحریریں رہیں صدف آصف آپی کی ’’دل کے دریچے‘‘ اور نادیہ فاطمہ رضوی کی ’’میرے خواب زندہ ہیں‘‘ مکمل ناول بھی بہت اچھے تھے اور تمام افسانے بھی اچھے ہیں۔
شاعری اور غزلیں بھی اچھی تھیںاور رخ سخن میں کیا گیا انٹرویو اچھا تھا بہت اچھے سوال پوچھے گئے اور مزید سباس گل اپیا صبا ایشل اور صدف آصف اپیا کا انٹر ویو ہونا چاہیے اور نمرہ احمد کو اور سباس گل اپیا کو بھی حجاب میں لکھنا چاہیے اللہ حجاب کو اور بہت سی ترقی دے اور حجاب کے تمام اسٹاف کو ہمیشہ خوش رکھے
صبا خان… ڈی جی خاں
حجاب کی سالگرہ کا سن کر بہت زیادہ خوشی ہوئی ،وقت کیسے گزر جاتا ہے،پتا ہی نہیں چلتا ،مجھے بھی یہ اعزاز حاصل ہے کہ میری ایک کاوش حجاب میں چھپی ہے اور وہ لمحہ میرے لیے بڑا یادگار تھا۔ حجاب میں شائع ہونے والے ناول دل کے دریچے کا ایک جملہ میرے ذہن میں گردش کرتا ہے’’انسان بے خبر ہو تو ایسے راستوں پر سے بھی گزرتا چلا جاتا ہے ،جس کا اختتام منزل پر نہ ہو،مگر جان بوجھ کر کون بے نشاں راہوں پر چلتا ہے‘‘ اس سال حجاب میں چھپنے والے سارے سلسلے وار ناول بہترین ہیں مجھے تو سب ہی لکھنے والے اچھے لکھتے ہیں اور آپ لوگ باری باری سب کا انٹریو لگارہے ہیں مگر مجھے صائمہ اکرام چوہدری ،نازیہ کنول نازی‘ طیبہ عنصر، سباس گل اور صدف آصف کا انٹرویو پڑھنا ہے۔ صبا خان کو ہاہاہا۔ مذاق کررہی تھی مگر سب ہی اچھا لکھ رہے ہیں اس لیے سب کو ہی پڑھنے کی خواہش ہے میں تمام مصنفات کو مبارک باد پیش کرنا چاہوں گی جن کی محنت سے حجاب چمکتا چاند بن گیا ہے۔

Show More
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close