Hijaab Feb-17

ملاقات

ایڈمنزپینل

السلام علیکم!
ایک بار پھر ہم آپ کی پسندیدہ مصنفہ کو آپ سے ملاقات کی غرض سے آئے ہیں۔
سندس جبین کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں جس قدر خوب صورت یہ لکھتی ہیں اس سے کہیں زیادہ خوب صورت شخصیت کی مالک ہیں۔ ان کے کئی ناولز کتابی شکل میں مارکیٹ میں بھی دستیاب ہیں سندس جبین کی مشہور و معروف تحریریں جنہیں قارئین نے بہت پسند کیا۔ کاسہ دل، اس کار جنوں میں، شب آرزو کا عالم، قافلے راہ بھول جاتے ہیں، وہ ایک ستارہ مہربان، مجھے مکمل کر دو، شکست ذات، لکیریں اور تقدیریں، محرک، چاند نگر کی شہزادی، روایت شکن، زیست کا سفر، بازی مات نہیں۔
اللہ پاک آپ کو مزید کامیابیوں سے نوازے آمین۔
آئیے اب چلتے ہیں قارئین کے دلچسپ سوالات اور سندس کے جوابات کی طرف۔
حنا اشرف
٭ السلام علیکم سندس جی کیسی ہیں؟ اپنے بارے میں کچھ بتائیے کہاں سے ہیں اور تعلیم کتنی ہے؟ لکھنے کا آغاز کب کیا پہلی کہانی کون سے ڈائجسٹ میں شائع ہوئی تھی؟
سندس جبین: وعلیکم السلام الحمدللہ، گوجرانوالہ پنجاب سے ہوں ایم اے انگلش لٹریچر اور بی ایڈ کیا ہوا ہے، میں نے 2009ء سے لکھنا شروع کیا تھا پہلی کہانی حنا ڈائجسٹ میں شائع ہوئی تھی۔
ایمان عائشہ
٭ آپ نے کس بات سے انسپائر ہو کر اس کار جنوں میں لکھا یہ میرا پسندیدہ ناول ہے؟
سندس جبین: مجھے ہمیشہ سے پولیٹکس انسپائر کرتی تھی اور جب میں نے کار جنون لکھنے کا سوچا تو مجھے یہی بیسٹ ٹاپک لگا اپنے والد سے ڈسکس کیا تھا اور نیوز چینل بہت دیکھے تھے ان دنوں…
فری چیمہ
٭ السلام علیکم سندس جبین جب آپ نے لکھنا شروع کیا تو آپ کو کن کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟
سندس جبین: وعلیکم السلام ڈیئر مجھے فیملی نے بہت سپورٹ کیا اور مجھے فیملی میں کوئی مشکل فیس نہیں کرنا پڑی۔
٭ میں تحریر کے پبلش ہونے کے حوالے سے پوچھ رہی تھی ڈائجسٹ وغیرہ میں آپ نے پہلی تحریر سے ہی اپنی جگہ بنا لی تھی؟
سندس جبین: جی اللہ پاک کا کرم رہا ہے کبھی ریجیکشن فیس نہیں کرنی پڑی۔
رائو رفاقت علی
٭ السلام علیکم سندس جبین کیسی ہیں آپ؟ اب تک آپ کی سب سے بہترین اسٹوری کون سی ہے جس کو قارئین نے سب سے زیادہ پسند کیا ہو اور آپ کی نظر میں سب سے زیادہ بیسٹ کون سی ہے؟
سندس جبین: ایک رائٹر کو اپنی تمام اسٹوریز بیسٹ لگتی ہیں مگر کاسۂ دل میری ایسی اسٹوری ہے جس پر میں نے بہت ریسرچ ورک کیا تھا اور سب سے زیادہ وقت بھی لگا تھا اسے لکھنے میں، سو میرا خیال ہے میری کہانیوں میں سب سے بہترین یہی ہے۔
٭ آج کے ادب کے متعلق آپ کیا کہنا چاہیں گی؟
سندس جبین: اللہ پاک کا کرم ہے بہت اچھا لکھا جا رہا ہے۔
٭ ادب کے فروغ کے لیے آج کے رائٹرز کو کیسا ہونا چاہیے؟
سندس جبین: رائٹر کو بائونڈ نہ کریں آزاد چھوڑ دیں اور یقین کریں کہ وہ اسی سوسائٹی کو لکھیں گے۔
عروشمہ خان
٭ میم کیسی ہیں آپ میرا آپ سے یہ سوال ہے نئے لکھاریوں کو لکھتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
سندس جبین: الحمدللہ ٹھیک ہوں، رائٹرز کو اپنے لکھے کے ساتھ انصاف کرنا چاہیے آج کل بس ہم لکھتے ہیں کوئی تھیم یا مین آئیڈیا سمجھ میں نہیں آتا۔ سو آئی تھنک ایک تھیم بیسڈ اسٹوری ہونی چاہیے۔
ماورا طلحہٰ
٭ آپی کیا حال ہے، آپی ایسا کون سا ناول ہے جس کا آپ پارٹ 2 لکھنا چاہیں گی؟
سندس جبین: ماورا ڈیئر ایسا کوئی بھی ناول نہیں جس کا پارٹ ٹو لکھنا چاہوں۔
٭ آپ کا ایسا کوئی ناول جس کا اختتام آپ دلی طور سے کچھ اور کرنا چاہتی تھی مگر ناول کچھ اور ڈیمانڈ کرتا تھا نیز آپ نے دل کی مانی یا ناول کو مد نظر رکھا۔
سندس جبین: اللہ پاک کا شکر ہے کہ میں ہمیشہ اپنی مرضی سے لکھتی ہوں اور کسی کی اوپینین یا خواہش پر کبھی نہ تو کچھ ایڈ کیا ناول میں نہ ہی کچھ تبدیل کیا میں اپنے سب ناولز کی اینڈنگ سے مطمئن ہوں۔
٭ آپ نے بہت کمال کی تحریریں لکھی ہیں تو کیا آپ کچھ ایسا لکھ چکی ہیں جسے آپ زیست کا حاصل کہہ سکیں یا ابھی یہ تشنگی باقی ہے؟
سندس جبین: ابھی تو کچھ بھی نہیں لکھا ابھی تشنگی باقی ہے۔
٭ ایک سوال دل کی طرف سے ہم کب ملیں گے ایک علاقے دے تے نالے پنجابی وی۔ ہمیشہ خوش رہیں اور زور قلم زیادہ ہو، آمین۔ والسلام۔
سندس جبین: ضرور ملیں گے۔
روشن ستارہ
٭ السلام علیکم آپ کا ایسا کون سا ناول ہے جس کے کردار میں آپ کی جھلک ہو؟
سندس جبین: وعلیکم السلام جھلک تو نہیں کہہ سکتے روشن، ہاں کچھ عادتیں ملتی ہیں اور میرے خیال میں اٹس ویری نیچرل۔
مریم جہانگیر
٭ سندس میں بھی آپ سے سوال کرنے آگئی ہوں، السلام علیکم امید ہے خیریت سے ہوں گی آپ بہت سا پیار اور بہت سی دعائیں آپی یونہی اچھا اچھا لکھتی رہیں آمین۔
الف کتاب کے ایک بہت بڑے مقابلے کی آپ ونر ٹھہری جس میں ملک کے نامی گرامی ناول نگار بھی شامل تھے اس جیت کو آپ لفظوں میں کیسے بیان کریں گی؟ آپ کے ناول کی تھیم کیا تھی؟ آپ ناول کو اپنے مائنڈ میں کتنے حصوں میں تقسیم کرتی ہیں۔ ہم عصر لکھاریوں میں سے کون پسند ہے۔ یونہی کامران و کامیاب رہیں، آمین۔
سندس جبین: وعلیکم السلام پیاری مریم میں ٹھیک ہوں نیک تمنائوں کے لیے شکریہ، داستان محبت کے بارے میں میری فیلنگز آپ جلد ہی پڑھ سکیں گے۔ باقی آپ کے سوال کا جہاں تک تعلق ہے کہ ناولز کے پاڑٹس تو اس کے تین حصے ہیں اچھا اسٹارٹ، کلائمکس اور اطمینان بھرا اختتام، مجھے بہت سے رائٹرز پسند ہیں اور میں تقریباً سب کو پڑھتی ہوں آج کل بیپسی سدھوا کو پڑھ رہی۔
حرا قریشی
٭ پرخلوص سندس جبیں اور ایک عظیم لکھاری کو سلام بصد احترام!
کیا ایسے بھی حرف کا داخلہ ہوا آپ کی زیست میں جو صفحات کا حصہ نہ بن سکیں مگر ہونٹوں سے کئی بار ادا ہوئے ہیں؟
سندس جبین: وعلیکم اسلام۔ جی ابھی تشنگی باقی ہے۔بہت سے لفظ باقی ہیں ابھی۔
٭ زندگی کو پرکھنے کا موقع ملا تو کس اصول پر پرکھیں گی؟
سندس جبین: میں زندگی کو پرکھنا نہیں چاہتی کیوں کہ پرکھنے سے کوئی اپنا نہیں رہتا۔
٭ ان لوگوں کے نام جو بالخصوص آپ کے دل میں بستے ہیں۔
سندس جبین: دل میں بہت سے لوگ بستے ہیں نام لینا مناسب نہیں۔
٭ محبت سے کب یاری ہوئی اتنی کہ میدان ہی لوٹ لیا۔
سندس جبین: محبت سے بڑا پرانا ناتہ ہے میدان اس لیے نہیں لوٹا کہ محبت پہ لکھا ہے بلکہ محبت کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں۔آپ کو پڑھ کے ان شاء اللہ اندازہ ہو جائے گا۔
٭ اگر سمندر اور جنگل کے درمیان کا حصہ خوابوں سے بنا ہو تو آپ کی پہلی ترجیح کیا ہو گی۔ اپنی تحریر پڑھ کر جو مسرت آپ کو ملتی ہے اگر اس کا اعادہ کرنے کو کہا جائے تو کیسے کریں گی؟
سندس جبین: میں ایک باعمل انسان ہوں اس لیے حقیقت میں رہنا پسند کرتی ہوں۔اپنی اسٹوری پڑھ کے ہمیشہ سوچتی ہوں کہ اس میں اور بھی بہتری کی جا سکتی ہے۔
٭ اگر کوئی شخص میلا کچیلا سیاہ کوٹ پہنے قہوے کی کیتلی اور کپ لے کر آپ کے سامنے آ جائے اچانک تو آپ کا پہلا تاثر کیا ہو گا؟
سندس جبین: میں اس سے قہوہ ضرور پیوں گئی۔
٭ ان سوالات پر آپکے احساسات۔
سندس جبین: میں حیران ہوں آپ کے سوال بہت مختلف تھے۔
٭ حرا کے لئے ایک جملہ جو اندھیرے میں چراغ کا کام دیں۔نوآموز لکھاریوں کے لئے کوئی سی پانچ ٹپس؟
سندس جبین: نو آموز رائٹرز کے لیے کافی کچھ لکھ چکی ہوں۔
اس دعا کے ساتھ اجازت
پروردگار کائنات آپ کو سدا صحت وذندگی سے نوازے اپنی حفظ و امان میں رکھے اور جو لوگ آپ سے منسلک ہیں ان سب کی محبتوں کو ثبات عطاہو آمین!
میرے شعر پر آپ کی رائے
جیسے کسی نومولود بچے کی سانس ٹوٹتی ہے
ایسی صدا میری ہر تحریر میں گونجتی ہے
سندس جبین: شعر کے لیے واہ واہ۔
فرح بھٹو
٭ السلام علیکم، آپ اب تک کن ڈائجسٹوں میں لکھ چکی ہیں؟
سندس جبین: وعلیکم السلام میں حنا، شعاع، کرن، آنچل میں لکھ چکی ہوں۔ کبھی آن لائن نہیں لکھا۔ الف کتاب آن لائن لکھنے کا پہلا تجربہ تھا۔
٭ آپ کو پہلی تحریر سے قبولیت کی سند ملی یا ریجیکشن کا سامنا کرنا پڑا؟ رائٹنگ کی فیلڈ میں آپ کس لکھاری سے متاثر ہیں؟
سندس جبین: رائٹنگ فیلڈ میں سب پسند ہیں۔ متاثر نہیں ہوتی کافی مشکل ہے مجھے متاثر کرنا۔ یہ میری خامی ہے۔
آمنہ نور
٭ سندس میرا سوال یہ ہے کہ اپنے لکھے گئے کرداروں میں سے آپ کا پسندیدہ کردار کون سا ہے؟
جواب: اپنے نئے ناول ’’ستارہ زیست‘‘ کا کردار ’’سردار ہاشم الامین‘‘ میرا پسندیدہ کردار ہے؟
٭ کون سا کپل آپ کا اپنا پسندیدہ ہے؟
سندس جبین: حبا اور اصید کاسہ دل ناول سے میرا پسندیدہ کپل ہے؟
٭ آپ کا لکھا کون سا ناول آپ کے فینز نے توقعات سے زیادہ پسند کیا اور کس اپنے لکھے گئے ناول سے آپ مطمئن نہیں ہیں؟
سندس جبین: ’’کاسہ دل‘‘ بے تحاشا پسند کیا گیا جب کے مجھے امید نہیں تھی۔
صائمہ سکندر سومرو
٭ السلام علیکم۔ڈئیر سندس جبیں۔ آج کل ہر رائٹر اپنی اسٹوری میں انگلش زبان کا استعمال اپنا فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔کیا اس سے اردو کا نقصان نہیں ہو رہا۔بطور رائٹر آپ کی کیا رائے ہے؟
سندس جبین: وعلیکم اسلام۔ اصل میں بات انگلش کو اردو میں مکس کرنے کی نہیں ہے،ہم ایک غلام قوم ہیں جہاں بچپن سے ہی بچوں کو انگلش پڑھائی جاتی ہے تو وہاں اسے ادب میں دھکیل دینے سے کیسے روکا جا سکتا ہے۔
٭ آپی جو ادب آج کل لکھا جا رہا ہے۔آپ کس حد تک اس سے مطمئن ہیں؟
سندس جبین: آج کل کے ادب سے میرا مطمئن ہونا ضروری نہیں ہے جس کے ہاتھ میں قلم ہے وہ لکھ رہا ہے۔
اللہ پاک آپ کو بہت سی خوشیاں اور کامیابیاں عطا کرتا جائے۔ اس مالک دوجہاں کے دربار میں اس دعا کو سند قبولیت ملے۔ آمین۔
ملائکہ خان
٭ السلام علیکم کیسی ہیں آپ؟
سندس جبین: وعلیکم السلام میں ٹھیک ہوں۔
آپ نے پہلی کہانی کون سی اور کب لکھی؟
سندس جبین: میں نے پہلی کہانی لکھی تھی’’زیست کا سفر‘‘
٭ آج کی رائٹر کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہیں؟
سندس جبین: آج کل کے رائٹر کو کیا کہا جا سکتا ہے میں سمجھتی ہوں کہ رائٹرز کو بھی راہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے ایڈیٹر ہیں آج کل آن لائن رائٹنگ نے یہ بات بہت آسان کر دی ہے کچھ بھی لکھ کر قارئین تک پہنچا دیا جائے میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتی آپ ڈائجسٹ میں لکھیں راہنمائی اور ریجیکشن کے بعد آپ کو لکھنے کا اصل مزہ آئے گایہ میری ذاتی رائے ہے کسی کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
٭ ایسی کوئی اسٹوری جس میں آپ کو لکھتے ہوئے رونا آیا؟
سندس جبین: ’’کاسہ دل‘‘ کی ’’حبا‘‘ کے کردار نے مجھے بے حد اور بے تحاشا رلایا۔
صابر خان
٭ آپ کا اپنا فیورٹ ترین ناول کون سا ہے ؟ اور کس رائٹر کو بہت شوق سے پڑھتی ہیں؟
سندس جبین: میرا اپنا پسندیدہ ناول ’’چاند نگر کی شہزادی‘‘ اور ’’کاسہ دل‘‘ ہے۔
٭ اگر آپ رائٹر نہ ہوتی تو کیا ہوتیں؟
سندس جبین: اگر میں رائٹر نہ ہوتی تو ڈاکٹر ہوتی۔
٭ زندگی میں کبھی کسی فین نمبر ون کا سامنا ہوا؟
سندس جبین: جی ہاں ایک فین سے سامنا ہے جو واقعی ہی نمبرون ہے۔
٭ کیا آپ کے ٹوتھ پیسٹ میں نمک ہے؟
سندس جبین: جی ہاں میرے ٹوتھ پیسٹ میں نمک ہے۔
صالحہ عزیز
٭ لوجی میں بھی کچھ سوال پوچھتی ہوں۔ آپ بڑی ہو کر کیا بننا چاہتی تھی؟
سندس جبین: میں ڈاکٹر بننا چاہتی تھی میں نے رائٹر بننے کا کبھی نہیں سوچا تھا۔
٭ آپ نے بچوں کے لیے کچھ لکھا تو کیا لکھا؟
سندس جبین: میں نے بچوں کے لیے کچھ نہیں لکھا۔
دلکش مریم
٭ السلام علیکم، کیسی ہیں آپ؟
سندس جبین: وعلیکم السلام میں ٹھیک ہوں۔
٭ میرا پہلا سوال یہ ہے کہ لکھاری قدرتی ہوتا ہے یا کوشش سے بھی لکھاری بنا جاتا ہے؟
سندس جبین: میرے خیال سے لکھنا قدرتی خوبی ہے اور اس کو مزید محنت سے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
٭ دوسرا سوال یہ کہ سوشل میڈیا پر سبھی ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچ رہے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں سے اگر آپ کا واسطہ پڑا تو آپ کا ردعمل کیا تھا اور غیرضروری تنقید کو آپ نے کیسے فیس کیا؟
سندس جبین: جی ہاں میں کافی کچھ دیکھ چکی ہوں اور اللہ کا شکر ہے میں اس سب سے محفوظ ہوں مجھے کبھی تنقید کا سامنا نہیں کرنا پڑا، میں لڑائی جھگڑے سے دور رہتی ہوں شائد اسی لیے اللہ تعالی نے مجھے محفوظ رکھا۔
٭ تیسرا سوال یہ کہ لکھنے کے علاوہ کیا مصروفیات ہیں آپ کی، کبھی سوچا کہ بس اب نہیں لکھنا؟
سندس جبین: میں انگلش کی لیکچرار ہوں، لکھنا میرا شوق ہے اور کتابیں پڑھنا میرا پیشن ہے۔ اس کے علاوہ گھومنا پھرنا مجھے بہت پسند ہے۔آئی لائک آوٹ ڈور ایکٹیویٹی ابھی تک ایسا نہیں سوچا کہ نہیں لکھنا۔ اللہ آپ کو خوش رکھے، آمین۔
اسماء علی
٭ سندس ڈرامہ رائٹنگ کے بارے میں کیا خیال ہے؟
سندس جبین: ڈرامہ رائٹنگ کی طرف آنے والی ہوں کچھ مصروفیات کی وجہ سے اسکرپٹ نہیں لکھ پا رہی۔
٭ کیا آپ میریڈ ہیں؟
سندس جبین: آئی ایم سنگل۔
نرمین
٭ السلام علیکم میں نے اکثر دیکھا ہے آپ کی تحریروں میں نفسیات اور اس کے علاج کا گہرا مشاہدہ موجود ہوتا ہے جو کہ ناول کو مزید دلچسپ بنا دیتا ہے۔ کیا آپ کا یہ سبجیکٹ رہ چکا ہے یا خاص ریسرچ ہوتی ہے؟
سندس جبین: وعلیکم السلام نفسیات ایک ایسا ٹاپک (موضوع) ہے جس میں میری ذاتی دلچسپی بہت زیادہ ہے میں نے چار سال نفسیات پڑھی ہے اور میں نے اپنے ناولز میں جو بھی نفسیاتی مسئلہ دیکھایامیں نے پہلے اس پر ریسرچ کی اور کچھ سائیکولوجسٹ اور سائکیٹرسٹ سے کنسلٹ کیا۔
٭ اس کارِ جنون میں جو ہیروئین کے ردعمل تھے جیسے وہ سب قبول نہیں کر پائی لیکن فطری رد عمل بھی موجود تھے ناول کو مزید دلکش بنا دیا اکثر دیکھا گیا ہے ایسا نہیں لکھتے لکھاری مطلب سرد ہے تو فطری رویوں میں بھی سرد مہری آجاتی ہے تو آپ نے ایسا کیوں لکھا یا ایسا خیال کیوں کر آیا؟ اس طرح لکھنے کی خاص وجہ کوئی؟
سندس جبین: میں نے یہ ناول 2010 میں لکھا اور اس وقت جو ناولز پبلش ہو رہے تھے یا ٹرینڈ جو چل رہا تھاوہ یہ تھا کہ ہیرو ہیروئن کی زبردستی شادی ہوجاتی ہے اور یا تو اختتام تک ناراض رہتے ہیں یا دو چار دن میں ہی سب سیٹ ہوجاتا ہے مجھے اس چیز سے بہت اختلاف تھا کیوں کہ عام طور پر انسان ایسا رویہ نہیں رکھ سکتے میں نے حجاب(ہیروئن) کا رویہ بہت فطری دکھایا کہ وہ شادی سے خوش نہیں تھی مگر اس نے اپنے شوہر کے فرائض ادا کیے۔
٭ چاند نگر کی شہزادی میں نفسیات کی جو گہری جانچ تھی اس نے ناول میں بہت اچھا تاثر دیا یہ ناول لکھنے کے پیچھے کیا سوچ کار فرما تھی یا کون سا واقعہ تھا؟ تھوڑی تفصیل کے ساتھ پلیز۔
سندس جبین: چاند نگر کی شہزادی میں جو میں نے ٹاپک لیا وہ میرا ذاتی مشاہدہ تھا دراصل میری نانی کو سیلف ٹاک (خود کلامی) کی عادت تھی میں نے اس چیز کو بچپن میں بہت قریب سے دیکھا اس لیے جب میں نے اس موضوع پر لکھا تو ریسرچ کر کے لکھا باقاعدہ اس کے ٹریٹمننٹس ( علاج) پر بھی میری اچھی خاصی ڈسکشن (بات چیت) ہوئی تھی۔
٭ قافلے راہ بھول جاتے ہیں ناول میں ونی(خون بہا) کی رسم کو خوب بیاں کیا گیا اس ناول کا پس منظر یا انسپائریشن کیا تھی اور اس کے اختتام پر جو ہوا اس کے متعلق کیا خیالات تھے؟ میرے خیال میں اس میں بھی نفسیاتی پہلو تھا کہ سب کچھ برداشت کرنے کے بعد ہیروئن کے اندر یہ سوچ پختہ ہوگئی تھی کہ بات جو بھی تھی واضح ہونی چاہیے آخر تک۔
سندس جبین: قافلے راہ بھول جاتے ہیں یہ ایسا ناول تھا جو حقیقی کہانی پر مبنی تھا مگر کہانی صرف اتنی ہی تھی کہ لڑکی کی شادی ہو گئی تھی آگے کی کہانی میری خود کی لکھی ہوئی ہے میں نفسیات پر لکھنا پسند کرتی ہوں اور آج کا قاری بہت باشعور ہے۔
٭ اگر کوئی اس طرح ہی نفسیات لکھنا چاہیے تو کوئی مشورہ یا کوئی اصلاح؟
سندس جبین: آپ لکھیے اور اس بات کو چھوڑ دیجیے کہ شائع ہوگا یا نہیں کیوں کہ جب آپ ہمت ہار جاتے ہیں تو منزل دور چلی جاتی ہے۔
٭ نئے لکھنے والوں کے لیے پیغام، اصلاح یا مشورہ؟
سندس جبین: نئے لکھاریوں کے لیے میں کیا کہہ سکتی ہوں اس سچوئشن پر میں پہلے ہی بات کر چکی ہوں۔
٭ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ بجائے اصلاح کے معیاری نہیں کہہ کر رد کر دیتے ہیں نا صرف لوگ بلکہ معروف ادارے بھی، اس صورتِ حال پر کوئی تبصرہ؟
سندس جبین: میں سمجھتی ہوں جب پڑھنے کی عمر ہوتی ہے ہم لکھنے کی طرف آجاتے ہیں سب سے ضروری چیز ہے پڑھنا میں اپنی بات کہوں تو سچ یہ ہے کہ میں آج بھی تقریباً ہر نئے لکھاری کو پڑھ رہی ہوں اور دوسری زبانوں کے ادب جیسے رشین اور انگریزی ادب… جب ہم پڑھیں گے ہی نہیں تو لکھیں گے کیسے؟
نجمہ شاہین
٭ اسلام علیکم آپ نے سب سے پہلے کون سی تحریر لکھی؟
سندس جبین: سب سے پہلے زیست کا سفر لکھی تھی۔
٭ کس تحریر پہ سب سے زیادہ ٹائم لگا؟ لکھتے ہوئے؟
سندس جبین: کاسۂ دل پر لگا 2010 سے لے کر 2014 تک اسے لکھا۔
٭ کاغذ پہ لکھتی ہیں یا کمپیوٹر پر۔
سندس جبین: کاغذ پر۔
٭ کہانی بھیج کر بھول جاتی ہیں یا انتظار کرتی رہتی ہیں میری طرح؟
سندس جبین: اللہ کا شکر ہے جب بھی بھیجوں فوراً لگ جاتی ہے بہت زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا کبھی۔
٭ سوشل میڈیا کو کیسا پایا؟ فیس بک پہ آپ کی کئی دوست بنی ہوں گی؟ان سے دوستی کیسی لگی؟
سندس جبین: سوشل میڈیا پر بہت کچھ دیکھا، میں سوشل میڈیا پر 2013 سے ہوں بہت اچھے دوست ملے کبھی برا تجربہ نہیں ہوا شاید اس لیے کہ میں زیادہ تر ریزروڈ رہتی ہوں۔
زینب علی خان
٭ سندس آپ کو اپنے ناول میں سے سب سے زیادہ کون سا ناول پسند ہے؟
سندس جبین: کاسۂ دل۔
٭ اور آپ کا زندگی میں ایم (مقصد) کیا ہے؟
سندس جبین: میں ایک لیکچرار ہوں اور ساتھ میں ایک مصنفہ بھی سو میں خوش ہوں۔
صائقہ مشتاق
٭ آپ کے انسپائیریشن کون ہے؟آپ نے کس بات سے متاثر ہو کر لکھنا شروع کیا؟
سندس جبین: کوئی بھی نہیں تھی انسپائریشن۔
٭ کبھی ایسا ہوا کہ کہانی آپ کے دماغ میں ہو اور سمجھ نہ آئے کہ کیسے صفحے پر اتاریں؟
سندس جبین: جی بالکل ایسا ہوتا ہے کہ مصروف ہوتی ہوں کہانی تنگ کرتی ہے اور اس صورتِ حال میں بہت مشکل ہوتا ہے لکھنا۔
اراکین ایڈمنز پینل
صباء عیشل‘ حنا مہر‘ راؤ رفاقت علی‘ ماورا طلحہ‘ نرمین نعیم‘ عصر خان۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close