Aanchal Aug-16

درجواب آں

مدیرہ

سمیرا شریف طور… گوجرانوالہ
ڈئیر سمیرا! سدا سہاگن رہو‘ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ انتظار کی طویل گھڑیاں ختم ہوئیں اور آپ کا ناول یہ چاہتیں یہ شدتیں 16 جولائی کو آن ائر ہونے جارہا ہے۔ اس کامیابی پر ڈھیروں مبارک باد‘ امید ہے ڈرامائی صورت میں بھی اسے اتنی ہی پذیرائی حاصل ہوگی جتنی آنچل میں اشاعت کے دوران اس ناول نے کامیابی حاصل کی۔ آپ کے شائقین اور دیگر بہنیں یہ سیریل ہر ہفتے اور اتوار کی شب 9 بجے جیو ٹی وی پر دیکھ پائیں گے۔ ہماری جانب سے ڈھیروں نیک تمنائیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو شہرت و عروج کی بہت سی منازل عطا فرمائے‘ آمین۔
تحریم اکرم چوہدری… ملتان
عزیزی تحریم! شاد و آباد رہو‘ حجاب میں آپ کے نام کی یہ غلطی کچھ آپ کی لکھائی اور کچھ طباعت کی بناء پر سرزد ہوئی بہرحال آپ نے اپنی لکھائی کو بنیاد بنا کر اتنا عرصہ قلم سے رابطہ استوار نہ کیا جان کر اچھا نہیں لگا۔ نگارشات سے آپ کی پختہ سوچ‘ وسیع مطالعہ اور گہرے مشاہدے کا ادراک ہوتا ہے ایسے میں صرف ہینڈ رائٹنگ کی خامی کو بنیاد بناکر اپنی صلاحیتوں کو جلا نہ بخشنا بہت غلط ہے۔ آپ کوشش سے اپنی لکھائی کو بہتر بناسکتی ہیں لیکن قلم سے رابطہ برقرار رکھیں اور آنچل و حجاب سے رشتہ استوار رکھیں۔
ایس چلبلی… نور پور ٹمن
ڈئیر چلبلی! جیتی رہو‘ آپ کا کہنا بجا ہے کہ ان کہانیوں کے ذریعے اگر آپ کو تفریح حاصل ہوتی ہے ذہنی آسودگی و سکون فراہم ہونے کے ساتھ آپ اپنے دکھ بھول جاتی ہیں۔ تاہم ہماری کوشش بھی یہی ہوتی ہے کہ ہر ماہ ایسی تحریریں جو شگفتگی و مزاح کا عنصر لیے ہوں شامل ضرور کی جائیں تاکہ بہنوں کو مسکرانے اور اپنے غم غلط کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ دوست کا پیغام میں ہر ماہ بے شمار پیغامات موصول ہوتے ہیں یہی کوشش ہوتی ہے کہ پہلے آنے والوں کو پہلے شامل کرلیا جائے اور بعد ازاں کو آئندہ ماہ لگا دیا جائے اس لیے دیر سویر ہوجاتی ہے۔
ام کلثوم… منڈی بہائو الدین
عزیزی کلثوم! سدا آباد رہو‘ آپ کی سال گرہ کے موقع پر ہم نے تو آپ کو خوب صورت تحفہ ارسال کردیا تھا مگر آپ کے لیے یہی کہیں گے ہائے یہ بے خبری… بہرحال دیر سے سہی آپ کی نگاہوں کا مرکز تو بنا۔ تعارف کے شائع ہونے پر شکریہ کی ضرورت نہیں‘ امید ہے اب امتحانات سے فارغ ہوکر رزلٹ آنے کی منتظر ہوں گی۔ ہماری دعا ہے اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں کامیابی و کامرانی عطا فرمائے‘ آپ کا خط شامل کرلیا ہے اب بے خبر مت رہیے گا۔
اقراء مسرت اقو… تلہ گنگ
عزیزی اقراء! خوش رہو‘ پہلی بار بزمِ آنچل میں آپ کی شرکت بہت اچھی لگی۔ آپ نے ایک طویل عرصے کی خاموشی کو توڑ کر آنچل سے قلمی رابطہ بحال کیا جان کر خوشی ہوئی۔ بے شک آنچل آپ بہنوں کا ہی ہے جو آپ کی نگاشات کے بغیر ادھورا اور نامکمل۔ رسالے کی پسندیدگی کا شکریہ۔ ہماری آپ سے دوستی پکی البتہ افسانہ پڑھنے کے بعد ہی اس کے متعلق اپنی رائے سے آپ کو آگاہ کرپائیں گے۔
رابعہ افتخار شیخ… جہلم
ڈئیر رابعہ! سدا مسکرائو‘ بے شک آپ کا نام تعارف کا محتاج نہیں۔ آپ نے اپنی گھریلو مصروفیات میں سے وقت نکال کر چند لمحات آنچل و حجاب کے نام کیے بے حد خوشی ہوئی۔ حجاب بھی آپ کے نام کو خود میں سمونے اور جگمگانے کے لیے بے تاب ہے۔ حجاب کی جانب آپ کی اس پیش رفت پر خوش آمدید‘ آپ اپنی دیگر تحاریر بھی آنچل و حجاب کے لیے ارسال کرسکتی ہیں۔ آپ کی تحریر منتخب ہوگئی ہے۔
عنزہ یونس… حافظ آباد
ڈئیر عنزہ! جیتی رہو‘ چند ماہ کی غیر حاضری کے بعد آپ کی شمولیت ایک بار پھر بہت بھلی لگی۔ آپ کہانیوں کے لیے بڑے لفافے کا استعمال کریں وہ بھی آپ کو ڈاک خانے یا عام دکان سے مل جائیں گے۔ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ‘ بے شک آپ کے یہ تعریفی کلمات ہماری محنت و مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ امید ہے آئندہ بھی آپ کا قلمی رابطہ برقرار رہے گا‘ عشنا کوثر تک آپ کے درخواست ان سطور کے ذریعے پہنچا رہے ہیں کہ جلد آنچل میں شمولیت اختیار کریں۔
سیدہ فائزہ شاہ… نامعلوم
ڈئیر فائزہ! شاد رہو‘ پہلی بار بزمِ آنچل میں شرکت پر خوش آمدید۔ آپ کے اندر لکھنے کی صلاحیت موجود ہے اور آپ لکھنا چاہتی ہیں ضرور لکھیں ہم آپ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے لیے پیش پیش ہیں۔ آپ نے شاعری کی صورت اپنے جذبات و خیالات کا اظہار کیا۔ جان کر خوشی ہوئی۔ متعلقہ شعبے میں آپ کی شاعری ارسال کردی ہے اگر معیاری ہوئی تو جلد اس سلسلے میں آپ کا نام شامل ہوجائے گا۔ آپ دیگر سلسلوں میں شرکت کے لیے ہر صفحے پر سلسلے کا نام اور اپنا نام و پتا ضرور لکھیں اور ہر سلسلہ کے لیے الگ صفحہ کا استعمال کریں۔
نسیم سحر… گلشن اقبال‘ کراچی
عزیزی نسیم! سدا شاد رہو‘ عید سعید کی مبارک باد پیش کرتے آپ نے جو خوب صورت کارڈ کا تحفہ عنایت فرمایا بے حد مشکور ہیں۔ بے شک اس خوب صورت کارڈ سے آنچل اور ہم سے آپ کی والہانہ محبت کا بخوبی اظہار ہورہا ہے‘ شب و روز کی ان مصروف گھڑیوں سے وقت نکال کر آپ نے ہمارے نام کیا بے حد اچھا لگا‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
مہناز یوسف… اورنگی ٹائون‘ کراچی
عزیزی مہناز! سدا مسکرائو‘ افسانے کی اشاعت کے بعد یقینا دل بے قرار کو قرار آہی گیا ہوگا بہرحال شکریہ کی ضرورت نہیں۔ یہ آپ کی محنت اور ہماری جانب سے حوصلہ افزائی کا چھوٹا سا نذرانہ ہے۔ مصروفیات سے فراغت پاتے ہی اب جلد آپ اپنا افسانہ ارسال کردیں۔ آنچل میں لگانے کا یقینی تو نہیں کہہ سکتے ہاں البتہ گنجائش ہوئی تو ضرور شامل کرلیں گے۔
مسکان احزام… ای میل
ڈئیر مسکان! جیتی رہو ’’رسم جہیز‘‘ کے عنوان سے آپ کی مختصر تحریر موصول ہوئی‘ آپ نے اصلاحی موضوع پر نہایت عمدگی سے قلم اٹھایا۔ انداز تحریر میں بھی پختگی کی جھلک دکھائی دی لیکن کہانی کا اختتام بہت منفی رحجان کا حامل رہا۔ بے شک یہ انجام ہمارے معاشرے کا تلخ المیہ ہے لیکن آپ اتنا درد ناک انجام اس قدر سفاکی سے مت پیش کریں کہانی کو مثبت موڑ دے کر اختتام کی طرف لائیں تاکہ پڑھنے والے ہر ذہن پر مثبت پہلو اجاگر ہو اور دوسروں کی اصلاح بھی ہوسکے۔ امید ہے اس ناکامی کو کامیابی کا زینہ بنائیں گے۔
سید نیلم شاہ… رحیم یار خان
عزیزی نیلم! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریریں موصول ہوئیں جنہیں پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ مزید محنت کے بعد اور موضوع کے چنائو میں احتیاط سے کام لیتے بہتر لکھ سکتی ہیں اسی بناء پر ’’عیدی آئے گی‘‘ آپ کی یہ تحریر موضوع کی انفرادیت کے سبب جگہ بنانے میں کامیاب ٹھہری لیکن ابھی اصلاح کے عمل سے گزرتے اور کانٹ چھانٹ کے بعد ہی لگ پائے گی اس لیے آپ آئندہ احتیاط کا دامن تھام کر لکھیں‘ تھوڑا اور مختصر لیکن بہتر اور عمدہ لکھیں۔
نیلم امان… ساہیوال
پیاری نیلم! شاد و آباد رہو‘ آپ نے ہمارے کہنے پر دو سال کا عرصہ محنت کرتے اور بہت سے بہترین کی تگ و دو میں گزارا جان کر بے حد خوشی ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ آج آپ کی تحریر میں پختگی کا عنصر نمایاں طور پر نظر بھی آرہا ہے۔ اسی بناء پر آپ کی یہ تحریر ’’مان کی کرچیاں‘‘ قبولیت کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ امتحان میں کامیابی اور جاب کی ڈھیروں مبارک باد‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کے ہر میدان میں کامیاب و کامران کرے۔
یاسمین شاہ اختر… لاہور
ڈئیر یاسمین! مانند یاسمین مہکتی رہو‘ شکوہ و شکایات سے بھرپور خط موصول ہوا آپ کا کہنا بجا ہے انتظار کی کلفت بہت مشکل امر ہے لیکن اب ہم اس کو الفت میں بدل دیتے ہیں کیونکہ آپ کی تحریر منتخب ہوگئی ہے‘ ان شاء اللہ جلد لگانے کی کوشش کریں گے آپ نے سروے کے جوابات اپنی بدگمانی کی نذر کردیئے ورنہ ضرور شائع ہوجاتے دیر سویر تو ہوتی رہتی ہے لیکن کسی کو نظر انداز نہیں کیا۔ امید ہے خفگی کے تمام بادل چھٹ جائیں گے اور مزاج گرامی شگفتہ ہوجائے گا۔
شانزے اسلم آرائیں… ملتان
ڈئیر شانزے! سدا مسکرائو ’’سجدہ شکر‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر موصول ہوئی جسے پڑھ کر اندازہ ہوا کہ اگرچہ آپ کا موضوع اصلاحی اور مثبت پیغام کا حامل ہے لیکن انداز تحریر میں پختگی کا عنصر مفقود ہے اس لیے اپنے مطالعہ کو وسیع اور دیگر رائٹرز کی تحریروں کا بغور مطالعہ کریں اس سے لکھنے میں مدد ملے گی اور انداز تحریر میں بہتری آئے گی۔
حمدہ چوہدری… ضلع گجرات
ڈئیر حمدہ! سدا آباد رہو‘ قلم کے ساتھ آپ کے دیرینہ تعلق کے متعلق جان کر اچھا لگا۔ گرمیوں کی طویل دوپہروں میں آرام کو پس پشت ڈال کر آپ اپنے شوق کی تکمیل میں کوشاں رہیں‘ قابل تحسین ہے۔ اپنے جذبات و احساسات کو قلمبند کرکے شاعری کی صورت اظہار بے شک کتھارسس کے لیے ایک عمدہ ذریعہ ہے اگر آپ کی تحریر رد ہوئی تو ضرور ابھی مزید بہتری کی گنجائش ہوگی اس لیے مایوس ہونے کے بجائے دیگر سلسلوں میں شرکت کرسکتی ہیں جب تحریر میں پختگی آجائے گی تو ان شاء اللہ شامل کرلیں گے۔
عظمیٰ جبیں… لانڈھی‘ کراچی
ڈئیر عظمیٰ! جگ جگ جیو‘ آپ نے اپنے خط میں جس دلکشی اور عمدہ پیرائے میں اپنی خفگی ناراضگی‘ ہماری بے نیازی اور اپنی مستقل مزاجی کا مضمون باندھا۔ پڑھ کر بے حد لطف اندوز ہوئے۔ بھئی ہم ظالم محبوبہ کا رول کیونکر ادا کرسکتے ہیں۔ دل کے ارمان آنسوئوں میں ہرگز مت بہایئے‘ اس قدر آہ و فغاں و گریہ زاری ضرور سامنے والے تو ڈر گئے ہوں گے آپ کی آنکھوں سے بہتے اس سیلاب کو دیکھ کر۔ بہرحال اب مزید حشر برپا مت کیجیے گا آپ کی شاعری متعلقہ شعبے میں ارسال کردی گئی ہے اگر معیاری ہوئی اور اصلاح کی گنجائش ہوئی تو ضرور لگ جائے گی۔ بقول آپ کے کہ آپ عاشقِ صادق ہیں امید کی راہ نہ چھوڑیں تو جناب تھوڑا انتظار کا دامن تھام لیں اور تمام گلے شکوے دور کرلیں۔
فضیلت اقبال… جڑانوالہ
ڈئیر فضیلت! سدا مسکرائو‘ آپ کے خط سے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آنچل نے آپ کی زندگی میں ایک مثبت تبدیلی پیدا کی آپ نے ان کہانیوں کے ذریعے اپنی ٹینشن اور ڈپریشن کو دور کیا بے حد خوش آئند ہے۔ بے شک ہمارا پرچوں کو مرتب کرنے کا مقصد آپ کی اصلاح اور ذہنی طمانیت اور آسودگی ہی ہے۔ آپ کی تحریر قبولیت کا درجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ مزید محنت کے ساتھ کوشش جاری رکھیں۔
ثانیہ مسکان… گوجر خان
ڈئیر ثانیہ! آباد رہو‘ آپ امتحانات سے فراغت پاتے ہی آنچل کے زیرِ سایہ آگئیں‘ جان کر خوشی ہوئی اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کو دین و دنیا کے تمام امتحانات میں کامیاب کرے۔ عشنا تک آپ کی تعریف و فرمائش ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔
بی بی اسماء… راولپنڈی
پیاری اسماء! شاد رہو‘ خط کے ذریعے آپ سے نصف ملاقات پر بالمشافہ ملاقات کا گمان ہوا‘ آپ نے جس طرح حالات و واقعات کی منظر کشی کی بے حد خوب صورت ہے۔ آغازِ سحر کے فسوں خیز لمحات کا ہمیں بھی بخوبی احساس دلایا۔ غیر حاضری کی وجہ جان کر یہی کہیں گے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی والدہ کو صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور ان کا مشفق سایہ تادیر آپ پر سایہ فگن رہے‘ آمین۔ آپ دیگر کتابوں اور ادبی پاروں کی معلومات ارسال کردیں اور اگر حوالہ بھی دیں تو بہت ہی اچھا ہے۔ خط اس لیے واپس پہنچا ہوگا کہ آپ نے ایڈریس غلط لکھا ہوگا‘ حرا قریشی آنچل اور حجاب دونوں ہی پرچوں میں اپنے نام کی شمع روشن کررہی ہیں امید ہے آپ استفادہ کریں گی۔
منیبہ نواز… صبور شریف
ڈئیر منیبہ! جگ جگ جیو‘ دو سال کی طویل غیر حاضری کے بعد ایک بار پھر ہماری محبت کی کشش نے آپ کو اپنا اسیر کرلیا جان کر خوشی ہوئی‘ اندازہ بالکل درست ہے آج عید کو گزرے بھی آٹھ دن ہوچکے ہیں۔ امید ہے عید اچھی گزری ہوگی‘ والہانہ انداز اور پذیرائی کا بے حد شکریہ‘ بے شک آپ کے یہ چند تعریفی کلمات ہمارے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ہمیں بہتر سے بہترین کے سفرکی جانب گامزن رکھتے ہیں۔ اپنا افسانہ ارسال کردیں کسی بھی سماجی و معاشرتی موضوع کو مختص کرکے اختصار سے کام لیں اور دس سے بارہ صفحات پر مشتمل اپنی تحریر ارسال کردیں‘ امید ہے اب قلمی تعاون حاصل رہے گا۔
سمیرا محمد رفیق خان… نامعلوم
عزیزی سمیرا! سدا مسکرائو‘ امید ہے اپنا نام دیکھ کر آپ کی دیرینہ خواہش پوری ہوجائے گی۔ محبت اور دوستی کے رشتے میں ہمارا تعلق آپ سے استوار ہے کچھ بھی نام دے دیجیے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دعاگو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ دین و دنیا کے تمام امتحانات میں کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔ نازیہ‘ سمیرا اور اُم مریم تک تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی۔ آپ اپنی کوشش جاری رکھیں ان شاء اللہ مزید بہتر لکھنے میں مدد ملے گی۔
ماریہ طفیل پارس… چکوال
ڈئیر ماریہ! جیتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’کچھ یادیں‘‘ پڑھ ڈالی لیکن کچھ خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام ٹھہری۔ اس تحریر میں وہ پختگی اور روانی نظر نہیں آئی جو پہلی تحریر میں موجو تھی لہٰذ اس کے لیے معذرت خواہ ہیں امید ہے مزید محنت کے ساتھ کوشش جاری رکھیں گی۔
چندا چوہدری… ڈپوگیٹ
پیاری چندا! شاد و آباد رہو‘ مفصل خط سے آپ کے والد کی رحلت کے متعلق جان کر بے حد افسوس ہوا۔ جہاں ہر طرف عید کے رنگ‘ مہندی کی خوشبو اور چوڑیوں کی کھنک گونجتی تھی وہاں اس حسین موقع پر موت کا جامد اور گہرا سناٹا بے شک ایک کڑا مرحلہ ہوگا۔ بے شک یہ آزمائش کی گھڑیاں ہیں ایسے میں رو رو کر خود کو ہلکان مت کریں بلکہ اپنے والد کی مغفرت اور اپنے اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا مانگیں بے شک اللہ سبحان و تعالیٰ کی پاک ذات ہی آلام و مصائب کے طوفان اور منجدھار میں پھنسی زندگیوں میں امید کی کرن پیدا کرتا ہے اور اپنے بندوں کو اطمینان قلب سے نوازتا ہے۔ اس قدر آہ و زاری اور گریہ سے انہیں تکلیف پہنچے گی بے شک موت ایک اٹل حقیقت ہے جس سے فرار ممکن نہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ کے والد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت نصیب فرمائے‘آمین۔ قارئین سے بھی دعائے مغفرت کی ملتمس ہیں۔
حمیدہ بی بی… نو شہرہ
عزیزی حمیدہ! سدا شاد رہو۔ ’’شینا کا جوڑا‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر موصول ہوئی۔ نہایت اختصار سے کام لیتے چند صفحات میں جس معاشرتی برائی کی نشاندہی کی‘ خوب ہے لیکن چونکہ ابھی اس راہ کی نئی مسافر ہیں لہٰذا انداز تحریر میں پختگی نہیں۔ یہ تحریر کچھ کانٹ چھانٹ کے بعد لگانے کی کوشش کریں گے لیکن طنزو مزاح سے بھرپور انداز میں مزید بہتری کے لیے آپ محنت اور کوشش جاری رکھیں دیگر رائٹرز کی تحریروں کا بغور مطالعہ کریں‘ اس کامیابی پر مبارک باد۔
حمیرا قریشی… حیدرآباد‘ سندھ
ڈئیر حمیرا! سدا مسکراتی رہو‘ پیاری بہنا آپ کی تحریر کہیں لاپتا نہیں بلکہ ہمارے پاس محفوظ ہے اور کمپوزنگ کے مراحل سے گزر چکی ہے ان شاء اللہ جلد شامل کرلیں گے۔ امید ہے کہانی کے متعلق ٹینشن دور ہوجائے گی۔ نظمیں و غزلیں متعلقہ شعبہ میں فراہم کردی جاتی ہیں معیاری ہوئی تو ضرور شامل ہوجائیں گی۔
سیماب چوہدری… ساہیوال
ڈئیر سیماب! جیتی رہو‘ آپ اپنی تمام نگارشات ایک ہی لفافے میں رکھ کر ارسال کردیں لیکن ہر سلسلے کے لیے علیحدہ صفحہ کا استعمال کریں اور اس سلسلے کا نام بمعہ نام و شہر کے نام کے ساتھ ضرور لکھیں تاکہ متعلقہ شعبہ تک فراہم کیا جاسکے۔ پانچ تاریخ تک اپنی ڈاک ارسال کردیں۔
اقراء ماریہ… برنالی
ڈئیر سسٹرز! سدا مسکرائو‘ خط میں شکوہ کے ساتھ ہی جواب شکوہ بھی پیش کردیا۔ کوئی بتلائو کہ ہم بتلائیں کیا؟ کہنا بجا ہے صفحات کی کمیابی کی بناء پر‘ ڈاک کی کثیر تعداد کی بناء پر سب بہنوں کو شامل کرنا ہمارے لیے ممکن نہیں رہتا لہٰذا ان حالات میں بہنوں کو شکایت ہوتی ہے پھر بھی کوشش یہی ہوتی ہے کہ سب کو شامل محفل کیا جائے‘ امید ہے تشفی ہوپائے گی۔
رانی اسلام… گوجرانوالہ
عزیزی رانی! مسکراتی رہو‘ آپ کے خط سے خفگی کا اندازہ ہوگیا ہے‘ پیاری بہنا بعض اوقات ڈاک تاخیر سے موصول ہوتی ہے اسی لیے شرکت سے محروم رہ جاتی ہے ایسے میں ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ ایسی نگارشات آئندہ ماہ ضرور شامل کرلی جائیں۔ بہرحال اب خط کا جواب حاضر ہے لہٰذا اس یک طرفہ ناراضگی کو ختم کردیں ایسے کاموں میں دیر سویر ہوتی رہتی ہے مایوس مت ہوں‘ آئندہ آپ کو شامل محفل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
صندل عبد القیوم… دھروڑ ہند کے
عزیزی صندل! آباد رہو‘ آنچل سے متعلق آپ کے والہانہ جذبات و پسندیدگی جان کر بے حد خوشی ہوئی۔ تمام رائٹرز تک آپ کی تعریف ان سطور کے ذریعے پہنچ جائے گی‘ چھوٹی بہن نے قرآن پاک کے ترجمہ کی تکمیل کی ہے بے شک قابل تحسین امر ہے کہ اللہ اس مقدس کتاب کے ذریعے اپنے بندوں کا کیا حکم دے رہا ہے کن امور سے منع کررہا ہے کن باتوں کی ترغیب دے رہا ہے بے شک یہ آگاہی ہر مومن کے لیے ضروری ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ نے انہیں یہ موقع عطا کیا بے حد خوشی ہوئی۔ قرآن مجید کی تعلیم اور اس پر عمل کرنے سے بڑھ کر دینا کی کوئی دوسری تعلیم نہیں۔ آپ کی بہنا کو ڈھیروں مبارک باد اللہ سبحان و تعالیٰ ہم سب کو قرآن مجید پڑھنے‘ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے‘ آمین۔
ثمرہ فرقان… ای میل
پیاری ثمرہ! جگ جگ جیو‘ پہلی بار بزم آنچل میں شرکت اور تحریر دونوں پسند آئیں۔ ’’سفید پوش‘‘ کے عنوان سے لکھے اس افسانے میں آپ نے بخوبی حقوق العباد کے مضمون کو سمونے کی کوشش کی ہے‘ تحریر ہمارے پاس محفوظ رہے گی اور چونکہ ماہِ رمضان کے حوالے سے ہے لہٰذا آئندہ سال رمضان کے خصوصی نمبر میں آپ کی یہ کاوش شامل کرلی جائے گی۔ اس کامیابی پر مبارک باد قبول کیجیے اسی طرح کے دیگر موضوعات پر افسانہ ارسال کردیں جلد لگادیں گے اس طرح انتظار کی زحمت سے بھی بچ جائیں گی۔
عنبرین اختر… لاہور
ڈئیر عنبرین! شاد رہو‘ خوب صورت الفاظ میں حجاب کی خوب صورتی کو جس انداز میں آپ نے سمویا اور قلمبند کیا ہے یہ خوب صورت ادا بے حد خوب صورتی سے ہمارے دل میں جگہ بناگئی۔ آپ کی تحریر ’’ماں اور مہمان‘‘ قبولیت کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ جلد حجاب کی زینت بن جائے گی دیگر موضوعات پر بھی قلم اٹھائیں اور آنچل و حجاب میں جگمگائیں۔
ناقابل اشاعت:۔
پس آئینہ‘ اب نہ مجھے چاہیے کوئی‘ محبت فریب نظر‘ یہ معاملہ کوئی اور ہے‘ سجدۂ شکر‘ اونچی اڑان‘ اے عشق ہمیں برباد نہ کر‘ سپرت انسائیکلوپیڈیا‘ تکمیل محبت‘ بکھرے رستے‘ رشتے قربانی مانگتے ہیں‘ بے بسی‘ بلاعنوان‘ آبگینے‘ حسین پناہ گاہ‘ درِ آگہی‘ غریب کی تڑپ‘ محبت دھول ہے‘ ڈپریشن‘ محبت پھر محبت ہے‘ فاصلوں کی ریت‘ خوشی مل گئی‘ عمر لنگیاں سچاں‘ تجھے پاکے کھوبیٹھے‘ روشنی کا سفر‘ محبت بھولی چاند رات‘ عید کا چاند‘ گھڑیاں ملن کی‘ پکار‘ تیری چاہت کا سفر۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close