Aanchal Mar 16

در جواب آں

مدیرہ

نازیہ کنول نازی… ہارون آباد
ڈئیر نازیہ! سدا سہاگن رہو‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی خوشیوں بھری زندگی کی عمر دراز کرے‘ ماں کے درجات شادی کے بعد ہر سہاگن حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کو اس مرتبے سے نوازا‘ ہماری طرف سے خوشی کے ان لمحات پر بہت مبارک باد۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے بیٹے کی عمر دراز کرے اور اسے صحت و تندرستی سے بھرپور ہدایت والی زندگی عطا فرمائے‘ آمین۔
ڈاکٹر تنویر انور خان… کراچی
عزیزی ہمشیرہ! سدا خوش رہو‘ ایک طویل عرصے بعد آپ سے قلمی رابطہ استوار ہوا۔ کتابی صورت میں ارسال کردہ آپ کا تحفہ بھی پسند آیا ’’زنجیریں‘‘ کے نام سے پہلے مجموعے کی اشاعت پر ڈھیروں مبارک باد‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو علمی و ادبی میدان میں بہت سی کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔ علم و ادب سے شغف رکھنے والوں کے لیے آپ کی یہ کتاب ایک خوب صورت اضافہ ثابت ہوگا۔ جو بہنیں اس کتاب کو حاصل کرنا چاہتی ہیں وہ اس ای میل پر ڈاکٹر صاحبہ سے رابطہ کرلیں۔
[email protected] yahoo.com
مصباح علی… سرگودھا
پیاری مصباح! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’پلڑا‘‘ کمپوزنگ کے مراحل طے کرچکی ہے‘ ان شاء اللہ جلد ہی آپ کے نام کو روشن کرنے کا سبب بنے گی۔ آپ کی تحریر کے موضوع اچھے ہوتے ہیں اور مزاحیہ تحریر کے حوالے سے بھی آپ کی رائے سے ہم متفق ہیں۔ اس پریشانی وافرا تفری کے دور میں کچھ دیر کے لیے پرسکون ہونے کی خاطر ایسی تحریر بہت ضروری ہے بہرحال آپ کی دونوں تحریریں پڑھنے کے بعد ہی آپ کو اپنی رائے سے آگاہ کرپائیں گے۔ آنچل کا معیار آپ کو پہلے سے جاندار اور شاندار لگ رہا ہے تو یہ آپ کا حسن نظر ہے‘ پرچے کی پسندیدگی کا شکریہ۔ ہمارا خوب سے خوب تر کا یہ سفر جاری رہے گا اور امید ہے آپ کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔
شہزادی… راولپنڈی
پیاری شہزادی! سلطنت آنچل میں آپ کی آمدو نصف ملاقات اچھی لگی‘ آنچل نے آپ میں موجود لکھنے کی صلاحیت کو جلا بخشتے ہوئے آپ کو اچھی شاعرہ بنادیا ہے یہ تو اچھی بات ہے۔ آپ افسانہ لکھنے کے لیے بلوپین یا پوائنٹر استعمال کرسکتی ہیں اس پر کوئی پابندی نہیں۔ اگر آپ کا افسانہ معیاری ہوا تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ہمارے لفظوں سے آپ کو ہمت ملتی ہے آپ کے یہ الفاظ ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔ آج کل کے دور میں بے روزگاری بہت عام ہے۔ اس مادیت پرستی کے دور میں ہر کوئی اپنے مفاد ونقصان کی فکر کرتا ہے شاید اسی لیے دوسروں کو اہمیت نہیں دیتا بہرحال اللہ سبحان و تعالیٰ ہر بے روزگار کو حلال وجائز ذرائع سے حصول رزق حاصل کرنے کے مواقع میسر فرمائے‘ آمین۔
کوثر خالد… جڑانوالہ
عزیزی کوثر! سدا سلامت رہیں‘ آپ کے دل ونگاہ ہماری نگاہ التفات کے منتظر ہیں تو لیجیے جناب انتظار کی جانگسل گھڑیاں ختم اور جواب حاضر ہے۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی آپ سے نصف ملاقات بمعہ خوب صورت و دعائیہ شعر بہت اچھی لگی۔ یونہی محبتوں کی خوش بو سے سب کو محسور کرتی رہیں‘ حمدو نعت جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔ آپ دیگر سلسلوں میں بھی شرکت کرسکتی ہیں۔
اقراء ماریہ… برنالی
ڈئیر سسٹرز! شاد وآباد رہو‘ آپ کا شکوہ بجا ہے لیکن آپ کے خط باعث تاخیر موصول ہونے کے سبب شرکت سے محروم رہ جاتے ہیں‘ آپ کے علمی شوق ولگن کے متعلق جان کر اچھا لگا۔
ودیعہ یوسف زماں قریشی
لانڈھی… کراچی
ڈئیر ودیعہ! سدا مسکرائو‘ آپ اپنا افسانہ ارسال کرنا چاہتی ہیں کردیجیے لیکن زیادہ بہتر یہ ہوگا کہ آپ اپنا مطالعہ وسیع کیجیے دیگر بڑے رائٹرز کی تحاریر کا بغور مطالعہ کریں کیونکہ ابھی اس خط سے اندازہ ہورہا ہے کہ آپ کا انداز تحریر کافی کمزور ہے۔ امید ہے مایوس ہونے کی جگہ کوشش جاری رکھیں گی دیگر سلسلوں میں آپ شرکت کرتی رہیں۔
عاصمہ اقبال… عارف والا
ڈئیر عاصمہ! جیتی رہیں‘ سب سے پہلے تو آپ کو اپنے بھتیجے کی ڈھیروں مبارک باد۔ طویل عرصے بعد آپ سے نصف ملاقات اچھی لگی ورنہ یوں لگتا تھا کہ آنچل سے آپ کہیں دور جاچکی ہیں۔ آپ کا کہنا بجا ہے زندگی میں الجھنیں اور مصائب تو سب کے لیے ہیں بہرحال آپ کے لیے دعاگو ہیں کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی والدہ کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور ان کا دستِ شفقت اور ممتا بھرا آنچل تاقیامت آپ کے سر پر قائم و دائم رہے۔
نجم انجم اعوان… کورنگی‘ کراچی
عزیزی نجم! مانند نجوم جگمگاتی رہو‘ آپ کی شاعری متعلقہ شعبے میں ارسال کردی ہے اگر آنچل کے معیار کے مطابق ہوئی تو اصلاح کے عمل سے گزر کر ضرور اپنی جگہ بنائے گی۔ ماہنامہ حجاب کی سالانہ خریدار بننے کی غرض سے آپ آفس کے نمبر پر رابطہ کرلیں‘ تمام معلومات فراہم ہوجائیں گی۔ جی جناب مارچ کا مہینہ تو امتحانوں کا مہینہ ہے‘ بچوں سے زیادہ بڑوں کے لیے باعث امتحان ہوتا ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ اور دیگر تمام بچوں کو کامیابی و کامرانی عطا فرمائے۔
لائبہ میر… حضرو
عزیزی لائبہ! سدا خوش رہو‘ نیرنگ خیال کے لیے موصول ہونے والی تمام شاعری متعلقہ شعبے کو ارسال کردی جاتی ہے اگر آپ کی شاعری معیاری ہوئی تو اصلاح کے بعد ضرور اپنی جگہ بنائے گی بصورت دیگر معذرت۔ آپ کی تجاویز نوٹ کرلی ہیں جلد عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ فروری کا شمارہ آپ کو بے حد پسند آیا‘ پسندیدگی کا شکریہ۔
ایس گوہر… تاندلیانوالہ
عزیزی گوہر! شاد وآبا رہو‘ آپ نے جس طرح یہ خط ہمیں ارسال کیا ہے کہانی بھی آفس کے پتے پر بھیج دیجیے اگر آنچل کے معیار کے مطابق ہوئی تو ضرور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آپ کے مطالعہ کے ذوق وشوق کے متعلق جان کر اچھا لگا‘ ان کہانیوں میں مثبت اور منفی دونوں پہلو ہوتے ہیں خیر اور شر دونوں کا وجود ہوتا ہے اب یہ پڑھنے والے پر منحصر ہے کہ وہ اپنی ذہنیت کے اعتبار سے کیا سبق حاصل کرتا ہے۔ بہرحال آنچل میں آپ کی شرکت جلد ہی دیگر لوگوں کی سوچ بھی بدل دے گی۔
مشی خان… بھیر کنڈ
ڈئیر مشی! سدا آباد رہو‘ یہ صرف آپ کا ہی نہیں بلکہ بہت سی بہنوں کا گلہ ہے جس کی وجہ صفحات کی کمیابی ہے۔ ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ مختصراً ہی سہی لیکن سب کی نگارشات جو بروقت موصول ہوں ضرور شامل محفل کرلیں اسی بناء بعض اوقات یہ شکایت ہوتی ہے ہمیں آپ کی مشکلات کا اندازہ ہے کہ آپ دور دراز سے صرف اپنے شوق کی تسکین اور ہم سے نصف ملاقات کے لیے شرکت کرتی ہیں لیکن بعض اوقات گنجائش نہ ہونے کی بناء پر آپ کی یہ شکایت دور کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ بہرحال پوری کوشش ہے کہ آپ کی نگارشات جلد شائع کی جاسکیں‘ امید ہے خفگی و گلہ اب نہیں رہے گا۔
سعدیہ رمضان سعدی… 186 پی
ڈئیر سعدی! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی جانب سے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ جلد ہی پیادیس سدھارنے والی ہیں۔ بے شک والدین کے لیے جہاں خوشی کا ایک بہت بڑا لمحہ ہوتا ہے وہیں اپنی نازسی گڑیا کو غیروں کے سپرد کردینا بہت ہمت و حوصلہ کا کام ہوتا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اپنے ہم سفر کے سنگ زندگی کی ڈھیروں خوشیاں عطا فرمائے‘ آمین۔ امید ہے آئندہ بھی رونق محفل بنی رہیں گی۔
یاسمین کنول… پسرور
ڈئیر یاسمین! اسم بامسمیٰ بن کر مہکتی رہو‘ ہمارے انداز تخاطب کو پسند کرنے پر مشکور ہیں‘ شعر کی اشاعت پر شکریہ کی قطعاً ضرورت نہیں یہ آپ بہنوں کا اپنا پرچہ ہے جو آپ کی نگارشات سے سج دھج کر پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے امید ہے آئندہ بھی آپ جلوہ گر رہیں گی۔
سلمیٰ کنول… گلشن اقبال‘ کراچی
پیاری بہن سلمیٰ! سدا سہاگن رہو اور یونہی آنچل و حجاب میں اپنی تحریر و نگارشات کے پھول شامل کرتی رہو‘ اپنی مصروفیات کے لمحات میں سے جس طرح وقت نکال کر آپ ہمارے لیے لکھتی ہیں اسی طرح ہماری بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ ہم بھی اظہار کا لمحہ ضائع نہ کریں لیکن نئے لوگوں کو شامل کرنے کے لیے کچھ تاخیر ہوجاتی ہے اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ہم آپ کو بھول گئے۔ آپ کی تحریر موصول ہوگئی ہے ان شاء اللہ پڑھ کر جلدی رائے سے آگاہ کریں گے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی مشکلات کو آسان کرے‘ آمین۔
شکیلہ… اقبالنگڑ
پیاری شکیلہ! سدا خوش رہو‘ اگر ہمارے لفظوں سے اور ہمارے کہے چند جملوں سے آپ کی تشفی ہوتی ہے تو بے شک یہ بات ہمارے لیے قابل فخر اور باعث رشک ہے۔ آپ کی ساس کی رحلت کا پڑھ کر بہت افسوس ہوا۔ ماں جیسی عظیم ہستی کے ممتا بھرے آنچل سے محروم ہوجانا بے شک بہت بڑا صدمہ ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اور دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘ آمین۔
ام ایمان قاضی… کوٹ چھٹہ
ڈئیر ایمی! سدا سہاگن رہو‘ آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ ابتدا میں لکھا شعر بھی آپ کی چاہت و خلوص کی بھرپور عکاسی کررہا تھا۔ بے شک آپ کا کہنا بجا ہے کہ انتظار کی گھڑیاں کچھ زیادہ ہی طوالت اختیار کرگئی ہیں۔ بہرحال پوری کوشش ہے کہ جلد آپ کی تحریر کو آنچل کی زینت بناکر آپ کے تمام شکوے وشکایات کا ازالہ کرسکیں۔
مدیحہ نورین مہک… برنالی
ڈئیر مدیحہ! سدا خوش رہو‘ شکوہ و شکایات سے بھرپور آپ کا خط موصول ہوا‘ آپ کو بالکل بھی نظر انداز نہیں کیا جارہا یہ آپ کی غلط فہمی ہے بعض اوقات کثیر تعداد میں ڈاک موصول ہوتی ہے تو کچھ بہنوں کو صفحات کی کمیابی کی بنا پر یہ شکوہ ہوتا ہے۔ ہماری جانب سے آپ کو سال گرہ مبارک ہو اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو ایسی ہزاروں خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے‘ آمین۔
شازیہ خان… آزاد کشمیر
ڈئیر شازیہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کی تحریر ’’لنڈا بازار‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ناقص مطالعہ کے باعث آپ موضوع سے انصاف نہیں کرسکیں اس لیے اپنا مطالعہ وسیع کریں اور پڑھتے وقت الفاظ توجہ اور غور سے پڑھیں تاکہ املا کی اغلاط بھی آپ سدھار سکیں امید ہے مایوس ہونے کے بجائے کوشش جاری رکھیں گی۔
رشک حبیبہ… کراچی
پیاری بہن حبیبہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریر ’’میرا گھر‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھنے کے ساتھ ہی قبولیت کی سند بھی حاصل کرگئی۔ ہماری طرف سے آپ کو مبارک باد‘ بس اب اشاعت کا انتظار کریں‘ ہماری کوشش یہی ہے کہ جلد آنچل یا حجاب میں جگہ دیں۔
راؤ سمیرا ایاز… کراچی
گڑیا سمیرا! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’ہنر حیات‘‘ موصول ہوئی منفرد انداز تحریر اور موضوع کے بدولت آنچل کے معیار کا حصہ بن گئی۔ ہماری طرف سے آپ کو مبارک باد‘ اسی طرح منفرد موضوع کو اپنے مزاج کا حصہ بناکر آپ لکھنے کا سفر جاری رکھیں۔
فاطمہ خان… لاہور
پیاری فاطمہ! پھولوں کی طرح مہکتی و مسکراتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’رنگ دے‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے مگر موضوع کا چنائو اور اس کے ساتھ آپ انصاف نہیں کرسکیں اس لیے آپ کی تحریر قبولیت کی سند نہیں پاسکی لیکن مایوس ہونے کے بجائے کسی اور موضوع کا انتخاب کرتے ہوئے جلد اپنی تحریر ارسال کردیں۔
عافیہ یاسمین… راولپنڈی
عزیزی عافیہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی جانب سے دو تحاریر ’’بولڈ اینڈ بیوٹی فل‘‘ اور ’’لاپرواہی‘‘ کے نام سے موصول ہوئیں۔ لاپرواہی کچھ خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام ٹھہری البتہ دوسری تحریر قبولیت کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ امید ہے اس کامیابی کے بعد آپ مزید محنت و لگن سے قلم سے انصاف کرتی رہیں گی۔
میمونہ ذوالفقار… نامعلوم
عزیزی میمونہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی جانب سے خوب صورت کارڈ کا تحفہ موصول ہوا‘ جسے آپ نے نہایت محنت لگن اور شوق سے بناکر بھیجا ہے آپ کے پرخلوص جذبات و چاہت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمیں آپ کا ارسال کردہ کارڈ بہت پسند آیا‘ آپ شاعری ارسال کردیں اگر معیاری ہوئی تو ضرورجگہ بنالے گی‘ آپ کی تحریر کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
ثمینہ طاہر بٹ… لاہور
عزیزی ثمینہ! شاد و آباد رہو‘ آپ کی جانب سے دو کہانیاں ’’ظرف‘‘ اور ’’مردانگی‘‘ کے نام سے موصول ہوئیں۔ دونوں تحریروں نے قبولیت کی سند حاصل کرلی ہے‘ امید ہے آئندہ بھی آپ کا قلمی تعاون حاصل رہے گا اور موضوع کی انفرادیت کو پیشں نظر رکھیے گا۔ ہماری جانب سے اس کامیابی پر ڈھیروں مبارک باد۔
حمیرا نوشین… منڈی بہائو الدین
ڈئیر حمیرا! سدا سہاگن رہو‘ آپ کی تحریر ’’زندگی امتحان لیتی ہے‘‘ پختہ انداز تحریر و اصلاحی موضوع کی بدولت منظور نظر ٹھہری۔ اسی طرح مختصر و موثر انداز میں اپنے قلم کا جادو جگاتی رہیں جہاں آپ کے لکھنے کی فنا کو جلا ملے گی‘ وہیں قارئین کے دلوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کرلیں گی۔
اقراء گلزار… کراچی
پیاری اقراء! سدا خوش رہو‘ موجودہ حالات و واقعات کو قلم بند کرتی آپ کی تحریر ’’خدا کی رحمت‘‘ قابل قبول ٹھہری‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت ہے اور موضوع کا چنائو بھی عمدہ ہے لیکن انداز تحریر میں پختگی کے لیے ابھی آپ کو مزید محنت و مطالعہ کی ضرورت ہے لہٰذا اس کامیابی سے مزید محنت و کوشش کو اپنا شعار بنالیں‘ بہتر لکھنے میں آپ کو مدد ملے گی۔
عالیہ توصیف… نامعلوم
ڈئیر عالیہ! سدا سلامت رہو‘ آپ کی تحریر ’’بدلتا موسم‘‘ انداز تحریر پختہ ہے‘ جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔ موضوع کی انفرادیت کے ساتھ مختلف موضوعات پر طبع آزمائی جاری رکھیں۔
حلیمہ زمان… سعودی عرب
عزیزی حلیمہ! سدا مسکرائو‘ شکوہ و شکایات سے بھرپور آپ کی میل موصول ہوئی‘ آپ کا کہنا بجا ہے کہ انتظار کے طویل لمحوں کے بعد ناکامی بہت تکلیف دہ امر ہے بہرحال آئندہ کوشش کریں گے کہ آپ کی نگارشات ضرور شائع ہوسکیں۔ یہ آپ کا اپنا پرچہ ہے امید ہے اب خفگی دور ہوجائے گی اور آپ کا اور آنچل کا ساتھ برقرار رہے گا۔
آفرین اعوان… اٹک
عزیزی آفرین! سدا مسکرائو‘ آپ کی جانب سے مختلف تحاریر موصول ہوئیں پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے البتہ موضوع کا چنائو کمزور ہے‘ آپ نے جن موضوعات کو قلم بند کیا ہے ان پر بہت کچھ اور بہت بہتر انداز میں لکھا جاچکا ہے البتہ آپ کی ایک تحریر ’’تاریخ کے جھروکوں سے‘‘ منفرد موضوع کی بدولت اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ٹھہری۔ اس ناکامی سے کامیابی کا سفر آپ کو وسیع مطالعے کی بدولت طے کرنا ہے اور اسی طرح کے موضوع پر طبع آزمائی جاری رکھیں اس پہلی کامیابی پر ہماری جانب سے ڈھیروں مبارک باد۔
شبانہ تعظیم… راولپنڈی
پیاری شبانہ! ہمیشہ مسکراتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’محبتوں کی برسات‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو بہت محنت کی ضرورت ہے اس لیے دل برداشتہ ہونے کے بجائے اپنا مطالعہ وسیع کریں اور پہلے ہمیشہ مختصر موضوع پر قلم اٹھائیں‘ ناول و ناولٹ پر طبع آزمائی بعد میں ادارے سے مشورہ کرکے لکھیں‘ ابھی آپ کے لکھنے میں پختگی نہیں ہے۔
طیبہ اقبال… نامعلوم
ڈئیر طیبہ! سدا سلامت رہو‘ آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی‘ بے شک والد کے پرشفیق سائے سے محروم ہوجانا آپ کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ ان حالات میں جیسے آپ نے خود کو سنبھالا اور اپنے والد کے خوابوں کو پورا کرنے کا عزم کیا ہے‘ جان کر اچھا لگا۔ آنچل کی فیملی کا حصہ آپ بن چکی ہیں‘ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ آپ تمام عزائم کو کامیابی سے ہمکنار کرے‘ آمین۔
غزل فاطمہ سگو… نامعلوم
ڈئیر غزل! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’تیرے لوٹ آنے کی منتظر نگاہیں‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ لکھنے کے لیے ہمیشہ مختصر موضوع کو اپنے مزاج کا حصہ بنائیں‘ طوالت کی وجہ سے آپ موضوع کے ساتھ انصاف نہیں کرسکیں۔ امید ہے مایوس ہونے کے بجائے مطالعہ کے ساتھ کوشش جاری رکھیں گی۔
ماہ نور نعیم… بھکر
گڑیا ماہ نور! پھولوں کی طرح مہکتی مسکراتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’کانچ اور عورت‘‘ موصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن موضوع خاص نہ ہونے کی وجہ سے آپ کی تحریر قبولیت کی سند حاصل کرنے میں ناکام ٹھہری اس لیے کسی اور موضوع کا انتخاب کریں۔
سلمیٰ عنایت حیا…کھلابٹ ٹائون شپ
پیاری سلمیٰ! خوشیوں کی بہار اپنے دامن میں سمیٹو‘ آپ سے نصف ملاقات اچھی رہی۔ آنچل سے وابستگی اور شاعر بننے کا خواب جان کر خوشی ہوئی‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو صحت والی لمبی عمر عطا فرمائے‘ خوشیوں بھری زندگی دے‘ آمین۔ آپ کی شاعری متعلقہ شعبہ میں بھیج دی ہے‘ ان شاء اللہ جلد ہی آنچل کے صفحات پر جگہ بنالے گی۔
ناقابل اشاعت:۔
وہ ایک لمحہ جو میرا متاع حیات‘ زادِ راہ‘ سائبان‘ غبارے والا‘ خدا مہربان‘ اس بار بھی ہم پڑھ سکے آنچل‘ لاج‘ آپی‘مہک‘ کالی رات‘ محبتوں کی برسات‘ لوگ کیا کہیں گے‘ تیرے لوٹ آنے کی منتظر نگاہیں‘ مائیں نی‘ میرا عزم جواں‘ محبت کی جیت‘ ظرف ظرف کی بات‘ لنڈا بازار‘ ہدایت کی روشنی‘ صبر کا پھل‘ افسانہ‘ مجھے رنگ دے‘ بے نشان‘ میرے مہرباں‘ قناعت ‘ مسافتیں مہربان ہوئیں‘ نیک سیرت‘ اے کاش‘ گلثانہ‘ عورت‘ گر محبت نہ ہوتی‘ صحرا نشین مجاہد‘ سرزمین سے عشق‘ لاپرواہی‘ کوئی درد کا درماں ہے‘ میرا سوہنا‘ کوئی دیکھ رہا ہے‘ ہیپی نیو ائیر‘ جیت محبت کی‘ بہنیں ایسی ہوتی ہیں‘ ورطہ حیرت‘ ہوس کی تباہی‘ لفظ زندہ رہتے ہیں‘ الجھن سلجھی ہم سفر بنا‘ میرے مہرباں‘ بے غرض محبتیں‘ پاک کتاب‘ مکافات عمل‘ گندی نسل‘ ناکردہ گناہ‘ عشق عیاں‘ سودا‘ مقصدِ حیات‘ مٹی کا گھروندا‘ زخم‘ من مورت‘ یہ سزا ہے عمر بھر کی‘ رسموں کی بھینٹ‘ کڑوا سچ۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close