Aanchal Jan 16

درجواب اں

مدیرہ

رفاقت جاوید… اسلام آباد
پیاری بہن رفاقت! سدا خوش رہو‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے زور قلم میں اور زیادہ نکھار دے تاکہ آپ یونہی اپنی تحریروں سے قارئین کے دلوں پر حکمرانی کرسکیں اور مزید حساس موضوعات کو قلم بند کریں‘ آپ کی طرف سے تحفہ کے طور پر دو خوب صورت کتابیں موصول ہوئیں ’’بہاروں کی پت جھڑ میں‘‘ اور ’’پروین شاکر، جیسا میں نے دیکھا‘‘ آنچل کی لائبریری میں چار چاند لگا گئی اور آپ کی کتاب ’’پروین شاکر‘‘ پر جو ہے اس کو ہم اپنے نئے ماہنامہ حجاب میں شروع کررہے آپ کی اجازت سے جس کے لیے ہم آپ کے مشکور ہیں۔ امید ہے کہ آپ جلد ہی اپنے ناول و افسانہ سے آنچل و حجاب میں بھی جھلملائیں گی۔
اقراء صغیر احمد… کراچی
پیاری اقراء! سدا سکھی رہو‘ آپ کی خوش دامن کی رحلت کی خبر جان کر دل بے حد رنجیدہ ہوا۔ بے شک ماں جیسی عظیم ہستی کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایک بڑا سانحہ ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ان کٹھن لمحات میں آپ اور دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے اور مرحومہ کے درجات بلند فرما کر ان کو اعلیٰ علین میں جگہ عطا فرمائے‘ آمین۔
سیدہ فائزہ رازق… گھڑی سیداں
ڈئیر فائزہ! جیتی رہو‘ آپ کی نظم کی اشاعت پر شکریہ کی ہرگز ضرورت نہیں‘ آپ کی نظم اس معیار کی تھی تو ضرور شامل کرلی گئی آئندہ بھی آپ دیگر سلسلوں میں شرکت کرسکتی ہیں یہ آپ بہنوں کا اپنا پرچہ ہے جو آپ کی نگارشات سے ہی پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے۔
شازیہ خان… مظفر آباد
ڈئیر شازیہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریر ’’بھرم ٹوٹے نہ‘‘ اس بار بھی آپ کا بھرم قائم رکھنے میں کامیاب ٹھہری۔ سماجی و معاشرتی حالات کی بھرپور عکاسی کرتی یہ تحریر حقیقت کے ازحد قریب ہے اسی لیے ہماری منظور نظر ٹھہری لیکن اب ہمیں بھی آپ سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں سو بہتر سے بہترین کے لیے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے وسیع مطالعہ کو اپنا شعار بنایئے اور اسی طرح کے موضوعات پر قلم آزمائی جاری رکھیے۔ ہماری جانب سے اس کامیابی پر ڈھیروں مبارک باد۔
کے ایم نور المثال… کھڈیاں خاص‘ قصور
ڈئیر نور! سدا سہاگن رہو‘ شادی کے حوالے سے آپ کا نکتہ نظر بالکل درست ہے اور اس سلسلے میں آپ کا لکھا شعر بھی پسند آیا۔ بے شک مصروفیات بڑھ جاتی ہیں بہرحال آنچل پھر بھی آپ کے زیر مطالعہ رہا‘ جان کر اچھا لگا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اس نئی زندگی میں اپنے ہم سفر کے سنگ ابدی ودائمی خوشیاں نصیب فرمائے‘ پیغام شائع کرنے کی کوشش کریں گے۔
رخشی… کلفٹن‘ کراچی
عزیزی رخشی! سدا خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’ایک تھی ستارہ‘‘ کامیابی کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ آپ نے کافی عرصہ بعد اپنے قلمی سفر کا پھر سے آغاز کیا ہے جان کر خوشی ہوئی۔ امید ہے آئندہ بھی اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر آپ آنچل کے سلسلوں میں شرکت کرتی رہیں گی‘ البتہ آپ کی دوسری تحریر ’’سہل ہے مرنا یہاں‘‘ اس موضوع پر بہت کچھ لکھا جاچکا ہے‘ تحریر میں انفرادیت مفقود ہے اس بناء پر اس تحریر کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
نسیم سحر… کراچی
ڈئیر نسیم! شاد وآباد رہو‘ آپ کے خط میں آپ کی والدہ کی رحلت کی خبر سن کر دل بے حد رنجیدہ ہوا۔ بے شک ماں جیسی عظیم نعمت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ماں کی ممتا اور شفقت کا آنچل سر سے اٹھ جانا ہے بے شک آپ سب کے لیے بڑا کربناک سانحہ ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی والدہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ سب کو صبر و استقامت عطا فرمائے‘ آمین۔ آپ کی ایک تحریر تو دسمبر میں حجاب کے صفحات کی زینت بن چکی ہے باقی بھی جلد شامل اشاعت کرلیں گے۔
نظیر فاطمہ… لاہور
ڈئیر نظیر! جگ جگ جیو‘ ’’گھنا سایہ‘‘ کے عنوان سے آپ کی تحریر موصول ہوئی۔ خوب صورت الفاظ‘ مضبوط پلاٹ عمدہ کردار نگاری اور مکالمہ نگاری کی بدولت آپ کی تحریر جاذب نظر ٹھہری۔ آپ کی تحریروں کے اچھوتے موضوعات آپ کے نام کی طرح بے نظیر ہیں۔ امید ہے آپ آئندہ بھی اپنے قلم کا حق ادا کرتے قارئین کی اصلاح ورہبری کا فریضہ انجام دیتی رہیں گی اور اپنے علم کی جوت سے بہت سی شمعیں روشن کرنے میں کامیاب ٹھہریں گی۔
مہر گل… کراچی
پیاری مہر! اسم بامسمیٰ بن کر ہر طرف روشنیاں بکھیرتی رہو‘ طویل عرصے کے بعد آپ کی جانب سے دو تحاریر موصول ہوئیں ’’قیامت ہی تو ہے‘‘ حساس موضوع پر آپ نے جس طرح قلم اٹھایا اور افسردہ دلوں کا کتھارس پڑھ کر اچھا لگا۔ البتہ آپ کی دوسری تحریر ’’آزمائش‘‘ شاید آپ نے آنچل کے لیے نہیں لکھی تھی اور غلطی سے آنچل میں بھیج دی۔ آپ کی پہلی تحریر جلد لگانے کی کوشش کریں گے‘ امید ہے آپ بھی ان طویل مسافتوں کو عبور کرتے نصف ملاقات کے لیے ذریعے بزم آنچل میں جلوہ گر ہوتی رہیں گی۔
تمثیلہ زاہد… کراچی
پیاری تمثیلہ! سدا مسکرائو‘ سب سے پہلے تو آپ کو پیارے سے بیٹے کی مما بننے پر بہت بہت مبارک باد اللہ سبحان و تعالیٰ آپ دونوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور نصیب بلند کرے‘ آمین۔ گھر اور بچوں کی مصروفیات میں سے آپ نے ہمارے لیے وقت نکالا بے حد خوشی ہوئی‘ امید ہے آپ کا قلمی تعاون آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ حجاب کے دروازے بھی آپ پر کھلے ہیں‘ آپ کا افسانہ اس بار شامل اشاعت ہے۔
کائنات بشیر… جرمنی
ڈئیر کائنات! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’آج کی رات پیا‘‘ کے عنوان سے وصول ہوئی‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ کا اندازہ تحریر اور موضوع دونوں ہی بہتر ہیں۔ اس لیے آپ کی تحریر قبولیت کی سند حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہری۔ امید ہے کہ آپ کا قلمی تعاون آئندہ بھی آنچل کے سنگ رہے گا اور اسی طرح کے موضوعات کو آپ اپنے خوب صورت انداز بیان کے ذریعے قارئین کی اصلاح کے لیے استعمال کرتی رہیں گی‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔
لاریب انشال… اوکاڑہ
عزیزی لاریب! جیتی رہو‘ آنچل کی جانب سے آپ کے لیے خوش خبری لیے حاضر ہیں آپ کی تحریر ’’قربانی‘‘ آپ کی پہچان بنانے میں کامیاب ٹھہری‘ بہت جلد آپ کی تحریر آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنالے گی لیکن اس کامیابی کے ساتھ ساتھ ابھی آپ کو مزید محنت کی بھی ضرورت ہے۔ اپنا مطالعہ وسیع کرتے ہوئے دیگر رائٹرز کی تحریروں کا بغور مشاہدہ کریں اس سے آپ کے لکھنے کے انداز میں مزید پختگی آئے گی اور موضوعات کے چنائو میں انفرادیت کا پہلو بھی نمایاں ہوگا امید ہے یہ کامیابی آپ کے لیے بہت سی کامیابیوں کے دروازے کھول دے گی۔
نیلم شہزادی… سرگودھا
پیاری شہزادی نیلم! بزم آنچل کی ریاست میں خوش آمدید‘ آپ کی تحریر ’’چنائو‘‘ کا بے اختیار ہم بھی چنائو کر بیٹھے۔ خوب صورت انداز بیاں‘ منفرد اسلوب‘ نادر تشبیہات اور الفاظ کا برمحل استعمال آپ نے بخوبی کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کی تحریر کا حسن بڑھ جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آپ کی تحریر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ٹھہرتی ہے۔ آپ اسی طرح قلمی تعاون برقرار رکھتے ہوئے اپنے قلم کا جادو جگاتی رہیں اور اپنے پرکشش الفاظ کا فسوں قارئین پر طاری کرکے انہیں سحر زدہ کرنے میں کامیاب رہیں۔
مونا شاہ قریشی… کبیروالہ
ڈئیر مونا! شاد وآباد رہو‘ آپ نے جس حساس موضوع پر قلم اٹھایا اور عورت کے جذبات و احساسات اور اس کے سمجھوتا کرنے کی عادت کو جس طرح اپنی تحریر ’’سمجھوتہ‘‘ میں قلم بند کیا ہے‘ پڑھ کر بہت اچھا لگا۔ موضوع اگرچہ پرانا ہے لیکن آپ کے انداز بیاں کی پختگی نے اس میں انفرادیت پیدا کردی ہے اسی بناء پر آپ کی یہ تحریر قابل قبول ٹھہری۔ امید ہے آپ آئندہ بھی اسی طرح کے موضوعات سے بھرپور انصاف کرتی جہاد بالقلم کرتے قارئین کے ادبی ذوق کی تسکین کرتی رہیں گی‘ پروردگار آپ کو بہت سی کامیابیوں سے نوازے‘ آمین۔
زیبا حسن مخدوم… سرگودھا
پیاری زیبی! سدا مسکرائو‘ آپ نے جس موضوع کو اپنے لیے مختص کیا بہت خوب صورت اورعمدہ ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کا موضوع کا چنائو تو درست ہے لیکن انداز تحریر میں مزید محنت کی ضرورت ہے بہرحال آپ کی یہ تحریر تراش خراش کے بعد آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنالے گی لیکن آپ اس کامیابی سے اپنی محنت و لگن کا سلسلہ مزید تیز کردیجیے۔ بہت جلد آپ اپنے لکھنے میں نمایاں فرق محسوس کریں گی‘ امید ہے ان باتوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی تحریروں میں مزید پختگی لائیں گی۔
سیما بنت عاصم… کراچی
ڈئیر سیما! جگ جگ جیو‘ آپ کی تحریر ’’من کا سیپ‘‘ موصول ہوگئی ہے‘ جذبات و احساسات سے گندھی یہ آپ کی تحریر جلد اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ٹھہرے گی۔ امید ہے آپ دیگر موضوعات پر بھی قلم کی روشنی سے بزم آنچل میں شمعیں فروزاں کرتی رہیں گی‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیوں سے سرفراز کرے‘ آمین۔
مدیحہ شفیع… بورے والا
پیاری مدیحہ! جیتی رہو‘ آپ کی تحریر اس بناء پر ریجیکٹ نہیں کی جاتی کہ آپ کا تعلق کسی گائوں یا چھوٹے شہر سے ہے بلکہ آپ کی تحریر ’’ہم خوش ہوئے‘‘ اس لیے ناکام ٹھہری کیونکہ آپ کا انداز تحریر بہت کمزور ہے‘ املا کی اغلاط اور کردار نگاری بھی کمزور ہے لہٰذا ابھی آپ اپنے مطالعہ پر توجہ دیں‘ ان شاء اللہ جلد بہتری آئے گی۔
ثناء ناز… رجانہ
پیاری ثناء! جیتی رہو‘ آپ کی تحریر ’’مسافتیں مہربان ہوئیں‘‘ ہمیں موصول ہوگئی ہے جلد ہی پڑھ کر آپ کو اس کے بارے میں اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے اس لیے تھوڑا سا انتظار کیجیے۔
عالیہ توصیف… نامعلوم
ڈئیر عالیہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی تحریر ’’بہت دیر تک نڈھال رہے‘‘ فرسودہ رسوم و رواج کے خلاف آپ نے جس طرح اپنے قلم کے ذریعے علم بغاوت بلند کیا بہت اچھا لگا۔ اسی بنا پر آپ کی یہ تحریر قابل قبول ٹھہری‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے قلم میں مزید پختگی عطا فرمائے‘ آمین۔
مدیحہ اکرم… ہری پور
ڈئیر مدیحہ! سدا خوش رہو‘ آپ کی نگارشات میں نام کی جو غلطی ہوئی اور آئندہ اس بات کا خاص خیال رکھیں گے کہ آپ کا نام مدیحہ اکرم ہی اشاعت ہو۔ امید ہے کہ ناراضگی کے بادل چھٹ گئے ہوں گے اور رہی بات شکریہ کی تو اس کی قطعی ضرورت نہیں یہ آپ بہنوں کا اپنا ماہنامہ ہے اور معیاری چیز اپنی جگہ خود بنا ہی لیتی ہے۔ آپ مزید بھی اپنی نگارشات ارسال کرسکتی ہیں۔
ثناء عرب سنی… صوابی
پیاری بیٹی ثناء! خوشیوں کی بہار اپنے دامن میں سمیٹو اور پھولوں کی طرح مہکتی رہو۔ آپ کا شکایت سے بھرا خط موصول ہوا‘ بے شک گلے اپنوں سے ہوتے ہیں لیکن اتنے بھی نہیں آپ کی نگارشات ہمیں اس وقت موصول ہوتی ہیں جب آنچل تکمیل پاکر آپ کے ہاتھوں میں آنے کے لیے بالکل تیار ہوتا ہے اس لیے آپ کی نگارشات اشاعت سے محروم ہوجاتی ہیں اس کے لیے آپ ہر ماہ کی پانچ تاریخ تک اپنی نگارشات بمعہ آئینہ ارسال کردیا کریں تاکہ وہ شامل اشاعت ہوسکیں‘ امید ہے کہ اب پیاری بیٹی ناراضگی ختم ہوگئی ہوگی۔
نورین لطیف… ٹوبہ ٹیک سنگھ
پیاری نورین! پھولوں کی طرح مہکتی ومسکراتی رہو‘ حجاب بھی آپ کا اپنا ماہنامہ ہے رہی ہاکر کی غلط بیانی تو ایسا کچھ نہیں ہے۔ ماہنامہ حجاب بھی ہر ماہ کی پانچ تاریخ کو مارکیٹ میں جلوہ گر ہوجاتا ہے آپ اپنے ہاکر کے علم میں یہ بات لے کر آئیں اور بزم سخن میں شامل ہونے کے لیے آپ کو کوپن ضرور ساتھ بھیجنا ہوگا تاکہ قرعہ اندازی میں آپ کا نام بھی شامل ہوسکے‘ باقی اس انعامی سلسلے کے حوالے سے آپ بخوبی جانتی ہی ہوں گی۔ نازیہ کچھ مصروفیات کی وجہ سے حجاب کے لیے نہیں لکھ پارہیں لیکن جیسے ہی انہیں فراغت کے لمحات میسر آئے وہ آنچل کی طرح حجاب میں بھی اپنی تحریر کے ساتھ جھلملائیں گی‘ دعائوں کے لیے جزاک اللہ‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بھی خوش رکھے‘ آمین۔
سیدہ سحر گیلانی… ایبٹ آباد
ڈئیر سحر! خوش رہو‘ آپ کی تحریر ’’روٹی‘‘ پڑھ ڈالی کچھ خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام ٹھہری‘ غربت اور افلاس کے موضوع پر لکھی آپ کی یہ تحریر آپ کے کمزور انداز بیاں کی وجہ سے رد کی گئی۔ آنچل سے آپ کی محبت بجا ہے ہمیں آپ کے پرخلوص جذبات کا بخوبی احساس ہے لیکن ابھی آپ مزید محنت و وسیع مطالعہ کی طرف غور کیجیے آپ آنچل میں شرکت دیگر سلسلوں کے ذریعے کرسکتی ہیں۔ امید ہے اس ناکامی سے مایوس ہونے کے بجائے کوشش اور محنت جاری رکھیں گی۔
صبا الیاس… گوجر خان
ڈئیر صبا! مانند صبا مہکتی رہو‘ آپ کی دونوں تحریریں آنچل کے معیار پر پوری نہ اترسکیں۔ ’’میرے لخت جگر‘‘ میں آپ کے جذبات واحساسات کا بھرپور اظہار اور سانحہ دسمبر کے بچوں اور لواحقین کے لیے گرانقدر جذبات قابل تحسین ہیں لیکن اس طرح صفحہ قرطاس پر پیش کرنے میں ناکامی کی وجہ آپ کے انداز تحریر کی کمزوری ہے آپ فی الحال کاغذ قلم سے عارضی رابطہ توڑ کر کتاب سے ناطہ جوڑ لیں‘ اپنا مطالعہ وسیع کریں اپنی تحریروں کا دیگر بڑے رائٹرز کی تحاریر سے موازنہ کریں اس سے آپ کو بہتر لکھنے میں مدد ملے گی اور اپنی کمزوریوں کا ادراک بھی ہوگا آنچل میں شرکت کے لیے آپ دیگر مستقل سلسلوں میں شمولیت اختیار کرسکتی ہیں۔
نفیسہ صدف… گجرات
ڈئیر نفیسہ! جیتی رہو‘ آپ کی جانب سے اسم اعظم کی صورت میں افسانہ موصول ہوا‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے لیکن جس موضوع کا انتخاب کیا ہے وہ باعث تنازعہ ہے آپ موضوع کے چنائو میں احتیاط سے کام لیں اور تحریر کی فوٹو اسٹیٹ اپنے پاس رکھیں‘ ہمیں اصل مسودہ ارسال کریں بصورت دیگر تحریر قابل قبول نہیں ہوگی۔
ایس چلبلی… نور پور ٹمن
پیاری چلبلی! سدا خوش رہو‘ دعائوں اور چاہتوں کی خوش بو میں بسا آپ کا نامہ موصول ہوا۔ آپ کو آنچل میں شرکت کے لیے اجازت کی ضرورت ہرگز نہیں ہے دیگر سلسلوں میں آپ شرکت کرسکتی ہیں۔ البتہ تحریر کے لیے اس بات کا خیال رکھیں کہ پہلے افسانے کی صنف پر قلم آزمائی کیجیے۔
نورین مسکان سرور… ڈسکہ‘ سیالکوٹ
ڈئیر نورین! جگ جگ جیو‘ آپ کی ناساز طبیعت کے متعلق جان کر بے حد رنجیدگی ہوئی بہرحال آپ نے پھر بھی ہمت کرکے کاغذ و قلم کا سہارا لے کر اپنے جذبات و احساسات ہوا کے دوش ہم تک پہنچائے بے حد خوشی ہوئی اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو جلد صحت و تندرستی عطا فرمائے‘ آمین۔ سروے میں آپ کو ضرور شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔ تبصرے تو سب ہی شامل کرلیے جاتے ہیں البتہ جو پرچے کی تکمیل کے بعد ملتے ہیں وہ ضرور ردّی کی ٹوکری کی نذر ہوتے ہیں آپ کی دیگر نگارشات بھی جلد شائع کرنے کی کوشش کریں گے۔ آپ کو اب تک ماہنامہ حجاب موصول نہ ہوسکا آپ کے اس دکھ میں ہم آپ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ ہمت مرداں‘ مدد خدا‘ کوشش کرتی رہیے جلد ہاکر سے مل جائے گا۔ آنچل سے متعلق آپ کے والہانہ جذبات و احساسات آپ کے دیگر خطوط میں جان کر اچھا لگا‘ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو نمایاں کامیابی عطا فرمائے‘ آمین۔ ویسے ڈسکہ میں چار جگہوں پر جارہا ہے‘ میں بازار‘ کچہری روڈ‘ کمیٹی بازار اور مچھلی بازار میں آپ ان جگہوں میں دیکھ لیں۔
مشی خان… بھیرکنڈ‘ مانسہرہ
ڈئیر مشی! شاد وآباد رہو‘ خفگی وناراضگی سے بھرپور آپ کا نامہ بر موصول ہوا۔ آپ کا شکوہ بجا ہے کہ آپ اتنی دور دراز سے وقت نکال کر آنچل کی محفل میں شریک ہوتی ہیں اور اپنا نام نہ دیکھ کر افسردہ ہوجاتی ہیں۔ آپ کی شکایت متعلقہ شعبوں تک پہنچادی ہے‘ ان شاء اللہ جلد ہی آپ کی بمعہ آپ کی دوست کرن شہزادی کی نگارشات شامل کرنے کی کوشش کریں گے‘ امید ہے خفگی دور ہوجائے گی۔
سدرہ احسان… سمبڑیال‘ سیالکوٹ
ڈئیر سدرہ جیتی رہو‘ آنچل میں آپ کی نگارشات کی اشاعت پر شکریہ کی قطعاً ضرورت نہیں۔ یہ آپ بہنوں کا اپنا پرچہ ہے جو آپ ہی کی کاوشوں سے پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے۔ آپ کے تعارف کے متعلق متعلقہ شعبے میں ارسال کردیں گے آپ ازسر نو اپنا تعارف ہمیں ارسال کردیں‘ جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔
سلمیٰ غزل… کراچی
عزیزی سلمیٰ! شاد وآباد رہو‘ آپ کی مصروفیات کی بدولت قلمی سلسلوں کا فقدان ہے۔ کیا کیجیے جناب آج کل ہر کوئی فرصت نہ ملنے پر شکوہ کناں ہے اور کچھ مصروفیات ہماری اپنی پیدا کردہ ہیں بہرحال آپ سے توقع ہے کہ آپ اپنی مصروف زندگی سے چند پل نکال کر ضرور کسی اچھی تحریر کے ساتھ جلد حاضر ہوں گی آپ کی غزل جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔
جویریہ عباسی… مری
پیاری جویریہ! سدا مسکرائو‘ آپ سے نصف ملاقات اور آنچل سے آپ کے دیرینہ ساتھ کے متعلق جان کر بہت اچھا لگا۔ آپ کے افسانہ اور ناولٹ پڑھ کر ہی یہ اندازہ ہوسکے گا کہ آپ کی تحریر آنچل کے معیار کے مطابق ہے یا نہیں بہرحال آپ نے قلمی سفر کا آغاز تو ہمت کرکے کر ہی لیا ہے اب اگر کوئی تحریر ناکام بھی ہو تو مایوسی کے بجائے وسیع مطالعہ اور محنت کے ساتھ کوشش جاری رکھیں۔
صبا شہزادی… مانا نوالہ
ڈئیر شہزادی! جیتی رہو‘ دو سال کے طویل عرصہ بعد آپ نے آنچل کی محفل کو رونق بخشی‘ جان کر اچھا لگا۔ اقراء صغیر کا ناول جلد ہی آپ آنچل کے صفحات پر پڑھ سکیں گی‘ انتظار کی یہ گھڑیاں جلد ہی گزر جائیں گی۔ آنچل کی پسندیدگی و آپ کی دعائوں کے لیے بے حد مشکور ہیں‘ جزاک اللہ۔
حمیرا رباب چندا… سرگودھا
عزیزی حمیرا! جگ جگ جیو‘ پانچ سال کے عرصہ کی طویل غیر حاضری کے بعد آنچل کی محبت اور کشش نے ایک بار پھر آپ کو اپنے حصار میں مقید کرلیا‘ جان کر اچھا لگا۔ آنچل کے لیے آپ کے پرخلوص جذبات ہمارے لیے قابل تحسین و باعث فخر ہیں۔ بے شک آپ قارئین کی یہ تعریفی سطور و چند کلمات ہمیں آنچل کوبہتر سے بہترین بنانے کے سفرپر گامزن رکھتے ہیں اور ہماری ساری تھکن کافور کرنے کا سبب بنتے ہیں طویل عرصے کے بعد آپ نے اپنی تحریر کے سنگ پھر سے آنچل سے رابطہ استوار کیا بہت خوشی ہوئی۔ تحریر پڑھنے کے بعد جلد آپ کو اس کے متعلق بتادیں گے۔
ریشماں کنول… فورٹ عباس
ڈئیر ریشماں! سدا سکھی رہو‘ آپ سے طویل عرصہ بعد نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ آپ کا کہنا بجا ہے شادی کے بعد کی زندگی مصروفیات سے بھرپور ہوتی ہے ایسے میں اپنے مشاغل کے لیے وقت نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے بہرحال آپ نے تعلیمی سلسلے کا ازسر نو آغاز کیا ہے بہت خوشی ہوئی آپ کہانی ارسال کردیں پڑھنے کے بعد ہی اپنی رائے سے آگاہ کرپائیں گے۔
ناقابل اشاعت:۔
چہرے‘ میرا جنون‘ میرا قلم‘ فیصلہ‘ اندھی محبت‘ ایسا کیوں‘ اعتاد‘ گیلے گال‘ سہل سے مرنا یہاں‘ ظرف اپنا اپنا‘ پھوہڑ‘ یہ کیسا ہے انتظار‘ صبر کا پھل‘ لاگی تجھ سے لگن‘ نئے سال کی نئی محبت‘ اڑان‘ سلگتی شام ‘ سنگ سنگ چلنا‘روٹی‘ تم بن ادھوے ہم‘ مجرم کون‘ محبت بھی روگ ہے کیا‘ زندگی کے سہانے سفر‘ تمہیں زندگی سے بڑھ…‘ آزمائش‘ فیصلے مقدر کے‘ محبت‘ ان چاہی‘ محبت اور اداس شامیں‘ الم ناک‘ گھروندہ‘ حساس‘ جھکی‘ یاد تنہائی‘ تصویر‘ وہ مان جو ٹوٹ گیا‘ ہم خوش ہوئے‘ باجی کوثر‘ جو من بھائے‘ کہانی سوہنی ماہیوال کی‘ فاطمہ‘ کچی عمر کے خواب‘ زیب‘ رنگ حیات تم سے‘ میرے لخت جگر‘ محسن‘ آیتہ الکرسی کا ورد‘ روشن صبح‘ تھپڑ‘ اسم اعظم‘ اک اور برس بیت گیا‘ تم میری ثروت ہو‘ سہارا مل ہی جاتا ہے‘ وطن کی پکار‘ تیرے عشق میں جانے جاناں‘ محبت کی زنجیر‘ یہ چاہت کے موسم‘ شہید برحق‘ پچھتاوے کے آنسو‘ ماں سی‘ ساحل پر لکھا تیرا نام‘ اماں دا لاڈلا بگڑ گیا‘ اک لمحہ آگہی کا‘ ویلٹائن ڈے‘ سایہ اور سائباں۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close