Hijaab Nov-16

حسن خیال

جوہی احمد

السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ! اللہ عزوجل کے بابرکت نام سے ابتدا ہے جو خالق کونین اور مالک ارض و سماں ہے۔ سب سے پہلے آپ قارئین بہنوں کو حجاب کی سالگرہ مبارک ہو۔ ہماری کوشش اور آپ کی دعائوں سے حجاب بلندی کی طرف گامزن ہے‘ آپ کی پذیرائی ہی ہماری ہمت بڑھاتی ہے اور مصنفین کی بھی۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ صرف مصنفین کی تحریر کے حوالے سے ہی آپ کے تبصرے شامل کریں تاکہ ان کی تحاریر میں بھی نکھار آئے۔ ہر تخلیق کار اپنی چیز کی تعریف و تنقید سے اسے بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ میری بات اگر آپ کی طبیعت پر گراں گزری تو معذرت۔ امید ہے کہ آئندہ آپ مصنفین کی تحریر پر ضرور تبصرہ کریں گے‘ اب چلتے ہیں حسن خیال کی جانب۔
سیدہ ضوباریہ ساحر… السلام علیکم! محترمہ مدیرہ‘ ڈئیر جوہی اور محترم قارئین‘ ان تمام قارئین کا بے حد شکریہ جنہوں نے میرے الفاظ کو اہمیت دی اور اپنی قیمتی آراء سے مجھے مستفید کیا۔ آپ کی آراء میرے لیے بے حد اہم ہیں‘ اس سے پہلے کبھی بھی میں نے کسی کہانی کے حوالے سے کسی ڈائجسٹ میں خط نہیں لکھا‘ کہانی لکھ کر پوسٹ کردیتی تھی اور طاہر بھائی کی شفقت اور محترمہ قیصر آراء کی حرف شناس نگاہوں میں شرف قبولیت پاجاتی تھی۔ یہ دونوں ہستیاں میرے رائٹنگ کے اس سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ’’زیاں‘‘ ایک عام کہانی ہے اسی لیے میں اس کے حوالے سے کچھ وضاحت کردینا ضروری سمجھتی ہوں۔ اسی لیے براہ راست قارئین کی توجہ حاصل کرنے کی جسارت کررہی ہوں‘اس کہانی کو لکھتے ہوئے بہت بار ذہن میں آیا اسے یہیں ختم کردوں‘ نامکمل چھوڑ دوں کیونکہ روایت سے ہٹی ہوئی چیزیں اکثر ناقابل قبول ہوتی ہیں۔ یہ ایک بکھرے ہوئے خاندان کے ٹوٹے ہوئے رشتوں اور انسانوں کی کہانی ہے‘ روایتی کہانیوں کی طرح ون پلاٹ بیسڈ نہیں ہے نہ اس میں ہیرو اور ہیروئن ہیں‘ نہ رومانوی فضا اور نہ ہی محبت کے روایتی مکالمات‘ تخیل اور رومان پسند قارئین کو شاید یہ کہانی بور بھی لگے لیکن مجھے اطمینان ہے کہ میں نے اپنی کئی راتوں کی نیندیں اس کہانی کے لیے قربان کی ہیں۔ اس کہانی کا ہر کردار چاہے وہ بہت مختصر ہی کیوں نہ ہو اپنے اندر پوری جزئیات سمیت سچائی سمیٹے ہوئے ہے۔ کہانی کا سب سے اہم حصہ ماہین ہیں جو اَب اس دنیا میں نہیں ہیں۔ان کے درد کی مسافت کو حتی الامکان احاطہ تحریر میں لانے کی کوشش کی ہے۔ ممکن ہے بہت سی کوتاہیاں بھی سرزد ہوئی ہوں کیونکہ درد لکھنے اور درد سہنے میں بہت فرق ہوتا ہے۔ قارئین سے بس اتنی استدعا ہے اس کہانی کی مسافت میں میرے ہمقدم رہیں اور مجھے اپنی قیمتی آراء سے ضرور آگاہ کریں۔ آپ کی رائے مثبت تنقید پر مبنی ہو یا تلخ ترین الفاظ کا مجموعہ میرے لیے انتہائی قابل احترام ہے۔ آخر میں طاہر بھائی کے لیے کہ دعا بھیا آپ کی رہنمائی اور قیصر آراء بہن کی توجہ کی بہت قدر کرتی ہوں ان محبتوں کی ہمیشہ مقروض رہوں گی اور اپنے شریک حیات ساحر جمیل سید کی بے حد شکر گزار ہوں‘ جنہوں نے ٹوٹے ہوئے قلم کو جوڑ کر مجھے تھمایا۔ ایک سخت گیر استاد کی طرح میری تحریر کی خامیوں کو پوائنٹ آئوٹ کیا اور مجھ جیسی نالائق اسٹوڈنٹ کو سکھاتے ہوئے کبھی ہار نہیں مانی‘ دعائوں کی طالب والسلام۔
٭ ڈیئر ضوباریہ! زیاں بھلے ایک عام کہانی ہے لیکن آپ کے انداز تحریر اور برجستہ انداز نے اسے خاص بنا دیا ہے۔ آپ کی محنت شاقہ کا منہ بولتا ثبوت بھلے اس میں رومانیت نہیں‘ ہیرو ہیروین کا تذکرہ نہیں لیکن معاشرے کی تلخ سچائیاں نہایت خوش اسلوبی سے موجود ہیں۔ محبت صرف ایک لڑکے اور لڑکی کی چاہت تک محدود نہیں اور یہاں یہ پاکیزہ جذبہ محبت کا ہمیں بخوبی نظر آتا ہے۔ جب ایک بیٹا اپنی ماں اور بہن بھائیوں کی چاہت میں اپنی ذات کی نفی کر کے ہر دکھ سہنے کے لیے ہمددم تیار ہے۔ ہماری اور قارئین کی ڈھیروں نیک تمنائیں آپ کے ہمدم ہیں۔ اﷲ تعالیٰ آپ کو مزید شہرت و کامیابیاں نصیب فرمائے۔ آمین
گل مینا خان اینڈ حسینہ ایچ ایس… مانسہرہ۔ ماہنامہ حجاب ہر سلسلہ شاندار ہر تحریر لاجواب۔ برآمدے کے کونے میں تخت پر بیٹھی جب میں اپنی ہی دنیا میں مگن حجاب ڈائجسٹ کو بڑی وارفتگی سے دیکھ رہی تھی تو بھیا پتا نہیں کہاں سے آگئے تھے اور آتے ہی ڈائجسٹ اٹھاکر انہوں نے یہ الفاظ کہے تھے (حیرت ہورہی تھی انہیں اتنے سارے ڈائجسٹ دیکھ کر) چونکہ مئی سے لے کر اکتوبر کے سارے شمارے میں نے اپنی کزن سے منگوائے تھے ابھی فرصت کے لمحات میں ناچیز پڑھنے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن آہ… اس لاڈلے بھیا نے دادی جان کو بتادیا‘ دادی جان نے ایسے گھورا جیسے کہہ رہی ہوں پڑھو پڑھو خوب پڑھو کہانیاں (ابھی تمہیں کام میں پھنساتی ہوں پھر دیکھنا) دادی جان کی نظروں کی گرمی کو دیکھ کر ایک شعر یاد آگیا
سیر کرنی ہے تو باغوں میں کرو بازاروں میں کیا رکھا ہے
قتل کرنا ہے تو نظروں سے کرو تلواروںمیں کیا رکھا ہے
آہاں کتابیں ہی پڑھتی ہے نا پڑھنے دو فلمیں تو نہیں دیکھ رہی (ہاہاہا) یہ میری پر دادی جان کا تبصرہ تھا جو مشکل وقت میں بڑی آسانی سے بچالیتی ہیں۔ حجاب ڈائجسٹ ایک سے بڑھ کر ایک ہے‘ نومبر میں یقینا حجاب کی سالگرہ ہے سو ہیپی ہیپی سالگرہ مبارک۔ اب حجاب کے تمام شمارے پڑھ کر ہی تبصرہ ہوگا حجاب کا تبصرہ ادھار ہے‘ ماشاء اللہ حجاب کے تمام رسالے خوب محنت اورمہارت سے سجائے ہوئے ہیں‘ اچھا جی امی بلا رہی ہیں‘ اللہ حافظ۔
٭ ڈیئر مینا! آپ کا یہ ادھورا تبصرہ پسند آیا آئندہ یہ ادھورا پن دور کر کے شرکت ضرور کرنا۔
کوثر خالد… جڑانوالہ۔ السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ‘ جنت حلالہ و دوزخ حرامہ۔ محرم کا مہینہ خالد صاحب کی وفات کا بھی مہینہ ہے۔ پورا ماہ خاص کر سات محرم سے دس محرم تک خوب نذر و نیاز میٹھی و نمکین سنگ حلیم نان خوب بانٹی جاتی ہیں۔میٹھی تو میری اور نمکین گھر والوں کی‘ ان سے بھی ہم آگے بانٹتے ہیں آخر کتنا کھائیں۔میرا بھائی‘ بھابی‘ نند ہمراہ بیٹے کے آئے ہوئے ہیں‘ سب سوئے پڑے ہیں۔ میں ساس کے پاس صحن میں ہوں‘ بار بار پوچھتی ہیں ’’نسرین سوگئی‘ شمع بھی سوگئی‘‘ میں نے کہا ’’تو وہ کیا کریں فارغ‘ میں تو لکھ رہی ہوں ورنہ میں بھی سوجاتی۔‘‘ جناب کل میری کتاب ’’حوض کوثر‘‘ تین سو عدد ادبی بیٹا رضا دے گیا ہے‘ پچاس اسے دی ہیں‘ آپ کو بھی وہی پہنچائے گا باقی ساٹھ۵ کی لسٹ میں نے بنائی ہے جو بچیں گی وہ اسٹال پر جائیں گی‘ آخر وہ خوب صورت وقت آ ہی گیا میری زندگی کا کہ میرا حسین خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا۔ رسائل کے علاوہ میں ملالہ اسلم کی بہن کو دینا چاہوں گی‘ تحفہ ’’حوض کوثر‘‘ کہ وہ نعتوں کی بہت شوقین ہے (خطہ سے پتا چلا) اس کے علاوہ اگر حرا قریشی‘ لائبہ میر‘ نجم انجم اور ارم کمال بھی لینا چاہیں تو پلیز ایڈریس بھیج دیں۔ باقی وجد چغتائی سے لے کر آخر تک رسالہ سر آنکھوں پر رہا مگر شاعری تمام کی تمام اتنی اچھی تھی کہ ہم نے سوچا ہم کہاں سے ڈھونڈیں انتخاب عالم‘ بس ہم نعت و حمد ہی میں حصہ لینا چاہیں گے باقی سب دوسروں کا پڑھیں گے۔ آنچل کی طرح حجاب میں جوابات کا سلسلہ تو ہے ہی نہیں تو پھر آپ میرے قرآنی ترجمہ کا جواب آنچل میں ہی بتادیں‘ وہ شاعری پاس ہوئی یا فیل۔ باقی ہماری نگارشات تو باری آنے پر آپ خود ہی لگادیں گی‘ فوجیوں کے مضمون میں حرا اور راج محمد شہید امر ہوگئے۔ دلوں کی دھڑکن انہی سے زندہ ہے‘ ایسے مضامین زیادہ ہونے چاہئیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں آنکھوں سے روپوش ہوئیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ اور بیویوں کے ساتھ حسن سلوک دل میں ٹھنڈک عطا کرگیا۔ کاش تمام مرد حضرات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ پر عمل کریں بھئی ہمارے خالد تو اخلاق اور نرم روی سے ہمارا دل جیت کر سرخرو ہوگئے‘ اللہ سب پر عنایات کی بارش کرے‘ آمین۔ آغوش مادر لائبہ کا بھی اچھا تھا اور دونوں کے شعر بھی اچھے تھے مگر زبانی صرف حرا کا شعر یاد رہے گا کہ بہت دکھی آسان اور اس کا اپنا بھی تھا۔
مامتا کی خوشبو ہے یہیں کہیں
کیا ہوا جو حرا کی ماں نہیں
کاش ملتان ادھر ہوتا تو ہم حرا سے مل لیتے۔ ایک
مجھے حجاب بننا ہے
بنا ہوں جناب شیشے کا
رکھتا ہوں حساب…
میں نے لکھی ہیں چند ہی غزلیں
اور ان کا انتساب…
میں عکس ہوں مہر و محبت کا
دیکھتا ہوں خواب…
میرا وجود کرچیوں میں بٹ گیا
کیا کروں خراب…
چہار سو میرے بگولے ہیں
مجھے لینا ہے ثواب…
گریوں ہو تو کتنا اچھا ہو
سوال شیشے کا جواب…
زبوں حال لوگوں سے مل کے دیکھ
کیسا ہوتا ہے قصاب…
باد مخالف سے نہ گھبرا اے کوثرؔ
تجھے بننا ہے حجاب…
٭ڈیئر کوثر! حوض کوثر کی اشاعت پر بے حد مبارک باد۔ اﷲ تعالیٰ زور قلم اور زیادہ کرے۔ آمین
پروین افضل شاہین… بہاولنگر۔ باجی جوہی احمد صاحبہ السلام علیکم السلام! اس بار اکتوبر کا عید نمبر سدرہ جبار کے خوب صورت سرورق سے سجا حجاب جلد ہی مل گیا۔حمدو نعت اور امہات المومنین پڑھ کر اپنے ایمان کو تازہ کیا۔ آپی فریدہ جاوید فری کے لیے دل سے دعائیں نکلتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں مکمل صحت تندرستی عطا فرمائے ویسے تو ہفتے میں ایک دوبار ان سے فون پر بات ہوجاتی ہے۔ کوثر خالد‘ریما نور‘ عنبر فاطمہ‘ فائزہ بتول کے خطوط۔ رائو تہذیب حسین‘ بشریٰ افضل‘ افشاں گل‘ فاطمہ مصطفی کی شوخئی تحریر۔ سباس گل‘ ندا حسنین‘ سیدہ لاریب‘ صائمہ سکندر‘ نجم انجم اعوان کے انتخاب۔ ارم کمال‘ فرزانہ ناز‘ طوبیٰ بتول ‘ نزہت جبیں ضیاء‘ ایمان فاطمہ کے اشعار پسند آئے۔ میری طرف سے آپ کو اور حجاب کی پوری ٹیم کو حجاب پڑھنے والوںکو حجاب کی پہلی سالگرہ مبارک ہو۔ حجاب ایسے ہی ترقی کرتا رہا تو ان شاء اللہ جلد ہی یہ بھی آنچل کی صف میں شامل ہوجائے گا۔ ہم رائٹرز حجاب کی ترقی میں شانہ بشانہ شامل ہیں‘ حجاب کی پہلی سالگرہ پر اس کے لیے صرف اتنا کہوں گی۔
اس خوشی کے موقع پر کیا تحفہ پیش کروں
سوچا پیار بھرے خلوص کا نذرانہ پیش کرو
دل میں بسی تمہاری محبت اور چاہت
پیار بھرے دل میں دعائوں کا خزانہ پیش کروں
٭ڈیئر پروین! آپ کے خلوص و محبت کے بے حد مشکور ہیں۔
سیدہ رابعہ شاہ… گجرات۔ السلام علیکم کیا حال ہے آپ سب کا امید اور دعا کرتی ہوں‘ اللہ تبارک وتعالیٰ آپ سب کو ٹھیک اور اتنی خوشیاں عطا کرے کہ آپ کا دامن چھوٹا پڑجائے۔ پچھلی بار میں آپ سب میں شامل نہ ہوسکی یقیناً آپ سب نے بہت مس کیا ہوگا‘ ذرا پاس آئیں ایک راز کی بات بتائوں کہ میٹھی سویٹ دوست فین اور خربوزہ قسمت والوں کو ملتا ہے ویسے آپ سب بھی قسمت والے ہیں کہ مجھ جیسی پیاری ننھی منی سی فین اور آپی شاہین کو مجھ جیسی دوست ملی‘ ہے نا مزے کی بات (ہاہاہا)۔ ویسے آپی میں نے تو ویسے ہی جن بولا تھا آپ کو آپ نے یہ نام پسند کرلیا تو یہ ہی رکھ لیتی ہوں۔ آپی اگر آپ بُرا نہ مانیں تو ایک بات کہوں چلو کہے دیتی ہوں کہ آپ بالکل ویسی ہیں جیسے
بے فائدہ ہے زندگی میں لوگوں کا ہجوم
پُرخلوص جو آپ جیسے مل جائے تو بس
ایک آپ ہی کافی ہیں۔ آنچل حجاب کے لیے میری دعا ہے کہ اللہ آپ کو یونہی کامیابی حاصل کرنے کی اور زیادہ ہمت دے اور یونہی ترقی کی منازل طے کرتا رہے۔
مانا کہ تیری دید کے قابل نہیں ہوں میں
تو میرا شوق دیکھ ‘انتظار دیکھ
حجاب کی تعریف کے لیے الفاظ کم ہیں میرے پاس لیکن میں آنچل و حجاب اور آنٹی قیصر آراء کی بہت شکر گزار ہوں‘ آنٹی قیصر اور تمام آنچل اسٹاف کے لیے۔
ہمارے چمن میں پھولوں کی کمی تو نہیں
وہ اک صرف تم ہو جیسے ہم گلاب کہتے ہیں
مجھے معلوم ہے کہ آپ لوگوں کی تھکن صرف ہم لوگوں کے اک جملہ تعریف سے اتر جاتی ہے‘ شکریہ فار آل آنچل و حجاب ٹیم‘ رائٹرز اور ریڈرز مجھے بھی اپنی دعائوں میں یاد رکھیں‘ اللہ حافظ۔
اک گزارش ہے میری اے میرے محسن
کہ مجھ پیاری سی کو بھی دعائوں میں یاد رکھنا
اللہ حافظ۔
٭ڈیئر رابعہ! آپ کا تبصرہ کچھ تنگی لیے ہوئے تھا۔حجاب کے شمارے پر اپنی رائے پیش کرتیں تو مزید اچھا لگتا۔
فریدہ جاوید فری… لاہور۔
سوال نمبر۱: مجموعی طور پر حجاب ایک معیاری اور ادبی میگزین ہے جس طرح آنچل ہمیں پسند ہے اسی طرح حجاب بھی ہمیں بے حد پسند آیا‘ تنقید تو کوئی نہیں بس تعریف ہی تعریف ہے۔ کمی صرف شاعری کی ہے کہ نئے لکھنے والوں کے لیے ایک یا دو صفحات شعری کے لیے ہونا لازمی ہیں۔
سوال نمبر۲: اس سال کی بہترین تحریر افسانہ میٹھے موسم بیسٹ رائٹر نزہت جبیں ہیں اور صدف آصف۔
سوال نمبر۳: ہمیں بیسٹ سلسلہ رخ سخن اور آغوش مادر پسند ہے۔
سوال نمبر۴: حجاب کا بہترین ٹائٹل ہمیں جنوری کا پسند آیا۔ ناولٹ اور ناول افسانوں کے چند سنہری جملے۔
سوال نمبر۵: مستقبل میں ہمیں سباس گل‘ نزہت جبیں‘ صدف آصف‘ تحسین انجم انصاری‘ شمیم ناز صدیقی ویسے تو ہمیں وہ ناول اور افسانے پسند آتے ہیں جس میں ’’سبزہ‘ آبشاریں‘ ہیروئن کی خوب صورتی‘ بارش کی کالی گھٹائوں کا ذکر ہو‘‘ مگر میٹھے موسم کے کیک پیسٹریاں جیسے وہ رائٹر بنارہی تھیں ہمارے منہ میں پانی آرہا تھا کیسے کریم سے پھول بوٹے کیک کے اوپر اور چاکلیٹ فلیور واہ مزا آگیا۔
عائشہ پرویز صدیقی… ای میل۔ نومبر کا موسم ٹھنڈی ٹھنڈی دلفریب ہوا سردی کی آمد چاندنی رات،آسمان پر بکھرے تاروں کی کہکشاں کیا دلکش و خوشنما سا منظر پیش کررہا ہے اورحجاب اس مصرعے کی مثل ہے’’جھوم اْٹھا ہے جہاں‘ایک تیرے آجانے سے‘‘ آہم آہم آتے ہیں تبصرے کی طرف تو سب سے پہلے تمام حجاب اسٹاف اور قارئین کو میرا آداب اور ۹ نومبر کو قومی شاعر علامہ اقبال کے ساتھ ساتھ میرے پیارے حجاب کی سالگرہ بہت بہت مبارک ۔ اس بار شکر ہے حجاب کا انتظار نہیں کرنا پڑا۔ سرورق پر مسکراتی ماڈل دل کو بھائی بہت‘ فہرست میں تمام پسندیدہ مصنفین کے نام پڑھ کر نئی توانائی آگئی۔ حمد و نعت سے دل کو منور کیا پھر مدیرہ کی بات چیت پر کان دھرا اور دل ہی دل میں باتوں کو سراہا امہات المومنین میں نبیﷺ اور ازواج مطہرات کے مھابق پڑھ کر علم میں اضافہ کیا۔ ذکر اس پری وش کا سب ہی بہنوں سے ملاقات اچھی رہی خاص کر مدیحہ شفیع کا محبت کے بارے میں خیالات جان کر اور محبت میں مذاق اڑانے والوں کے نام ایک نظم۔ رخ سخن سباس آپی نے امجد بخاری کا احوال زندگی بہت خوب صورت انداز میں پیش کیا۔ آغوش مادر منفرد سلسلہ لائبہ میر نے بہترین لکھا سلسلہ وار ناول ’’میرے خواب زندہ ہیں‘‘ نادیہ فاطمہ اچھا لکھ رہی ہیں مگر کہانی میں کچھ کمی سی آگئی ہے ہوسکتا ہے آئندہ قسطوں میں تیزی ائیٓ۔ صدف آصف کا دل کے دریچے قسط پڑھتے ہی منہ سے بے ساختہ واہ نکلا قارئین کی مقبولیت پانے کے بعد اچھا جارہا ہے ویلڈن ۔ مکمل ناول ’’تیرے رنگ وچ‘‘ ریحانہ کی اسٹوری میں بے ساختہ اپنی کزن کے نام رنم فاطمہ پر نظر پڑی۔ جی کہانی کی ہیروئن رنم اور ہیرو احسن میاں بیوی کی محبت پر مبنی یہ کہانی دل گدگدانے والی تھی پاکیزہ عورت ہی مرد کا غرور ہوتی ہے وہ سر اْٹھا کے چل سکتا ہے احسن کی زندگی کا سکون و اطمینان صرف اور صرف نیک اور باحیا عورت رنم جیسی لڑکی کے دم سے ہی ہے واجدان جیسے جعلی ملا کو اللہ پاک ہدایت دے آمین۔ ’’میری عید اب تم ہو‘‘ سحرش فاطمہ کے اس ناول کا ذکر نہ کرنا بہت بڑی زیادتی ہوگی انتہائی زبردست اور شاندار تھا مزا آگیا اس ناول میں عنیشہ نے بہت خوب صورتی سے بہت سے سبق سے روشناس کرایا قربانی،صبر،دوستی،محبت،بے رخی غرض کہ ہر چیز تھی اسپیشلی دادو کا کیریوں کو دیکھ کر دل للچانا بہت بھایا۔ ناولٹ ’’برگد‘‘ نازیہ کنول نازی کی ایک زبردست سبق آموز تحریر بہت کچھ سکھاتی ہوئی زندگی کی تلخ حقیقتوں سے پردے اْٹھاتی ہوئی۔ عائزہ کا کردار محبت ،وفا،وقار،ایثار،بلند ہمتی،صبر و استقامت کا پیکر۔ احزاز ظاہری و باطنی طور پر ایک بدصورت کم ظرف جذباتی انسان حاذق جس نے عائزہ سے محبت کا حق ادا کیا۔ بہت عمدہ ناول اس میں ایک بات سیکھی اپنے اندر کے بچے کو ہمیشہ زندہ رکھنا چایئے۔ بچپنا زندہ رکھنے کا مطلب ہے اپنی معصومیت اور خالص پن کو بھی زندہ رکھنا۔ ’’جل اْٹھے سب دیئے‘‘ معذرت شازیہ مجھے یہ اسٹوری پسند نہیں آئی وجہ آپ نے شامیر اور رائمہ کو ملادیا جبکہ اس نے اتنا بڑا الزام لگایا مجھے بہت شدید غصہ آیا میں ہوتی تو سامنے والے کا منہ نوچ لیتی کیونکہ میں بے ایمانی کا الزام برداشت نہیں کرسکتی اور نہ ہی معاف۔ ’’زیاں‘‘ کی دوسری قسط بھی نمبر لے گئی سیدہ ضوباریہ اچھا لکھ رہی ہیں ۔ افسانے میں حیا بخاری کاجیسا تاثر ان کے تحریروں سے ابھرتاہے ہو بہو ویسی ہی ہیں۔ ’’یہ ہی تو عید ہے‘‘ پڑھا اتنی مکمل منظرکشی صورت حال کے مطابق مکالمے اور زمان و مکاں کا خیال بے حد متاثر کن اللہ کرے زور قلم اور زیادہ۔ حمیرا نوشین اگر کوزے میں دریا کو بند کرنیکی کوئی واضح مثال ہے تو یہ انکا افسانہ ’’جب کرم ہوتا ہے‘‘۔ اچانک موسم،جغرافیائی،حالات زبان و بیان سب بدل گئی لیکن حمیرا قریشی اپنے مخصوص رنگ میں نظر آئیں۔ اقبال بانو ہم تو پہلے ہی آپ کے معتقد ہیں آپ نے اپنے درجات اس افسانے کے بعد اور بڑھالیے اور تمام مصنفین میں سے اگر میں کسی سے شدید ترین متاثر ہوں تو وہ ہیں رفاقت جاوید بھئی کیا کہانی بنتی ہے کیا مکالمے ہیں اور کیا ماحول پیدا کرتی ہیں وہ اپنی کہانی میں ۔ حرا اور ظویا نے آرٹیکل لکھ کر پوری قوم کے جذبات کو بیان کیا ہے۔ بزم سخن میں سارے اشعار غمگین ہوتے ہیں ان سے کہیں کہ کچھ دل کو چھوجانے والے اشعار بھی شامل کیا کریں جو کہ زندگی سے بھر پور ہوں۔ کچن کارنر میں طرح طرح کے کھانوں کی خوشبوئیں دل لبھاتی رہیں۔ آرائش حسن سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ عالم انتخاب میں سباس گل کا انتخاب تیرے پیار کا پہلا موسم نے ہمیں مجبور کردیا کہ ہم اسے فوراً نوٹ کرلیں کہیں یہ کھو نہ جائے۔ شوخی تحریر سب ہی ایک سے بڑھ کر ایک لگی۔ حسن خیال میں کافی مہینوں تک ہمارا خیال نہیں آیا تو یقینا اس بار آپ تک ہمارا خیال پہنچ جائے گا۔ ہومیو کارنر ہمیشہ کی طرح سر پر سے گزرگیا۔ شوبز کی دنیا کا مجھے کوئی شوق نہیں سو نہیں پڑھا۔ اس بار ٹوٹکے بہت دلچسپ لگے دعاؤں کی یلغار میں اجازت نامہ طلب ہے وہ ذات واحد ہے،کون و مکاں کا مالک اپناسایہ رحمت بدستور حجاب پر قائم رکھے اور اسے درخشندہ ستارہ بنادے عرش پر بھی فرش پر بھی آمین ۔
٭ڈیئر عاشی! طویل عرصے کی غیر حاضری کے بعد حسن خیال میں آپ کے خیالات سے مستفید ہو کر بے حد اچھا لگا۔ حجاب کی پسندیدگی کے لیے مشکور ہیں۔
سنبل خان بٹ… ای میل۔ ماشاء اللہ حجاب کی سالگرہ ہے‘ بڑی خوشی ہورہی ہے آنچل کی ہمجولی اور ہم لڑکیوں کی سہیلی کو آج ایک سال ہوگیا ۔ اللہ پاک حجاب کو دن دگنی رات چگنی ترقی عطا کرے ‘ آمین ۔ حجاب کی پوری ٹیم کو مبارکباد اور میری طرف سے حجاب کی سالگرہ کا کیک سب کے لیے۔
ماہم اعوان… ای میل۔ ڈئیر حجاب تماری پہلی سالگرہ پہ تمہیں بہت بہت مبارکباد۔ میری دعا ہے تم ایسے ہی کامیابی کے ساتھ ایک سال سے سو سال تک جاؤ اور وہ سب لوگ جن کی بدولت آج ہم تمہیں پڑھتے ہیں ہمیشہ خوش و خرم زندگی گزاریں ۔ سر طاہر‘ سعیدہ آپی اور وہ سب رائٹرز جن کی محنت سے یہ سب ممکن ہوا ہے آپ سب کو بہت مبارک۔ میری بہت سی دعائیں اور بہت سا پیار آپ سب کے لیے۔
سحرش فاطمہ… کراچی۔ السلام علیکم! کیسے ہیں سب؟ حجاب کا ایک سال مکمل ہونے پر سب کو مبارک باد دینا چاہوں گی۔ طاہر بھائی قیصر آرا آپی‘ سعیدہ آپی کے ساتھ ساتھ مجلس مشاورت میں موجود ایسے نام جن کا کام ہم دیکھتے رہے ہیں پڑھتے رہے ہیں سب اس مبارک باد کے مستحق ہیں اور آپ ریڈرز بھی کم نہیں جتنا پیار آنچل کو دیتے رہے اس سے زیادہ حجاب کو دیا۔ حجاب کے ہر سلسلے میں شامل ہوئے‘ تبصرے کئے‘ اپنی قیمتی آراء سے نوازا‘ نئے رائٹرز کو خوش دلی سے ویلکم کیا۔ حجاب نے اپنے پہلے سال میں کافی نئے رائٹرز کو موقع دیا وہ سامنے آئیں اور ما شاء اللہ اب کافی نئے لکھنے والے آرہے ہیں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں بھی حجاب کا پہلے دن سے حصہ رہی ہوں پہلے شمارے سے لے کر اب تک۔ حجاب کو پہلی سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔
نادیہ احمد… دبئی۔اسلام علیکم! ماشاء اللہ حجاب نے بہت مختصر وقت میں بہت شاندار مقام بنایا ہے ارو یہ سہرا حجاب کی پوری ٹیم کے سر جاتا ہے نزہت آپا‘ سباس گل۔ حجاب کی مشاورتی ٹیم میں شامل یہ دو پیارے سے نام جو ہمارے بہت قریب ہیں۔ طاہر بھائی‘ قیصر آپا اور سعیدہ آپا کی کوششوں کا ثمر ہے جو حجاب کا یہ پہلا سال کامیابی سے گزرا۔ بہت سی نیک تمنائیں۔
نزہت جبیں ضیاء… کراچی۔ اسلام علیکم ڈئیر! الحمدللہ واقعی حجاب سے منسلک تمام لوگ ہی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اللہ پاک یونہی ہم سب کا ساتھ بنائے رکھے اور حجاب بہت بہت کامیاب ہو ‘آمین۔ الحمدللہ ہمارا حجاب ایک سال کا ہو گیا ہے‘ اللہ پاک کا کرم اور بہنوں کی بھر پور پذیرائی حاصل کر کے بہت کم وقت میں اتنا مقبول اور پسند کیا جانے لگا ہے کہ یقین نہیں آتا۔ اللہ پاک اس ادارے کو‘ ہمارے حجاب کو بہت بہت کامیابیاں عطا کرے۔ ادب کی دنیا میں چاند کی مانند جگمگاتا رہے ‘میری دلی دعائیں اور نیک تمنائیں حجاب کے لیے اور میرے لیے یہ بات ہی بہت ہے کہ میں بھی حجاب کی ٹیم کا حصہ ہوں۔
افشاں علی… ای میل۔ السلام علیکم ۔ ہر طرف شور ہے، چرچا ہے، چہل پہل ہے اور کیوں نہ ہو آخر کو حجاب کی سالگرہ ہے۔ جی جناب کل تک آنچل میں جس کا ذکر ہوتا تھا’ کبھی نام تجویز کرنے پہ تو کبھی اپنی رائے سے نوازنے پہ۔ پلک جھپکتے یونہی دیکھتے دیکھتے وہ ننھا منا‘ نیا پودا جو حجاب اور نئے افق گروپ آف پبلیکیشنز کی کونپل سے پھوٹا، بذات خود اک نیا پودا، ایک نئی پہچان بن گیا بلاشبہ اس میں زیادہ کریڈٹ ادارے کو جاتا ہے جس نے دن دگنی محنت کر کے ایک اور شمارے کا نہ صرف اجرا کیا بلکہ اسے کامیاب بھی بنایا مگر اس کی آبیاری میں رائٹر و قارئین کا بھی ہاتھ ہے ان رائٹر کو سلام جنہوں نے اپنی لکھی ہوئی تحریروں سے حجاب کو کامیاب بنایا ان قارئین کو سلام جنہوں نے اس کو سراہا ،اپنی رائے سے نوازا۔ یہ سب کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ پیارا سا حجاب ایک سال کا ہوگیا۔ اتنے کم عرصے میں اتنی شاندار کامیابی کو دیکھ کر اندازہ ہوتا کہ اب وہ دن دور نہیں جب حجاب بھی آنچل کی طرح آسمان ادب کا درخشان ستارہ بن کے چمکے گا۔ آخر میں افشاںعلی کی جانب سے دل کی تمام تر گہرائیوں، خلوص اور محبتوں کے سنگ اور تمام حجاب و آنچل کے رائٹر و قارئین کو حجاب کی سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔ دعا ہے حجاب یونہی دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے آمین ۔
جیا چوہدری… ای میل۔ حجاب کی سالگرہ پر دل کی گہرائیوں سے سراہا جاتا ہے اور کامیابی کا یہ سفر مکمل ہونے پر مبارک دی جاتی ہے اس کے ساتھ ہی صدف آصف کو بھی مبارک ہو جن کے مستند قلم سے نکلنے والا مشہور ناول ’’دل کے دریچے‘‘ کو بھی ایک سال مکمل ہوگیا۔ رائٹر فاطمہ کوبھی اتنا خوب صورت ناول لکھنے پر مبارک ہو۔
آمنہ ولید … ای میل۔ السلام علیکم احبابِ من! تو جناب حجاب کی سالگرہ ہے پتہ بھی نہیں چلا اور سال گزر گیا ایسا لگتا ہے جیسے کل کی بات ہو‘ ماشاء اللہ حجاب کامیابی کی طرف رواں دواں ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے مزید ڈھیروں کامیابیوں اور نیک نامی سے نوازے‘ آمین۔
سیدہ عبادت کاظمی… ڈیرہ اسماعیل خان
سلام آپی! ہمیشہ ہنستی مسکراتی رہیں‘ آپ کی تحریریں آپ کی شاعری اتنی پراثر اتنی اداس ہوتی ہے۔ آپ بہت اچھا لکھتی ہیں۔ آپ کی ہر تحریر میں نے پڑھی ہر بار آنکھیں نم ہوئی اسپیشلی ’’برف کے آنسو‘ پتھروں کی پلکوں پر‘‘ میری پسندیدہ ہیں۔ آپ ہمیشہ اداس کیوں لکھتی ہیں آپی آپ کا آرمی لائف پر ناول کا شدت سے انتظار رہے گا حجاب کی سالگرہ مبارک ہو۔
مہوش طالب… ای میل۔ اگرچہ حجاب کے لیے لکھنے کا تاحال موقع نہیں ملا یا اتفاق کہہ لیں مگر نئے اْفق پبلی کیشنز کی جانب سے حجاب بہت عمدہ قدم ہے۔ نئے لکھاریوں کے لیے قابل اعتبار زینۂ ترقی خاص طور جب آنچل ڈائجسٹ کو دھڑا دھڑ تحاریر موصول ہوتی ہیں اورمصنفین کو مدیران کوشش کے باوجود کی انتظار کی زحمت اٹھانی پڑتی ہے تو اب یقینا آسانی ہے حجاب کی صورت میں۔ حجاب یونہی اپنے قارئین کو معیاری اور اعلیٰ پائے کا مواد پڑھنے کے لیے فراہم کرتے رہنا‘ ترقی و کامیابی کی تمام منازل طے کرو‘ آمین۔
شہباز اکبر الفت… ای میل۔ پیاری حجاب‘ آپ کو پہلی سالگرہ مبارک۔ ویسے میں خواتین کے دیگر ڈائجسٹوں کی طرح آپ سے بھی تھوڑا ناراض تھا، اسی لئے دیر سے وش کر رہا ہوں‘ خیر… اب آپ بھی ناراضگی چھوڑو، اب میں آگیا ہوں نا۔ وہ بات دراصل کچھ یوں ہے کہ آپ نے بھی خواتین کے دیگر ڈائجسٹوں کی طرح، پہلے دن سے اپنے صفحات پر، ہم بھائیوں کا داخلہ بند رکھا ہے، مگر کیوں؟ آپ کو ایک راز کی بات بتاؤں، یہ جتنی لڑکیاں آپ کو پڑھتی ہیں نا، سب کی سب ہم بھائیوں کے پیسوں سے رسالے خرید کر لاتی ہیں کیونکہ اپنی پاکٹ منی سے تو برانڈڈ سوٹ‘ میچنگ جیولری اور میک اپ کا سامان لانے کے بعد بھی اگر پیسے بچ جائیں تو پھر پیزا‘ زنگر برگر اور شوارما ہی آتا ہے اور کولڈ ڈرنک کے لیے پھر بھائیوں کو طعنے ’’ظالما… کوکا کولا پلادے‘‘ اب جو بندہ آنچل اور حجاب کے مارکیٹ آنے تک دس دفعہ اسٹال کا چکر لگا چکا ہو، وہ بے چارہ ظالم کیسے ہوگیا؟ آپ یقین کریں اور اگر نہ بھی یقین کریں تو بے شک سروے کروا کے پتا کروالیں کہ خواتین کے ساتھ ساتھ کتنے فیصد مرد بھی آنچل اور حجاب روٹین کے ساتھ‘ نہایت شوق سے پڑھتے ہیں تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ بے چارے ان رسائل میں لکھ کیوں نہیں سکتے؟ کیا سوشل رومانٹک کہانیاں لکھنا ہم بھائیوں کے لئے شجر ممنوعہ ہے؟ اب ایک مخبری سنو، میں کئی ایسے نامور مرد لکھاریوں کو جانتا ہوں جو خواتین کے فرضی ناموں سے لکھتے ہیں اور بہت کامیاب ہیں لیکن یہ کوئی مسئلے کا حل نہیں‘ میرے لئے میری ہر تحریر میری اولاد کی طرح ہے اور میں اس پہ کسی اور کا نام نہیں دے سکتا۔ اچھا‘ اب منہ مت بناؤ، میں آپ کی مجبوری کو سمجھتا ہوں، خوگر حمد کے منہ سے تھوڑا سا گلہ نکل گیا، بیحد معذرت۔ ویسے ایک تجویز ہے، اگر پسند آئے تو کہ چار پانچ صفحات کا ایک خصوصی گوشہ ہی میل رائٹرز کیلئے مختص کر دیں، چاہے ایک آدھ افسانہ ہی سہی۔ اب غصے سے گھورنا چھوڑ دو پیارے حجاب اور پلیز یہ پاؤں سے ردّی کی ٹوکری کیوں اپنی طرف سرکا رہی ہیں؟ ارے یہ کیا اُف… میرا انٹرویو ردی کی ٹوکری میں ۔ بہت سی دعائیں اور نیک تمنائیں، پھلو پھولو، ادب کی خدمت اور ادارے کا خوب نام روشن کرو‘ ایک بار پھر سالگرہ مبارک۔
٭ڈیئر الفت! آپ کی رائے زیر غور ہے۔
قرۃ العین سکندر… لاہور۔ السلام علیکم! اللہ پاک حجاب کو کامیابیوں سے ہمکنار کرے‘ آمین۔ پہلی سالگرہ مبارک ہو حجاب کی پوری ٹیم کو‘ اللہ ایسی بہت سی خوشیاں دکھاے‘ آمین۔ مجھے خوشی ہے کہ میں بھی حجاب کا حصہ ہوں۔ اللہ عروج سے ہمکنار کرے‘ آمین۔
انم خان… ای میل۔ السلام علیکم ! حجاب ڈائجسٹ کو پہلی کامیاب سالگرہ بہت مبارک ہو۔ دعا ہے اللہ پاک مزید کامیابیوں سے نوازے اور حجاب نمایاں مقام بنائے۔ خوشی ہے کہ ابتدائی سال میں میری بھی تحریر شائع ہوئی تھی۔ بہت سی دعائیں۔
شمائلہ زاہد‘ ای میل۔ پیارے حجاب یہ تمہاری چھوٹی سی دوست ہے تم اب ایک سال کے ہو اور شرمین اب ایک سال کی کچھ ٹا ئم بعد تم اس کے ہاتھوں میں آجاؤ گے ابھی سے پکی والی دوستی کرلو۔ حجاب کل میری کہانی ادھوری رہ گی تھی بیٹری لو ہوگئی تھی ہوا یہ کے اسٹال والے نے کہا باجی لے جائو حجاب میں سوچ میں پڑ گئی حجاب لوں کے نہیں اسٹال والے نے لالچ دیا ساٹھ کا لو پھر بعد میں تیس کا واپس کروا دیں میں نے جھٹ سے لے لیا ہے نا اچھی کہانی میری اور حجاب کی۔
٭ اب اس دعا کے ساتھ اجازت چاہوں گی کہ اللہ سبحان و تعالیٰ وطن عزیز کو ہر بُری نظر سے بچائے اور ہمارے دل میں ایمان کی شمع مزید روشن کرے‘ آمین۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close