Hijaab Dec 15

ذکر اس پری وش کا

زینب احمد

حجاب اسٹاف اور تمام بہنوں کو اس سویٹ سی راشی کی جانب سے بہت سلام۔ آخر ہم نے حجاب میں انٹری دے دی۔ تو جناب ہم سے ملئے ہم ہیں راشدہ جمیل۔ 12 اگست کی ایک حسین شام کو صادق آباد کے خوب صورت گائوں 186 پی میں پیدا ہوئی۔ میرا اسٹار لیو ہے لیکن میں اسٹارز پر یقین نہیں رکھتی۔ ہماری کاسٹ کمبوہ ہے‘ حال ہی میں میٹرک فرسٹ ڈویژن میں کلیئر کیا ہے اور اب میں انٹرفرسٹ ائیر کی اسٹوڈنٹ ہوں۔ ہم پانچ بہنیں اور دو بھائی ہیں‘ سب سے بڑی طاہرہ آپی پھر عابی پھر میں یعنی راشی پھر رابعہ حفصہ اینڈ زبیر اور پھر سب سے چھوٹا بھائی احد جو بہت شرارتی ہے۔ میری اپنی بہن بھائیوں سے جھڑپ ہوتی رہتی ہے۔ ہم بہت انجوائے کرتے ہیں‘ مجھے صاف گو اور سادہ لوگ اچھے لگتے ہیں‘ خود بھی سادہ ہوں۔ کہا جاتا ہے اصل حسن سادگی میں ہے‘ اسی لیے تو میں خوب صورت ہوں (ہائے رے خوش فہمی) ۔ میری بیسٹ فرینڈز شنیلا اینڈ سعدیہ جن کا ذکر نہ کیا تو میرا تعارف ادھورا لگے گا۔ مجھے اپنی فرینڈز بہت عزیز ہیں‘ اللہ تعالیٰ انہیں تمام خوشیاں عطا فرمائے‘ آمین۔ گھومنے اور سیر سپاٹے کا بہت شوق ہے‘ شرارتیں بہت کرتی ہوں اور امی سے ڈانٹ ہمیشہ کھاتی ہوں (سمجھا کرو نا یار اس کے بغیر سکون نہیں ملتا)۔ زندگی انجوائے کرتی ہوں‘ بار بار تھوڑی ملتی ہے۔ موسموں میں سردی کا موسم بہت اچھا لگتا ہے‘ نرم گرم بستر میں چھپ کر ڈائجسٹ پڑھنے کا بڑا مزا آتا ہے۔ کلرز میں ریڈ اینڈ بلیک میرے فیورٹ ہیں ویسے مجھ پر ہر کلر سوٹ کرتا ہے (سچی مچی)۔ لباس میں لانگ شرٹ‘ ٹرائوزر‘فراک‘ ساڑھی اور میکسی اٹریکٹ کرتی ہیں۔ کھانے میں بریانی‘ چائنیز رائس اور برگر بہت پسند ہے۔ سویٹ ڈش میں کسٹرڈ اور آئس کریم کھانے کا بہت مزا آتا ہے ۔ اب آپ میری خوبیاں اور خامیاں جاننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیجیے (ہاہاہا)۔ خوبیاں یہ ہیں کہ کافی کول مائنڈڈ لڑکی ہوں‘ کسی سے زیادہ دیر ناراض نہیں رہ سکتی۔ خامیاں یہ ہیں کہ جلد کسی سے فری نہیں ہوتی‘ اس لیے کچھ لوگ مجھے مغرور سمجھتے ہیں۔ فارغ وقت میں دوستوں اور کزنز کو ایس ایم ایس کرتی ہوں اور میوزک سنتی ہوں‘ سنگرز میں راحت فتح علی خان پسند ہیں۔ اب آتے ہیں آنچل کی طرف ‘ آنچل سے وابستگی بہت پرانی ہے۔ کرن‘ خواتین‘ شعاع اور آنچل ڈائجسٹ پڑھتی ہوں اب حجاب بھی پڑھوں گی۔ آخر میں اس میسج کے ساتھ اجازت چاہتی ہوں کہ ہر وقت ہنستے رہو اور دوسروں کو ہنساتے رہو‘ زندگی بہت مختصر ہے اس کا ایک ایک لمحہ بھرپور طریقے سے جئیں۔ خوشیاں اور غم دونوں بانٹیں‘ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔
حجاب و آنچل پرستان کی تمام پریوں اور قارئین‘ اسٹاف اورکوٹ قیصرانی کی تمام کڑیوں کو منزہ جبین کا چاہت سے بھرا پرخلوص سلام قبول ہو۔ جی تو جناب اپنی تمام تر خوبیوں‘ خامیوں‘ خواہشوں‘ احساسات اور جذبات کے ساتھ اپنا چنا منا سا تعارف لیے منزہ جبین حاضر ہے پیار سے مابدولت کو بچی بھی کہتے ہیں‘ آپ کے من میں جو بھی آئے کہہ سکتے ہیں جی۔ ویسے میرا نام منزہ جبین ہے مگر مجھے منزہ حیدر بہت اچھا لگتا ہے حیدر میرے دادا ابو کا نام تھا کیوں کہ ان کی ڈیتھ ہوچکی ہے کافی عرصہ پہلے‘ اللہ پاک انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے‘ آمین۔ ہم دس بہن بھائی ہیں میں پانچویں نمبر پر ہوں‘ میرے سب بہن بھائی بہت اچھے ہیں مگر مجھے اپنے میخان بھائی کچھ زیادہ ہی نائس لگتے ہیں ‘ ہنسی مذاق تو بہن بھائیوں میں چلتا ہی رہتا ہے بس ایسا کہوں گی کہ میری پوری فیملی امی‘ ابو بہت کیوٹ ہیں اور میری فیورٹ شخصیت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور فیورٹ کتاب قرآن مجید ہے۔ میری ایک بھانجی اور ایک بھانجا ہے جو دونوں ہی کیوٹ ہیں۔ اسکول ٹیچرز میں مس ساجدہ بہت اچھی لگتی ہیں ۔ اسٹار پر یقین نہیں کیونکہ میرا رب سوہنا ہمیشہ میرے ساتھ ہے ہر دکھ سکھ میں۔ ہنس مکھ ہونے کے ساتھ بہت سنجیدہ مزاج کی بھی ہوں۔جن کے ساتھ انڈرسٹینڈنگ ہوجائے وہاں زبان کا رکنا محال اور جہاں نہ ہو تو وہاں زبان کا چلنا محال مگر ایک بات تو ہے کہ جن سے بھی پہلی بار مل لوں فٹافٹ دوستی کی آفر آجاتی ہے۔ تاریخ پیدائش 3 جنوری کے خوب صورت دن کو اور خوب صورت بنانے کے لیے ہم نے انٹری دی۔ خامی یہ ہے کہ ہر کسی پر اعتبار کرلینا‘ غصہ جب آتا ہے تو لہجہ بہت زیادہ سرد اور مؤدب ہوجاتا ہے۔ شعرو شاعری کی بات ہوجائے تو کیا بتائیں شاعری کے بنا تو اپنی زندگی ادھوری لگتی ہے۔ کپڑوں میں فراک‘ لانگ شرٹ کے ساتھ ٹرائوزر اور ساڑھی پہننا اچھا لگتا ہے۔ جیولری میں بریسلیٹ‘ بالیاں پہننا پسند ہیں۔ کلر میں پرپل‘ گرین اور کیمل ہی اچھے لگتے ہیں‘ کھانے میں کڑاہی گوشت فیورٹ ڈش ہے۔ چاول‘ بھنڈی گوشت‘ کریلے دال پسند ہیں۔ میٹھے میں کھیر اور کسٹرڈ کھانا اچھا لگتا ہے۔ بارش میں بھیگنا پسند ہے‘ بائیک اور گاڑی چلانے کا بڑا شوق ہے۔ میری بہت سی فرینڈز ہیں جن میں چاہت‘ راہی‘ شازی‘ غنویٰ‘ شمائل‘ نازی‘ تمنا‘ شمائلہ اور نئی دوست شمع مسکان جس سے آنچل ڈائجسٹ کے ذریعے دوستی ہوئی۔ رائٹرز میں مہک باجی‘ سباس گل‘ نازیہ کنول نازی‘ سمیرا شریف‘ اقراء صغیر‘ عمیرہ احمد فیورٹ رائٹرز ہیں۔ ویسے تو سارے پھول اچھے ہیں مگر سرخ گلاب اور کالا گلاب میرے فیورٹ ہیں ۔ گانا سننا اچھا لگتا ہے‘ مجھے اپنی آنکھیں اور گال میں پڑا ڈمپل بے حد پسند ہے۔ آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور حجاب و آنچل ڈائجسٹ کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے‘ آمین۔

السلام علیکم! سویٹ حجاب اسٹاف‘ رائٹرز اینڈ ریڈرز کو میری طرف سے سلام اور دعا۔ کیسے ہیں آپ سب؟ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک اور ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے‘ آمین۔ نک نیم سلو بخاری‘ زندگی‘ شاہ جی اور چھما چما بچے کہتے ہیں۔ سید فیملی سے تعلق رکھتی ہوں‘ ہم لوگ زمیندار ہیں۔ جھنگ صدر کے گائوں پیر والا سرگودھا روڈ سے تعلق رکھتی ہوں۔ ہمارا ڈیرہ چاہ کوڑے شاہ کے نام سے مشہور ہے (میرے پردادا کے نام سے) ہماری فیملی کل آٹھ افراد پر مشتمل ہے‘ پانچ بہن بھائی ہیں۔ میرے ابو سید مختار حسین شاہ سرکاری ملازم تھے اب ریٹائر ہوچکے ہیں۔ والدہ غلام زینب ایک گھریلو خاتون ہیں۔ بڑے بھائی قیصر عباس اور ان کی ہونے والی بیگم انیلہ قیصر عباس‘ منجھلا بھائی عامر رضا چھوٹا بھائی جو کہ مہمان نواز‘ سمجھ دار اور ہر چیز کو اپنے مقام پر رکھنے والا شہزاد حیدر چوتھے نمبر پر ہیں قائد اعظم (مذاق کررہی ہوں سسٹر)۔ پانچواں نمبر مابدولت کا ہے‘ پیدائش 25مئی 1996ء کی شام تشریف لائے۔ زیر تعلیم ہوں‘ ہمارے شاہ سائیں ہم لڑکیوں کو پڑھنے نہیں دیتے (پھر بھی کوشش جاری ہے) پردے کے معاملے میں بہت سختی ہے۔ خوبیاں خامیوں ہر انسان میں ہوتی ہیں مجھ میں بھی ہیں‘ کیئرنگ بھی ہوں‘ ایسی کوئی بات نہیں کرتی جس سے اگلے بندے کو شرمندہ ہونا پڑے۔ حساس ہوں‘ بہت جلد لوگوں پر اعتبار کرلیتی ہوں (پھر بعد میں بہت دشواری ہوتی ہے)۔ خامیاں‘ شہزاد سے میں نے پوچھا مجھ میں کون کون سی خامیاں ہیں‘ اس نے لمبی لسٹ لگادی‘ بقول میرے بھائی کہ غصہ بہت جلدی کرتی ہو‘ نک چڑی ہو۔ فخر کرنے والی بھی ہو‘ یہ خوبی بھی ہے اور خامی بھی۔ خود غرض‘ مطلبی‘ نماز نہیں پڑھتی ہوں۔(بہنوں سے التماس ہے کہ میرے لیے دعا کریں‘ اللہ تعالیٰ مجھے پانچ وقت نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے)۔ امی جان سے بہت پیار کرتی ہوں وہ میری بیسٹ فرینڈ بھی ہیں۔ دوستیں ایک دو تھیں لیکن اب نہیں ہیں۔ ڈرپوک بہت ہوں جب رات ہوتی تو اندھیرے سے بہت ڈر لگتا ہے ۔ خالہ زاد کزنز میں ٹینا گیلانی‘ حنا بخاری‘ ارم شہزادی‘ صدف شہزادی‘ خالہ زاد کزن کی بیٹی حجاب فاطمہ شہزادی جو بہت پیاری اور چھوٹی سی عمر میں سمجھ دار ہے۔ میری پوری فیملی اس سے بہت پیار کرتی ہے۔رائٹرزمیں نمرہ احمد‘ سمیرا شریف طور‘ مستنصر حسین تارڑ‘ دوسری رائٹر بھی اچھا لکھتی ہیں۔ ناولز میں ’’پہلا شہر‘ قراقرم کا تاج محل‘ یہ چاہتیں یہ شدتیں‘ لاحاصل پسند ہے۔ شادی بیاہ ہو تو ساڑھی‘ لہنگا‘ میکسی وغیرہ پہن لیتی ہوں۔ عام طور پر سردی ہو یا گرمی میں بڑا سا دوپٹہ لینا پسند کرتی ہوں اور شلوار قمیص پہنتی ہوں۔ چوڑ دار پاجامہ اچھا نہیں لگتا۔ کوکنگ بھی کرلیتی ہوں‘ سلائی نہیں کرتی دوسرے سب ہی کام آتے ہیں۔ گفٹ دینا اور لینا اچھا لگتا ہے۔ پھول سبھی اچھے ہیں لیکن گل ہار پسند ہے۔ سبزی میں کریلے‘ توری‘ گوبھی‘ میتھی‘ مولی ‘ مٹر پسند ہے۔ دالوں میںصرف مونگ مسور کی دال پسند ہے۔ فروٹ میں آم‘ ناشپاتی‘ تربوز‘ آلو بخارا پسند ہے۔ کسی بھی چیز کے معاملے میں کمپرومائز کرلیتی ہوں لیکن اپنی زندگی کے اہم فیصلے پر کبھی کمپرومائز نہیں کروں گی کیونکہ حق نہ دینے والا بھی ظالم ہوتا ہے اور نہ لینا بھی‘ ان شاء اللہ اپنا حق حاصل کرنے کی پوری کوشش کروں گی ۔ ٹیچرز میں مس رخسانہ الیاس مغل اور سر سعید مغل اچھے لگتے ہیں۔ شاعری کے بارے میں کوئی معلومات نہیں پھر بھی جو اچھی لگے نوٹ کرلیتی ہوں۔ میک اپ کرنا اچھا نہیں لگتا۔ جیولری میں لاکٹ‘ کانچ کی چوڑیاں‘ بریسلیٹ پسند ہے۔ زندگی نے مہلت دی تو سائرہ لنگڑیال سے ملاقات بھی کروں گی۔ اپنا خیال رکھیے گا‘ اﷲ حافظ۔
سب سے پہلے حجاب اسٹاف‘ قارئین‘ لکھاریوں کو خلوص و محبت بھرا سلام۔ میں بالکل اپنے نام کی طرح ہوں فرہ زینب‘ فرہ کا مطلب خوش رہنے والی اور خوشیاں دینے والی۔ 6 جنوری 1997ء کو سرد ہوائوں کے ساتھ اس دنیا کو رونق بخشی‘ اپنے گھر میں بھی اور اس دنیا کی آبادی میں اضافہ بھی کیا بقول میری امی کے جب میں پیدا ہوئی تو بہت سردی تھی۔ سیکنڈ ائیر کی طالبہ ہوں اور فرسٹ ائیر میں کافی شاندار نمبروں سے کامیاب ہوئی ہوں‘ اللہ پاک کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ ہم تین بہنیں ہیں اور میں دوسرے نمبر پر ہوں اور اپنے پیارے سے گھر کا کام میں اپنے ہاتھوں سے کرنا پسند کرتی ہوں۔ کوکنگ کرنا پسند ہے‘ نئی نئی ڈشز بناتی ہوں اور ڈشز کے بدلے کافی تعریف وصول کرتی ہوں۔ میرے والد صاحب ڈاکٹر تھے اور ان کا نام ڈاکٹر عبد الغفور خان تھا میں 6 سال کی تھی جب میرے والد صاحب وفات پاگئے لیکن ہماری امی جی نے کبھی ہمیں ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔ میری بڑی بہن جس کا نام قرینہ کنول ہے ‘ ان کی شادی ہوچکی ہے اور ایک پیاری سی بیٹی ہے جس کا نام خوشی ہے ۔ آنچل کو میںنے بالکل اپنے آنچل کی طرح اوڑھا ہوا ہے‘ لکھنے کا شوق بہت پہلے سے تھالیکن مجھے طریقہ نہیں آتا تھا پھر مجھے فصیحہ آصف آپی ملی جنہوں نے میری اصلاح بھی کی۔ ہماری فیملی صرف تین افراد پر مشتمل ہے میں‘ میری امی جی‘ میری چھوٹی بہن قرۃ العین جو کہ 7th کلاس میں پڑھتی ہے۔ کلرز میں ریڈ‘ بلیک اور لائٹ پنک پسند ہے‘ سبزیوں میں سب کچھ کھالیتی ہوں۔ کوئی نخرے وخرے نہیں کرتی‘ فروٹس بھی سب پسند ہیں۔ فیشن ایبل بالکل نہیں ہوں کیونکہ جو حسن سادگی میں ہوتا ہے وہ فیشن میں نہیں ہوتا۔ میک اپ میں آئی لائنر‘ مسکارا اور نیچرل کلر کی لپ اسٹک پسند ہے۔ جیولری میں صرف ائیر رنگز اور بریسلیٹ پسند ہے۔ گوشت میں چکن اور فش پسند ہے۔ ہیئر اسٹائل میں ٹیل پونی سب سے زیادہ پسند ہے۔ رائٹرز میں فصیحہ آپی ‘ عمیرہ احمد‘ نگہت سیما‘ ام مریم‘ سباس گل اور نزہب جبیں ضیاء پسند ہیں اور ان کی کہانیاں حقیقت سے قریب تر ہوتی ہیں۔ میری پسندیدہ شخصیت ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور علامہ اقبال ہیں۔ فیورٹ شاعر علامہ اقبال‘ مرزا غالب‘ محسن نقوی‘ پروین شاکر ‘ راشد ترین اور فصیحہ آپی اور وصی شاہ۔ خوبیوں میں بقول میری امی جی کے ان کا کہنا مانتی ہوں اور اس دنیا میں کوئی خوش ہو نہ ہو میری امی جی ضرور ہیں۔ غصہ زیادہ نہیں کرتی اگر آئے بھی تو برداشت کرجاتی ہوں۔ صبر سے کام لیتی ہوں‘ رہی بات خامیوں کی تو وہ کیسے بتاسکتی ہوں‘ وہ لوگ بتائیں گے اور ویسے بھی انسان خطا کا پتلا ہے۔ آگے ہنر کی بات بتاتی چلوں تو حیران ہوجائیں گے جی ہاں میں نے سلائی کا کام‘ کمپیوٹر ود آل سوفٹ ویئر اینڈ آفس ورکنگ‘ کراٹے‘ بیوٹی پارلر کا کام‘ عالمہ کا کورس جو کہ دو سالہ کا تھا کیا ہوا ہے۔ پڑھائی نہیں چھوڑی ریگولر پڑھتی آرہی ہوں اور اپنے اسکول کی بہترین طالبہ رہ چکی ہوں۔ سائیکائٹرسٹ‘ اچھی رائٹر‘ شاعرہ بننا چاہتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ مجھے کامیابیاں دی ہیں اور دعا ہے آگے بھی ملیں گی۔ آپ سب اپنا بہت سار اخیال رکھیے گا‘ دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سچا مسلمان اور سچا پاکستانی بنائے‘ اللہ حافظ۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close