Aanchal Feb 2019

در جواب آں

مدیرہ

عالیہ بخاری… کراچی
پیاری عالیہ! جیتی رہو، آپ کے شوہر کی اچانک رحلت کا جان کر بے حد دکھ ہوا۔ عمر بھر کا ہمسفر یوں اچانک تنہا چھوڑ جائے تو کتنا ہی عرصہ تو انسان بے یقین رہتا ہے۔ اس وقت جن حالات کا شکار ہیں کچھ سمجھ میں نہیں آتا کہ تسلی اور تشفی کے لیے کن الفاظ کا انتخاب کیا جائے صبر بھی رفتہ رفتہ ہی آتا ہے۔ بہرحال مشکل اور غم کے ان کڑے لمحات میں ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں کہ اللہ سبحان و تعالی آپ کو صبر ہمت عطا فرمائے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ قارئین سے بھی دعائے مغفرت کے ملتمس ہیں۔

نگہت سیماء… چکوال
پیاری نگہت! سدا آباد رہو، سوچا تھا کہ خط لکھوں گی کچھ شکوے اور شکایت بھی کروں گی کہ کہاں غائب ہیں اور ہمارے پرچے میں کیوں نہیں لکھ رہیں؟ لیکن وہی بات کہ دل کو دل سے راہ ہوتی ہے آپ کا نامہ میرے ہاتھ میں ہے اب سوچتی ہوں کہ کیا کہوں مصروفیت تو دونوں کی ہی ایک جیسی ہے وقت نکالنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ذرا سی کوتاہی ہوئی نہیں کہ ساری محنت دھری کی دھری رہ جائے اور پھر افسوس بھی کہ یہ کیا ہوا، اس وقت یقین جانیں ہم سب اہم کام چھوڑ کر صرف اپنی نگہت کے لیے لکھ رہے ہیں۔ محبت سے خلوص سے اور بڑی بہن کے مان سے اب اس مان کو سنبھالنا آپ کا کام۔ درحقیقت خوشی اس بات سے ہوئی کہ جلد ہی کچھ لکھ کر بھیجیں گی مانیں ابھی سے انتظار کی سولی پر لٹکا دیا ہے ہم تو چاہتے ہیں کہ ہمارا اور آپ کا ساتھ کچھ طویل ہو اور ایسا ہو کہ لوگ برسوں یاد رکھیں۔ ایک یاددہانی بھی کرا دیں کہ اپریل کا شمارہ سالگرہ نمبر ہے تو اپنے آنچل کی خوشی میں ہی ہمارا ساتھ قبول کریں۔

عشنا کوثر سردار… کراچی
پیاری عشنا! شاد و آباد رہو، سب سے پہلے تو آپ کی بڑی بہن کے ساتھ رونما ہونے والے حادثے کے متعلق جان کر بے حد دکھ افسوس ہوا، اللہ سبحان و تعالیٰ انہیں صحت کاملہ فرمائے اس کے ساتھ ہی آپ بھی ناگہانی آفت کا شکار ہوئیں اور کافی چوٹیں بھی آئیں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو ہر مصیبت و پریشانی سے محفوظ رکھے اور آپ جلد صحت یاب فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی اپنی پیاری مصنفہ کے لیے دعائے صحت کی اپیل ہے۔

انعم خان… ہری پور
ڈیئر انعم! سدا سہاگن رہو، آپ کے والد کی رحلت کی خبر ملی، جان کر بے حد دکھ ہوا۔ بے شک آپ سمیت سب اہل خانہ کے لیے یہ وقت نہایت تکلیف دہ اور کٹھن ہے۔ باپ جییس مشفق سائے سے محرومی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے کوئی دوسرا رشتہ اس ہستی کا نعم البدل ہو ہی نہیں سکتا، غم اور مشکل کے ان لمحات میں ہماری دعائیں آپ کے ہمراہ ہیں اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کے والد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ سمیت دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے، آمین۔

فصیحہ آصف… ملتان
پیاری فصیحہ! سدا سہاگن رہو، آپ کے بہنوئی کی رحلت کے متعلق پڑھا۔ بے شک جواں سال بہنوئی کی یہ جدائی آپ کے لیے بہت تکلیف دہ ہوگی اور آپ کی بہن بھی بے حد صدمے اور دکھ سے دوچار ہوگی، ہر انسان مشکل کی گھڑیوں میں سوائے صبر کے کچھ نہیں کرسکتا، آپ بھی اپنی بہن کو ہمت اور حوصلہ دیں تاکہ وہ آنے والی ذمہ داریوں کے لیے خود کو احسن طریقے سے تیار کرسکیں، بے شک ایک عورت کے لیے تنہا جینا بے حد مشکل ہوتا ہے لیکن اللہ سبحان و تعالیٰ ضرور ان کی مدد کرے گا ہماری دعائیں بھی آپ کے ساتھ ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کی بہن کو صبر و استقامت عطا فرمائے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘ آمین۔

شازیہ فاروق… خان بیلہ
ڈیئر شازیہ! سدا مسکرائو، اتنا عرصہ گزر گیا لیکن آپ کی کوئی خیر خبر ہی نہیں۔ ایک وقت تھا جب آپ کا شمار آنچل کی ریگولر قارئین میں ہوتا تھا اور ہر ماہ آپ کی شرکت لازمی ہوتی تھی لیکن پچھلے کچھ سالوں سے آپ آنچل نگری سے بالکل ہی غائب ہیں۔ آپ کی کہانی بھی چند ماہ پہلے شائع ہوئی لیکن تب بھی آپ کی طرف سے کوئی رابطہ نہ کیا گیا۔ آپ کا مکمل پتا جو ہمارے پاس موجود تھا اس پر سے پرچا واپس آگیا ہے‘ اس لیے آپ دفتر کے نمبر پر رابطہ کرکے اپنا مکمل پتا اور رابطہ نوٹ کرا دیں تاکہ آپ سے قلمی رابطہ بحال ہوسکے، امید ہے یہ نصف ملاقات آپ کو پھر سے آنچل نگری میں لوٹنے پر مجبور کردے گی۔

خزینہ طاہر… سرائے عالمگیر
ڈیئر خزینہ! سدا شاد رہو، آپ نے اتنے عرصے بعد شرکت کی اچھا لگا اتنا عرصہ کیونکر غائب رہیں ہم بھی جاننا چاہتے تھے آپ نے بھائی کی شادی پر بلایا ہے لیکن آج تو نو تاریخ ہے اور یقینا آپ نے بلانے میں تاخیر کردی، ویسے یہ تو مذاق کی بات ہے آپ کو بھائی کی شادی بہت مبارک ہو، یقینا اب تو آپ کے گھر میں رونق ہوگئی ہوگی دعا گو ہیں اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے گھر کی خوشیاں سدا آباد رکھی‘ آمین۔

حنا بشیر احمد… سرانوالی
ڈیئر حنا! سدا سلامت رہو، بزم آنچل میں شرکت پر خوش آمدید، نیرنگ خیال میں وہی شاعری لگتی ہے جو اس سلسلے کے لیے مناسب ہوتی ہے اور متعلقہ شعبے والے ہی شاعری کے پسند ناپسند کا فیصلہ کرتے ہیں اگر آپ کی نظم معیاری ہوئی تو ضرور لگ جائے گی بصورت دیگر معذرت، آنچل کی پسندیدگی کے لیے ممنون ہیں لیکن آپ نے ایک ہی صفحے پر تبصرہ اور اقتباس لکھ دئیے ہیں ہر سلسلے کے لیے علیحدہ صفحے کا استعمال کریں اور اپنا اور شہر کا نام ضرور لکھیں بصورت دیگر آپ کی نگارشات ضائو ہوجاتی ہیں۔

نور چودھری… کمالیہ
ڈیئر نور! سدا آباد ہو‘ آپ کی سالگرہ فروری میں ہوتی ہے ہماری جانب سے بھی ڈھیروں مبارک باد قبول فرمائیں اور آپ کی امی کو بھی ان کی سالگرہ کی مبارک باد۔ ایسی بہت سی خوشیاں آپ کی زندگی میں آئیں اور آپ اپنے والدین کی دعائوں کے سنگ ہمیشہ ہنستی مسکراتی رہیں‘ آمین۔ آپ کی بہن حمنی الطاف کی تحریر ناقابل اشاعت ہے ابھی بہت محنت کی ضرورت ہے اور آپ کی تحریر ابھی پڑھی نہیں گئی آئندہ ماہ آپ کو اس کا جواب انہی صفحات پر مل جائے گا۔ خوش رہیں۔

اُم زویا… کراچی
ڈیئر زویا! جگ جگ جیو، آپ کا ناول پچھلے ماہ آنچل کی زینت بنا اور قارئین نے بے حد پسند بھی کیا لیکن آپ کی نظروں سے غالباً نہیں گزرا بہرحال آپ دفتر کے نمبر پر رابطہ کرکے اپنا مکمل پتا اور رابطہ نمبر لکھا دیں تاکہ اس سلسلے میں آپ سے قلمی رابطہ بحال ہوسکے۔ امید ہے اس ناول کی پزیرائی کے بعد پھر کسی اچھی تحریر کے سنگ جلد حاضر ہوں گی۔ قارئین کے ساتھ ساتھ ہم بھی آپ کی شمولیت کے منتظر ہیں۔

انیلہ طالب… نو شہرہ ورکاں
ڈیئر انیلہ! سدا مسکرائو، آپ کی کامیابیوں کے متعلق جان کر اچھا لگا‘ یہ جان کر بے حد مسرت ہوئی کہ آپ کی شاعری کی کتاب مارکیٹ میں آگئی ہے‘ یقینا شاعری سے دلچسپی رکھنے والوں کو آپ کی یہ کاوش پسند آئے گی۔ آپ کی تحریر ’’بابل اساں اڑ جاناں‘‘ پرچے کے معیار پر پوری نہیں اتری اسی لیے معذرت، انداز تحریر بے حد کمزور ہے آپ بغور مطالع جاری رکھیں تاکہ آپ بہتر لکھ سکیں۔ امید ہے ان باتوں پر غور کرتے محنت اور کوشش جاری رکھیں گی۔

نوشابہ زینت… باشنہ
ڈیئر نوشابہ! سدا شاد رہو، آپ کی تحریر منتخب ہوگئی ہے اور آنچل آپ کی نگارشات کے بغیر کیونکر مکمل ہوسکتا ہے اس بار بھی دوست کا پیغام میں آپ کا خط شامل ہے۔ اس لیے یہ نا امیدی غلط بات ہے ہاں دیر سویر ضرور ہوجاتی ہے کیونکہ ہر سلسلے کے لیے ہر ماہ بہت ڈاک موصول ہوتی ہے اور صفحات مختصر ہوتے ہیں اسی بنا پر بعض چیزیں شائع ہونے سے محروم رہ جاتی ہیں۔ دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔

سعدیہ حورین حوری… بنوں کے پی کے
پیاری سعدیہ! سدا مسکرائو‘ آپ کی نگارشات جلد لگانے کی کوشش کریں گے۔ نیرنگ خیال کے لیے شاعری متعلقہ شعبے میں بھیج دی جاتی ہے اگر معیاری ہوتی ہے تو ضرور باری آنے پر شائع بھی کردی جاتی ہے آپ کی شاعری بھی اگر پرچے کے معیار کے مطابق ہوئی تو جلد یا بدیر اپنی جگہ بنا لے گی۔ آپ بہنوں کے تعارف ہمارے پاس محفوظ ہیں یہ سلسلہ جب بھی شروع ہوا آپ لوگوں کو ضرور موقع دیا جائے گا فی الحال صفحات میں اضافہ ممکن نہیں، آنچل کی پسندیدگی پر ممنون ہیں دعائوں کے لیے جزاک اللہ۔ آپ کا پیغام شامل ہے۔

سمیہ… مانسہرہ
ڈیئر سمیہ… جیتی رہو، آپ کے کہنے کے عین مطابق آپ کے ہاتھوں سے بنے پھول کو بغور دیکھا اور واقعی آپ کی چاہت اور محبت کی خوشبو اس میں بسی ہوئی محسوس کی۔ آپ کی نگارشات کیونکر شائع نہیں ہورہیں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے البتہ آئندہ ضرور لگانے کی کوشش کریں گے امید ہے یہ مایوسی اب دور ہوجائے گی۔

گل مینا خان اینڈ حسینہ… مانسہرہ
ڈیئر مینا! مانند گل مہکتی رہو‘ چاہتوں اور محبتوں سے بھرپور آپ کا نامہ موصول ہوا اگر آپ کی تحریر منتخب ہوگئی ہے تو ان شاء اللہ باری آنے پر لگ بھی جائے گی چونکہ ہر ماہ بہت سی تحریریں موصول ہوتی ہیں اور سب کو جلد از جلد لگانا ممکن نہیں ہوتا البتہ کوشش ضرور ہوتی ہے کہ سب کو موقع ملے اور کسی کو شکایت نہ ہو آپ کی تحریریں بھی جلد شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔ سالگرہ نمبر کے لیے تحریر ارسال کردیں پڑھنے کے بعد ہی اپنی رائے سے آگاہ کرسکیں گے۔ کوشش کریں گے کہ ہمارا آنچل سلسلہ پھر سے شروع کرسکیں فی الحال صفحات کی کمی کی بنا پر ناممکن ہے۔

سباس گل… رحیم یار خان
ڈیئر سباس! سدا سلامت رہو، آپ کے تاریخی ناول ’’محبت خواب اور آنسو‘‘ کا مختصر تعارف جان کر اچھا لگا۔ بے شک آپ نے اس کے لکھنے میں کافی محنت اور تحقیق کی ہوگی اور ان شاء اللہ اس محنت کا صلہ بھی آپ کو مل ہی گیا ہوگا۔ مستقل سلسلوں میں بھی آپ کی نگارشات وقتاً فوقتاً شائع ہوجائیں گی اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کا قلمی سفر یونہی کامیابی سے جاری و ساری رہے، آمین۔

سامعہ خان… کراچی
پیاری سامعہ! شاد رہو، بزم آنچل میں پہلی بار شرکت پر خوش آمدید۔ آنچل کی تحریریں آپ کو پسند آتی ہیں پڑھ کر خوشی ہوئی، بے شک ہمارا مقصد تفریح کے ساتھ ساتھ اصلاح کرنا بھی ہے اور اگر کوئی اس مقصد کو جان لیتا ہے تو بے حد خوشی ہوتی ہے۔ نئے لکھنے والوں کو موقع بھی دیا جاتا ہے اور اگر اچھا لکھیں تو پرچے کی زینت بھی بنتا ہے۔ آپ کا افسانہ آزادی نمبر کے حوالے سے ہے تو ضرور پڑھ کر اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے اس وقت تک کے لیے تھوڑا انتظار کریں۔

شازیہ الطاف ہاشمی… شجاع آباد
عزیز شازیہ! جیتی رہو، خط کی ابتدائی سطور میں جس چاہت اور محبت کا اظہار کیا تھا بے حد اچھا لگا۔ آپ کی مصروفیات کا بھی اندازہ ہوگیا بے شک صبح سویرے اٹھنا اور رب کے حضور سجدہ ریز ہونا دل کو اطمینان اور بے حد سکون عطا کرتا ہے۔ ویسے بھی صبح کا خوب صورت سماں دلکشی سے بھرپور ہوتا ہے اور یہی وقت تھوڑی سی فراغت بھی فراہم کرتا ہے ورنہ تو معمول کے کاموں میں بالکل بھی فرصت میسر نہیں آتی۔ بہرحال آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی۔ ناولٹ پڑھنے کے بعد جلد اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی کامیابیاں عطا فرمائے، آمین۔

سحرش مصطفیٰ… میانوالی
پیاری سحرش! جیتی رہو، آپ کا تفصیلی خط پڑھا۔ ہر بات بخوبی سمجھ آگئی۔ آپ کو اس سے پہلے کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا تو چلیں کوئی بات نہیں اس بار جواب حاضر ہے آپ نے اپنی تحریروں کا پوچھا ہے جو کہ زیادہ تر ناقابل اشاعت تھیں، وجوہات بہت سی ہیں انداز تحریر پختہ نہیں‘ اس سے یہ علم ہوتا ہے کہ آپ کا مطالعہ کم ہے اور مشاہدہ اگر ہے بھی اور آپ اسے اپنی تحریر میں شامل بھی کرتی ہیں تو انداز میں وہ پختگی مفقود نظر آتی ہے جو تحریر کا لازمی جزو ہے۔ آپ کے لیے یہی مخلصانہ مشورہ ہے کہ مطالعہ پر توجہ دیں لکھنے کے لیے افسانوں کو پڑھیں، مشہور و معروف مصنفین کے انداز اور مکالمات کو پیش نظر رکھیں اور پھر اپنے افسانوں کا ان سے موازنہ کریں۔ امید ہے اس تفصیلی جواب کے بعد اب کوئی ابہام نہ رہے گا اللہ سبحان و تعالی آپ کا حامی و ناصر ہو‘ آمین۔ ’’دھن دولت‘‘ افسانہ اگرچہ کچھ بہتر ہے لیکن پرچے کی زینت نہیں بن سکتا البتہ مزید محنت کے بعد آپ لکھ سکتی ہیں۔

حبیبہ عمیر…لاہور
پیاری حبیبہ خوش رہو، آپ کی تحریر مشروط زندگی موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ موضوع کا چنائو کچھ درست نہیں۔ قارئین محبت کے موضوع اور جس تحریر میں سبق بھی ہو پڑھنا چاہتے ہیں‘ آپ نے ایک بوڑھی خاتون پر تحریر لکھ دی جو ماضی میں بھی گم ہے اور بچے اس کو تنگ کررہے ہیں پھر بیٹے بھی بٹوارے کی بات کرتے ہیں گو کہ عام زندگی میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے لیکن یہ ادبی اور تفریحی پرچا ہے اس لیے ایسے موضوع کا انتخاب کریں جو بہت زیادہ تلخ نا ہو، امید ہے تشفی ہو پائے گی۔

رقیہ ناز… میلسی
پیاری رقیہ! جیتی رہو، آپ کی جو شاعری سالگرہ نمبر کے حوالے سے تھی اسے متعلقہ شعبے میں بھیج دیا گیا ہے اگر پرچے کے معیار کے مطابق ہوئی تو ضرور سالگرہ نمبر میں شائع ہو جائے گی بصورت دیگر معذرت، ہماری دعا ہے کہ آپ کا ناطہ آنچل سے جڑا رہے۔ شادی کے بعد بھی آپ یونہی دوستی کے اس رشتے کو برقرار رکھیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کے اچھے اور روشن نصیب کرے، آپ کے والدین کو شادی کی سالگرہ مبارک ہو، دعائوں سے بھرپور شعر بہت پسند آیا۔

آمنہ صدیق… گوجرانوالہ
پیاری آمنہ! سلامت رہو، آپ کی تحریر ’’نامکمل‘‘ موصول ہوئی پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن تھوڑی محنت اور توجہ کی ضرورت ہے جس سے لکھنے میں نکھار آئے گا۔ موضوع کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ اختتام خوشگوار ہو تاکہ قارئین متاثر ہوں اور پھر عام زندگی میں جہاں اتنے دکھ ہیں وہیں ہر کوئی کچھ دیر کے لیے ہی سہی ذہنی سکون بھی چاہتا ہے۔ فی الحال آپ مشاہدہ اور مطالعہ وسیع کریں جس سے لکھنے میں مزید مدد ملے گی، امید ہے تشفی ہوپائے گی اس تحریر کے لیے معذرت۔

قابل اشاعت کہانیاں:۔
ورکنگ لیڈی، یہ لوگ، دو کا پہاڑہ، ادھورا کون۔

ناقابل اشاعت کہانیاں:۔
مشروط زندگی، عشق کی بازی، در حیات، نور العین، بد تہذیب، بدنام، عذاب، انجکشن، نا مکمل، رکشہ والا، عشق پرست، وصال موسم، باطن، تہمت، سکون، گائوں والی ٹیچر، محبت کے لیے یہ میرا دل، بدلتے موسم کے ساتھ، دل سے جو ملوا دیا، پتھر اصل ہیرے، اب ڈپریشن نہیں ہوگا، رہین آتش ہے زندگی میری، اردو ادب کی پہچان، رات کا آخرہ پہر، زندگی خوب صورت ہے، اے بنت حوا، بوجھ، دھن دولت، میری توقیر میرا ہمدم، یادگار سجدہ، ذرا سی دھوپ، ادھورا کون، پتھر کے رشتے، بابلاں وے بابلاں، ریت کا گھروندہ، خوش بو، نادان۔

Show More

Check Also

Close
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close