Aanchal Mar 2019

درجواب آں

مدیرہ

اقرأ صغیر احمد… کراچی
پیاری اقرأ! سدا سہاگن رہو، آپ کی علالت کی خبر سن کر دعائوں نے بے ساختہ لبوں کا احاطہ کرلیا۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے‘ آمین۔ ویسے بھی جب انسان بیمار ہوتا ہے تو اسے صحت جیسی نعمت کا ادراک ہوتا ہے کہ صحت و تندرستی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں۔ بے شک یہ سرد موسم بہت سے لوگوں کے لیے تکلیف و پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کی جملہ بیماریوں کو دور کرکے جلد شفائے کاملہ عطا فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی دعائے صحت کے ملتمس ہیں۔

طلعت نظامی… کراچی
پیاری طلعت! سدا شاد رہو، یہ جان کر بے حد دکھ ہوا کہ آپ کے جیٹھ اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ بے شک آپ سمیت دیگر اہل خانہ کے لیے یہ لمحات بے حد تکلیف دہ اور کٹھن ہوں گے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ جو بھی اس دنیا میں آیا ہے اسے ایک دن اپنے رب کے پاس واپس لوٹ کر جانا ہے اور جب جس کا حکم آجائے پھر ہماری کوئی تدبیر کام نہیں آتی۔ تقدیر کے فیصلوں کے آگے ہر تدبیر ناکام ہوجاتی ہے۔ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر و ہمت عطا کرے آمین۔

بشریٰ ماہا… بدین
ڈیئر بشریٰ! سدا سہاگن رہو، یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ بھی پیا دیس سدھار گئی ہیں اور جب یہ سطور آپ کی نظروں سے گزریں گی ان شاء اللہ آپ اپنی زندگی کے نئے سفر پر گامزن ہوں گی۔ ہماری دعائیں آپ کے ہمراہ ہیں، اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو اس موقع پر بہت سی خوشیوں سے نوازے اسر آپ کا نصیب بلند فرمائے‘ آمین۔ امید ہے آئندہ بھی آپ کا قلمی تعاون آنچل و حجاب کے سنگ رہے گا۔

نادیہ احمد… دبئی
پیاری نادیہ! سدا سہاگن رہو، آپ کے سسر کی رحلت کا سن کر بے حد صدمہ ہوا۔ اللہ سبحان وتعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ سمیت دیگر اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے‘ آمین۔ بے شک یہ وقت آپ سب کے لیے کٹھن اور صبر آزما ہے، ایسے میں ہماری دعائیں آپ کے ہمراہ ہیں۔ قارئین سے بھی دعائے مغفرت کے ملتمس ہیں۔

عابدہ احمد عابی… فیصل آباد
پیاری عابدہ! سدا سہاگن رہو، آپ کی بھابی کے ساتھ رونما ہونے والے حادثہ کا جان کر بے حد دکھ ہوا۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ایسی اچانک اور ناگہانی موت سے ہم سب کو محفوظ رکھے‘ آمین۔ بے شک ایسے حادثات ہر کسی کو انجانے خوف میں مبتلا کردیتے ہیں۔ تکلیف اور مشکل کے ان لمحات میں صبر بھی آہستہ آہستہ ہی آتا ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ سمیت دیگر اہل خانہ کو صبر و ہمت عطا فرمائے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے‘ آمین۔

حیا بخاری… ڈیرہ اسماعیل خان
ڈیئر حیا! سدا سہاگن رہو۔ آپ کی دو نئی کتابیں ’’محبت لفظ ہے لیکن‘‘ اور ’’تو من شدی‘‘ کی اشاعت کا جان کر خوشی ہوئی۔ گھر گرہستی اور دوسری مصروفیات سے وقت نکال کر شاعری کرنا یا نثر لکھنا مشکل ہی نہیں محنت طلب بھی ہے۔ اسی بناء پر جب خواتین کی کسی کتاب کے شائع ہونے کا سنتے ہیں تو اچنبھے کے ساتھ ساتھ دل کو سکون بھی ملتا ہے کہ ہماری پڑھی لکھی خواتین کس طرح اپنی تعلیم کو کام میں لاکر تفریح اور رہنمائی کا فریضۂ انجام دے رہی ہیں۔ ہماری جانب سے بہت مبارک باد قبول فرمائیں۔

سیدہ غزل زیدی… حیدر آباد
پیاری غزل! سدا مسکرائو، یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آنچل کے صفحات میں پر کئی ماہ تک شائع ہونے والا ناول ’’کروں سجدہ ایک خدا کو‘‘ کتابی صورت میں شائع ہوکر آپ کو صاحب کتاب بنا گیا۔ پہلی کتاب کی اشاعت پر ہماری جانب سے ڈھیروں مبارک باد قبول فرمائیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ زور قلم زیادہ ہو اور بہت سی کامیابیاں آپ کے قدم چومیں‘ آمین۔

مریم جہانگیر… لاہور
ڈیئر مریم! سدا سہاگن رہو، آپ کی کتاب ’’محبت اب اور نہیں‘‘ کی اشاعت پر ڈھیروں مبارک باد قبول فرمائیں۔ یقینا پڑھنے والوں کے لیے یہ کتاب دلچسپی کی باعث ہوگی اور یہ کتاب ایک خوب صورت اضافہ ثابت ہوگی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیوں سے نوازے‘ آمین۔

طیبہ عنصر مغل… راولپنڈی
پیاری طیبہ! سدا سہاگن رہو، رفتہ رفتہ صاحب کتاب خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جو بہت خوش آئند بات ہے۔ یہ جان کر اچھا لگا کہ آپ کا شعری مجموعہ شائع ہوگیا ہے۔ فی زمانہ کتابیں تو بہت آرہی ہیں مگر انہیں پڑھنے والے تعداد میں گھٹتے جا رہے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ قارئین کی جانب سے آپ کی کتاب کو پذیرائی ملے گی۔ ہماری طرف سے مبارک باد قبول فرمائیں۔

انیلہ طالب… گوجرانوالہ
پیاری انیلہ! سدا آباد رہو، آپ کی جانب سے ارسال کردہ کتابوں کا تحفہ موصول ہوا۔ آپ کی یہ کتاب ’’چھولو آسمان‘‘ یقینا اپنے اندر ایک پیغام رکھتی ہے۔ زندگی کے اصل مقصد کی نشاندہی اور قوانین قدرت کو آپ نے بہت خوب صورتی سے اس کتاب میں سمو دیا ہے۔ ہر ہائیکو اپنے اندر ایک مفصل اور جامع پیغام لیے ہوئے ہے۔ ایک طرف تو اختصار سے کام لیا ہے جب کہ دوسری طرف جو پیغام دیا گیا ہے وہ انتہائی وسعت اور گہرائی کا حامل ہے۔ گویا کوزے میں دریا کو بند کردینے کے مترادف ہے۔ آپ نے فرداً فرداً سب کے نام کتابیں بھیج کر جس خلوص و محبت کا مظاہرہ کیا ہے اس پر شکریہ کے الفاظ بہت حقیر محسوس ہو رہے ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کے قلم میں مزید وسعت اور گہرائی عطا فرمائے اور زور قلم زیادہ ہو‘ آمین۔

ثوبانہ گل… ڈیرہ اسماعیل خان
پیاری ثوبانہ! سدا مسکرائو، آپ اپنی تحریرات اسی طرح ارسال کردیں جس طرح یہ خط ارسال کیا ہے۔ کہانی کے ابتدأ میں کہانی کا نام اور اپنا نام لکھیں اور آخر میں اپنا نام‘ مکمل پتے کے ساتھ رابطہ نمبر بھی لکھنا ضروری ہوتا ہے۔ آپ کی تحریر پڑھنے کے بعد ہی اندازہ ہوسکے گا کہ آپ کہانی لکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں یا نہیں۔

عظمیٰ فرید… ڈیرہ اسماعیل خان
ڈیئر عظمیٰ! سدا خوش رہو، آپ کا کہنا بجا ہے ایک وقت وہ تھا جب آپ کی نگارشات اکثر آنچل کے صفحات پر جلوہ گر ہوتی تھیں، پھر شادی کے بعد کی مصروفیات میں الجھ کر آنچل سے ناطہ بھی ٹوٹ گیا۔ بہرحال اس دوران بھی آپ نے آنچل کو یاد رکھا اور اب دوبارہ سے شرکت کے لیے وقت نکالا، بے حد اچھا لگا۔ ہمیں آپ کی مصروفیات کا بھی بہ خوبی اندازہ ہے امید ہے آئندہ بھی اپنی مصروف زندگی سے وقت نکال کر آنچل کے لیے اپنی نگارشات ارسال کرتی ہیں گی۔

ماریہ نشاء… مانگا منڈی لاہور
ڈیئر ماریہ! سدا مسکراتی رہو، آپ کی نظم کو متعلقہ شعبہ کی جانب سے رد کردیا گیا ہے۔ نظم کا موضوع اگرچہ کچھ بہتر ہے مگر اشعار میں ربط اور وزن نہیں‘ جس سے نظم کا سارا حسن ماند پڑگیا ہے۔ ابھی آپ دیگر شعراء کے کلام کو بغور پڑھیں۔ اس سے آپ کی شاعری میں نکھار پیدا ہوگا اور اپنے کلام کا موازنہ دیگر شعراء سے کریں۔ آپ کو رہنمائی مل جائے گی۔ آپ کی تحریر ’’تنکا تنکا بنے آشیاں‘‘ رد و بدل کے بعد باری آنے پر شائع کردی جائے گی۔

شازیہ الطاف ہاشم… شجاع آباد
پیاری شازیہ! سدا آباد رہو۔ آپ کا ارسال کردہ ناول ’’ایک جنگل سی خوشبو‘‘ پڑھا یہ تحریر بے حد الجھائو کا شکار محسوس ہوئی۔ اس لیے معذرت۔ تحریر کا عنوان بھی سمجھ سے بالا رہا۔ آپ دیگر موضوعات پر طبع آزمائی جاری رکھیں لیکن اس قسم کے موضوعات سے گریز کریں۔ امید ہے پرچے کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی اور موضوع کا انتخاب کریں گی۔ عادت کے لیے بھی معذرت۔

مشی خان… بھیرکنڈ، مانسہرہ
پیاری مشی! سدا خوش رہو، نام تو سب ہی اچھے ہیں بہرحال جو آپ کا اصل نام ہے وہ بھی بہت پیارا ہے۔ تین مہینے کی اس غیر حاضری کو ہم نے نظر انداز کردیا لیکن اب باقاعدگی سے شرکت کرتی رہیے گا۔ پرچے کی پسندیدگی پر مشکور ہیں۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی خوشیاں عطا فرمائے‘ آمین۔

ثناء بابر… سرگودھا
پیاری ثناء! سدا سہاگن رہو، تحریر کی اشاعت پر آپ کو خوشی ہوئی ہمیں بھی اچھا لگا اور ویسے بھی آپ کی تحریر ’’شناسائی‘‘ کو سب نے ہی حد پسند بھی کیا تھا۔ شکریے کی ضرورت نہیں ہے اور اب تو بیٹے کے ساتھ مصروفیت بہت بڑھ گئی ہوگی۔ آپ کی تحریر ’’داغ‘‘ پرچے کے معیار پر پوری نہیں اتری۔ اس تحریر میں وہ پختگی اور دلچسپی نظر نہیں آئی جو آپ کی تحریر کا وصف ہے۔ موضوع بھی انفرادیت سے عاری ہے، ہمیں آپ کی جانب سے ایسی تحریر کا انتظار ہے جو نہ صرف ہمیں بلکہ ہمارے قارئین کو بھی پسند آئے اور ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ مختصر اور کم ضرور لکھیں لیکن جب لکھیں تو لوگوں کے دلوں اور ذہنوں پر مدتوں اپنا نقش چھوڑ جائے، امید ہے ایسی ہی کسی تحریر کے سنگ جلد آنچل کی محفل میں شرکت کریں گی۔

رقیہ ناز… میلسی وہاڑی
ڈیئر رقیہ! سدا شاد رہو، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی آپ سے نصف ملاقات بہت اچھی لگی اور مختصراً آپ کے متعلق جان کر خوشی ہوئی۔ شاعری اگر پرچے کے معیار کے مطابق ہوئی تو ضرور شائع ہوجائے گی۔ ہمارا آنچل کا سلسلہ جلد شروع کردیں گے۔ آنچل اور آپ کے دیرینہ ساتھ کے متعلق جان کر خوشی ہوئی۔ آپ نے اس پرچے سے بہت کچھ سیکھا اور اپنی زندگی میں اس پر عمل بھی کیا سن کر بہت خوشی محسوس ہوئی۔ آنچل کی سالگرہ کے موقع پر آپ خوشی سے جو بھی بھیج دیں گی۔ ہمیں اچھا لگے گا۔ تبصرہ پورے سال کا ارسال کردیں لیکن اختصار کے ساتھ کیونکہ صفحات کا فقدان تو پہلے ہی ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو بہت سی خوشیاں عطا فرمائے‘ آمین۔

ارم آصف… ضلع مظفر گڑھ
پیاری ارم! جیتی رہو، سالگرہ نمبر کے لیے آپ اپنی نگارشات ارسال کردیں، اگر پرچے کے معیار کے مطابق ہوئیں تو ضرور شامل کرلیں گے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کو نئے گھر میں خوشیوں کے ساتھ آباد ہونا نصیب فرمائے اور آپ اپنے والدین کے سنگ جلد اس نئے گھر میں رہائش اختیار کریں‘ آمین۔ آپ کی مصروفیات کا بھی اندازہ ہوگیا، بہرحال آپ نے وقت نکال کر آنچل نگری میں حاضری دی اچھا لگا۔

فریدہ جاوید فری… لاہور
پیاری فری! سدا آباد رہو، آپ کے بھائی کی علالت کے متعلق جان کر بے حد دکھ ہوا۔ بے شک یہ کینسر جیسا موذی مرض انسان کو ختم کردیتا ہے۔ اللہ سبحان و تعالیٰ ایسی بیماریوں اور مصائب سے سب کو محفوظ رکھے، اور آپ کے بھائی کو بھی کینسر جیسے مرض سے شفائے کاملہ نصیب فرمائے‘ آمین۔ قارئین سے بھی دعائے صحت کی درخواست ہے۔

نور چودھری… کمالیہ
پیاری نور! سلامت رہو، آپ کا افسانہ ’’عجیب زندگی‘‘ آنچل کے صفحات پر اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہا۔ انداز تحریر اور موضوع دونوں ہی پسند نہیں آئے۔ اس کے علاوہ آپ کی نظم کے لیے بھی معذرت خواہ ہیں۔ شاعری اور کہانی کے لیے گہرے مشاہدے اور وسیع مطالعہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ابھی آپ مستقل سلسلوں تک خود کو محدود رکھیں۔ اس کے بعد آپ اس صنف پر طبع آزمائی کریں۔ امید ہے مایوس ہونے کے بجائے محنت کو اپنا شعار بنائیں گی۔

صفیہ بشیر… قصور
ڈیئر صفیہ! سدا شاد رہو، آپ کا مختصر افسانہ ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ آپ میں لکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ مزید محنت اور لگن کے ساتھ آپ باقاعدہ اپنے قلمی سفر کا آغاز کرسکتی ہیں۔ اس تحریر میں آپ کا انداز بیان تو ٹھیک ہے۔ منظر نگاری اور حالات و واقعات بھی ٹھیک ہیں لیکن موضوع کافی پرانا ہے۔ آپ کسی اور موضوع پر لکھیں امید ہے آپ کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔ اللہ سبحان و تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو‘ آمین۔

خولہ شعیب اعظم… اسلام آباد
پیاری خولہ! سدا مسکرائو، آپ کی دونوں تحریریں ’’آسانی‘‘ اور ’’نیکی کر دریا میں ڈال‘‘ آنچل کے معیار پر پوری نہ اتر سکیں۔ وجہ آپ کا انداز بیاں کمزور رہا۔ کہانی میں نصیحت آموز باتوں نے اسے لیکچر بنادیا ہے۔ اصلاح کا درس ضرور ہو لیکن انداز ہلکا پھلکا ہو کہ پڑھنے والا خود سمجھ جائے کہ مصنفہ اس بات کی ترغیب دے رہی ہے اور اس بات سے روک رہی ہے۔ ایسا ناصحانہ انداز قارئین کو اکتاہٹ کا شکار کردیتا ہے جس میں دلکشی اور دلچسپی کا عنصر ہو۔ ان باتوں کو مدنظر رکھتے اپنا مطالعہ وسیع کریں اور دیگر مصنفین کی تحریروں کو بغور پڑھیں۔

حمیرا عروش… کراچی
ڈیئر حمیرا! سدا مسکرائو، کافی عرصہ بعد پھر سے آنچل نگری میں آپ کی واپسی اچھی لگی۔ کہانی کے شائع ہونے پر حیرت و استعجاب کیونکر بھئی، منتخب ہوچکی تھی تو ایک نہ ایک دن اسے شائع بھی ہونا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ آپ مایوس ہوچکی تھیں۔ ابھی آپ کی ارسال کردہ دونوں تحریریں پڑھیں لیکن کچھ خاص پسند نہیں آئیں۔ موضوعات کافی پرانے ہیں، اس لیے معذرت۔ بہرحال آپ سے یہی گزارش ہے کہ جب بھی قلم اٹھائیں انفرادیت کا خیال رکھیں۔ یہ انفرادیت موضوع میں بھی ہوسکتی ہے، انداز تحریر میں بھی اور کچھ چونکا دینے والے انجام میں بھی۔ امید ہے ان باتوں کو مدنظر رکھتے کاغذ و قلم سے ناطہ برقرار رکھیں گی۔

کوثر خالد… جڑانوالہ
ڈیئر کوثر! سدا خوش رہو، آنچل کی سالگرہ کے حوالے سے لکھی آپ کی نظم پڑھ کر بہت اچھا لگا اور آپ کے جذبات و احساسات کا بخوبی اظہار ان اشعار کی صورت میں موجود تھا۔ آنچل کی پسندیدگی کا شکریہ۔ بیٹی کی شادی پر ڈھیروں مبارک باد قبول فرمائیں اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ آپ کی بیٹی کو ڈھیروں خوشیاں نصیب ہوں اور آپ اپنے بچوں کے سنگ ہمیشہ ہنستی مسکراتی رہیں‘ آمین۔ بس اب اپنی بہو لانے کی بھی تیاری کرلیں، اس طرح گھر کا سونا پن بھی ختم ہوجائے گا۔

انعم زہرہ… ملتان
پیاری انعم! سدا خوش رہو، آپ کا اندازہ بالکل ٹھیک ہے آپ کے سابقہ خطوط دیر سے ملے تھے اسی بناء پر شامل نہ کرسکے۔ نظم ’’تیری یاد کے پنچھی‘‘ پسند آئی تھی۔ اسی لیے نیرنگ خیال کی زینت بنی۔ اس نظم نے آپ کو ماضی میں دھکیل دیا اور ماضی بھی ایسا کربناک کہ آنکھوں میں بے اختیار نمی آجائے۔ بعض لوگ ایسے ہی ناقدرے اور ناشکرے ہوتے ہیں کہ سامنے والے کو اپنے لفظوں سے کچوکے لگاتے ہیں اور احساس بھی نہیں ہوتا۔ بہرحال آپ ان باتوں کو دل میں جگہ مت دیں۔ وہ آپ جیسی حساس لڑکی کے قابل ہی نہیں تھے ضرور اللہ سبحان و تعالیٰ نے آپ کے لیے کچھ اچھا اور بہتر سوچ رکھا ہوگا۔ کیونکہ جب ہم بدترین حالات سے گزرتے ہیں تو پھر اللہ سبحان و تعالیٰ کی طرف سے بھی بہترین ملتا ہے اس بات پر یقین رکھیں اور ہمیشہ خوش رہیں۔ ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

طیبہ سعید… گوجرانوالہ
پیاری طیبہ! سدا آباد رہو۔ آپ کا شکایت نامہ بغور پڑھا۔ ادارے نے ایک سکہ بند شاعرہ کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔ قارئین کی جانب سے موصول ہونے والی تمام شاعری انہیں دے دی جاتی ہے۔ وہ جسے اصلاح کے قابل سمجھتی ہیں اس کی اصلاح کردیتی ہیں۔ ان کی بات ہمارے لیے حرف آخر ہوتی ہے۔ اس لیے وہ جسے غیر معیاری قرار دیں ہم اس کے بارے میں اپنی رائے دینے سے قاصر رہتے ہیں۔ یہ بدگمانی بہت بڑا گناہ ہے۔ بجائے یہ کہ ہم دوسروں کی خامیاں دیکھیں، ہمیں کوشش اور محنت سے اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنا چاہیے۔ پھر یہ بھی ہے کہ ہر انسان ہر کام نہیں کرسکتا۔ بعض اوقات لوگ اپنی صلاحیتیں ایسے شعبے میں آزما رہے ہوتے ہیں جو ان کے لیے بنا ہی نہیں۔ امید ہے ہماری باتوں پر ٹھنڈے دل سے غور کریں گی۔ کوشش اور محنت جاری رکھیں۔ ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

تبسم بشیر… ڈنگہ
ڈیئر تبسم! سدا مسکراتی رہو، آپ کی جانب سے ارسال کردہ تمام شاعری متعلقہ شعبے میں بھیج دی گئی تھی اور وہاں سے قبولیت کی سند حاصل کرنے میں ناکام ٹھہری۔ ابھی شاعری کے لیے آپ کا مطالعہ بہت کمزور ہے۔ شاعری کے جو رموز اور قواعد ہیں آپ کی شاعری ان اصولوں پر پوری نہیں اتر رہی، صرف ہم وزن الفاظ یا قافیہ ردیف ملانے سے تو کوئی شاعر نہیں بنتا۔ متعلقہ شعبے کی جانب سے آپ کی شاعری کے متعلق یہی رائے آئی ہے۔ امید ہے ان باتوں کو پیش نظر رکھتے اپنا مطالعہ وسیع کریں گی۔

عدیلہ صنم… سیالکوٹ
پیاری عدیلہ! سدا مسکراتی رہو، آپ کا ناول ’’محبت کی دعا‘‘ موضوع اور انداز تحریر دونوں لحاظ سے بہت کمزور رہا۔ انداز تحریر میں وہ پختگی مفقود ہے جس کی بناء پر کسی تحریر کو منتخب کیا جاتا ہے۔ مزید یہ کہ موضوع بھی بے حد پرانا اور عام سا ہے۔ انفرادیت کا خیال رکھیں اور جب بھی قلم اٹھائیں یہ کوشش کریں کہ مختصر مگر موثر تحریر ہو۔ امید ہے اس ناکامی کو کامیابی کا زینہ بنائیں گی۔

عاصمہ احمد… ہزارہ
پیاری عاصمہ! خوش رہو۔ آپ کی تحریر ’’خدا کی چاہت‘‘ موصول ہوئی۔ پڑھ کر اندازہ ہوا کہ ابھی آپ کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ اس لیے اپنا مطالعہ اور مشاہدہ وسیع کریں اور نامور مصنفین کو اپنے مطالعہ کا حصہ بنائیں تاکہ لکھنے میں مدد ملے۔ ابتدأ میں مختصر تحریر لکھنے کی کوشش کریں اگر موضوع پر آپ کی گرفت ہوئی تو تحریر منتخب کرلی جائے گی اور جلد آنچل میں شامل بھی ہوجائے گی۔ ان موضوعات پر بہت لکھا جاچکا ہے کہ ایک لڑکی کو دو لڑکے پسند کرتے ہیں اور اختتام میں شادی اس سے ہوتی ہے جسے وہ خود پسند کرتی تھی۔ اس لیے اس تحریر کے لیے معذرت۔

قابل اشاعت کہانیاں:۔

پراسرار بندے، معمہ، کرشمہ گر، آئین وفا، اور چاند مسکرا دیا، سنجوگ۔

ناقابل اشاعت کہانیاں:۔

تم میری پہلی محبت ہو، خوش بو، چھوٹی زیبی، آرزو حیات، محبت کی دعا، آنچل کی سالگرہ نئے انداز میں، شام زندگی، ستم گری، محبت فاتح عالم، میرے گمشدہ، جاڑے کی چاندنی، رشتوں کی زنجیر، اعتبار وفا، افسانہ، عجیب زندگی، سگے رشتے ظالم رویے، اف یہ سہیلیاں، نیکی کر دریا میں ڈال، آسانی، ایک غلطی بن گئی خوشی میری، قصائی، مجھے آنچل لادو، عید تم سنگ، ہنر، ملے جب ہم تم، ریزہ حرف، جوانی پھر نہیں آنی، اجنبی مسافر، آزمائش، قاصد، پکڑ، بہار آئی، آنچل، احساس، اپریل فول، قسمت کی مہربانی، عشق محرم، نوویلنٹائن ڈے، امید اب بھی باقی ہے، حیات، خدا کی چاہت، بے رحم، گھر کا چراغ، من کا بھید۔

Show More
Back to top button
error: Content is protected !!
×
Close